Tag: وزارت عظمیٰ کے امیدوار

  • شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب

    شہباز شریف پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو 16 واں قائد ایوان اور ملک کا 24 واں  وزیراعظم منتخب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم کے انتخاب کے عمل کا آغاز ہوا جہاں شہباز شریف کو پاکستان کا 33واں وزیر اعظم منتخب کرلیا گیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ شہباز شریف 201 ووٹ لیکر وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوئے جبکہ عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کئے۔

    بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا وہ ایوان میں بیٹھے رہے۔

    قومی اسمبلی اجلاس

    قومی اسمبلی اجلاس کا وقت 11 بجے مقرر تھا لیکن اجلاس تاخیر کا شکار ہونے کے ایک گھنٹے بعد اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت شروع ہوا۔

    وزارت عظمیٰ کے امیدوار

    وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے امیدوار شہباز شریف اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمرایوب مد مقابل تھے۔

    وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کو پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی اور دیگر جماعتوں کی حمایت حاصل تھی جبکہ جے یو آئی نے وزیراعظم کے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

    ایوان میں شور شرابہ

    قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوتے ہی ایوان میں شور شرابہ شروع ہوگیا، اجلاس میں اتحادیوں اور سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے شدید نعرے بازی کی، سنی کونسل کے اراکین نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی۔

    جام کمال کا حلف

    اجلاس کے دوران مسلم لیگ نواز کے رکن اسمبلی جام کمال نے حلف اٹھایا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ان سے حلف لیا تھا۔

    جے یو آئی کا انتخاب کا بائیکاٹ 

    جمعیت علمائے اسلام (ف) نے وزیرِ اعظم کے انتخاب کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے، جے یو آئی نے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔ نواز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو شہباز شریف کی حمایت کے لیے منانے کی کوششیں کی تھیں جو ناکام رہی تھیں۔

  • جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے: علیم خان

    جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے: علیم خان

    لاہور: علیم خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین وزارت عظمیٰ کے لیے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر مہر بخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے امیدوار جہانگیر ترین ہوں گے۔

    انھوں نے کہا پی ڈی ایم سے کوئی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی، بلکہ ان کے خلاف الیکشن لڑیں گے، چار سال پی ٹی آئی اور ایک سال پی ڈی ایم حکومت نے قوم کا بیڑا غرق کیا، عوام میں پی ٹی آئی اور موجودہ حکومت کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے۔

    علیم خان نے کہا عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال چند روز میں حکومت سے مستعفی ہو جائیں گے، ہم عوام کو 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے، یہ پارٹی منشور ہے، ہم اکثریت میں آئیں گے، عثمان بزدار اور فرح جیسے لوگوں سے جان چھڑائیں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔

    کرپشن کا بازار چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر جا کر ختم ہوتا تھا، علیم خان کے سنسنی خیز انکشافات

    انھوں نے مزید کہا کہ پرویز خٹک پی ٹی آئی کا حصہ تھے اگر وہ کہتے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی نو مئی میں ملوث ہیں تو ان کے پاس معلومات ہوں گی، خٹک کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں، نو مئی کو جو کچھ ہوا وہ دہشت گردی سے زیادہ ہے، عدالتوں کو دیکھنا چاہیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی ملوث ہیں یا نہیں۔

    صدر استحکام پاکستان پارٹی علیم خان کہتے ہیں سانحہ نو مئی میں ملوث افراد کی استحکام پاکستان پارٹی میں کوئی جگہ نہیں، ہم پی ٹی آئی کی بی ٹیم نہیں ہیں، نو مئی کے بعد میرے کردار کی ضرورت تھی، اور میں انتقام کے لیے سیاست میں نہیں آیا۔

  • جماعت اسلامی نے بھی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا

    جماعت اسلامی نے بھی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد جماعت اسلامی نے بھی وزارتِ عظمیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ن لیگی امیدوار برائے وزیرِ اعظم کو ووٹ نہیں دیں گے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پارٹی کے واحد رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی وزارتِ عظمیٰ کے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔

    ترجمانِ جماعت کے مطابق مرکزی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو کندھا دینے کی بہ جائے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے نظریاتی لڑائی لڑی جائے گی۔

    مرکزی شوریٰ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی ’احتساب سب کا، کرپشن فری پاکستان‘ مہم جاری رکھے گی۔

    ایم ایم اے کا وزیراعظم کے لئے شہباز شریف کو ووٹ نہ دینے کا عندیہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو یہ کہہ کر مایوس کر دیا تھا کہ وہ شہباز شریف کی وفاق میں حمایت نہیں کرے گی۔

    پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے نہ شہباز شریف اور نہ ہی عمران خان کو ووٹ دیا جائے گا، بعد ازاں پی پی نے پنجاب اسمبلی میں بھی ن لیگ کو تنہا چھوڑ کر اسے بڑا سیاسی دھچکا پہنچایا۔

  • شہباز شریف اپوزیشن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، ن لیگ ڈٹ گئی

    شہباز شریف اپوزیشن کے وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، ن لیگ ڈٹ گئی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے فیصلے پر ڈٹ گئی ہے کہ شہباز شریف ہی اپوزیشن کی طرف سے وزارتِ عظمیٰ کے لیے امیدوار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے فیصلہ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی آخری وقت تک کوشش کی جائے گی کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کی حمایت کرے۔

    ن لیگ کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر پی پی نے ساتھ نہ دیا تو بھی عمران خان کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا، جب کہ پنجاب میں بھی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف نے تمام منتخب ارکان اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دیں گے، چوہدری منظور

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہباز شریف کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے ووٹ نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو 3 دن پہلے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا تھا۔

    وفاق کے بعد پنجاب میں بھی ن لیگ کی مشکل میں اضافہ، پیپلز پارٹی کا حمایت سے انکار

    دوسری طرف پی پی کے صوبائی پارلیمانی رہنما حسن مرتضیٰ نے بھی کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو پنجاب میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

  • شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے

    شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے قومی اسمبلی میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پولنگ کے بعد اب وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے بھی عمران خان اور شہباز شریف نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

    ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کی طرف سے کاغذاتِ نامزدگی ن لیگ کے رہنماؤں خواجہ آصف، احسن اقبال اور رانا تنویر نے جمع کرائے۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کی طرف سے مایوس ہونے کے بعد میاں شہباز نے صوبائی سیٹیں چھوڑ کر قومی سیٹ سے وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

    دوسری طرف عمران خان کی جانب سے بھی کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیے گئے ہیں، شیخ رشید ان کے تجویز کنندہ ہیں، جب کہ فخرامام پی ٹی آئی چیئرمین کے تائید کنندہ ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ ان کے مقابل پاکستان پیپلز پارٹی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کیے۔

    وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کل دوپہر 2 بجے تک جمع ہوں گے، وزیرِ اعظم کے انتخاب کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کل سہ پہر 3 بجے ہوگی جب کہ وزیرِ اعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہوگا۔