Tag: وزارت سائنس و ٹیکنالوجی

  • وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 ادارے بند کرنے کا فیصلہ ہو گیا

    وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 ادارے بند کرنے کا فیصلہ ہو گیا

    اسلام آباد: پاکستان میں حکومت نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 ادارے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اداروں کی رائٹ سائزنگ کے دوسرے مرحلے میں کابینہ نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 ادارے بند کرنے، اور 4 کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے 6 ادارے کم افرادی قوت کے ساتھ برقرار رکھے جائیں گے، مختلف اداروں کی رائٹ سائزنگ کا عمل درآمد پلان 20 جنوری تک شیئر کرنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نسٹ کو معیار بہتر کرنے اور 100 یونیورسٹیوں میں جگہ بنانے کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کو 5 سال میں خود کفالت کے حصول کا پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    پاکستان کا مقامی ای او ون سیٹلائٹ 17جنوری کو لانچ کرنے کا اعلان

    کونسل فار ورکس اینڈ ہاؤسنگ ریسرچ، پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، پی سی آر ای ٹی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ انضمام کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

    پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کو ڈیجٹلائز کیا جائے گا، اور ذرائع کے مطابق پاکستان حلال اتھارٹی کے تھرڈ پارٹی جائزے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے، پاکستان کونسل فار سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کی کارکردگی جانچنے کے لیے تھرڈ پارٹی جائزہ لیا جائے گا۔

    وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں اسٹاف کی شرح میں نصف تک کمی کی تجویز بھی منظور کر لی گئی ہے۔

  • ویڈیو گیمز کے شائقین کے لیے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا بڑا اعلان

    ویڈیو گیمز کے شائقین کے لیے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی نے ملک میں گیمنگ انڈسٹری کے سلسلے میں بڑا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سرکاری سطح پر ویڈیو گیمنگ انڈسٹری کو ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، تاہم اب پی ٹی آئی حکومت نے دیگر صنعتوں کے ساتھ ویڈیو گیمز کی صنعت کو بھی فروغ دینے کی تیاری کر لی ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے آج ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی ویڈیو گیمز پروگرامنگ کا ایک خصوصی پروگرام لا رہی ہے۔

    اگرچہ معاشرے کی ترقی کے لیے تعلیم بنیادی کردار کرتی ہے، اور نوجوان نسل پڑھ لکھ کر ہی ملک کو ترقی کے راستے پر گام زن کرتی ہے، تاہم پاکستان میں سابقہ حکومتوں کی پالیسیوں کے باعث آج بھی ایک بڑا نوجوان طبقہ علم کا راستہ چھوڑ کر روزی روٹی کمانے میں جُت جاتا ہے۔

    اسی پسِ منظر میں وفاقی وزیر نے اپنے ٹویٹ میں نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’اگر آپ کو پڑھنے سے دل چسپی نہیں ہے اور آپ فون پر ویڈیو گیمز کھیلنے ہی سے رغبت رکھتے ہیں تو پھر تیاری کر لیں۔‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیمز کے اس خصوصی پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ ہم 90 ارب ڈالر کی انڈسٹری کاحصہ بن سکیں۔

    وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اینی میشن اور ویڈیو گیمز سرٹیفکیشن پروگرامز نوجوانوں کے لیے گیم ہی نہیں گیم چینجر بھی ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گیمنگ انڈسٹری کی بھاری سرمایہ کاری ٹیکنالوجی اور تفریح کی سرحدوں کو مسلسل آگے کی طرف دھکیل رہی ہے، دنیا بھر میں 2 ارب سے زائد لوگ کمپیوٹر، موبائل اور دیگر گیجٹس پر گیمز سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

  • لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے: فواد چوہدری

    لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں کی زمین پر قبضہ کیا گیا ہے: فواد چوہدری

    لاہور: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت سائنس کی زمینوں کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا ہے کہ صرف لاہور میں اربوں روپے کی زمین پر قبضہ مافیا کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ آج جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ صرف لاہور میں وزارت سائنس کی اربوں روپے کی زمین پر قبضہ کیا جا چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وزارت سائنس کی زمین کو واگزار کرایا جائے گا، سرکاری زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔

    انھوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور میں ایک شان دار سائنس میوزیم بنایا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کراسکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے، فواد چوہدری

    خیال رہے کہ ان دنوں وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری چاند دیکھنے کے سلسلے میں بیانات دے کر خبروں میں نمایاں ہیں، اس حوالے سے رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ ان کا تنازع چل رہا ہے۔

    انھوں نے چند دن قبل کہا تھا کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایک مؤقف ہے جو سامنے رکھ دیا ہے، رویت ہلال کمیٹی زبردستی عید نہیں کرا سکتی، ان کا کام سفارشات دینا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم آفس کو قمری کیلنڈر بھیج دیا ہے، حکومت ایکشن نہ لے اور گائیڈ نہ کرے تو قوم تقسیم ہوجائے گی، معاشرے میں تقسیم پر حکومت لوگوں کو اکٹھا نہ کرسکے تو یہ نقصان ہوگا۔