Tag: وزارت خارجہ

  • پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

    پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے امریکا اور بھارت کے حالیہ بیان کو ناپسندیدہ قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا بھارت مشترکہ بیان میں پاکستان کا غیر ضروری حوالہ مسترد کرتے ہیں، امریکی فریق کو سفارتی ذرائع سے آگاہ کر دیا گیا ہے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا جاتا ہے۔

    ترجمان نے کہا ہم وزارتی مذاکرات کے اعلامیے کو مسترد کرتے ہیں، بیان میں پاکستان کے خلاف کیے گئے دعوے بدنیتی پر مبنی ہیں، دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فعال شراکت دار رہا، امریکا سمیت عالمی برادری وسیع پیمانے پر اس کا اعتراف کرتی ہے، خطے کے کسی ملک نے امن کے لیے پاکستان سے زیادہ قربانیاں نہیں دیں۔

    ترجمان نے کہا پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کشمیر میں مظالم چھپانے کی کوشش ہے، بھارت کی دیگر ممالک کی سرزمین کا استعمال، دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ریکارڈ پر ہے۔

    دفتر خارجہ نے سخت رد عمل میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورت حال کا ادراک نہ کرنا عالمی ذمے داری سے دست برداری جیسا ہے۔

  • سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ، پاکستان کی مذمت

    سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ، پاکستان کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق بیلسٹک حملہ سعودی شہر جزان میں کیا گیا، حملے کے باعث ہلاکتیں ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    سعودی عرب پر میزائل حملے میں سویلین انفرا اسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا میزائل حملے سعودی عرب اور خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ ہے، اور پاکستان سعودی عرب کی حمایت کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے سرحدی شہر جزان پر یمنی حوثی باغیوں کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ہیں، حوثیوں کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل سے جاں بحق ہونے والوں میں ایک سعودی اور ایک یمنی شہری شامل ہے۔

    سعودی شہری دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ ایک ملٹری پروجیکٹائل مرکزی سڑک پر ایک تجارتی اسٹور پر گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

  • ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے: شاہ محمود قریشی

    ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے، ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کےافسران نے شرکت کی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔

    انہوں نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے کامیاب اجلاس پر وزارت خارجہ ٹیم کو مبارکباد بھی دی، انہوں نے کہا کہ بہترین سفارت کاری کے لیے معاشی خود انحصاری اہمیت کی حامل ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔ ہماری خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فخر ہے میں انتہائی قابل سول سرونٹس اور سفیروں کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں۔

  • وزیر اعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بننا پاکستان کی پالیسی ہے: دفتر خارجہ

    وزیر اعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بننا پاکستان کی پالیسی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بننا پاکستان کی پالیسی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں، پاکستان ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، اقوام متحدہ کی ماحول سے متعلق گلاسگو کانفرنس میں عدم شرکت پر جو بیانات آئے ان میں کوئی حقیقت نہیں، امریکا کے ساتھ ہم مستقل رابطے میں ہیں، اور اعلیٰ سطح امریکی کمیٹیوں کے ارکان پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے معاملے پر چین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، امید ہے جلد چین اس مسئلے کو حل کر لے گا، پاکستان چین امریکا کے مابین اچھے تعلقات چاہتا ہے، چین میں سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    انھوں نے کہا پاکستان اولمپکس میں شرکت کرے گا، کھیلوں کے ایونٹس کو سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے، چینی اولمپکس کی مخالفت اچھا اقدام نہیں، تمام ممالک کو سرمائی اولمپکس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان 19 دسمبر کو افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا، امید ہے اجلاس سے افغانستان کی انسانی امداد کے اقدامات کیے جائیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے پریانتھا کمارا کی موت پر سری لنکا سے اظہار تعزیت بھی کی۔

  • سعودی دارالحکومت ریاض پر میزائل حملہ، پاکستان کی مذمت

    سعودی دارالحکومت ریاض پر میزائل حملہ، پاکستان کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملے کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان حوثی باغیوں کی جانب سے ریاض میں میزائل فائر کی مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان سلامتی اور تحفظ کے لیے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکومت کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ پیر کی رات کو دارالحکومت ریاض پر ایک بیلسٹک میزائل داغا گیا ہے، جسے سعودی عرب نے روک لیا، حکام کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ریاض کے پڑوسی ملک یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے ساتھ تنازعے کے درمیان کیا گیا ہے۔

    یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کے زیر قیادت فوجی اتحاد نے پیر کو کہا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے دائرۂ کار میں رہتے ہوئے آہنی ہاتھوں کے ساتھ اس میزائل حملے کا جواب دے گا۔

    خیال رہے کہ یہ حملہ عین اُسی دن ہوا جب سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے علاقائی دورے کا آغاز کیا تھا۔

    ریاض پر حملے کی کوشش ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کے زیر قیادت اتحاد نے یمن میں اپنی فضائی مہم میں تیزی لائی ہے، کیوں کہ حوثیوں نے چھ سالہ تنازعے میں یمنی حکومت کے آخری گڑھ پر قبضہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

  • پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    پاکستان نے بھارت کو گندم افغانستان بھیجنے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کو افغانستان گندم کی ترسیل کے لیے اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ میں بھارت کے ناظم الامور کو بلا کر آگاہ کر دیا گیا ہے کہ وہ گندم افغانستان بھیج سکتے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق افغان ٹرانسپورٹ کے ذریعے بھارت سےگندم واہگہ کے راستے طور خم جائے گی، بھارت سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کے ساتھ ساتھ ادویات بھی افغانستان جائیں گی۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام انسانی امداد کی سہولت کے لیے حکومتی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے، بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں جلد ضروری اقدامات کر لیں۔

    افغانستان کی امداد کیلیے پاکستانی پیشکش پر بھارت خاموش

    واضح رہے کہ چند دن قبل پاکستان کی جانب سے بھارت کو اس سلسلے میں پیش کش کی گئی تھی، تاہم پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارت ڈبلیو ایف پی کے ٹرکوں کے ذریعے گندم افغانستان لے جا سکتا ‏ہے، اس سلسلے میں عالمی ادارۂ خوراک نے بھی تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم بھارت بضد تھا کہ سامان بھارتی ٹرکوں کے ذریعے جائے گا۔

  • پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کا بیان اقوام متحدہ رپورٹس اور زمینی حقائق کے برخلاف ہے، پچھلے کئی سالوں میں تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملے کیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مقاصد کو تسلیم کیا گیا۔ پاکستان میں سرحد پار حملوں سے سلامتی اور استحکام کو مستقل خطرہ لاحق ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان کا بلا امتیاز دہشت گردی کے خلاف ہر طرح کا مقابلہ کرنے کا عزم واضح ہے، پاکستان نے امن کے لیے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے مؤثر استعمال کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان انٹرا افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے افغانستان میں دیرپا امن کے لیے افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

  • نوازشریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے، وزارت خارجہ

    نوازشریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے، وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سیکریٹری وزارت خارجہ کو خط میں کہا ہے کہ نوازشریف اعلان شدہ اور مفرور مجرم ہیں ، ان کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سیکریٹری وزارت خارجہ کو خط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ نوازشریف کے پاسپورٹ کی تجدید کی درخواست پر کارروائی نہ کی جائے ، ہائیکورٹ کے مطابق نوازشریف اعلان شدہ مجرم ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ نیب کےریفرنسز میں بھی نوازشریف اعلان شدہ اور مفرور مجرم ہیں ، نوازشریف جب تک عدالت میں پیش نہیں ہوتے مزیدریلیف نہیں دیاجاسکتا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے مطابق نوازشریف کو 8ہفتے کی ضمانت ملی تھی ، پنجاب حکومت نے 8 ہفتے مکمل ہونے کے بعد ضمانت میں توسیع نہیں کی تھی۔

    خط کے متن میں کہا کہ نوازشریف کو سزا کی بقیہ مدت کوٹ لکھپت جیل میں گزرنی ہے، وہ سزا سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہوئے ، ان کیخلاف اسلام آبادہائی کورٹ میں3 کیسز اور نیب میں ایک ریفرنس ہے، نوازشریف مطمئن نہ کرسکے کہ ان کا پاسپورٹ مزید کیوں رینیو کیاجائے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ نوازشریف واپس آنے چاہیں تو ایمرجنسی ٹریول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں ، پاکستانی ہائی کمیشن نوازشریف کو تحریری جواب دیں کہ پاسپورٹ رینیو نہیں ہوسکتا۔

  • فرانسیسی سفیر دفتر خارجہ طلب، وزیر خارجہ کا اسلاموفوبیا کے حوالے سے اہم اعلان

    فرانسیسی سفیر دفتر خارجہ طلب، وزیر خارجہ کا اسلاموفوبیا کے حوالے سے اہم اعلان

    اسلام آباد: فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے توہین آمیز کارٹونز کے سلسلے میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے بیان پر آج فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرانس کے سفیر کو دفتر خارجہ نے طلب کر لیا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود نے اس سلسلے میں بتایا کہ فرانسیسی سفیر کے ساتھ بیان پر احتجاج کیا جائے گا۔

    دوسری طرف وزیر خارجہ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں، میں وزیر اعظم کی ہدایت پر اس حوالے سے ایک جامع قرارداد پیش کروں گا جس میں 15 مارچ کا دن، اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر طے کرنے کی تجویز دیں گے۔

    وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، فرانس کے صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا، یہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا، کچھ عرصہ قبل چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شایع کیے، کبھی قرآن پاک کو جلانے کے واقعات سامنے آتے ہیں، کبھی پتا چلتا ہے کہ حجاب پر پابندی کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔

    توہین آمیز کارٹونز کی نمائش کی اجازت دینے والے منافقانہ قوانین کو تبدیل کرنا ہوگا: صدر عارف علوی

    انھوں نے کہا اقوام متحدہ کو چاہیے کہ فی الفور اسلام کے خلاف اس نفرت انگیز بیانیے کا نوٹس لے اور ٹھوس اقدامات اٹھائے، لوگوں کے جذبات روندیں گے تو ری ایکشن سے معاشرے تقسیم ہوتے ہیں۔

    شاہ محمود نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے فیس بک کے بانی مارک زکر برک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح آپ ہولوکاسٹ پر مبنی مواد کی اشاعت نہیں کرتے اسی طرح اسلام کے خلاف گستاخانہ مواد کی اشاعت کو بھی روکا جائے۔

  • وزارت خارجہ میں جدید سہولتوں سے آراستہ میڈیا سینٹر قائم

    وزارت خارجہ میں جدید سہولتوں سے آراستہ میڈیا سینٹر قائم

    اسلام آباد: وزارتِ خارجہ میں جدید سہولتوں سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ میڈیا سینٹر کا قیام عمل میں آ گیا ہے، جس کا افتتاح آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا، اس موقع پر سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور سینئر افسران او میڈیا نمائندگان موجود تھے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا ہماری زندگی پر سوشل میڈیا کے واضح اثرات مرتب ہو رہے ہیں، ایسے میں ڈیجیٹل ڈپلومیسی جدید دور کا تقاضا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا ڈیجٹیل ڈپلومیسی کی ضرورت روز بہ روز بڑھتی جا رہی ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، یہ کہاوت نہیں حقیقت ہے، میڈیا کاوقت کے ساتھ ساتھ اداروں سے تعلق بھی بڑھ گیا ہے ، ملکی تشخص کواجاگر کرنے کے لیے خارجہ پالیسی انتہائی اہم ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا خارجہ پالیسی کو کامیاب بنانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جب کہ وزارت خارجہ کو بھی بدلتے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہے۔

    اس موقع پر انھوں نے مقبوضہ کشمیر کا بھی ذکر کیا، کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے سفاکانہ تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں، پاکستان نے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیانیے کا سدباب کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا 70 ہزار پاکستانی شہید ہوئے اور ہم پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے، بھارت کے منفی پروپیگنڈے کا سدباب کرنے کی ضرورت ہے، افغانستان کے معاملے پر دنیا نے پاکستان کے بیانیے کو تسلیم کیا۔