Tag: ورکر

  • سعودی عرب: ملازمین کی سالانہ چھٹیوں کے متعلق تفصیلی وضاحت

    سعودی عرب: ملازمین کی سالانہ چھٹیوں کے متعلق تفصیلی وضاحت

    ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ملازمین کی سالانہ چھٹیوں اور کام کے اوقات کار کے متعلق تفصیلی وضاحت جاری کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ سالانہ چھٹی کے وقت پوری تنخواہ ادا کی جاتی ہے جس میں تمام الاؤنسز شامل ہوں۔

    وزارت افرادی قوت سے دریافت کیا گیا تھا کہ کیا سالانہ چھٹی کے حساب کتاب میں ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی شمار کیا جائے گا یا صرف بیسک تنواہ اور ہاؤس الاؤنس کے حساب پر ہی اکتفا کیا جائے گا؟

    وزارت افرادی قوت کی جانب سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ سالانہ چھٹی کی تنخواہ حقیقی محنتانے کے مطابق شمار کی جاتی ہے جس میں تمام الاؤنسز شامل کیے جائیں گے، قانون محنت کی دفعہ 2 میں اجرت کی جو تعریف کی گئی ہے اس کے مطابق ایسا ہی ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت نے اوقات کار سے متعلق واضح کیا کہ کسی بھی ملازم سے ایک دن میں 8 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی ایسی صورت میں نہیں لی جاسکتی جب یومیہ بنیاد پر ڈیوٹی لی جارہی ہو اور اگر ہفتے بھر کے حساب سے ڈیوٹی لی جارہی ہو تو مجموعی طور پر 48 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ آجروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوقات کار اور آرام کے وقفے کے حوالے سے ڈیوٹی کا چارٹ ترتیب دیں، اس حوالے سے خیال رکھیں کہ کسی بھی کارکن سے مسلسل 5 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی نہ لی جائے۔

    ڈیوٹی کے دوران آرام کے وقفے یا نماز اور کھانے کے لیے کم از کم آدھے گھنٹے کا وقفہ دیا جانا ضروری ہے۔

    کسی بھی حالت میں کارکن کو کسی ایک جگہ 12 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی پر نہیں رکھا جاسکتا، اوقات کار کے دوران نماز، کھانے اور آرام کے وقفے دینا ضروری ہیں۔ آرام یا نماز اور کھانے کے وقفے کے دوران اجیر آجر کے کنٹرول سے باہر ہوگا، آجر اس دوران اجیر کو دفتر میں رہنے کا پابند نہیں بنا سکتا۔

  • پولٹری فارم کی ورکر گوشت پیسنے والی مشین میں آگئی، لرزہ خیز ویڈیو

    پولٹری فارم کی ورکر گوشت پیسنے والی مشین میں آگئی، لرزہ خیز ویڈیو

    روس میں ایک ہولناک حادثے میں پولٹری فارم کی ورکر گوشت پیسنے والی مشین میں آگئی، اس کے ساتھی اس کی مدد کو دوڑے لیکن اس کے لیے کچھ نہ کرسکے۔

    یہ لرزہ خیز واقعہ روس کے ایک چھوٹے سے قصبے میں پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کردی گئی ہے۔ فوٹیج ایک پولٹری فارم کی ہے جہاں ایک خاتون ورکر مرغی کا گوشت اٹھا کر ایک سے دوسرے کنویئر پر منتقل کر رہی ہیں۔

    اس دوران اچانک ورکر کا ہاتھ مشین میں پھنس جاتا ہے اور وہ مشین میں کچلتی ہوئی آگے کی طرف چلی جاتی ہے۔

    ورکر کی بھیانک چیخیں سن کر اس کے ساتھی بھاگ کر وہاں پہنچتے ہیں لیکن وہ اس کی کوئی مدد کرنے سے قاصر رہتے ہیں، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ورکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔

    واقعے کے بعد ایک تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی جس نے اپنی رپورٹ میں حفاظتی اقدامات نہ ہونے کو حادثے کی وجہ قرار دیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ گوشت پیسنے والی مشینوں کے ارد گرد کوئی حفاظتی شیلڈ نہیں تھی اور کوئی بھی شخص آسانی سے مشینوں کے نہایت قریب جاسکتا تھا۔

    رپورٹ میں پولٹری فارم انتظامیہ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا گیا جس کے بعد اب پولٹری فارم مالکان اور اس نجی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا امکان ہے جو فارم کو ملازمین فراہم کرتی تھی۔