Tag: ورک ویزہ

  • اٹلی سے 2 سال بعد پاکستانی ورکرز کے لیے بڑی خوش خبری

    اٹلی سے 2 سال بعد پاکستانی ورکرز کے لیے بڑی خوش خبری

    روم: اٹلی نے دو سال بعد پاکستانی ورکرز کے لیے ورک ویزے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے خوش خبری دی ہے کہ اٹلی رواں سال 30 ہزار ورک ویزے جاری کرے گا، اٹلی نے پاکستانی ورکرز کے لیے ورک ویزے کی اجازت دے دی ہے۔

    جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ 2 سال کی کوششوں کے بعد پاکستان دوبارہ ورک ویزا لسٹ میں شامل ہوا ہے، اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کا بھی مطالبہ تھا کہ پاکستانی ورکرز کو ویزا دیا جائے۔

    انھوں نے کہا ورک ویزوں کے اس موقع سے شعبہ زراعت، سیاحت، تعمیرات اور فریٹ سے منسلک لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستانی ورکرز اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    سفیر جوہر سلیم نے بتایا کہ بریگزٹ کے بعد یورپی ممالک میں اٹلی میں زیادہ پاکستانی مقیم ہیں، گزشتہ مالی سال اٹلی سے 142 ملین ڈالر بطور ترسیلات زر بھیجے گئے۔

    یاد رہے کہ کرونا وبا شروع ہونے اور چین سے نکل کر یورپ میں پہنچنے کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا، تاہم اب اٹلی متاثرہ ممالک میں 17 ویں نمبر پر آ چکا ہے، اٹلی میں وبا سے 36 ہزار افراد ہلاک جب کہ 3 لاکھ 81 ہزار متاثر ہوئے، اٹلی کی معیشت کو بھی بہت بڑا نقصان پہنچا۔

    جولائی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کو کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیش کش بھی کی تھی، جب کہ اٹلی کے سفیر نے پاکستان کی میڈیکل اعانت کو سراہا۔

  • سعودی عرب، ورک ویزے کی میعاد بڑھانے کا اعلان

    سعودی عرب، ورک ویزے کی میعاد بڑھانے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے غیرملکی ملازمین کو خوشخبری سنادی ہے جس کے مطابق ورک ویزے کی میعاد ایک سال سے بڑھانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت محنت و سماجی بہبود نے غیرملکی ورکروں کے ورک ویزے کی میعاد میں ایک سال کی بجائے دو برس کی مفت توسیع کا اعلان کردیا ہے۔

    سعودی وزارت محنت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر غیرملکیوں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد پرائیویٹ اداروں کو آسانیاں فراہم کرنا اور ان کو درپیش مسائل اور مشکلات کو حل کرنا ہے۔

    وزارت محنت کا کہنا تھا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ نئے ورک ویزوں کا اجرا کے خواہش مند نجی ادارے اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔

    مزید پڑھیں: سعودی حکومت کی مقامی شہریوں کو سرمایہ کاری کی پیش کش

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں اس سے قبل ورک ویزے کی میعاد صرف ایک سال تھی تاہم اب اس میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی حکومت نے مقامی شہریوں کو پانچ اہم شعبوں میں کاروبار کے نئے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    سعودی عرب کے وزیر برائے مزدور اور سماجی ترقی نے اعلان کیا کہ حکومت مقامی شہریوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کے لیے سرگرم ہے اور انہیں مکمل ترغیب فراہم کررہی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تجارتی اور کاروباری شعبے میں مقامی شہریوں کے لیے پانچ مختلف پیشوں میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا۔

  • متحدہ عرب امارات میں ’ورک ویزہ‘ سے متعلق قوانین سخت

    متحدہ عرب امارات میں ’ورک ویزہ‘ سے متعلق قوانین سخت

    دبئی : متحدہ عرب امارات نے بیرون ملک سے ملازمت کے لیے آنے والے افراد کے لیے ’’ ورک ویزے ‘‘ سے متعلق قوانین کو سخت کرتے ہوئے اعلیٰ کردار کے سرٹیفکیٹ پیش کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں روزگار کے حصول کے لیے آنے والے غیر ملکیوں کو اپنے ملک سے اعلیٰ کردار اور کسی قسم کے کریمنل ریکارڈ نہ رکھنے کا سرٹیفیکٹ جمع کرانا لازمی ہوگا بہ صورت دیگر ورک ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔

    متحدہ عرب امارات کی وزارت محنت و افرادی قوت نے محکمہ خارجہ کی تجویز پر جاری کردہ اعلامیے میں مندرجہ بالا قانون کو فوری نافذ کردیا ہے جس کے بعد اس قانون کا اطلاق کل 4 فروری 2018 سے ہی ہو جائے گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کوئی ملازم اپنے مادر وطن کے بجائے کسی اور ملک سے متحدہ عرب امارات روزگار کے سلسلے میں آرہا ہو تو ایسے شخص کو اُس ملک کا سرٹیفکٹ پیش کرنا ہوگا جہاں اس کے قیام کی مدت پانچ سال ہو چکی ہو۔


     اسی سے متعلق : دبئی، محکمہ بلدیات میں ملازمتوں کے مواقع


    اعلامیے کے مطابق اعلی کردار کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی شرط صرف ملازم کے لیے مخصوص ہے جب کہ ملازم کے اہل خانہ کو استثنیٰ حاصل ہو گا اسی طرح وزٹ ویزہ پر آنے والے افراد بھی اعلیٰ کردار کے سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    ترجمان متحدہ عرب امارات کا کہنا تھا کہ اس پابندی کا مقصد ملک کو محفوظ ترین ملک بنانا ہے جہاں جرائم ریٹ نہ ہونے کے برابر ہوں اور اس سرزمین کو کوئی جرائم پیشہ شخص اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہ کرسکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔