Tag: وزارت حج

  • وزارت حج نے عازمین کو خاص ہدایات جاری کردیں

    وزارت حج نے عازمین کو خاص ہدایات جاری کردیں

    سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج کو خاص ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’نسک کارڈ‘ سرکاری حج اجازت نامہ ہے جسے ہمیشہ اپنے ہمراہ رکھیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں عازمین کی نقل و حرکت کو منظم رکھنے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے نسک کارڈ جاری کردیئے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق نسک کارڈ جو کہ سرکاری حج اجازت نامے کی حیثیت رکھتا ہے میں عازم حج کے بارے میں تمام تر تفصیلات موجود ہیں جن میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کی رہائشی عمارتوں کا ایڈریس، حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے کی تفصیل اور مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) میں عارضی قیام گاہوں کے مقامات کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔

    نسک کارڈ کے ذریعے عازم حج کی شناخت میں آسانی ہوگی علاوہ ازیں وہ حجاج جو اپنے رہائشی مقام کو کھو دیتے ہیں اس کارڈ میں موجود تفصیلات سے انہیں ان کی منزل تک پہنچانا آسان ہوگا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں حج سیزن 2025 کا آغاز ہوچکا ہے، مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کیلیے پرمٹ جاری کردیئے ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے لیے جن عمارتوں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان کی تعداد 3 ہزار 161 جبکہ کمروں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 29 ہزار 232 ہے۔

    میونسپلٹی کے مطابق عازمین کی رہائشی عمارتوں کیلیے معیار مقرر کردیئے گئے ہیں، جن کی جانچ کے بعد متعلقہ تفتشی ٹیم پرمٹ جاری کرنے کی منظوری دیتی ہے۔

    پاکستان سے پہلی حج پرواز سعودی عرب پہنچ گئی

    جن عمارتوں کے لیے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان میں 18 لاکھ 71 ہزار 336 عازمین کی رہائش کے انتظامات ہیں جو مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔

  • وزارت حج نے  اندرون و بیرون ممالک کے عازمین کو خبردار کردیا

    وزارت حج نے اندرون و بیرون ممالک کے عازمین کو خبردار کردیا

    سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ نے خبردار کیا ہے کہ حج کے لیے غیر سرکاری اداروں سے کسی قسم کا لین دین ہرگز نہ کریں، مقامی عازمین بھی حج پیکیج کی بکنگ وزارت حج کی ویب سائٹ یا ’نسک‘ پورٹل سے کریں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہش مندوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فرضی حج کمپنیوں سے ہوشیار رہیں۔

    بیرون مملکت کے عازمین حج اپنے ملکوں کے سرکاری حج مشنز کے ذریعے ’حج ویزے‘ حاصل کریں جو کہ 80 ممالک میں کام کر رہے ہیں۔ ایسے ممالک جہاں حج مشنز نہیں وہاں مقیم حج کے خواہشمند ’نسک حج‘ پورٹل کے ذریعے حج بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔

    وزارت کا اندرون مملکت سے عازمین حج کے حوالے خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر جاری ہونے والے پیکیجز کے ذریعے حج بکنگ کی جائے جو کہ وزارت کی ویب سائٹ یا نسک پورٹل پر جاری کیے جاتے ہیں۔

    وزارت نے تاکید کی ہے کہ سرکاری متعلقہ ادارے سے جاری ہونے والا حج پرمٹ ہی قابل قبول ہوگا جو وزارت کی ویب سائٹ یا پورٹل سے جاری کیا جاتا ہے۔ فرضی حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے یا اس حوالے سے گمراہ کن اشتہارات سے محتاط رہیں۔

    وزارت نے مصدقہ معلومات کے لیے متعدد زبانوں میں ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پر انفارمیشن سینٹر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے لیے اندرون مملکت سے ٹول فری نمبر 1966 جبکہ بیرون مملکت سے 00966920002814 پر رابطہ کر کے حاصل کی جاسکتی ہے علاوہ ازیں ای میل کی سہولت بھی عازمین کے لیے فراہم کی گئی ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب کی وزارت حج نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو مملکت آمد اور وطن واپسی کے لیے ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے زائرین عمرہ ادائیگی کے لیے 13 اپریل بمطابق 15 شوال تک مملکت جا سکتے ہیں جس کے بعد حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ عمرہ ویزہ پر آنے والے تمام غیر ملکی زائرین کو یکم ذی القعد بمطابق 29 اپریل یا اس سے قبل اپنے اپنے وطن واپس لوٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔

    اس حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخ کے بعد حج سیزن کا آغاز ہو جائے گا اور اس کے بعد عمرہ زائرین کا سعودی عرب میں قیام غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔

    سعودی عرب : عمرہ زائرین کیلیے اہم ہدایات جاری

    مقررہ تاریخ کے بعد مملکت میں رہنے والے عمرہ زائرین امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائیں گے جس پر جرمانہ مقرر ہے۔

  • سعودی وزارت حج وعمرہ کا اہم بیان

    سعودی وزارت حج وعمرہ کا اہم بیان

    سعودی عرب کے وزارت حج وعمرہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مختلف ممالک کے حج مشنز اور ادارے اپنے ملکوں کے عازمین کیلیے حج خدمات کے معاہدے 14 فروری 2025 تک مکمل کرلیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مطابق معاہدوں کی تکمیل ’نسک مسار‘ کے ذریعے کی جائے یہ پلیٹ فارم بیرونِ مملکت سے آنے والے عازمین حج کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

    وزارت حج کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ حج مشنز اور اداروں کے لیے شیڈول مقرر کیا گیا ہے جس پر مقررہ ٹائم فریم کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق حج خدمات کے حوالے سے معاہدوں کے مرحلے کا آغاز 20 ربیع الثانی 1446 ھ بمطابق 23 اکتوبر 2024 کو ہوا تھا جبکہ اس کا اختتام 15 شعبان 1446 ھ بمطابق 14 فروری 2025 کو ہوگا۔شیڈول آٹھ بنیادی مراحل پر مشتمل ہے۔

    حجاج کے لیے بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ان شرائط کی پابندی کی جائے جو متعلقہ اداروں کی جانب سے مقرر کی گئیں ہیں۔

    ان میں امن عامہ اور صحت کے حوالے سے مقررہ ضوابط جو حج امور سے متعلق ہیں،فضائی اور زمینی ذرائع نقل و حمل کی پابندیاں اور جن کے بارے میں حج مشنز سے اتفاق کیا گیا ہے۔

    وزارتِ حج کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ حج مشنز اپنے ممالک کے عازمین حج کو مقامی قوانین و حج تعلیمات کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر عمل کرنے کا بھی پابند بنائیں۔

    خوشخبری: حج 2025 کے فلائٹ شیڈول کا اعلان ہو گیا

    وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ ’مقررہ مرحلہ ختم ہونے کے بعد کسی قسم کے معاہدے قابل قبول نہیں ہوں گے۔ اس مرحلے کے بعد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین کے کوٹے کا تعین اور ویزوں کے اجرا کے مرحلے کا آغاز کیا جائیگا۔

  • وزارت حج نے عمرہ زائرین کو خبردار کردیا

    وزارت حج نے عمرہ زائرین کو خبردار کردیا

    وزارت حج نے عمرہ زائرین کو خبردار کیا ہے کہ اپنے ملک کی کرنسی تبدیل کراتے وقت اس چیز کا خاص خیال رکھیں کہ نا معلوم افراد آپ کو کہیں دھوکا نہ دے دیں، اس لئے لائسنس یافتہ منی چینجرز کی خدمات حاصل کریں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک سے عمرہ پر آنے والے زائرین اپنے سامان،نقدی اور سفری دستاویزات کا خاص خیال رکھیں۔

    عمرہ زائرین اپنے ملک کی کرنسی تبدیل کرانے کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ میں لائسنس یافتہ منی چینجرز کی خدمات حاصل کریں تاکہ جعل سازی سے بچ سکیں۔

    وزارت نے عمرہ زائرین کو کرنسی تبدیل کرانے کے حوالے سے خصوصی طورپر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

    وزارت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمرہ زائرین اپنے ملک کی کرنسی تبدیل کراتے وقت کسی انجان شخص کی باتوں میں نہ آئیں اور نہ ہی کرنسی تبدیل کرانے کے لیے ان کی خدمات حاصل کریں۔

    کرنسی تبدیل کرانے کے بعد منی چینجرزسے رسید لینا نہ بھولیں تاکہ کیونکہ وہ کسی بھی موقع پر آپ کے کام آسکتی ہے۔

    عمرہ زائرین کی مسجد الحرام میں بارش کے دوران نماز عصر کی ادائیگی

    اس کے علاوہ کرنسی تبدیل کرانے سے قبل اس دن اور وقت کے مطابق تبدیلی کے ریٹ کا جائزہ ضرور لیں جو ہرمنی چینجرز کے پاس موجود ہوتا ہے علاوہ ازیں رقم تبدیل کرانے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ جس ادارے سے رابطہ کررہے ہیں وہ لائسنس یافتہ ہے یا نہیں۔

  • عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی قرار

    ریاض: عمرہ زائرین کے لیے میڈیکل انشورنس لازمی کردیا گیا، اقدام کا مقصد عمرے پر باہر سے آنے والوں کو زیادہ بہتر طبی خدمات فراہم کرنا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن اور التعاونیہ انشورنس کمپنی کے چیئرمین سلیمان الحمید نے ہیلتھ انشورنس معاہدے پر دستخط کیے۔

    سعودی وزارت حج کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ بیرون ملک سے عمرے پر آنے والوں کو بہتر اور اعلیٰ معیار کی طبی خدمات میسر ہوں۔ عمرہ زائرین کی یہاں آمد سے لے کر روانگی تک نگہداشت کی جاسکے گی۔

    وزارت حج کا کہنا ہے کہ یہ عمرے پر آنے والوں کے لیے انشورنس پروگرام جامع ہے۔ یہ پروگرام ایجنسیوں کے ذریعے یا آن لائن عمرہ ویزا حاصل کرنے والے حاصل کرسکیں گے۔

    انشورنس اسکیم میں صحت نگہداشت، ہیلتھ ٹرانسپورٹ، ایمبولینس، ایمرجنسی، ٹریفک حادثات، قدرتی آفات، سامان گم ہونے، پرواز میں تاخیر اور ایئرپورٹ پر قیام سمیت تمام امور شامل ہوں گے۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ زائرین سے متعلق ہیلتھ انشورنس اسکیم کم قیمت اور مناسب نرخوں پر ہوگی۔ یہ سعودی عرب میں موجود تمام انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پیش کی جائے گی۔ انشورنس کا دورانیہ 30دن ہوگا۔

    دوسری جانب انشورنس کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ عمرہ زائر کو انشورنس پیکج پر 1 لاکھ ریال تک کی ہنگامی صحت نگہداشت کی سہولت مہیا ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمرہ ویزا کی فیس 300ریال ہے، یہ فیس 49 ممالک سے عمرے پر آنے والے زائرین کے لیے مقرر ہے۔ عمرے پر آنے والوں کو میڈیکل انشورنس فیس کی مد میں 110ریال دینا ہوں گے۔