Tag: وزن

  • وزن کم کرنے کے لیے کیا یہ انوکھا ترین طریقہ کارآمد ہوگا؟

    وزن کم کرنے کے لیے کیا یہ انوکھا ترین طریقہ کارآمد ہوگا؟

    وزن کم کرنے کے لیے ڈائٹنگ سے لے کر جمنگ تک بے شمار طریقے اپنائے جاتے ہیں، تاہم حال ہی میں ماہرین نے اس کا ایک انوکھا اور منفرد طریقہ ایجاد کیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے ماہرین نے ڈینٹل سلم نامی ایک ڈیوائس تیار کی ہے، یہ ڈیوائس جبڑوں کو 2 ملی میٹر سے زیادہ کھلنے نہیں دیتی، جس سے سانس لینے میں تو کوئی مشکل نہیں ہوتی مگر ٹھوس غذا کو کھانا ممکن نہیں ہوتا۔

    نیوزی لینڈ کے اوٹاگو یونیورسٹی کے محقق پال برنٹن اس تحقیقی ٹیم کے سربراہ تھے اور ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ لوگ محض سیال غذا تک محدود ہوجائیں۔

    انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ جسمانی وزن میں لوگوں کی ناکامی میں بنیادی رکاوٹ نئی عادات کو قائم رکھنے میں ناکامی ہے۔

    اس ڈیوائس کی آزمائش 7 صحت مند افراد پر کی گئی جو موٹاپے کے شکار تھے اور انہیں ایک دن میں سیال غذا کے ذریعے 12 سو کیلوریز استعمال کروائی گئیں۔

    برٹش ڈینٹل جرنل میں اس تحقیق کے نتائج جاری ہوئے جس میں بتایا گیا کہ 2 ہفتے کے دوران ان افراد کے جسمانی وزن میں اوسطاً 6 کلو سے زیادہ کمی آئی۔

    تحقیق میں شامل افراد نے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس ڈیوائس سے بولنے یا سانس لینے میں کسی قسم کی مشکل نہیں ہوتی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2 سے 3 ہفتے کے اس سخت معمول کے بعد ڈیوائس کے مقناطیسی حصے کھلنے لگتے ہیں اور لوگ کچھ حد تک ٹھوس غذا استعمال کرسکتے ہیں۔

    اس ڈیوائس کی تیاری کے پیچھے یہ خیال ہے کہ مہنگی سرجری سے وزن کم کروانے کی بجائے مخصوص وقت تک ڈیوائس کی مدد سے اسے بہتر کیا جائے۔

  • یمنیٰ زیدی نے 10 کلو وزن کم کرنے کا راز بتا دیا

    یمنیٰ زیدی نے 10 کلو وزن کم کرنے کا راز بتا دیا

    پاکستانی ادارہ یمنیٰ زیدی کے بارے میں آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ وہ ہر سال 5 سے 6 کلو گرام وزن کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔

    ماڈل اور اداکارہ یمنیٰ زیدی نے اس سلسلے میں بتایا کہ انھوں نے 2018 میں 10 کلو وزن کم کیا تھا، اور ہر سال وہ پانچ سے چھ کلو گرام وزن بہ آسانی کم کر لیتی ہیں۔

    یمنیٰ زیدی جس طرح اپنے اندر بڑی تبدیلیاں لے کر آتی ہیں، اس کے حوالے سے ان کےمداح خاصے حیران رہتے ہیں، وہ امریکا اور پاکستان میں الگ الگ ڈائٹ پلان پر عمل کرتی ہیں، جسے انھوں نے مداحوں سے بھی شیئر کیا۔

    آپ کو یہ جان کر بھی حیرت ہوگی کہ یمنیٰ زیدی کے امریکا میں ڈائٹ پلان میں پراٹھا مرکزی حیثیت رکھتا ہے، انھوں نے بتایا جب ہر سال وہ 6 ماہ کے لیے چھٹیوں میں اپنے گھر امریکا جاتی ہیں تو وہاں ان کا ناشتہ 2 پراٹھوں اور فرائی انڈے پر مشتمل ہوتا ہے۔

    پاکستانی اداکارہ یمنیٰ زیدی کا خوشی منانے کا انوکھا انداز، ویڈیو دیکھیں

    یمنیٰ کا کہنا ہے کہ دوپہر میں بھی وہ پراٹھا اور سالن کھاتی ہیں، شام میں چنا چاٹ، دہی بڑے اور گرین ٹی جب کہ رات میں چاول لیتی ہیں۔

    پاکستان میں جس ڈائٹ پلان پر وہ عمل کرتی ہیں، وہ امریکی پلان سے بالکل مختلف ہے، یمنیٰ صبح اٹھ کر سب سے پہلے لیموں ملا ایک گلاس گرم پانی پیتی ہیں اور پھر آدھا گھنٹہ فل باڈی ورک آؤٹ کرتی ہیں۔

    پاکستان میں یمنیٰ زیدی کا ناشتہ ایک سیب اور 5 بادام پر مشتمل ہے، دوپہر میں دال اور چکن، شام میں گریپ فروٹ، چکن تکہ اور کباب کھاتی ہیں۔

    یمنیٰ زیدی کا کہنا ہے کہ وہ دن بھر میں 3 کپ گرین ٹی ضرور لیتی ہیں۔

  • احمد علی بٹ نے اپنا وزن کیسے کم کیا؟

    احمد علی بٹ نے اپنا وزن کیسے کم کیا؟

    معروف اداکار احمد علی بٹ نے اپنے وزن میں حیرت انگیز کمی کرلی، انہوں نے بتایا کہ کس طرح لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے اپنی صحت کا خیال رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار احمد علی بٹ نے واسع چوہدری کے پروگرام گھبرانا منع ہے میں شرکت کی اور اپنے وزن کی کمی کے متعلق بتایا۔

    احمد علی بٹ نے بتایا کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا شروع کیا، انہوں نے روزے رکھنے کا سلسلہ رمضان کے بعد بھی جاری رکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس پورے عمل میں انہیں 6 سے 7 ماہ کا عرصہ لگا ہے، تاہم جب وہ اس وقفے کے بعد لوگوں کے سامنے آئے تو لوگوں کو جھٹکا لگا۔

    احمد کے مطابق وزن کم کرنے کے بعد اب انہیں سنجیدہ کرداروں کی بھی پیشکش شروع ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ اپنا 25 کلو وزن کم کر چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ احمد علی بٹ اکثر و بیشتر مزاحیہ کرداروں میں جلوہ گر ہوتے رہے ہیں، وہ فلم جوانی پھر نہیں آنی کے دونوں حصوں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

  • سیب سے وزن کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر نے بتا دیا

    سیب سے وزن کیسے کم کیا جا سکتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر نے بتا دیا

    سیب کو طاقت اور قوت کا خزانہ کہا جاتا ہے، اور یہ بات بہت عام ہے کہ دن میں ایک سیب کھانے سے آپ ڈاکٹر سے دور رہ سکتے ہیں، لیکن اب ایک ماہر خاتون ڈاکٹر نے سیب سے وزن کم کرنے کا طریقہ بھی بتا دیا ہے۔

    جیسا کہ آپ جانتے ہوں گے کہ سیب سب سے زیادہ وسیع پیمانے پر درخت پر کاشت ہونے والا پھل ہے، اس کا درخت مغربی ایشیا میں شروع ہوا، اور اب دنیا پھر میں بہ کثرت پایا جاتا ہے، اور یہ دل سمیت کئی امراض سے بچاؤ کے لیے بے حد مفید ہے، تاہم اس کی مدد سے آپ وزن بھی کم کر سکتے ہیں۔

    سیب ہر جگہ آسانی سے دستیاب ہوتا ہے، بہت زیادہ مہنگا بھی نہیں ہوتا، کچھ لوگ صرف درآمد شدہ سیب ہی کھاتے ہیں، لیکن اب وہ بھی زیادہ مہنگے نہیں رہے، نیوزی لینڈ سے جو سیب آئے ہیں ان دنوں وہ بھی سستے ہیں، سیب اپنی قدرتی صلاحیتوں کے باعث پاور ہاؤس کہلائے جانے کا حق دار پھل ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ام راحیل نے سیب سے وزن کم کرنے کا اہم فارمولا بھی بتا دیا ہے۔

    دو سیب کھانے سے وزن کم

    کچھ لوگ جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں وہ سیب ہی پر انحصار کرتے ہیں، اس سلسلے میں ڈاکٹر ام راحیل کہتی ہیں کہ سیب کے اندر چکنائی کے اجزا بے حد کم ہیں، جب کہ فائبر (ریشے) اور پوٹاشیم بہت زیادہ مقدار میں موجود ہیں، اگر آپ کو وزن کم کرنے کے لیے سیب کا استعمال کرنا ہے تو نہار منہ 2 سیب کھائیں، اس کے بعد لنچ ہلکا پھلکا لیں اور اس کے ایک گھنٹے بعد بھی سیب کھا سکتے ہیں لیکن ناشتے میں صرف سیب ہی کھائیں۔

    اگر صحیح ڈائٹ پلان بنانا ہے تو چیا سیب رات کو دودھ میں بھگو کر رکھیں، صبح اس میں سیب اور کیلے ڈال کر صرف یہی ناشتے کے طور پر استعمال کریں، اس سے آپ پورا دن تر و تازہ رہیں گے، آپ کا وزن بھی نہیں بڑھے گا اور جسم کی چربی کم ہوتی جائے گی۔ آپ جو کچھ کھاتے ہیں اس میں سے جو چکنائی خلیات میں جا کر جمع ہوتی ہے، اس سے یہ بھی رک جائے گا۔

    کھانے کا درست طریقہ

    عام طور سے یہ کہا جاتا ہے کہ صبح سویرے خالی معدہ سیب کھانا چاہیے، جب ہم رات دیر کھانا کھا کر سوتے ہیں یا رات کو دیر سے سونے کی عادت ڈالی ہوئی ہے تو صبح جب ہم اٹھتے ہیں تو خود کو بہت زیادہ تھکا ہوا محسوس کرتے ہیں، بہت سے لوگوں کو ایسے میں صبح اٹھ کر بے آرامی محسوس ہوتی ہے، اور اس سے ہاضمے کے نظام پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    لہٰذا اگر آپ صبح اٹھ کر سب سے پہلے ایک سیب کھاتے ہیں تو اس سے آپ کو پورے دن کے لیے توانائی مل جاتی ہے کیوں کہ سیب توانائی سے بھرپور پھل ہے، اس سے تیزابیت بھی کم ہو جاتی ہے، لیکن یہاں پر شرط یہ ہے کہ کھانے سے قبل سیب کو نیم گرم پانی سے دھونا ضروری ہے، تاکہ اس پر اگر ویکس پالش ہوئی ہے تو وہ اتر جائے۔

    دوسری اہم بات یہ کہ سیب چھلکے کے ساتھ کھانا چاہیے کیوں کہ اس کے چھلکے میں بہت زیادہ غذائیت ہوتی ہے، جو لوگ جسمانی طور پر کمزور ہیں، جو ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، اور خصوصاً وہ لوگ جو وزن کم کرنا چاہ رہے ہیں، وہ صبح کے وقت 2 سیب کھائیں، ان سے انھیں بہت فائدہ ملے گا، انھیں نہ صرف اچھی غذا مل جائے گی بلکہ ان کا دن بھی اچھا گزرے گا۔

    سیب کے استعمال کے طریقے

    عام طور سے لوگ کہتے ہیں کہ سیب پسند نہیں، اس کے چھلکے پسند نہیں۔ تو اس کا حل یہ ہے کہ سیب کو مختلف طریقوں کے ساتھ کھایا جائے، جیسا کہ سیب سے کئی چیزیں بنائی جا سکتی ہیں، اس سے پین کیک بنا سکتے ہیں، کیرامل کر سکتے ہیں، اوٹس کے ساتھ ملا کر کھا سکتے ہیں، جب کہ ذیابیطس کے مریضوں کو سیب کا شیک بہت زیادہ مفید ہوتا ہے، سلاد میں بھی استعمال ہو سکتا ہے، جام، مربہ اور جیلی بھی بنا سکتے ہیں، اور کچے سیبوں کا سالن بھی تیار ہو سکتا ہے۔

  • وزن کم کرنے کا جادوئی فارمولا، وقفے وقفے سے فاقے کریں

    وزن کم کرنے کا جادوئی فارمولا، وقفے وقفے سے فاقے کریں

    بڑھتے وزن کو طبی ماہرین گمبھیر مسئلہ تصور کرتے ہیں، یہی وجہ ہے  کہ موٹاپے سے نجات کے لیے نت نئے طریقے اختیار کیے جاتے ہیں.

    ایسا ہی ایک طریقہ انٹرمٹنٹ فاسٹنگ (intermittent fasting) بھی ہے، جو گزشتہ ایک عشرے میں بے حد مقبول ہوا.

    اس طریقے میں وقفے وقفے سے بھوکا رہا جاتا ہے، یعنی اس میں‌ ڈائٹنگ کرنے کے لیے وقت مقررہ ہے، اس  سسٹم میں موجود دو فارمولے بہت مقبول ہیں، جس میں کھانے اور فاقوں کے دورانیے کو دو حصوں میں بانٹا گیا ہے.

    ایک 5:2 فارمولا ہے، جب کہ دوسرا 16:8 فارمولا ہے. 5:2 فارمولے پر عمل پیرا افراد پانچ دن معمول کے مطابق کھانا کھاتے ہیں، جب کہ اگلے دو دن وہ 500 یا 600 کیلوریز سے زیادہ خوراک نہیں کھاتے۔ اس طرح وہ پورے ہفتے کا ڈائیٹ پلان ترتیب دیا جاتا ہے.

    مزید پڑھیں: بعض لوگ بھوکے ہو کر غصہ میں کیوں آجاتے ہیں؟

    دوسرا فامولا 16:8 ہے، جو زیادہ مقبول ہے، اسے اختیار کرنے والے 16 گھنٹے بھوکے رہتے ہیں اور آٹھ گھنٹے میں پانچ سے چھ سو کیلوریز کی غذا لیتے ہیں.

    انٹرمٹنٹ فاسٹنگ آج کل بہت مقبول ہے.ایک بین الاقوامی سروے کے مطابق ڈائٹنگ کا یہ طریقہ گذشتہ برس مقبولیت میں سر فہرست رہا.

    اس طریقے میں کھانے کے وقفے میں کم غذا لینا اہم ہے، یعنی کھانے کے دوران بھی احتیاط کا دامن تھامنے رکھنا پڑتا ہے.

    چند ماہرین کے نزدیک ہی روزے ہی کی ایک شکل ہے، کچھ ڈائٹ ماہرین کے مطابق اس میں اصل کلیہ کم کیلوریز ہی ہیں.

  • اس مزیدار مشروب سے اپنا وزن گھٹائیں

    اس مزیدار مشروب سے اپنا وزن گھٹائیں

    وزن گھٹانے کی دقت سے وہی لوگ واقف ہوں گے جو اس مشکل مرحلے سے گزر رہے ہوں گے۔ مزے مزے کی غذاؤں سے دور رہنا اور تھکا دینے والی ورزشیں کرنا وزن کم کرنے میں آپ کی دلچسپی کو ختم بھی کرسکتا ہے۔

    تاہم آج ہم آپ کو ایک ایسے ذائقہ دار مشروب کے بارے میں بتا رہے ہیں جو آپ کے منہ کا ذائقہ بھی خراب نہیں کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ آپ کا وزن بھی گھٹائے گا۔

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اشیا کی ضرورت پڑے گی۔

    انناس: نصف کپ

    سرکہ: 1 چائے کا چمچ

    لیموں کا رس: 1 چائے کا چمچ

    پانی: نصف گلاس

    اجوائن: 1 چٹکی

    کالی مرچ: 1 چٹکی

    تمام اشیا کو بلینڈر میں یک جان کر کے مشروب تیار کرلیں اور تازہ تیار کیا ہوا ہی پیئیں۔ فریج میں رکھ کر بعد میں استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    یاد رکھیں، وزن کم کرنے میں 70 فیصد کردار غذاؤں کا ہوتا ہے جنہیں چھوڑنا یا اپنانا ضروری ہوتا ہے۔ مکمل نتائج حاصل کرنے کے لیے ورزشوں کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔

  • عمر 12 سال، وزن 200 کلو، گجرات کا ابرار سرجری کے لیے تیار

    عمر 12 سال، وزن 200 کلو، گجرات کا ابرار سرجری کے لیے تیار

    گجرات: دو سو کلو وزنی بارہ سالہ بچے ابرار کی سرجری آج ہوگی، جس کے بعد وہ عام زندگی گزار سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بارہ سالہ ابرار کا وزن دو سو کلو ہے، جو اس کے لیے پریشانیوں‌ کا سبب بن گیا ہے.

    کھیلنا تو در کنار، وہ تو صحیح سے چل بھی نہیں‌ سکتا، ہر کام کے لیے اسے دوسروں‌ پر انحصار کرنا پڑتا ہے. اسی وجہ سے وزن اس کے بوجھ بن گیا ہے.

    ڈاکٹر معاذ کا کہنا ہے کہ سرجری کے بعد دو سو کلو کے ابرار کا وزن 60 کلو رہ جائے گی اور پھر وہ عام بچوں‌ کی طرح کھیلوں کی سرگرمیوں میں‌ حصہ لے سکے گا.

    نمائندہ اے ار وائی کے مطابق یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جب بارہ سال کے بچے کی سرجری کی جارہی ہے.آپریشن کے بعد اس کے لیے خاص ڈائٹ پلان بنایا جائے گا، جس کی پیروی لازم ہے.

    مزید پڑھیں: کراچی: سول اسپتال میں کینسر ’روبوٹک سرجری‘ بالکل مفت

    بچے کے مطابق اسے بچپن سے برگر، شورما اور نان بہت پسند تھے، وہ ایک وقت کے کھانے میں‌ تین نان کھاتا ہے، ایسی ہی بد احتیاطیوں کی وجہ سے اس کا وزن اتنا بڑھا.

    ابرار کی لیپوپلاسٹی سرجری کی جائے گی، جس میں‌ جسم سے چربی کو نکال لیا جاتا ہے. بچے کے ماں باپ پرامید ہیں کہ اس سرجری کے بعد ان کا بیٹا بھی عام زندگی گزار سکے گا.

  • زندگی مشکل بنا دینے والے موٹاپے سے بچیں

    زندگی مشکل بنا دینے والے موٹاپے سے بچیں

    دنیا بھر میں آج انسداد موٹاپے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ موٹاپا بے شمار خطرناک بیماریوں جیسے امراض قلب، ذیابیطس اور کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔

    عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت 64 کروڑ بالغ افراد اور 11 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہیں جس کے باعث وہ کئی بیماریوں بشمول کینسر کے خطرے کی براہ راست زد میں ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق موٹاپا دماغ پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے اور یہ دماغ کی عمر میں 30 سال تک کا اضافہ کرسکتا ہے جس کے باعث بڑھاپے میں پیدا ہونے والی دماغی بیماریاں جیسے الزائمر اور ڈیمنشیا وغیرہ قبل از وقت ہی ظاہر ہونے لگتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزن میں اضافہ کرنے والی 5 عادات

    موٹاپے کی اہم وجہ جنک فوڈ کا استعمال، زیادہ بیٹھ کر وقت گزارنا اور ورزش نہ کرنا ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق کم سونا اور نیند پوری نہ کرنا بھی وزن میں اضافہ کرسکتا ہے۔

    ماہرین تجویز دیتے ہیں کہ دن بھر میں ضروت سے زائد کیلوریز کو ضائع کردینا بہتر ہے تاکہ یہ جسم میں ذخیرہ ہو کر چربی نہ پیدا کرے۔ کیلوریز کو ضائع کرنے یا جلانے کا سب سے بہترین طریقہ حرکت کرنا ہے۔

    کچھ کاموں میں جسم زیادہ حرکت کرتا ہے اور زیادہ کیلوریز جلتی ہیں جبکہ کچھ کام صرف جسم کو تھکن کا شکار کرتے ہیں لیکن یہ کیلوریز کو ضائع نہیں کرتے۔

    یہاں آپ کو ایسے ہی کچھ کام بتائے جا رہے ہیں جن کو سر انجام دے کر آپ اپنے جسم میں موجود اضافی کیلوریز کو جلا سکتے ہیں اور موٹاپے سے نجات پاسکتے ہیں۔

    خریداری کریں

    ایسی کون سی خریداری ہے جو روز سر انجام دی جاسکتی ہے؟ جواب ہے گھر کے لیے اشیائے ضرورت کی خریداری۔

    روز خریدی جانے والی اشیا، سبزیاں اور پھلوں کی خریداری آپ کے جسم سے 260 اضافی کیلوریز کو ضائع کر کے آپ کو موٹاپے سے بچا سکتی ہے۔

    کسی سپر اسٹور سے خریداری کرنا اور وزنی ٹرالی گھسیٹنا بھی آپ کے جسم کے لیے مفید ہے۔

    رنگ و روغن کریں

    اگر گھر میں رنگ و روغن کا کام کرنا ہے تو اس کے لیے کسی کو باہر سے بلوا کر پیسہ خرچ کرنے سے بہتر ہے کہ آپ خود رنگ و روغن کریں۔ یہ عمل آپ کو موٹاپے سے بچانے میں ازحد معاون ثابت ہوگا۔

    ماہرین کے مطابق اپنی چھٹی کے دن گھر کا رنگ و روغن کرنا آپ کے جسم کی اضافی چربی کو گھٹائے گا۔ دیواروں پر رنگ کرنا 1 ہزار سے زائد کیلوریز کو ضائع کرتا ہے۔

    صفائی کریں

    گھر کے مختلف حصوں کی صفائی کرنا آپ کے جسم میں 118 کیلوریز ضائع کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    دوسروں کی مدد کریں

    اگر آپ کو اپنا کوئی ذاتی کام نہیں ہے تو آپ دوسروں کی مدد بھی کرسکتے ہیں۔

    گھر کے دیگر افراد کے ساتھ گھر کے کاموں میں ہاتھ بٹانا، پڑوسیوں کے چھوٹے موٹے کام کرنا آپ کے جسم کو حالت حرکت میں لائیں گے اور آپ کے موٹاپے میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوگا۔

    باغبانی

    باغبانی کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ نہ صرف جسمانی طور پر فائدہ مند ہے بلکہ دماغی و نفسیاتی صحت پر بھی بہترین اثرات مرتب کرتی ہے۔ آج کل ویسے بھی بازار میں ایسے پھل اور سبزیاں دستیاب ہیں جن کی فصلوں پر دوائیں چھڑکی جاتی ہیں، یا جنہیں گندے پانی سے اگایا جاتا ہے۔

    ان سے بچنے کا بہترین حل یہ ہے کہ آپ اپنے گھر میں سبزیاں اور پھل اگائیں۔ یہ ایک طرف تو آپ کے لیے مالی طور پر فائدہ مند ہے جبکہ دوسری جانب باغبانی کرنا آپ کو چست بھی رکھے گا اور آپ کی جسمانی صحت بہتر رہے گی۔

  • چیونگم بڑھتے وزن کو قابو کرنے کا مؤثر ذریعہ

    چیونگم بڑھتے وزن کو قابو کرنے کا مؤثر ذریعہ

    ٹوکیو: جاپان کےطبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ وزن کنٹرول کرنے کے لیے چیونگم بہت مددگار ثابت ہوتی ہے اور خاص طور پر چالیس سال سے زائد عمر کے لوگوں پر اس کے حیران کُن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    چہل قدمی اچھی صحت او رموٹاپے سے نجات کے لیے بے حد ضروری ہے مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ کچھ لوگ باقاعدگی سے واک تو کرتے ہیں مگر اُن کے وزن میں کوئی کمی نہیں آتی۔

    طبی ماہرین اچھی صحت کے لیے روزانہ چہل قدمی کا مشورہ دیتے ہیں تاکہ کسی بھی شخص کی فٹنس بہتر رہے اور  انسان چاک و چوبند رہے، بالخصوص موٹاپے سے عاجز افراد کو بھی ڈاکٹرز روزانہ واک کرنے کی تجویز دیتے ہیں۔

    جاپان میں ہونے والی حالیہ تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ چیونگم 40 برس سے زیادہ عمر کے مردوں کے وزن کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے اور اگر واک کے دوران خاص طور پر چیونگم چبائی جائے تو یہ حیران کُن اثرات مرتب کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں: چہل قدمی کے دوران کی جانے والی غلطیاں

    طبی جریدے ’جرنل آف فزیکل تھراپی سائنس‘ میں شائع ہونے والی مطالعاتی رپورٹ کے مطابق اگر جسمانی سرگرمی کے دوران جیونگم چبائی جائی تو یہ وزن کو کنٹرول کرنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تحقیق میں 46 شہریوں کو شامل کیا گیا جن کی عمریں 21 سے 69 برس کے درمیان تھیں، ان میں کچھ لوگ ایسے تھے جو بطور فیشن واک کے لیے باقاعدگی سے وقت نکالتے ہیں۔

    طبی ماہرین نے تحقیق میں شامل کیے جانے والے افراد کی چہل قدمی کے دوران ہونے والی دل کی دھڑکی اور اُسکی رفتار، طے کیا جانے والا فاصلہ اور قدموں کی تداد سمیت جسمانی حرارت کا جائرہ لیا گیا۔

    مطالعے میں شریک افراد کو ایک مخصوص مقام پر 15 منٹ کے لیے عام انداز میں چہل قدمی کی ہدایت کی گئی، ان افراد میں کچھ لوگ واک کے دوران چیونگم چپا رہے تھے جبکہ دیگر پانی کے کپ وغیرہ ہاتھوں میں لیے ہوئے تھے۔

    تحقیق کے دوران حیران کُن طور پر وہ افراد جو چیونگم چبا رہے تھے اور جن کی عمریں چالیس برس یا اُس سے زیادہ تھی انہوں نے زیادہ فاصلہ طے کیا جبکہ ایسے لوگوں کا جسمانی درجہ حرارت بھی دیگر کے مقابلے میں زیادہ رہا۔

    یہ بھی پڑھیں: روزانہ چہل قدمی، ماں بننے کے امکانات روشن

    رپورٹ میں ماہرین نے یہ بات بھی لکھی کہ اگر واک کے دوران چیونگم نہ چبائی جائے تو توجہ ایک طرف ہی رہتی ہے جس کی وجہ سے ٹریک پر دوڑنا ایک دشوار گزار عمل لگتا ہے اور پھر زیادہ دیر تک چہل قدمی نہیں کی جاتی۔

    قبل ازیں جاپان میں ہی ہونے والی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ چیونگم چبانے سے دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے خواہ اس وقت انسان کوئی کام نہ بھی کررہا ہو۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وزن میں اضافہ کرنے والی 5 عادات

    وزن میں اضافہ کرنے والی 5 عادات

    ہم میں سے اکثر افراد اپنے وزن کے بارے میں خاصے فکر مند رہتے ہیں کہ کہیں وہ بڑھ نہ جائے اور ان کا جسم بے ڈول نہ ہوجائے۔ اس مقصد کے لیے وہ چکنائی والی اور میٹھی اشیا کھانا بہت کم کردیتے ہیں اور جیسے ہی انہیں لگتا ہے کہ ان کا وزن بڑھ رہا ہے وہ فوری طور پر ڈائٹنگ شروع کردیتے ہیں۔

    تاہم اس تمام تر احتیاط کے باوجود وزن میں اضافہ ہوتا رہتا ہے اور لوگ سمجھ نہیں پاتے کہ ان کا وزن آخر کیوں بڑھ رہا ہے۔

    مزید پڑھیں: جسم کو موٹاپے سے بچانے والی 5 عادات

    دراصل بظاہر بغیر کسی وجہ کے وزن میں اس اضافے کی وجہ چند ایسی عادات ہوتی ہی جو ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ ہوتی ہیں اور ہماری لاعلمی میں ہمارے جسم پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہوتی ہیں۔

    آئیں دیکھتے ہیں وہ کون سی عادات ہیں جن سے چھٹکارہ پانا، وزن کو اعتدال پر رکھنے کے لیے از حد ضروری ہے۔


    بہت زیادہ سونا

    ایک طویل عرصے سے طبی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی شخص کے لیے 7 سے 9 گھنٹے کی نیند کافی ہے۔ اگر آپ اس سے زیادہ وقت سونے کے عادی ہیں جیسے 10 گھنٹے، تو یہ آپ کے وزن میں اضافے کی ایک پوشیدہ وجہ ہے۔

    بہت زیادہ سونا دراصل بھوک میں بھی اضافہ کرتا ہے اور آپ معمول سے زیادہ کھانے لگتے ہیں۔


    صبح کا اندھیرا

    صبح کے وقت جیسے ہی آپ نیند سے اٹھیں، اپنے کمرے کی کھڑکیاں کھول دیں، پردے ہٹا دیں اور سورج کی روشنی کو اندر آنے دیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی آپ کے جسم کے میٹا بولزم میں اضافہ کرتی ہے اور جسم کی اضافی چربی کم ہوتی ہے۔ صبح کے وقت 20 سے 25 منٹ کے لیے سورج کی روشنی نہ صرف آپ کی صحت بلکہ دماغ اور موڈ پر بھی خوشگوار اثر ڈالتی ہے۔


    بستر درست نہ کرنا

    شاید آپ کو لگتا ہو کہ موٹاپے کا بستر درست کرنے سے کیا تعلق؟

    امریکا کی نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق وہ افراد جو رات سونے سے قبل اور جاگنے کے بعد اپنے بستر کو درست کر کے صاف ستھری اور سمٹی ہوئی حالت میں لاتے ہیں وہ پرسکون نیند سوتے ہیں۔

    پرسکون نیند سونے والے افراد طبی بے قاعدگیوں سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور یوں وہ غیر مطمئن نیند سونے والوں کی طرح ذہنی دباؤ، موٹاپے اور بے چینی کا شکار نہیں ہوتے۔


    کم ناشتہ کرنا

    کیا آپ جانتے ہیں کہ صبح کے وقت ایک بھرپور ناشتہ آپ کے وزن میں کمی کرتا ہے اور آپ کو دن بھر چاق و چوبند بھی رکھتا ہے؟

    دراصل صبح کے وقت کھائی جانے والی پہلی خوراک جسم کے بجائے دماغ کو لگتی ہے کیونکہ ہمارا دماغ 8 سے 9 گھنٹے سونے کے بعد نہایت سست ہوتا ہے اور اسے فوری توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    مزید پڑھیں: ناشتہ دماغ کو چاک و چوبند رکھنے کے لیے ضروری

    اس توانائی کے حصول کے لیے وہ ناشتہ کی تمام غذائیت اور توانائی اپنے اندر جذب کرلیتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جسم کو بھی توانائی فراہم کرتا ہے۔

    تاہم اگر آپ ناشتہ نہیں کریں گے، تھوڑا کھائیں گے یا غیر صحت مند غذا کھائیں گے تو دماغ کو اس کی مطلوبہ توانائی نہیں ملے گی، یہ توانائی کے لیے جسم کو شوگر بنانے پر مجبور کرے گا، آپ کے جسم میں شوگر کی سطح میں اضافہ ہوگا اور یوں بغیر کچھ کھائے آپ کے وزن میں اضافہ ہوگا۔


    وزن کا حساب نہ رکھنا

    اگر آپ اپنے وزن کے حوالے سے بہت حساس ہیں اور اپنے جسم کو اعتدال پر رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ضروری ہے کہ ہفتے یا 10 دن میں ایک بار وزن چیک کرنے کے بجائے روزانہ اپنے وزن کی جانچ پڑتال کریں۔

    اس عمل سے یہ فائدہ ہوگا کہ جیسے ہی آپ کے وزن میں اضافہ ہوگا آپ فوری طور پر اس کا سدباب کرسکیں گے۔

    اسی طرح وزن میں آنے والی کمی سے آپ کی حوصلہ افزائی ہوگی اور آپ اپنے جسم کو بے ڈول ہونے سے بچا سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔