Tag: وزرا

  • سندھ کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، مزید کتنے وزرا شامل کیے جا رہے ہیں؟

    سندھ کابینہ میں توسیع کا فیصلہ، مزید کتنے وزرا شامل کیے جا رہے ہیں؟

    سندھ کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور آج مزید وزرا کے حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے صوبائی کابینہ میں مزید توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور مزید 8 وزرا کے آج حلف اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

    حلف برداری کی تقریب آج شام پانچ بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نئے وزرا سے حلف لیں گے۔

    اس وقت صوبائی کابینہ 9 وزرا اور تین مشیروں پر مشتمل ہے۔ نئے شامل ہونے والے وزرا کا مختلف محکموں کے قلمدان تفویض کیے جائیں گے۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلی سندھ، صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، بیوروکریٹس اور دیگر شرکت کریں گے۔

  • عوام کمر توڑ مہنگائی سے بلبلا رہے اور وزرا نے غیر ملکی دوروں پر ساڑھے 6 کروڑ روپے اڑا دیئے

    عوام کمر توڑ مہنگائی سے بلبلا رہے اور وزرا نے غیر ملکی دوروں پر ساڑھے 6 کروڑ روپے اڑا دیئے

    اسلام آباد : عوامی مشکلات سے بے نیاز وزرا اور اور وزرائے مملکت نے سرکاری غیرملکی دوروں پرساڑھے 6 کروڑ روپے اڑا ڈالے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عوام تاریخی مہنگائی کی شدید مشکلات سے لڑ رہے ہیں، لیکن عوام کے نمائندے غیرملکی شاہانہ دوروں میں مصروف ہیں۔

    قومی اسمبلی میں وزرا اور وزرائے مملکت کے سرکاری غیرملکی دوروں کی رپورٹ پیش کی گئی۔

    جس میں بتایا گیا جکہ گزشتہ برس 25 وزرا اور وزرائے مملکت نے سرکاری غیرملکی دوروں پر ساڑھے 6 کروڑ روپے پھونک ڈالے۔

    عوامی مشکلات سے بے نیاز پچیس وزرا اور وزرا مملکت ایک کے بعد ایک بیرون ملک شاہانہ دورے کرتے رہے۔

    وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نمبر ون پر ہے ، انھوں نے غیرملکی دوروں پر ایک کروڑ چار لاکھ روپے اڑائے۔

    ماحولیات کی وزیرشیری رحمان نے 49 لاکھ ، وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل 45 لاکھ ، اسحاق ڈار نے مختصرمدت میں 24 لاکھ 19 ہزار، وزیر دفاع خواجہ آصف نے 31 لاکھ ، وزیرتوانائی خرم دستگیر نے 26 لاکھ روپے بیرونی دوروں پر پھونکے۔

    بہتی گنگا میں وفاقی وزیرمواصلات اوروزیراطلاعات نے بھی خوب ہاتھ دھوئے، اسعد محمود نے 18 لاکھ اور مریم اورنگزیب نے ساڑھے 6 لاکھ روپے اڑائے۔

  • بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے وزرا و مشیران کے نام خط میں کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے نام مراسلہ روانہ کیا ہے، مراسلے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وطن کرونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب کے عوام بھی کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے وزرا اور مشیران سے کہا کہ امید ہے آپ اپنی تمام تر کوششیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائیں گے، حکومت پنجاب نے کرونا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، یقین ہے ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے، پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈپنڈنسی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے، احساس پروگرام سے مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے، ذخیرہ اندوزی مصد گرائ فروشی سے عام آدمی کو معاشی تکالیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

  • وفاقی کابینہ اجلاس: وزارتوں کی کارکردگی کے لیے ہر 3 ماہ بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ

    وفاقی کابینہ اجلاس: وزارتوں کی کارکردگی کے لیے ہر 3 ماہ بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے، وزیر اعظم نے ہر وزیر سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان کے بارے میں سوالات کیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اجلاس کا آغاز ساڑھے دس بجے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جو رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔

    وزیر اعظم نے خصوصی کابینہ اجلاس کے لیے دیگر مصروفیات منسوخ کردی ہیں اور اپنا سارا دن وقف کردیا ہے۔

    وزیر اعظم ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنز کو کارکردگی بتانے کا موقع دیا گیا اور وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    وزارتوں کی کارکردگی جائزے کا مقصد شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانا اور حکومت کی درست سمت کا تعین کرنا ہے۔

    اجلاس میں ہر وزارت سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی جبکہ وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے وزرا سے 3، 3 سوالات پوچھے۔ پہلا: ’وزارت میں اب تک کون سے منصوبے شروع کیے گئے؟‘ دوسرا: ’بطور وزیر آئندہ کیا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے؟‘ اور تیسرا: ’وزارت کے اخراجات میں کتنی کمی کی گئی؟‘

    ہر وزیر کو بریفنگ کے لیے 10 منٹ کا وقت دیا گیا جبکہ بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات اور جوابات کے مختص کیے گئے۔

    بریفنگ کے بعد ہر وزیر اپنی وزارت کے متعلقہ سیکریٹری کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرے گا جو 10 سے 15 منٹ پر مشتمل ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزرا کو 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل بھی ہوسکتے ہیں۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے ہر 3 ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام وزارتوں کو مزید ٹاسک بھی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نے وزرا کو اسٹریٹیجک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹریٹیجک پلان 5 سال کے لیے بنایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں‌ کہا تھا کہ تمام وزرا کی 100 دن کی کارکردگی کا جائزہ آئندہ ہفتے لوں گا، وزرا کی کارکردگی دیکھ رہا ہوں ہوسکتا ہے کئی وزیر تبدیل کرنے پڑیں۔

    اس سے قبل مختلف وزارتوں اورڈویژن کی کارکردگی رپورٹ 27 نومبر کو جمع کی گئی تھی۔ کارکردگی میں وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید میں سخت مقابلہ ہے۔ دونوں وفاقی وزرا نے 100 روزہ اہداف بر وقت مکمل کر لیے ہیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب جبکہ وزیر مواصلات مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا ہے۔

    کامیاب سفارتکاری اور غیر ملکی رابطوں میں تیزی کے شاندار ریکارڈز کی بدولت وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کارکردگی میں آگے ہیں جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی سب سے آگے ہیں۔

  • فواد چوہدری کی وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید

    فواد چوہدری کی وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تین وفاقی وزرا کے خلاف کرپشن کی تحقیقات کی تردید کر دی.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں‌ واضح کیا کہ اس نوع کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں.

    [bs-quote quote=” وزیراعظم نے بھی ایسی کسی تحقیقات کا حکم نہیں دیا” style=”style-7″ align=”left” author_name=”فواد چوہدری”][/bs-quote]

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی وفاقی وزیرکے خلاف کرپشن کی تحقیقات نہیں ہو رہیں، وزیراعظم نے بھی ایسی کسی تحقیقات کا حکم نہیں دیا.

    وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے کرپشن نہ کرنے پر زور دیا ہے، کرپشن کسی صورت قبول نہیں، البتہ تحقیقات کی زیرگردش خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں.

    فوادچوہدری نے مزید کہا کہ بغیر تحقیق کے ایسی ہیڈلائنز لگانا غیراخلاقی فعل اور قابل مذمت ہے.

    واضح رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس سے تمام سرکاری افسروں کو  نکالنے کے بعد کابینہ کے سامنے تین وزرا کے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

    البتہ وفاقی وزیر اطلاعات نے ان خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیراعظم نے درحقیقت کرپشن کے خلاف بات کی تھی.

  • وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا

    وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ میں آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سیکریٹریٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا۔ وزرا اورمشیروں کے نوٹیفکیشن کے بعد کابینہ اجلاس ہوگا۔

    اجلاس میں وزیراعظم 100 روزہ پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی وضع کریں گے، اجلاس میں گڈ گورننس سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اداروں میں اصلاحات کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا، سرکاری محکموں میں اخرجات کم کرنے پربھی گفتگو ہوگی۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ آج حلف اٹھائے گی، کابینہ میں 16 وزرا اور 5 مشیر شامل ہیں۔ وفاقی وزرا آج ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔

    منی لانڈرنگ سے باہر گیا پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس بنائیں گے‘ عمران خان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک گھنٹہ اور 9 منٹ طویل خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے مشکل مالی حالات نہیں تھے جیسے اب ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ 10 سال قبل پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب روپے تھا جو کہ 2013 میں بڑھ کر 15 ہزار ارب اور اب یہ 28 ہزار ارب روپے ہوچکا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف قوم مقروض ہے دوسری طرف صاحب اقتدار اس ملک میں ایسے رہتے ہیں، جیسے انگریز یہاں رہتے تھے جب ہم ان کے غلام تھے۔

  • نگراں وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

    نگراں وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات جاری

    اسلام آباد: نگراں وفاقی وزرا کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں جن کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر کے اثاثوں کی مالیت 28 کروڑ جبکہ نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ روپے ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر 28 کروڑ 38 لاکھ 6 ہزار 22 روپے کی مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

    علی ظفر پراپرٹی مورگیج کے طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ 26 ہزار 250 روپے کے مقروض بھی ہیں۔

    ان کے پاس 1 کروڑ 95 لاکھ، 49 ہزار 499 روپے مالیت کیگاڑیاں موجود ہیں جبکہ ان کا بینک بیلنس 11 کروڑ 15 لاکھ 34 ہزار 679 روپے ہے۔

    دستاویزات کے مطابق علی ظفر کے دبئی میں 3 اپارٹمنٹ، لندن اور برمنگھم میں گھر ہیں۔ ان کی اہلیہ 1 کروڑ 59 لاکھ 60 ہزار سے زائد اثاثوں کی مالک ہیں۔

    علی ظفر کی اہلیہ کے پاس 150 تولے سونا بھی موجود ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 4 لاکھ 4 ہزار 746 روپے ہے۔ شمشاد اختر کے نام اسلام آباد میں 3 جبکہ کراچی میں ایک گھر ہے۔

    شمشاد اختر کی جائیداد کی مالیت 28 لاکھ سے زائد ظاہر کی گئی ہے۔ ان کے پاس 2 کروڑ 77 لاکھ کے سیونگ سرٹیفکیٹس ہیں جبکہ انہوں نے پی ایس او اور نجی بینک میں 22 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

    شمشاد اختر کے پاس بینک اکاؤنٹس میں 72 لاکھ روپے اور 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی ہے۔

    وزیر داخلہ اعظم خان 1 کروڑ 45 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد کے مالک ہیں۔ ان کے پشاور میں ایگ گھر اور 2 پلاٹ کی مالیت 65 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے جبکہ وہ 3 شوگر ملز میں حصہ دار بھی ہیں۔

    اعظم خان کی اہلیہ کے نام 1 کنال رہائشی پلاٹ کی مالیت 30 لاکھ ہے جبکہ ان کی ملکیت میں ساڑھے 6 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی شامل ہے۔ دونوں کے بینک اکاؤنٹس میں موجود رقم 43 لاکھ روپے ہے۔

    وزیر ریلوے روشن خورشید نے اثاثوں کی کل مالیت درج نہیں کی۔ روشن خورشید کی ملکیت میں کراچی اور بحریہ ٹاؤن اسلام آباد میں گھر جبکہ سینیٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، بحریہ ٹاؤن کراچی اور کوئٹہ میں پلاٹ موجود ہے۔

    روشن خورشید نے کوئٹہ میں 62 ہزار اسکوائر فٹ کی زمین بھی اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔

    نگراں وزیر خارجہ عبد اللہ حسین ہارون نے اثاثوں کی کل مالیت فراہم نہیں کی۔ انہوں نے کراچی میں رہائشی گھر کو خاندانی وراثت میں ظاہر کیا جبکہ اپنے اثاثہ جات میں عبد اللہ ہارون ورکس اینڈ ٹرسٹ کو ظاہر کیا ہے۔

    عبداللہ حسین نے کراچی میں 25 ایکڑ زمین بھی اپنی ملکیت میں ظاہر کی ہے۔ ان کی ملکیت میں 17 لاکھ کی سرمایہ کاری، 50 تولے سونا، 90 لاکھ کی لینڈ کروزر اور 28 لاکھ کی مرسڈیز بھی موجود ہے۔

    عبداللہ حسین ہارون کا بینک بیلنس 48 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

    نگراں وزیر تعلیم یوسف شیخ کے اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ 34 لاکھ 69 ہزار 701روپے ہے۔ ان کا بینک بیلنس 51 لاکھ 37 ہزار 801 روپے ہے جبکہ ان کا کراچی میں ایک گھر اور دادو میں 4 پلاٹ ظاہر کیے گئے ہیں۔

    یوسف شیخ نے لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں زرعی زمین بھی اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔


    صوبائی وزرا کو کام سے روکنے پر غور

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے صوبائی نگراں وزرا کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔

    پنجاب سے7، سندھ سے 3، پختونخواہ سے 5 اور بلوچستان سے 2 وزرا نے تاحال اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔

    پنجاب کے وزرا میں ظفر محمود، جواد ساجد خان، شجاعت جاوید، انجم نثار، سردار تنویر الیاس، میاں نعمان کبیر اور چوہدری فیصل مشتاق شامل ہیں۔

    سندھ کے وزرا میں جنید شاہ، سعدیہ ورک اور سیمن جون ڈینیئل اور بلوچستان سے عنایت اللہ کاسی اور خرم شہزاد کے نام شامل ہیں۔

    پختونخواہ کے وزرا میں عبد الرؤف خان، ثنا اللہ، مقدس اللہ، محمد راشد خان اور جسٹس ریٹائرڈ اسد اللہ خان نے اثاثوں کی تفصیلات نہیں جمع کروائیں۔

    خیال رہے کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق نگراں وزرا عہدہ سنبھالنے کے 3 دن کے اندر اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کروانے کے پابند ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کی تفصیلات نہ جمع کروانے والے وزرا کو کام سے روکنے پر غور شروع کردیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یوم پاکستان کی پریڈ میں وفاقی وزرا نے شرکت نہ کر کے ایک پیغام دیا: شیخ رشید

    یوم پاکستان کی پریڈ میں وفاقی وزرا نے شرکت نہ کر کے ایک پیغام دیا: شیخ رشید

    کراچی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آج کوئی وزیر اسلام آباد میں ہونے والی  پریڈ میں نہیں گیا، یوم پاکستان کی پریڈ میں وفاقی وزرا نے شرکت نہ کر کے ایک پیغام دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مارشل لا کی پیدا وار ہے، یہ لوگ دنیا گھومتے رہتے ہیں اور یہاں لوگ بے روز گار پھر رہے ہیں لیکن  حکومت کو کوئی فکر نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف معافی مانگ رہا ہے اس لیے کہ ا نہیں سزا نہ ہو، وہ اب کہہ رہا ہے کہ اداروں سے بات چیت کے لیے تیار ہوں، نواز شریف کی بھر پور کوشش ہے کہ درمیانی راستہ نکل آئے، جیسے جیسے سزا کے دن قریب ہوں گے ان کی اور مریم نواز کی سیاست بدلتی جائے گی۔

    شریف خاندان سے مناظرے کے لئے تیار ہوں، شیخ رشید

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے نگراں وزیر اعظم کے لیے نام پر مشاورت کی ہے، اس حوالے سے مزید مشاورت 26 مارچ کو ہوگی، جہاں تک میرا معاملہ ہے تو میں کوئی منی لانڈر نہیں، میں نے 20، 20 کمپنیاں نہیں بنائی، کبھی یہ نہیں کہوں گا کہ مجھے کیوں نکالا۔

    سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل سے اپنی پٹیشن پر کیس جیت چکا ہوں، سپریم کورٹ نے میری درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا ہے اس پر بات نہیں کرسکتے، جو بھی فیصلہ ہوگا اسے قبول کروں گا لیکن یہ نہیں کہوں گا کہ مجھے کیوں نکالا۔

    بغاوت کالفظ کیپٹن(ر)صفدرنے21گاڑیوں کےپروٹوکول سےسیکھا،شیخ رشید

    ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشی خسارہ دن بدن بڑھتا جارہا ہے، ڈالر کی قدر بڑھتی جا رہی ہے، اسحاق ڈار کے کرتوتوں کی سزا آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کی ملاقات

    لندن: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور نواز شریف کی ملاقات

    لندن:وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برطانوی دارالحکومت لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر خزانہ اسحٰق ڈار آج صبح لندن میں حسن نواز کے دفتر پہنچے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف سے ملاقات میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز اور ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف اور بیگم کلثوم نواز سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے وفد کے ہمراہ امریکہ روانہ ہوجائیں گے۔

    وزیر اعظم نے روانگی سے قبل جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے حوالے سے بھی نواز شریف سے مشاورت کی۔

    دوسری جانب دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 18 ستمبر کو نیویارک میں شروع ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اس دوران وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

    سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر میں ہونے والی اس ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ ہیں۔


    وزیر خارجہ خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

    سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد وزیر خارجہ خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملاقات کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی ملاقات تھی اور سیاسی باتیں ہوئیں۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ این اے 120 کے نتائج آنے کے بعد مزید بات کریں گے۔ انتخاب میں فتح سے ہم کنار ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی شکایتیں آرہی ہیں، معاملہ الیکشن کمیشن میں اٹھائیں گے۔

    این اے 120 کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کی صحت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کلثوم نواز کی مزید سرجری ہوئی ہے۔ وہ صحتیابی کے بعد جلد وطن واپس لوٹ آئیں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔