Tag: وزن گھٹانا

  • وزن کم کرنے کے لیے دن میں دو بار ورزش کرنے کا خیال کتنا کارآمد؟

    وزن کم کرنے کے لیے دن میں دو بار ورزش کرنے کا خیال کتنا کارآمد؟

    وزن گھٹانے کے لیے ورزش بے حد اہم سمجھی جاتی ہے، مستقل بنیادوں پر جسمانی طور پر فعال رہنا یوں تو صحت مند رکھتا ہی ہے تاہم باقاعدگی سے ورزش کرنے کی اپنی اہمیت ہے۔

    بعض افراد کا خیال ہے کہ وزن گھٹانے کے لیے اگر ورزش کرنی ہے تو پھر دن میں دو بار کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل ہوں اور جلد حاصل ہوں۔

    بظاہر یہ فائدہ مند بھی نظر آتا ہے، زیادہ سے زیادہ فعال رہنا جسم کو فٹ اور صحت مند رکھتا ہے، ماہرین کے مطابق آپ جسمانی طور پر جتنا زیادہ فعال رہیں گے اتنا ہی کم بیمار ہوں گے۔

    جسمانی طور پر فعال رہنا مسلز کی نشونما اور میٹا بولک نظام کی بہتری میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    تاہم دن میں دو دفعہ ورزش کرنے سے بہت سے نقصانات ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دن میں ایک سے زائد بار ورزش کرنا جسم پر غیر ضروری دباؤ ڈالنا ہے۔

    ان کے مطابق دن میں کئی بار ورزش مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹس کرتے ہیں جنہیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام روٹین میں اس عمل کو اپنانے سے سب سے بڑا خطرہ نیورو مسکیولر سسٹم کو ہے اور اعصاب اس سے سخت متاثر ہوسکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں تھکاوٹ کے باعث چوٹ لگنے کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے، سخت ورزش سے رات میں نیند میں ڈسٹربنس بھی پیدا ہوسکتی ہے جس سے نیند پوری نہ ہونے کا امکان ہے۔

    ماہرین کے مطابق اضافی ورزش قوت مدافعت پر بھی دباؤ ڈالتی ہے۔ ورزش کے 2 ٹریننگ سیشنز کے درمیان جسم کو آرام کا موقع نہیں ملتا جس سے جسم اندرونی طور پر تھکاوٹ کا شکار ہونے لگتا ہے۔

    اس دوران اگر بھاری بھرکم ورزشیں کی جائیں تو ہارمونز کا توازن بگڑنے کا بھی خطرہ ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اگر آپ دن میں دو بار ورزش کرنا ہی چاہتے ہیں تو انہیں ہلکا پھلکا رکھیں۔ صبح کے وقت جم میں ہلکی پھلکی ورزش کے بعد شام میں کم فاصلے کی جاگنگ یا یوگا بہترین رہے گا۔

  • پستہ قد خواتین کے لیے بری خبر

    پستہ قد خواتین کے لیے بری خبر

    کیا آپ پستہ قد ہیں اور اپنا وزن گھٹانا چاہتی ہیں؟ تو پھر آپ کے لیے ایک بری خبر ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پستہ قد خواتین کو وزن کم کرنے میں اوسط قد رکھنے والی خواتین کی نسبت زیادہ مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس تحقیق کی بنیاد اوسط قد، جسم اور میٹابولزم کی مقدار پر رکھی گئی۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں خواتین کا اوسط قد 5 فٹ 6 انچ ہے۔ اسی طرح اس اوسط قد کے حساب سے میٹا بولزم یعنی کیلیوریز کے جلنے، خلیوں کے ٹوٹنے اور دوبارہ بننے کا عمل بھی اوسطاً انجام پاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: پستہ قد افراد میں غصے اور تشدد کا رجحان زیادہ

    اس قد کی خواتین میں کیلیوریز کے جلنے کی اوسط مقدار 14 سو روزانہ ہے۔ یہ وہ کیلوریز ہیں جو بغیر کوئی حرکت یا ورزش کیے بغیر بھی خودبخود ختم ہوجاتی ہیں۔

    تاہم چھوٹے قد کی خواتین میں یہ تعداد کم ہو کر 12 سو ہوجاتی ہیں جبکہ لمبے قد کی خواتین میں یہ تعداد 17 سو 50 کیلوریز تک جا پہنچتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق میٹا بولزم کی یہ تعداد پستہ قد خواتین میں وزن کی کمی نہایت مشکل عمل بنا دیتی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ پستہ قد خواتین کو صرف اپنی بھوک کے حساب سے کھانا چاہیئے جبکہ انہیں صحت بخش غذا کھانا چاہیئے تاکہ ان کی غذائی ضروریات پوری ہوسکیں اور جسم کو درکار توانائی مل سکے۔

  • اس مزیدار مشروب سے اپنا وزن گھٹائیں

    اس مزیدار مشروب سے اپنا وزن گھٹائیں

    وزن گھٹانے کی دقت سے وہی لوگ واقف ہوں گے جو اس مشکل مرحلے سے گزر رہے ہوں گے۔ مزے مزے کی غذاؤں سے دور رہنا اور تھکا دینے والی ورزشیں کرنا وزن کم کرنے میں آپ کی دلچسپی کو ختم بھی کرسکتا ہے۔

    تاہم آج ہم آپ کو ایک ایسے ذائقہ دار مشروب کے بارے میں بتا رہے ہیں جو آپ کے منہ کا ذائقہ بھی خراب نہیں کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ آپ کا وزن بھی گھٹائے گا۔

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اشیا کی ضرورت پڑے گی۔

    انناس: نصف کپ

    سرکہ: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    پانی: نصف گلاس

    اجوائن: 1 چٹکی

    کالی مرچ: 1 چٹکی

    تمام اشیا کو بلینڈر میں یک جان کر کے مشروب تیار کرلیں اور تازہ تیار کیا ہوا ہی پیئیں۔ فریج میں رکھ کر بعد میں استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    یاد رکھیں، وزن کم کرنے میں 70 فیصد کردار غذاؤں کا ہوتا ہے جنہیں چھوڑنا یا اپنانا ضروری ہوتا ہے۔ مکمل نتائج حاصل کرنے کے لیے ورزشوں کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔