Tag: ورک آؤٹ

  • سردیوں میں ورزش کرنے کے زیادہ فائدے

    سردیوں میں ورزش کرنے کے زیادہ فائدے

    ہمارے جسم کو صحت مند رہنے کے لیے ہر موسم میں ورزش کی ضرورت ہے تاہم موسم سرما میں ہم سست ہوجاتے ہیں اور باہر جانے سے احتراز کرتے ہیں۔

    سردیوں میں ویسے بھی خوراک بڑھ جاتی ہے لہٰذا حرکت نہ ہونے اور صرف کھاتے رہنے سے ہم فربہ ہوجاتے ہیں۔

    سابق مسٹر پاکستان فدا حسین بلوچ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں موسم سرما کے دوران کی جانے والی ورزشوں کے بارے میں بتایا۔

    فدا حسین کا کہنا تھا کہ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے سردیوں کا موسم بہترین ہے کیونکہ سردیوں میں ہماری دھڑکن کی رفتار کم ہوتی ہے لہٰذا ہم ورک آؤٹ میں زیادہ طاقت صرف کرتے ہیں یوں ہم زیادہ کیلوریز جلاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں سردیوں میں پسینہ بھی دیر سے آتا ہے لہٰذا ہم زیادہ ورزش کرسکتے ہیں، بہ نسبت گرمیوں کے جب تھوڑی سی ورزش میں ہی ہمارے پسینے بہہ جاتے ہیں۔

    فدا حسین نے کہا کہ باقاعدہ ورک آؤٹ سے قبل وارم اپ یا جسم کو گرم کرنا بہت ضروری ہے ورنہ سخت ورزش سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیا نیا ورک آؤٹ شروع کرنے والے افراد چہل قدمی سے وارم اپ کریں اور زیادہ بھاری ورزشیں کرنے سے گریز کریں۔

  • چربی کم کرنے کے لیے ورزش سے قبل یہ غذائیں کھائیں

    چربی کم کرنے کے لیے ورزش سے قبل یہ غذائیں کھائیں

    جسم کی اضافی چربی کم کرنے اور جسم کو سڈول بنانے کے لیے ورزش نہایت آزمودہ طریقہ ہے جو جسم کو دیرپا فوائد پہنچاتا ہے۔

    تاہم اگر آپ ایک خاص ہدف کے تحت ورک آؤٹ (ورزش) کرر ہے ہیں تو اس کے لیے آپ کو اپنا پورا شیڈول ترتیب دینا ہوگا، سونے جاگنے کی روٹین بنانی ہوگی اور کھانے پینے میں خاص خیال رکھنا ہوگا۔

    ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ ورک آؤٹ سے قبل کچھ مخصوص غذائیں زیادہ کیلوریز جلانے اور جسم کی توانائی برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ ان غذاؤں کو ورزش سے 1 سے 2 گھنٹہ قبل کھانا چاہیئے۔

    پروٹین شیک

    دن میں کئی بار پروٹین شیک پینا آپ کے لیے نقصان دہ ہے، تاہم ورزش سے قبل اسے پینا ورزش کے دوران آپ کی توانائی بحال رکھتا ہے۔

    ورزش سے قبل پیے جانے والے پروٹین شیک میں آدھا کیلا، ایک اسکوپ پروٹین پاؤڈر اور آلمنڈ ملک شامل ہونا چاہیئے۔

    سلاد

    ورزش سے قبل سلاد بھی آپ کی توانائی کو بحال رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس سلاد میں بھنے ہوئے چنے، ذرا سا زیتون کا تیل اور سرکہ شامل ہونا چاہیئے۔

    یہ سلاد آپ کے نظام ہضم کو بھی بہتر کرے گی۔

    پھیکی سبزیاں

    جم جانے سے قبل مختلف سبزیوں جیسے گاجر، مشروم، ٹماٹر وغیرہ کو دھیمی آنچ پر بغیر مصالحوں کو پکایا جائے تو یہ جسم کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں اور ان کے غذائی اجزا سے براہ راست فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

    پینٹ بٹر سینڈوچ

    گندم والی ڈبل روٹی پر پینٹ بٹر لگا کر کھانا بھی آپ کو اپنی صحت کے مطلوبہ ہدف تک کامیابی سے پہنچا سکتا ہے۔ یہ آپ کے جسم کو اضافی کاربوہائیڈریٹس فراہم کرتا ہے۔

    خشک میوہ جات

    خشک میوہ جات غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور فوری طور پر جسم کی توانائی بحال کرتے ہیں۔

    اس کے علاوہ یہ دل کے دورے اور فالج سے بچانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔

    کیلے

    کیلے میں تین طرح کی قدرتی شکر پائی جاتی ہے۔ سکروز، فروکٹوز اور گلوکوز۔ کیلے میں فائبر یا ریشے بھی موجود ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کیلے کو فوری توانائی پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: کیلا حیرت انگیز فوائد کا حامل پھل

    اس پھل کی اسی اہم خاصیت کے باعث دنیا بھر میں مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس کی خوراک کا بھی یہ لازمی جز ہے۔

  • بھاری ورزش کرنا دماغی صحت میں بہتری کے لیے معاون

    بھاری ورزش کرنا دماغی صحت میں بہتری کے لیے معاون

    کیا آپ کو مختلف دماغی و نفسیاتی مسائل خصوصاً اینگزائٹی (بے چینی) کا سامنا ہے، تو اس ضمن میں بھاری ورزشیں کرنا آپ کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

    یہ دعویٰ حال ہی میں کی جانے ایک تحقیق میں سامنے آیا جس میں دیکھا گیا کہ وہ افراد جو مسلز بنانے والی بھاری بھرکم ورزشیں جیسے ویٹ لفٹنگ کرتے ہیں، وہ افراد اینگزائٹی کے مرض سے محفوظ رہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: اینگزائٹی سے بچنے کے لیے یہ عادات اپنائیں

    آئر لینڈ میں کی جانے والی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ باقاعدگی سے ورک آؤٹ کرنے والے افراد مختلف اقسام کے ذہنی و نفسیاتی مسائل سے دور رہتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ گو کہ ورزش نہ صرف جسمانی بلکہ دماغی اور نفسیاتی صحت پر بھی مفید اثرات مرتب کرتی ہے تاہم اس کا تعلق ہمیشہ سے ہلکی اقسام کی ورزش سے جوڑا جاتا رہا ہے جن میں سانس کی مشقیں بھی شامل ہیں۔

    ان کے مطابق ورک آؤٹ دراصل دماغ کی توجہ کا مرکز تبدیل کردیتا ہے اور وہ پریشان کن چیزوں کو چھوڑ کر سخت ورزش کی طرف مبذول ہوجاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ورک آؤٹ کرنے سے قبل یہ غذائیں کھائیں

    ماہرین کا کہنا تھا کہ ورزش سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ ورزش کے دوران ادھر ادھر کے بارے میں سوچنے کے بجائے دماغ کو بھی ورزش پر مرکوز رکھا جائے اور بھاری ورزش اس ضمن میں معاون ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ محنت آپ کو دماغی اور جسمانی دونوں طور پر مشغول رکھے گی۔

    تحقیق میں تجویز کیا گیا کہ اینگزائٹی کے علاج کے لیے مہنگی دوائیں کھانے کے بجائے ورک آؤٹ کرنا آسان علاج ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس تحقیق پر مزید کام کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ابھی مزید جامع نتائج جاری کیے جائیں گے۔


    انتباہ: یہ مضمون قارئین کی معلومات میں اضافے کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ مضمون میں دی گئی کسی بھی تجویز پر عمل کرنے سے قبل اپنے معالج سے مشورہ اور ہدایت ضرور حاصل کریں۔