Tag: وزارت ریلوے

  • وزارت ریلوے کا  دسمبرتک جزوی ٹرین آپریشن ہی چلانے کا فیصلہ

    وزارت ریلوے کا دسمبرتک جزوی ٹرین آپریشن ہی چلانے کا فیصلہ

    لاہور : وزارت ریلوے نے دسمبرتک جزوی ٹرین آپریشن ہی چلانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا دسمبر کے آخرمیں حالات معمول پر آنے کے بعد ہی مکمل ٹرین آپریشن بحال کیا جائے گا۔

    کورونا صورتحال کے پیش نظر وزارت ریلوے نے دسمبرتک جزوی ٹرین آپریشن ہی چلانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا جزوی ٹرین آپریشن میں ایس اوپیزپر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی پرمسافروں کی تعداد کے حساب سےچنداسپیشل ٹرینیں چلائی جائیں گئی، دسمبرکےآخرمیں حالات معمول پرآنےکےبعدہی مکمل ٹرین آپریشن بحال کیا جائے گا۔

    وزارت ریلوے نے کہا کہ مکمل ٹرین آپریشن بحالی کےبعدتمام ٹرینیں نہیں چلائی جائیں گی، آپریشن بحالی کے بعد 138 کی بجائے100ٹرینوں چلائی جائیں گئی جبکہ خسارے کی حامل ایکسپریس، شٹل ٹرینیں مکمل بند کر دی جائیں گی۔

    خیال رہے ملک کے مختلف شہروں سے آنی والی مسافر ٹرینوں کی گھنٹوں تاخیر سے آمدورفت کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ایم ایل ون بنےگا تو تمام ایسے پھاٹک ختم ہوجائیں گے جس کے بعد حادثات بھی بند ہوجائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون کی تکمیل پاکستان کے لیے انقلاب اور ترقی کا سال ہوگا۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہونے جا رہا ہے، ریلوے کرایے بڑھانے کی تجویز کو میں نے مسترد کر دیا ہے۔

  • آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی ہے، آج شام تک 40 ٹرینوں کے ذریعے بیش تر لوگ سندھ سے نکل جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ 142 ٹرینیں ہیں، 40 بند کر دی ہیں، باقی کا فیصلہ آج کریں گے، بورڈ میں فیصلہ ہوگا پھر وزیر اعظم کے پاس جاؤں گا، خود سے فیصلہ نہیں کر سکتے وفاق سے منظوری لینی ہوتی ہے، ہم نے زیادہ رش والی ٹرینیں بند کردی ہیں، وسائل کا مسئلہ ہے، ہم بکنگ کے ایک ارب روپے کیسے واپس کرتے، ریٹائرڈ افراد کو ملا کر تین لاکھ ملازمین کو تنخواہ اور پنشن دینی ہے۔

    ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا فیصلہ

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب ٹرینیں بند کرنے سے متعلق وزیر اعظم سے منظوری لینا پڑے گی، تاہم لاک ڈاؤن میں ریلوے کو شامل نہ کرنا زیادتی ہے، ہم نےرش والی ٹرینیں بند کر دی ہیں لیکن لوگ ہر ٹرین پر سوار ہیں، اگر ہمیں پیشگی تمام ٹکٹ واپس کرنے پڑے تو نہیں کر سکتے۔

    خیال رہے کہ سندھ حکومت نے انٹرا بس سروس کی بندش کے بعد گزشتہ روز ٹرینوں سے مسافروں کی آمد و رفت روکنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کرونا وائرس پر 26 واں اجلاس ہوا جس میں کسی بھی ریلوے اسٹیشن سےمسافروں کو جانے نہ دینےکا اہم فیصلہ ہوا۔

  • وزارت ریلوے کا ریلوے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    وزارت ریلوے کا ریلوے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارتِ ریلوے نے ریلوے کے تمام اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق مشاورت شروع کر دی۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں ریلوے کے اسپتالوں میں سہولتیں بڑھانے پر مشاورت کی گئی، اور وزارت ریلوے کی جانب سے معاونت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت میں ریلوے وزارت سنبھالتے ہی عندیہ دیا تھا کہ ریلوے کے اسپتالوں اور اسکولوں کی نج کاری کے لیے ہم تیار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ، 4 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    پانچ دن قبل شیخ رشید نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ کی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ آیندہ سال اسپورٹس گرانٹ 10 کروڑ روپے کر دی جائے گی، ریل کی نوکریوں میں کھلاڑیوں کا کوٹہ ہوگا، کھلاڑیوں کی تقرریاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

    انھوں نے تقریب میں کہا کہ نئے سال میرا ہدف ہے کہ فریٹ اور ٹریک پر کام کیا جائے، اور ریلوے کی زمینیں استعمال میں لائی جائیں، مسافروں کے لیے اسٹیشن اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے، 4 نئی ٹرینیں چلانے اور 4 نئی فریٹ ٹرینوں کی پیش کش بھی کرنے جا رہے ہیں، 7 ٹرینیں نجی سیکٹرز کو دینے جا رہے ہیں، جب کہ ایم ایل ون کا اس شان سے افتتاح کریں گے کہ میرے بعد بھی یاد رہے گا۔

  • خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا

    خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں وزیر ریلوے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں اضافہ ہونے لگا ہے، ریلوے آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ نوٹ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارتِ ریلوے سے متعلق تحریری جواب پیش کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ خسارے میں چلنے والی ریلوے کی آمدن میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، مالی سال 2018-19 کے دوران ریلوے کی آمدن میں 9.96 فی صد اضافہ ہوا۔

    ریلوے کو گزشتہ مالی سال میں 4938 ملین روپے کی اضافی آمدن ہوئی تھی، 2018-19 میں ریلوے کے سالانہ اخراجات میں بھی 1085 ملین کی کمی ہوئی۔

    قومی اسمبلی کے وقفۂ سوالات میں وفاقی پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے کہا کہ تیز گام ٹرین حادثے میں 75 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے، حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے، اصل وجوہ چند روز میں سامنے آ جائیں گی، جیسے ہی تحقیقات مکمل ہوں گی تو ایوان کے سامنے لے آئیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    پیپلز پارٹی کے رکن منور تالپور نے سوال کیا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو برطرف کیوں نہیں کیا گیا، وزیر اعظم نے خود کہا تھا کہ ٹرین حادثے پر وزیر ریلوے کو مستعفی ہونا چاہیے، جس پر فرخ حبیب نے کہا کہ وزیر ریلوے کے استعفے کی بات تب کریں جب پہلے کوئی مثال قائم کی گئی ہو۔

  • عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    لاہور: وزارت ریلوے نے بقر عید پر اسپیشل ٹرینیں چلانے اور معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید پر خصوصی ٹرینوں کے ساتھ ساتھ معمول کی ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کیا گیا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا ہے کہ 7، 8، 9، اور 10 اگست کو ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی جائیں گی۔

    ترجمان کے مطابق چاروں دن 5 شیڈول ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے، ان اضافی کوچز کی بکنگ فوری طور پر کھول دی گئی ہے۔

    شیڈول کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کراچی سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی، دوسری عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کوئٹہ سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی حکومت کا عید الاضحیٰ پر چار چھٹیاں دینے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ 24 گھنٹے پہلے کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عید الاضحیٰ پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق چھٹیاں 12 سے 15 اگست تک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ آئے دن ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، آج بھی لاہور سے مختلف شہروں کے لیے روانہ ہونے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں، ان ریل گاڑیوں میں کراچی ایکسپریس، جناح ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس شامل تھیں۔

    شیخ رشید نے ٹرینوں کی تاخیر کے حوالے سے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت دے دیں، بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم متاثر ہوتا ہے، ہماری 136 میں سے 6 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں لیکن وہ بھی ایک ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گی۔

  • پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مال بردار ریل گاڑیوں کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلویز نے بیس فی صد اضافے کا اعلان کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا، کرایوں میں اضافے کا اطلاق ایچ ایس ڈی اور کارگو ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔

    وزارت ریلوے نے کرایوں میں اضافے کے سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    یاد رہے کہ جون میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید نے گزشتہ ماہ بتایا کہ وزارت نے تن خوا اور تیل پر 3 ارب کا اضافی خرچ اٹھایا ہے۔ تیل، پنشن اور تن خوا کی مد میں ساڑھے 12 ارب خرچ ہوئے۔ 24 ٹرینیں اور 2 مال گاڑیاں چلائی گئیں۔ سال میں 60 لاکھ مسافر بڑھائے گئے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے میں نئی بھرتی کے سلسلے میں پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی ہے، نئی بھرتیاں اب ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوں گی، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

  • کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    لاہور: پاکستان ریلوے کی ایک اور ٹرین کو حادثہ پیش آ گیا، کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیزگام ٹرین کی تین بوگیاں لاہور یارڈ میں پٹری سے اتر گئیں، ریل کراچی جا رہی تھی، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ متبادل کوچز لگا کر 40 منٹ تک ٹرین کو روانہ کر دیا جائے گا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن پر آنے اور جانے والی ٹرینوں کے لیے راستہ کلیئر ہے، پٹری سے اترنے والی کوچز کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے، جلد ہی ٹریک بھی کلیئر کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل حیدر آباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس ایک ہی ٹریک پر چلنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ شامل تھے، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جناح ایکسپریس کا انجن جل کر مکمل تباہ ہو گیا۔

    ذرایع کے مطابق نا تجربہ کار افسران کی وجہ سے ریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

  • ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی، 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، پھاٹک ختم ہو جائیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 1800 کلو میٹر ڈبل ٹریک بنائیں گے، ریلوے پھاٹک ختم ہو جائیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا واقعہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کی نج کاری نہیں ہو رہی ہے، ایسی باتیں فضول ہیں، 30 سال ریلوے میں بہت مضبوط لوگ رہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے اخراجات میں کوئی اضافہ نہیں کیا، اس سال ایک ارب کا اسکریپ فروخت کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان 15 مئی کو سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    [bs-quote quote=”میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    وزیر ریلوے نے کہا کہ کل ریلوے ملازمین کو میری طرف سے لاہور میں افطاری ہے، نواز شریف نے جتنے لوگ جمع کیے اس سے 4 گنا زیادہ میری افطار پارٹی میں تھے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ آج یا کل کی بات ہے، حکومت نے پوری کوشش کی کہ عام آدمی پر دباؤ نہ آئے، وزیر اعظم نے پیر کو شام ساڑھے 5 بجے میٹنگ بلائی ہے، پیر کو کابینہ ایمنسٹی اسکیم پر بات کرے گی، اسد عمر جلد دوبارہ کابینہ کا حصہ ہوں گے، وہ نا تجربہ کار آدمی نہیں ہیں، غلط الزام نہ لگایا جائے۔

    بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ میں روزے میں ہوں اور آپ لوگ پھر مجھے بلاول کی طرف لے جا رہے ہیں، پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی، محترمہ بے نظیر کا کیس سننے بیٹا تک نہیں گیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ایل بی ڈبلیو ہو چکے، ریفرنس بھی ان کے خلاف جا چکا، جہانگیر ترین بہت کام کے آدمی ہیں لیکن وہ ضائع ہو چکے ہیں۔

  • ترک ریل کمپنیوں کے وفود کا وزارت ریلوے کا دورہ

    ترک ریل کمپنیوں کے وفود کا وزارت ریلوے کا دورہ

    اسلام آباد: ترک ریل کمپنیوں کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کی، اس موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی سرکاری ریل کمپنیوں تلماس اور ریمیساس کے وفود نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا۔ ریل کمپنیوں نے پاکستان ریلویز میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترک کمپنیوں نے پاکستانی ریل آپریشنز میں شراکت داری پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر ریلوے نے ترک وفود کو ریلوے میں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ترکی کی سرکاری کمپنیوں کا دورہ 5روزہ ہے، کمپنیاں پاکستان ریلویز کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیں گی۔

    ترک کمپنیوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو دورہ ترکی کی دعوت بھی دی۔ ترک وفد نے وفاقی وزیر ریلوے کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ترکی آ کر ریلوے نظام کا معائنہ کریں۔

    اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی برادر اسلامی ممالک ہیں، پاک ترک تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان ریلویز پاک ترک تعلقات سے استفادہ کرے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ترک ریلوے کے لیے پاکستان ریلویز کے منصوبے اوپن ہیں، ترک ریلوے کمپنیاں آئیں اور مل کر کام کریں۔ ترک تجربے سے رسالپور لوکو موٹیو اور ریلوے کیرج فیکٹریز کو بہتر کریں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کے ذریعے پورے خطے کو جوڑا جا سکتا ہے، خطے کو جوڑنے سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ پاکستان عالمی پارٹنر شپس سے ریلوے نیٹ ورک کو ترقی دے رہا ہے۔

  • ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ ہے: شیخ رشید

    ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی ہے، فنڈز مل جائیں تو کرتار پور میں خوبصورت ریلوے اسٹیشن تعمیر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کے لیے 3 ٹرینیں چلائیں گے، عوام سے دسمبر تک کا وعدہ کیا ہے۔ بغیر ٹکٹ مسافر کے ساتھ جو ملازم، اہلکار ملوث ہوا نوکری سے فارغ ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 90 دن میں 2 ارب آمدن میں اضافہ کیا، 90 فیصد وقت کی پابندی کی جارہی ہے۔ ڈیم فنڈ کے لیے 5 کروڑ اکٹھے کر لیے ہیں، سیاحت کے لیے راولپنڈی سے ٹیکسلا تک اسٹیم انجن چلائیں گے۔ ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریزوریشن اوقات بڑھانے سے ریلوے کی آمدنی 20 فیصد بڑھی، ریلوے میں ایک ارب روپے کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی ہے۔ بسوں کا کاروبار خراب نہیں کرنا چاہتے، مین روٹس پر آ رہے ہیں۔ 7 ڈویژنل شہروں کے اسٹیشنز پر 24 گھنٹے ریزرویشن کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو پشاور سے نکال کر راولپنڈی ڈویژن کے حوالے کردیا۔ سال میں 10 ارب روپے بزنس کا ہدف ہے، پورا کریں گے۔ خراب پٹریوں اور خراب بوگیوں کی مرمت شروع کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جتنے تالے لگوا سکتے ہیں لگوائیں گے، میں اب خود چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوں گا۔ مال گاڑی کی تعداد 8 سے 15 کروں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ اگر کھلاڑی کو اناڑی کہیں گے تو تھوڑا انتظار کریں۔ لوٹا ہوا پاکستان عمران خان کو ملا ہے۔ کرتار پور کوریڈور کے افتتاح نے بھارت میں صف ماتم بچھا دی ہے، سکھ برادری آج عمران خان کو اپنا محسن سمجھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فنڈز مل جائیں تو کرتار پور میں خوبصورت ریلوے اسٹیشن تعمیر کریں گے، کرتار پور میں ہمارے پاس زمین موجود ہے لیز پر دینے کے لیے تیار ہیں۔ بابا گرو نانک ٹرین کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔