Tag: وزارت خارجہ

  • ملک کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیرِ اعظم عمران خان

    ملک کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیرِ اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خارجہ پالیسی میں پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزارتِ خارجہ کے دورے کے موقع پر دفترِ خارجہ میں منعقد ہونے والے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ اجلاس وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ہوا۔

    وزیرِ اعظم کو اجلاس کے دوران وزارتِ خارجہ کے معاملات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، عمران خان نے دفترِ خارجہ کو بیرون ملک سفارت خانوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

    عمران خان نے کہا ’خارجہ پالیسی میں پاکستان کے مفاد کو ترجیح دی جائے گی، پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا جائے۔‘

    اس موقع پر وزیرِ اعظم کی جانب سے وزارتِ خارجہ کے حکام کو پالیسی گائیڈ لائن بھی دی گئی، وزیرِ اعظم کی ہدایات سے متعلق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی آج شام کو میڈیا بریفنگ دیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم نے آج قومی اسمبلی کے اسپیکر سے بھی ملاقات کی


    قبل ازیں، آج جب وزیرِ اعظم عمران خان تمام محکمہ جات کے دوروں کے سلسلے میں دفترِ خارجہ پہنچے تو شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا۔

    ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم کو دیگر ممالک سے تعلقات، بالخصوص پاک بھارت تعلقات اور مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال کے حوالے سے بریف کیا گیا، ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم کو افغانستان، ایران، امریکا اور چین سے تعلقات پر اعتماد میں لیا گیا۔

  • محبت اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں: شاہ محمود قریشی

    محبت اور دوستی کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: نو منتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کرنا چاہتا ہوں۔ محبت، دوستی اور ایک نئے آغاز کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں۔ افغان عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پہلی پریس کانفنرس کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی پاکستان سے شروع ہو کر پاکستان پر ہی ختم ہوگی۔ پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو از سر نو دیکھا جائے گا۔ خارجہ پالیسی کی سمت درست کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان کو تنہائی کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ 4 سال پاکستان کا وزیر خارجہ ہی نہیں رہا۔ وزیر خارجہ نہ رہتے ہوئے ایسی طاقتوں کو موقع ملا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی کمزور ہو تو دشمن فائدہ اٹھاتا ہے۔ ہمیں خارجہ پالیسی میں اصلاحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، خواجہ آصف کو دعوت دوں گا۔ ’ایم ایم اے کے رہنما کو بھی مدعو کروں گا، چاہوں گا ان سابق وزرائے خارجہ سے مشاورت کروں‘۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خارجہ امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کابینہ میٹنگ کے بعد تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کروں گا، تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات میں ان کے تجربہ سے سیکھوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی بات کی ہے، آج افغان ہم منصب کو ٹیلی فون کروں گا۔ ’اپنا پہلا غیر ملکی دورہ افغانستان کا کرنا چاہتا ہوں، افغانستان میں امن کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ محبت، دوستی اور ایک نئے آغاز کا پیغام لے کر افغانستان جانا چاہتا ہوں۔ افغان عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میرا دوسرا پیغام بھارت کی وزیر خارجہ کے لیے ہے۔ ہم صرف ہمسائے ہی نہیں ایٹمی قوتیں بھی ہیں۔ ہم دونوں ممالک کے مسائل سے سب واقف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے مسائل کا حل گفت و شنید کے بغیر ممکن نہیں۔ ہم ایک دوسرے سے منہ نہیں موڑ سکتے، ہمیں حقائق تسلیم کرنا ہوں گے، کشمیر ایک مسئلہ ہے، ایڈونچر کا کوئی فائدہ نہیں، دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے آج نہیں ماضی میں مسائل کو تسلیم کیا۔ واجپائی صاحب کے اسلام آباد مذاکرات تاریخ کا حصہ ہیں۔ آج پھر کہتا ہوں ہمیں بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے۔

    شاہ محمود نے کہا کہ ہم حاکم نہیں خادم ہیں، ہمیں اپنے رویے تبدیل کرنے ہیں، خدمت کے جذبے سے ہی اقتدار میں آئے ہیں۔ اخلاق سے کبھی نقصان نہیں ہوتا۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے ساتھ خوش دلی سے پیش آنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چیلنجز کا احساس ہے، قوم پر مشکل وقت آتے ہیں، خارجی اور داخلی چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں۔ عمران خان کے 100 روزہ پروگرام میں میرا چھوٹا سا حصہ ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ احساس ہے وزارت خارجہ میں سلجھے ہوئے بہترین افسران ہیں۔ وزارت خارجہ کے افسران سے ہر قدم پر مشاورت کروں گا۔ ہمارے بہت سے سفارت کار ہیں جو بہترین تجربہ رکھتے ہیں، سابق سفارت کاروں سے بھی مشاورت کا ارادہ رکھتا ہوں۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ بھارتی وزیر اعظم نے کل خط کے ذریعے عمران خان کو مبارک باد دی، بھارتی وزیر اعظم نے گفت و شنید کے راستے کا پیغام دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کی ترجیحات اور تشویش سے اچھی طرح آگاہ ہوں۔ تعلقات دو طرفہ اور عزت و احترام کے ساتھ ہوتے ہیں، کس نے کیا کیا اور کیا کردار رہا سب معلوم ہے۔ پاک امریکا تعلقات میں اعتماد کا فقدان ہے۔

  • ممبئی حملہ کیس: سیکریٹری خارجہ اور ترجمان دفتر خارجہ عدالت میں پیش

    ممبئی حملہ کیس: سیکریٹری خارجہ اور ترجمان دفتر خارجہ عدالت میں پیش

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل ممبئی حملہ کیس میں عدالتی حکم پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ممبئی حملہ کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ سماعت نسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔

    سماعت میں عدالتی حکم پر سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے بھارتی گواہوں سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی شہر ممبئی میں سنہ 2008 میں حملے کیے گئے تھے جس میں حملہ آوروں سمیت 166 افراد مارے گئے تھے۔ ممبئی حملوں میں ذکی الرحمٰن لکھوی پر ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب: غیر قانونی مقیم پاکستانی بدنامی کا باعث ہیں، وزارت خارجہ

    سعودی عرب: غیر قانونی مقیم پاکستانی بدنامی کا باعث ہیں، وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی رسوائی کا سبب بن رہے ہیں، صرف جدہ سے ہر سال 40 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کیا جاتا ہے۔


    اسی سے متعلق: سعودی عرب میں 780 پاکستانی قید ہیں،دفتر خارجہ


    یہ بات وزارت خارجہ کے افسران نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز کا اجلاس عائشہ سید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف معاملات پر بات کی گئی اور کمیٹی کو کئی امور پر وزارت خارجہ، امیگریشن، محکمہ اوورسیز اور دیگر کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔

    اجلاس میں وزارت خارجہ نے بتایا کہ انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا، سعودی عرب میں بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر پاکستانی مقیم ہیں،صرف جدہ سے سالانہ 40 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے۔

    حکام نے کہا کہ سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم یہ پاکستانی ملک کی رسوائی کا سبب بن رہے ہیں۔

    کمیٹی کو بریفنگ دی گئی کہ غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث پروموٹرز کے خلاف کارروائی جاری ہے، 36 پروموٹرز کے لائسنس منسوخ کرکے ان پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

    امیگریشن بیورو نے شرکا کو بتایا کہ ترکی میں پاکستانی لیبر کی ضرورت نہیں ہے۔

    اوورسیز کے وزیر صدر الدین راشدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں 7 لاکھ ہنر مند موجود ہیں، ضرورت پڑی تو ہنر مندوں کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔

  • نیب کے  چھاپے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر اور اپنے  ہی  ادارے کا افسر گرفتار

    نیب کے چھاپے وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر اور اپنے ہی ادارے کا افسر گرفتار

    اسلام آباد / کراچی: قومی احتساب بیورو کے کراچی اور اسلام آباد میں چھاپے، وزراتِ خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت چیمہ اورنیب انویسٹی گیش ونگ تھری کے افسر کامران جانوری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے اسلام آباد میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر پر چھاپہ مار کر ڈائریکٹر شفقت چیمہ کو گرفتار کرلیا ہے ، ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور انسانی اسمگلنگ کا الزام ہے۔

    نیب کے مطابق ملزم وزراتِ خارجہ دفتر میں نیپال، سری لنکا اور بھوٹان کے معاملات کو دیکھتا تھا اور ڈیسک کا انچارج تھا، ملزم کے اکاؤنٹ سے پانچ کروڑ روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب نیب نے کراچی میں اپنے ہی افسر کامران جانوری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے، نیب حکام کے مطابق ملزم انویسٹی گیشن ونگ تھری کا افسر ہے اور چھاچھرو کی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں ہونے والی بدعنوانی کی تحقیقات میں سرکاری افسر سے ناجائز دباؤ ڈال کر رشوت طلب کی تھی۔

    حکام نے مزید بتایا کے کامران جانوری نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری افسر سے ایک لاکھ پچیس ہزار سے دیڑھ لاکھ روپے رشوت طلب کی اور رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔

    دونوں ملزمان کے خلاف قانون کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔

    واضح رہے ملک بھر میں کرپٹ افراد کے خلاف نیب کی بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں، گزشتہ دنوں سیکریٹری خزانہ بلوچستان کے گھر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے کے کرنسی اور اور سونا برآمد کیا تھا۔

  • وزارت خارجہ کی جانب سے سمینہ بیگ کو خراج تحسین پیش

    وزارت خارجہ کی جانب سے سمینہ بیگ کو خراج تحسین پیش

    اسلام آباد: پہاڑوں کی چوٹی سر کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون سمینہ بیگ پر بنائی جانے والی ڈاکومینٹری’بیونڈ دی ہائٹس‘ وزارت خارجہ میں دیکھائی گئی ہے ۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور خارجہ امور سرتاج عزیز نے سمینہ بیگ کے کاوش کو سراہا،  اس موقع پر انہوں نے سمینہ بیگ کو جرات مند پاکستانی خواتین کی ایک مثال قرار دیا جو زندگی کے ہر شعبے میں اپنے آپ کو منواتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ پہاڑوں کی چوٹی کو سر کرنے والی نوجوان پاکستانی خاتون سمینہ بیگ کے لئے دنیا کے مختلف مملک کے دوروں کے بندوبست کررہی ہے۔جس سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کی اہمیت کو اُجاگرکیا جاسکتا ہے۔

    وزارت خارجہ میں ہونے والے پروگرام میں سمینہ بیگ کے بھائی مرزا علی نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر سمینہ بیگ نے وزارت خارجہ کی جانب سے دیئے جانے والے اعزاز اور ان کی کامیابی کو بین الاقومی سطح اُجاگر کرنے پر وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

    وزارت خارجہ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے پروگرام کا مقصد دنیاکے سامنے پاکستان کا مثبت چہرا پیش کرنا تھا جبکہ اس بات کی طرف اشارہ بھی دینا تھا کہ  پاکستان میں صلاحیت کو اُجاگر کرنے کے لئے مرد اور خواتین دونوں کے لئے یکساں مواقع ہیں۔


    واضح رہے کہ ثمینہ بیگ نے دنیا کی بلند ترین چوٹی، ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے پاکستان کی پہلی ایسی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    ثمینہ خیال بیگ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون اور تیسری پاکستانی ہے، وہ 21 سال کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دینے والی کم عمر ترین مسلمان خاتون بھی ہے۔ انھوں نے یہ چوٹی اپنے بھائی علی مرزا کے ہمراہ سر کی، ثمینہ سات چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون اور پہلی مسلمان بھی ہے۔

  • افغان صدر نے نئی کابینہ کیلئے نامزد وزراء کے ناموں کا اعلان کردیا

    افغان صدر نے نئی کابینہ کیلئے نامزد وزراء کے ناموں کا اعلان کردیا

    کابل: تین ماہ بعد بالآخر افغان صدر اشرف غنی نے نئی کابینہ کیلئے نامزد وزراء کے ناموں کا اعلان کردیا،وزارت خارجہ کیلئے سابق افغان صدر برھان الدین ربانی کے بیٹے صلاح الدین ربانی کو نامزد کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق نئی کابینہ میں شامل پچیس وزرا کے ناموں کا اعلان افغان صدر کے چیف آف اسٹاف عبدلسلام رحیمی نے کیا جبکہ تقریب میں شریک افغان صدرنے اس موقع پرکوئی بات نہیں کی۔

     افغان صدر کے چیف آف اسٹاف عبدلسلام رحیمی کی جانب سے وزرا کیلئے جن ناموں کا اعلان کیا گیا ان میں افغانستان کے انتہائی اہم منصب وزارت داخلہ کیلئے نور الحق علومی،وزارت دفاع کیلئے شیر محمد کریمی جبکہ وزارتے تجارت کیلئے غلام جیلانی پوپل کے نام شامل ہیں

    اس موقع پرافغان صدر کے چیف آف اسٹاف عبدلسلام رحیمی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت ان ناموں پر اتفاق کیلئے پارلیمان سے رجوع کرے گی۔

  • بیرون ملک قید پاکستانیوں کی تفصیلات عدالت نے طلب کرلیں

    بیرون ملک قید پاکستانیوں کی تفصیلات عدالت نے طلب کرلیں

    لاہور: وزارت خارجہ سے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ نے طلب کر لیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

    جسٹس سید منصور علی شاہ نے وزارت خارجہ سے بیرون ملک قید پاکستانیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک  کی جیلوں میں قید پاکستانی کن جرائم میں سزائیں بھگت رہے ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذکورہ قیدیوں کو کس حد تک قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے؟ واضح رہے کہ  درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا تھا کہ بیرون ملک قید پاکستانی کسمپرسی کی حالت میں جیلوں میں سزائیں بھگت رہے ہیں اور ان کی اکثریت بے گناہ ہے۔

  • سردیوں میں پاکستان آنے والے پرندوں کے شکارکے29لائسنس معطل

    سردیوں میں پاکستان آنے والے پرندوں کے شکارکے29لائسنس معطل

    لاہور: سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں مہاجر پرندوں کی آمد اور ان کے شکار میں اضافہ ہوجاتا ہے اور لاہور ہائیکورٹ نے مہاجر پرندوں کے شکار کے لیے جاری انتیس لائسنس معطل کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں درخواست گزار سردار کلیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزارت خارجہ نے موسم سرما میں سائبریا سے ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کے شکار کےلیے عرب شہزادوں اور دیگر بااثر افراد کو انتیس لائسنس جاری کئے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نایاب پرندوں کے شکار سے ان کی نسلیں ختم ہورہی ہیں۔

    عدالت نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے انتیس لائسنس معطل کرکے وزارت خارجہ سے ستائس نومبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔