Tag: وزارت تعلیم

  • اسکولز سے متعلق عمان حکومت نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    اسکولز سے متعلق عمان حکومت نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    مسقط: عمان حکومت نے اسکولز کھولنے سے متعلق پلان تیار کر لیا جس کے تحت ایک کلاس روم میں 16 بچوں کو پڑھایا جاسکے گا۔

    عمان کی وزارت تعلیم کی جانب سے تیار کیے گئے منصوبے کے مطابق ہر کلاس روم میں 16 طلبا کے ساتھ دوبارہ اسکولز کھولے جاسکتے ہیں،اس طرح کرنے سے بچوں اور عملے میں کرونا کے پھیلاؤ کو کم سے کم کیا جاسکے گا۔

    وزارت تعلیم کے سیکرٹری عبد اللہ البسعیدی نے کہا کہ اسکول کھلنے کے بعد بچوں کو کلاس رومز میں اور آن لائن دونوں طرح سے پڑھایا جائے گا،انگریزی، ریاضی اور سائنس کے لازمی مضامین اسکول میں جبکہ دیگر مضامین آن لائن پڑھائیں جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکولز میں طلبا کی حفاظت کے لیے ہیلتھ پروٹوکول کا اطلاق کیا جائے گا تاکہ طلبا کو کرونا وائرس سے بچایا جاسکے۔

    وزارت تعلیم کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی اسکولوں نے حکمت عملی تیار کی ہے۔

    اسٹیئرنگ کمیٹی برائے پاکستان اسکولز کے چیئرمین محمد ضیاء الحق صدیقی نے کہا کہ ہمارے پاس فی کلاس 40 سے 45 طلبا ہیں، لہذا ہم ان طلبا کو دو بیچوں میں تقسیم کریں گے، پہلے بیچ کو صبح کی شفٹ اور دوسرے کو دوپہر کی شفٹ میں پڑھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس پھر بھی کچھ طلبا رہ جاتے ہیں جنہیں کسی بھی بیچ میں جگہ نہیں مل پاتی تو ہم ان کو متبادل دن میں اسکول میں پڑھائیں گے۔

    محمد ضیاء الحق نے مزید کہا کہ صرف انگریزی،ریاضی اور سائنس جیسے بنیادی مضامین کلاس رومز میں جبکہ اردو، دینی علوم اور معاشرتی علوم کے مضامین آن لائن پڑھائیں جائیں گے۔

  • طلبا کو بغیر امتحانات پروموٹ کرنے کے بعد حکومت کا ایک اور بڑا اعلان

    طلبا کو بغیر امتحانات پروموٹ کرنے کے بعد حکومت کا ایک اور بڑا اعلان

    اسلام آباد : وزارت تعلیم نے بغیر امتحانات پروموٹ کرنے سے متعلق تعلیمی بورڈز سے سفارشات طلب کرلیں،  وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں کسی بورڈ کا امتحان نہیں ہوگا، ریپیٹ کرنے والے اور پرائیوٹ طلبا کے حوالے سے جمعہ تک فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزارت تعلیم میں اہم اجلاس ہوا ، جس میں طلبا کو بغیر امتحانات پروموٹ کر نے سے متعلق غور کیا گیا ، تمام بورڈز کے چیئرمینوں بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

    وزارت تعلیم نے بورڈز سے سفارشات طلب کرلیں ، تعلیمی بورڈز نے سفارشات دینے کیلئے وقت مانگ لیا ، جمعہ تک تمام سفارشات کو مکمل کرکے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے

    وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ جمعہ تک تمام امور پر جامع اعلان کردیا جائے گا۔

    اس سے قبل وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک بھرمیں کسی بورڈ کا امتحان نہیں ہوگا، امتحانات نہ لیے جانے پر کوئی کنفیوژن نہیں۔

    شفقت محمود نے کہا کہ امتحانات نہیں ہوں گے ، طلبا پروموٹ ہوجائیں گے ، ریپیٹ کرنےوالے اور پرائیوٹ طلبا کے حوالےسے جمعہ تک فیصلہ کیا جائے گا۔

    خیال رہے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ سندھ میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات ہونے یا نا ہونے کا فیصلہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کرے گی۔

    یاد رہے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا اسکول اورتعلیمی ادارے15 جولائی تک بند رہیں گے، تمام بورڈزکے امتحانات منسوخ کردیے ہیں، پروموشن ہوگی۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پروموشن گزشتہ سال کےنتائج کی بنیادپردی جائےگی جبکہ جامعات میں داخلےگیارہویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

  • تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم میں اندراج کرانا ہوگا، شفقت محمود

    تمام دینی مدارس کو وزارت تعلیم میں اندراج کرانا ہوگا، شفقت محمود

    اسلام آباد: وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تمام دینی مدارس اور یونیورسٹیوں کو وزارت تعلیم میں اندراج کرانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ وزارت تعلیم اپنے علاقائی دفاتر کھولے گی اور تمام مدارس کا ریکارڈ اور اعداد وشمار مرتب کرے گی۔

    شفقت محمود نے کہا کہ وزارت میں رجسٹریشن نہ کرانے والے مدارس کو بند کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مدارس کا معیار بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبا کو تکنیکی اور ووکیشنل تعلیم کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

    ملک بھر کے مدارس کی جیو ٹیگنگ اور رجسٹریشن پر رپورٹ مرتب

    واضح رہے کہ ملک بھر کے دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے لیے جیوٹیگنگ اور رجسٹریشن جاری ہے، نیکٹا نے پہلی رپورٹ تیار کرلی، پنجاب میں 90 فیصد رجسٹریشن مکمل کرلی گئی، ابتدائی مرحلے میں رجسٹرڈ مدارس کو ہی وزارت تعلیم کے ماتحت کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 29 اپریل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ مدارس کو مرکزی دھارے میں لایا جائے گا۔

  • چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت

    چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق وزیر تعلیم اور دیگر فریقین سے تین جنوری کو جواب طلب کر لیا۔

    چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد  ہائی کورٹ میں ہوئی، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق نوے دن میں نئے چیئرمین کی تعیناتی عمل میں لانی تھی جو اب تک نہیں ہوسکی۔

    عدالت نے وزارت تعلیم اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت تین جنوری تک ملتوی کردی۔