Tag: وزیراطلاعات فواد چوہدری

  • سعودی عرب میں عمران خان کا احترام پاکستان کا مقام ظاہر کرتا ہے، فواد چوہدری

    سعودی عرب میں عمران خان کا احترام پاکستان کا مقام ظاہر کرتا ہے، فواد چوہدری

    ریاض : وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں عمران خان کا احترام پاکستان کامقام ظاہرکرتاہے، اب سے کچھ دیربعد وزیراعظم کا کانفرنس میں سوال وجواب کا سیشن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا سعودی عرب میں عمران خان کا احترام پاکستان کا مقام ظاہر کرتا ہے، عمران خان ریاض میں مصروفیات کےباعث چند گھنٹے ہی سوسکے، مصروفیات سے ظاہر ہے مسلم امہ عمران خان کو کتنی اہمیت دیتی ہے، اب ایک اورمصروف دن وزیراعظم عمران خان کامنتظرہے۔

    فوادچوہدری کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ اب سے کچھ دیر بعد وزیر اعظم کا کانفرنس میں سوال وجواب کا سیشن ہے، پھر خادم الحرمین شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات ہوگی، سعودی وزرا بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے، عالمی سرمایہ کاروں سےملاقاتیں بھی وزیر اعظم کی مصروفیات کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیرِ اعظم پاکستان اپنے دو روزہ دورے پر مدینہ منوّرہ پہنچے تو مدینے کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم نے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺپر حاضری دی ، نوافل ادا کئے اور پاکستان اورامت مسلمہ کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعا کی۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کی روضہ رسول ﷺپرحاضری، نوافل کی ادائیگی

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور مشیر تجارت عبدالزاق داؤد وفد میں شامل ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان روضہ رسول ﷺ پر حاضری دینے کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، سعودی عرب کے دارالحکومت پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال گورنر ریاض اور پاکستانی سفیر نے کیا۔

    وزیراعظم عمران خان ریاض میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے، جس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔

    کانفرنس پاکستانی حکام کو دنیا کے اہم کاروباری رہنماؤں کے ساتھ رابطے کا موقع فراہم کرے گی۔

    خیال رہے کہ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم سرمایہ کاری کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

  • شور شرابہ اور ہنگامہ کرنے سے احتساب کا عمل نہیں رکے گا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

    شور شرابہ اور ہنگامہ کرنے سے احتساب کا عمل نہیں رکے گا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کی گرفتاری میں وزیراعظم یا وفاقی کابینہ کا عمل دخل نہیں، ماضی کے حکمران پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، شور شرابہ اورہنگامہ کرنے سے احتساب کاعمل نہیں رکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا آج اجلاس بلایا ہے، اسپیکر اسد قیصر نے اجلاس بلاکرتاریخ رقم کی ہے، اجلاس بلانے پرحکومت نےکوئی مخالفت نہیں کی اور شہبازشریف آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کررہےہیں۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا رویہ قابل مذمت ہے، قومی اسمبلی میں احتساب کے عمل میں بہتری کیلئے بحث ہونی چاہیے، حکومت احتساب کےعمل میں بہتری کیلئے بحث کرنے کو تیار ہے، احتساب کے قانون میں ترامیم چاہتے ہیں تو اپوزیشن سامنے لائے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب کے فیصلوں سے وزیراعظم یا کابینہ کا کوئی تعلق نہیں، کسی کی گرفتاری میں وزیراعظم یا وفاقی کابینہ کا عمل دخل نہیں، انتقامی کارروائی کی باتیں اپوزیشن نہ ہی کرے تو بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب ن لیگ دور میں ہی لگایا گیا ہے، ترقیاتی فنڈز کو جس بےدردی سے خرچ کیاگیا اپوزیشن یہ باتیں نہ کرے، ماضی کے حکمران پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،شورشرابہ اورہنگامہ کرنےسے احتساب کاعمل نہیں رکے گا، پاکستان کا پیسہ چوری کرنیوالوں سے پیسہ واپس لائیں گے۔

    ماضی کے حکمران پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں

    وزیراطلاعات نے کہا پی آئی اے کا حال سب کے سامنے ہے ، بجلی میں گردشی قرض ہے،پی آئی اے کاحال بھی مختلف نہیں، سوئی گیس 5سال میں 157ارب روپے کا خسارے پر چلی گئی ہے، احتساب سے جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں، ملک کو خطرہ موٹوگینگ سے ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ احتساب کےعمل میں مزید بہتری آئیگی، تمام ادارے حکومت کیساتھ کھڑے ہیں، سازش کرنیوالوں کو خواہش کےمطابق جگہ نہیں مل رہی ، سازش کرنے والوں کی توخواہش ہے مگر انہیں جگہ نہیں مل رہی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کےلوگوں کو جلد خوشخبریاں ملنےوالی ہیں، حکومت دن بدن مستحکم ہورہی ہے، گیس کی مہنگائی کا عام آدمی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا،جو زیادہ شور کررہے ہیں ان کو اپنی فکر کھائے جارہی ہے، پاکستان میں کوئی ادارہ ایسا نہیں جو منافع بخش ہو۔

    سڑکوں پرسونے والوں کیلئے شیلٹر بنارہےہیں

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ہاؤسنگ اسکیم کااعلان کیا ہے، امیر ترین 5 فیصد لوگوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں 143 فیصداضافہ کیا، ماضی میں جعلی مہنگائی کئی جگہوں پرکی گئی، صوبائی حکومتوں کوجعلی مہنگائی کوکنٹرول کرنا چاہیے تھا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کسی حکومت نے کبھی نہیں سوچا سڑکوں پر سونے والوں کیلئے کچھ کریں ، سڑکوں پرسونے والوں کیلئے شیلٹر بنارہےہیں، پانی ،ماحولیاتی تبدیلی اور دیگر مسائل کیلئے کام کررہے ہیں، جتنی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں اس میں غریبوں کو سہولت دی گئی ہے۔

  • نہ عمران خان اور نہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے، فواد چوہدری

    نہ عمران خان اور نہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ملک سب کو خوش کرنے کیلئے نہیں چلا سکتے، ملکی معیشت چلانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، عمران خان غریبوں کا درد رکھنے والےانسان ہیں، نہ عمران خان اورنہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پوسٹل سروسز کی بہت قدیم تاریخ ہے، تمدن کی سب سےپہلی نشانی ڈاک کی ترسیل کا نشان ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان جن حالات میں ملااس میں تمام ادارےنقصان میں ہیں، آئی ایم ایف نہیں جاناچاہتے تھے لیکن ایکسپورٹ 45 دن کارہ گیا ہے، رواں سال 8ارب ڈالر قرضوں کی مد میں ادا کرنے ہیں۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ ملک کا قرضہ28ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا ہے، ملکی معیشت چلانے کیلئے مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں، غریب پر اتنا بوجھ ڈال دیا گیا کہ مزید اٹھانے کی سکت نہیں رہی، ایک طبقہ امیر سے امیر تر اور دوسرا غریب سے غریب تر ہوگیا ہے۔

    خواجہ سعدرفیق نے اپنے 8ہزار لوگ ریلوے میں بھرتی کئے

    فواد چوہدری نے کہا کہ اپنے لوگ اداروں میں بھرتی کرائیں گے تو الیکشن جیت ہی لیں گے، یہ لوگ جتنا چاہے رولیں احتساب کا عمل اسی طرح جاری رہےگا، اداروں کی کمزوری ریاست کی کمزوری ہے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو یہاں کاروبار کے مواقع دیں گے، 28 ارب ڈالر ملک چلانے کیلئے چاہییں، اس سال ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے 8ارب ڈالر چاہییں، حالات بدلنے کیلئے اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں، پاکستان مزید عمومی روش پر نہیں چل سکتا، اپوزیشن کی ریکوزیشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا خیر مقدم کریں گے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ لوٹ کامال نکلوانےکی بات کرتے ہیں تو شورمچ جاتاہے، ماضی کی حکومتوں کی پالیسی کی وجہ سےہم پسماندہ رہ گئے، ملک کو لوٹنے والوں کا احتساب چاہتے ہیں ، اپوزیشن قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

    انھوں نے کہا ہم ملک سب کو خوش کرنے کیلئے نہیں چلاسکتے، سب کو خوش کرنے میں لگے تو نظام میں بہتری نہیں آئےگی، سرکاری ٹی وی کوساڑھے7ارب مل رہے ہیں، نقصان میں نہیں ہوناچاہیے، 4 ارب روپے ریڈیو پاکستان کو ملیں تو نقصان میں نہیں ہونا چاہئے۔

    عمران خان غریبوں کادردرکھنےوالےانسان ہیں

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان غریبوں کادردرکھنےوالےانسان ہیں، نہ عمران خان اورنہ ان کی کابینہ کی ہمت ہے کہ وہ پیسہ بنائے، مشکلات سے نکل کرہی قومیں بنتی ہیں، پاکستان کامستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، پاکستان کو مستحکم اور طاقتور ملک بناکر چھوڑیں گے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ افواہیں ہیں آئی ایم ایف روپے کی قدر میں کمی کرائے گا، جو لوگ یہ کر رہے ہیں، جوا کھیل رہےہیں، آئی ایم ایف سے پیکج آئیں گے تو روپے کی قدر بڑھے گی، آئی ایم ایف، چین، سعودی عرب کے پیکج آنے سے ڈالر کی قدر کم ہوگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کڑوا گھونٹ نہیں لینا چاہ رہے تھے لیکن لے لیا ، اب تگڑا سفر شروع کریں گے۔

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، فواد چوہدری اور غلام سرور کو نوٹس جاری

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، فواد چوہدری اور غلام سرور کو نوٹس جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے وزیراطلاعات فواد چوہدری اوروزیر پٹرولیم غلام سرور کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے نوٹس انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرجاری کیا، فوادچوہدری اورغلام سرورکو پی پی ستائیس کا دورہ کرنے پرنوٹس دیاگیا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری اور غلام سرور نے حلقہ پی پی 27 میں ترقیاتی کاموں کا اعلان اور افتتاح کیا اور الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ضمنی انتخابات کے دوران کوئی وزیر،  سرکاری عہدہ دار یا منتخب نمائندہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔

    وفاقی وزراء کوذاتی یا بذریعہ وکیل نو اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد ریے  ملک بھر میں ضمنی انتخابات چودہ اکتوبر  کو ہونے جارہے ہیں ۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

    گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

    اسلام آباد : وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، پاور سیکٹر گیس کی قیمت میں اضافہ عوام پر منتقل نہیں کرے گا جبکہ فواد چوہدری نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کافی دنوں سے خبریں چل رہی ہیں، گیس بم گرایا جارہا ہے، دو گیس کمپنیوں کو 352ارب روپے کا خسارہ ہے، حکومت مہنگی گیس خرید کر عوام کو سستی فراہم کررہی ہے۔

    وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ آبادی کا 23فیصد گیس پر ہے، آبادی کا 63فیصد دیگر ذرائع پر ہے، گیس سے متعلق 3 کیٹگریز تھیں، عام آدمی کے لئے گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 252 روپے گیس کا بل دے رہا تھا، اب 275 روپے دے گا، جو 480روپے گیس کا بل دے رہے تھے اب 520روپے دیں گے، کیٹگری میں 2ہزار 151روپے گیس کا بل دیا جائے گا۔

    عام آدمی کے لئے گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،وزیر پیٹرولیم

    غلام سرور خان نے کہا مجموعی طور پر20 سے 25فیصد گیس بلز میں اضافہ کیا جارہا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں میں23روپے اضافہ کیا جارہا ہے، ایل پی جی کے بڑے کنزیومر کیلئے 15 سے 20ہزار اضافہ کیا جارہا ہے اور تمام ٹیکس ختم کرکے10 فیصد جی ایس ٹی لگایا ہے، جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 1600 سے کم ہو کر 1400 ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ برآمدی زیرو ایٹڈ سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، برآمدی سیکٹرز کو سبسڈائز آر ایل این جی دیں گے، ایسے اقدامات سے ہمارا برآمدی سیکٹر عالمی سطح پر مقابلہ کرسکے گا۔

    وزیر پٹرولیم نے کہا سی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، سی این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو700سے بڑھ کر 980روپے ہوجائے گی تاہم بجلی کی قیمتوں پر گیس کی قیمتیں بڑھنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت پاور سیکٹر گیس قیمتوں میں اضافے کا اثر عوام پر نہیں ڈالیں گے، قطر سے ایل این جی کی درآمد اور ٹرمینلز کی تیاری گزشتہ حکومت نے کی، ایل این جی ٹرمینل سے خزانے کو کتنا نقصان پہنچا، آئندہ ای سی سی میں جائزہ لیا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، عام آدمی کیلئے گیس کی قیمت میں صرف تئیس روپے ماہانہ کا اضافہ ہوا ہے۔ ایل پی جی پر ٹیکسسز ختم کرنے سے ایل پی جی کی قیمت میں دو سو روپے کی کمی کی گئی ہے، برآمدی سیکٹر کیلئے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، پاور سیکٹر گیس کی قیمت میں اضافہ عوام پر منتقل نہیں کرے گا۔

    وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کا جائزہ لیا جارہا ہے، اسے پبلک کیا جائے گا، معاہدے کی تفصیلات کو پبلک کرنا ہماری حکومت کاوعدہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت آئے 21واں دن ہے، پالیسیاں کیسے ناکام ہوگئیں، گیس کمپنیاں 152بلین روپے کے خسارے پر چل رہی تھیں، حکومتی اقدام سے دونوں کمپنیوں کو 58بلین روپے کا فائدہ ہوگا۔

    وزیراعظم کی ہدایت پرعوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا،فواد چوہدری

    اس سے قبل وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی کامیابی سے جاری ہے، 70 گاڑیاں نیلام ہوچکی ہیں، اب بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیوں کی باری ہے، نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا، عوام کا پیسہ غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرعوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا، تاریخ میں پہلی بار گورنر ہاؤسز کے دروازے عوام کے لئے کھلے، 25 ہزار افراد نے مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز کی سیر کی۔

  • پی ٹی وی پر سیاسی سنسرشپ ختم کردی، فواد چوہدری کا ٹوئٹ

    پی ٹی وی پر سیاسی سنسرشپ ختم کردی، فواد چوہدری کا ٹوئٹ

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وژن کے مطابق پی ٹی وی پرسیاسی سنسرشپ ختم کردی  اور ادارتی آزادی کے لئے ہدایات جاری کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا پی ٹی وی پر سیاسی سنسرشپ ختم کردی، فیصلہ عمران خان کے وژن کے مطابق ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں ادارتی آزادی کے لئے ہدایات جاری کردی ہے، 3 ماہ میں محکمہ اطلاعات میں واضح تبدیلیاں نظر آئیں گی۔

    گذشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن کے حوالے سے پی ٹی وی کو مکمل آزادی دی گئی ہے، ہمارا موجودہ نظام انصاف پر مبنی نہیں، اصلاح کی ضرورت ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ انفارمیشن گروپ کو ماضی میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ہمارے دور میں سیاسی تقرریاں نہیں ملیں گی ، پی ٹی وی کو ہدایت کی ہے کہ اپوزیشن کو وہی ماحول دیا جائے جو پرائیوایٹ چینلز پر ہے۔