Tag: وزارت منصوبہ بندی

  • وزارت منصوبہ بندی نے 3000 ارب کا ترقیاتی بجٹ مانگ لیا

    وزارت منصوبہ بندی نے 3000 ارب کا ترقیاتی بجٹ مانگ لیا

    وزارت منصوبہ بندی نے 2900 سے 3000 ارب کا ترقیاتی بجٹ مانگ لیا، وزیراعظم نے زیرتکمیل منصوبے پہلے مکمل کرنےکی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ترقیاتی بجٹ کیلئے ترجیحات تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی حکمت عملی کی تیاری کی جارہی ہے، صرف انتہائی ضروری نوعیت کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال تاریخ میں پہلی بار 276 منصوبے مکمل ہوں گے، اضافی وسائل کیلئے وزارت خزانہ کو خط لکھا گیا ہے جس کے جواب کا انتظار ہے۔

    آئی ایم ایف شرائط کے باعث فارن فنڈڈ منصوبوں کی تکمیل ترجیح ہوگی، آئی ایم ایف نے فارن فنڈڈ منصوبوں کیلئے مقامی مکمل فنڈنگ کی یقین دہانی کا مطالبہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میگا قومی ترقیاتی منصوبےمکمل کیے جائیں گے، وزیراعظم نے اگلے بجٹ میں زیرتعمیر 100 میگا پراجیکٹ منصوبوں کی تکمیل کا ہدف دیا ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں 1071 مختلف ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔

    رواں مالی سال 30 جون تک 276 منصوبے مکمل کرلیے جائیں گے، اگلے 3 سے 4 سال میں زیادہ اہمیت کے حامل منصوبوں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاق نے صوبائی نوعیت کے نئے منصوبے شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سڑکوں، مواصلات، ڈیمز، آئی ٹی اور پاور سیکٹر پر زیادہ وسائل خرچ ہونگے، نئے مالی سال آبی وسائل، آئی ٹی اور اسکل ڈیولپمنٹ پر بھی توجہ دی جائےگی۔

  • وفاقی ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

    وفاقی ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد : وفاقی ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کی تفصیلات سامنے آگئیں ، جس میں بتایا کہ جولائی تا دسمبر2023  وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 305 ارب 96کروڑ جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے وفاقی ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردیں، جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال پہلی ششماہی میں 149 ارب 67 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کئے۔

    دستاویز میں کہا گیا کہ جولائی تادسمبر2023 وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے 305 ارب 96 کروڑ جاری کیے گئے جبکہ وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے منصوبوں پر 130 ارب 16 کروڑ روپے سےزیادہ خرچ کئے۔

    وزارت منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ترقیاتی منصوبوں پر 13 ارب روپے سے زیادہ اور وزارت آبی وسائل کے منصوبوں پر 25 ارب 13 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔

    دستاویز کے مطابق ریلوے ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر 11 ارب 44 کروڑ روپے سے زیادہ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں پر 9 ارب 4 کروڑ روپے سے زیادہ اور وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے منصوبوں پر 4 ارب 86 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے۔

    وزارت منصوبہ بندی نے مزید بتایا کہ جولائی تا دسمبرپارلیمنٹرینز کی اسکیموں کیلئے 61ارب28کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

  • مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری

    مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختلف وزارتوں کو 129 ارب روپے جاری کردی گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چوتھی سہ ماہی کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 129 ارب روپے جاری کردیے گئے جن میں فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 27 ارب روپے بھی شامل ہیں۔

    ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزارت آبی وسائل کو 30 ارب، وزارت مواصلات کو 22 ارب، وزارت ریلوے کو 8 ارب، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 7 ارب، وزارت توانائی کو 5 ارب جبکہ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 4 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔

    رواں سال ترقیاتی بجٹ کے لیے گزشتہ سال سے 50 ارب روپے زائد جاری کیے گئے ہیں، آخری سہ ماہی کے لیے جاری 129 ارب روپے کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری معاشی بحران کے باوجود وزارت منصوبہ بندی نے چوتھی سہ ماہی کی ریلیز کو یقینی بنایا، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے کوئی ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے گئے تھے۔

  • پاکستان  میں ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا، رپورٹ

    پاکستان میں ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا، رپورٹ

    اسلام آباد : وزارت منصوبہ بندی وترقیات کا کہنا ہے کہ ملک میں ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا جبکہ 37 فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی یا کام نہیں ڈھونڈسکے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وقفہ سوالات کا سلسلہ شروع ہوا ، تو کورونا سے ملک میں لوگوں کی آمدنی و روزگار متاثر ہونے سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

    وزارت منصوبہ بندی وترقیات نے اعدادوشمار ایوان میں پیش کیے، جس میں بتایا گیا کہ کورونا کا سماجی و اقتصادی اثرات کا جائزہ لینے کیلئے سروے کیا، جس سے پتہ چلا کہ ملازمت پیشہ آبادی کا 49 فیصد حصہ کورونا سے متاثرہوا۔

    وزارت منصوبہ بندی وترقیات کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ ملازمت پیشہ افراد کی تعداد27.31ملین ہے، اس دوران کورونا سے37 فیصد ورکرز کی ملازمت چلی گئی اور انہیں دوبارہ نوکری نہ ملی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کورونا سے 12 فیصد ورکرز کی آمدن میں کمی ہوئی، کورونا سے سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا متاثرہوا، جہاں 55فیصدملازمت پیشہ افراد کی ملازمت گئی یا آمدنی میں کمی ہوئی۔

  • 2017 کی مردم شماری نتائج کے اعداد و شمار جاری

    2017 کی مردم شماری نتائج کے اعداد و شمار جاری

    اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی نے 2017 میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی نے اعلامیے میں کہا ہے کہ 2017 مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2017 مردم شماری کے مطابق پنجاب کی آبادی کل آبادی کی 52.9 فی صد تھی، سندھ کی آبادی کل آبادی کی 23 فی صد تھی، خیبر پختون خوا کی آبادی کل آبادی کی 14.6 فی صد، بلوچستان کی آبادی کل آبادی کی 5.9 فی صد، فاٹا کی آبادی کل آبادی کی 2.4 فی صد، جب کہ اسلام آباد کی آبادی کل آبادی کی 0.96 فی صد تھی۔

    مشترکہ مفادات کونسل کا فوری نئی مردم شماری کرانے کا فیصلہ

    2017 مردم شماری کے مطابق ملک بھر میں مردوں کی تعداد 10 کروڑ 60 لاکھ تھی، جب کہ خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ تھی، 1998 کے مقابلے میں 2017 میں آبادی میں اضافے کا تناسب 2.40 فی صد تھا۔

    ایک مربع کلومیٹر کے حساب سے زیادہ آبادی اسلام آباد میں 2 ہزار 211 افراد تھی، جب کہ سب سے کم آبادی بلوچستان میں 35 افراد تھی۔

    مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کے نتائج جاری کرنے کی منظوری دیدی

    2017 مردم شماری کے مطابق 53 فی صد آبادی 15 سے 64 سال کی عمر کے درمیان تھی، 40 فی صد آبادی 15 سال سے کم عمر تھی، 63 فی صد آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے، جب کہ 36 فی صد آبادی شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔

  • وزیراعظم کا ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، 28 کروڑ پودے لگا دیئے گئے

    وزیراعظم کا ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام، 28 کروڑ پودے لگا دیئے گئے

    اسلام آباد : وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم  کے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 28کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں اور 83ہزار 224ڈیلی ویجز ورکرز کو روزگار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کے تحت ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام پر اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کےتحت 28کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے تحت منصوبے کی مالیت 125ارب روپے ہے۔

    مطہر نیاز رانا کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کےپی ایس ڈی پی کےتحت 4ارب 90کروڑمختص ہیں، پروگرام کےتحت 83ہزار 224 ڈیلی ویجز ورکرزکو روزگار دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : بلین ٹری منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی، عمران خان دنیا کے لیے مشعل راہ قرار

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی منصوبےکو عالمی سطح پر پذیرائی ملنا شروع ہوگئی، امریکا، فرانس، پیرس کی عالمی ماحولیاتی تنظیموں کےنمائندوں نے وزیر اعظم کو تعریفی خط ارسال کیا تھا۔

    جس میں عالمی تنظیموں نے بلین ٹری منصوبے کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان کو عالمی لیڈر قرار دیا اور کہا ماحولیات سےمتعلق وزیراعظم عمران خان کی کوششیں دنیا کے لیے مثالی ہیں۔

    خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ ’وزیراعظم پاکستان نےماحولیاتی اقدامات سے نئی معیشت کی بنیاد رکھی، اس میں کوئی شک نہیں وزیراعظم عمران خان کابلین ٹری منصوبہ کامیاب رہا‘