Tag: وزیراعظم

  • ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    ’وزیراعظم کا یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان‘

    اسلام آباد (31 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بند جانے والے یوٹیلٹی اسٹورز کے ہزاروں ملازمین کیلیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آج سے یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز کو ملک بھر میں بند کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے، ان کے لیے وزیراعظم کی جانب سے 19.5 ارب روپے کی مجموعی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورز 1971 میں قائم کیے گئے تھے اور 2009 میں انہیں یونین کونسل کی سطح پر پورے ملک میں پھیلایا گیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔

    وفاقی حکومت نے گزشتہ برس ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹورز کے ملازمین نے وفاقی دارالحکومت میں کئی روز تک احتجاج بھی کیا، مگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا۔

    گزشتہ دنوں وفاقی کابینہ اور کل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی جس کے بعد آج سے یہ یوٹیلٹی اسٹورز کی تمام سروسز مکمل طور پر بند کی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 1971 میں قائم کی گئی تھی۔ جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اشیا خورو نوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا تھا۔

    ابتدا میں ملک میں صرف 20 اسٹور کھولے گئے تھے، جو اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن نامی تنظیم سے حاصل کیے گئے تھے۔ تاہم نصف صدی کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل گئے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز قائم تھے اور مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمین کام کر رہے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/utility-stores-employees-laid-off-imf/

  • مغرب ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی مدد کرے، وزیراعظم

    مغرب ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی مدد کرے، وزیراعظم

    اسلام آباد (26 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مغرب ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کرے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کی نیو انرجی وہیکلز پالیسی کا افتتاح ہو گیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں ای بائیکس تقسیم کیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا گرین گیسوں کے اخراج میں بہت ہی کم حصہ ہے لیکن ماحولیاتی آلودگی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ پاکستان ماحولیاتی چیلنج سے تنہا نہیں نمٹ سکتا۔ اس سے نمٹنے کے لیے مغرب کو ہماری مدد کرنا ہوگی۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے 2022 میں سندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے 30 ارب کا نقصان ہوا اور اب خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بادل پھٹنے، سیلاب، دریاؤں میں طغیانی سے جانی ومالی نقصانات ہوئے۔ درجنوں دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور سینکڑوں افراد جان سے گئے۔

     

    انہوں نے مزید کہا کہ ای وی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ اس پالیسی سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پالیسی کی تشکیل میں معاونت پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور برطانوی حکومت کے مشکور ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/electric-bikes-distributed-to-talented-students-across-pakistan/

  • وزیراعظم نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا

    وزیراعظم نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا

    اسلام آباد(24 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا۔

    گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کے ضلع غذر کے علاقے تلی داس میں رات گئے گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث متعدد دیہات زیرآب آگئے اور درجنوں افراد پھنس گئے۔

    تاہم گلیشئر پھٹنے کی برقت اطلاع دے کر بہادر چرواہا محمد خان کئی قیمتی جانیں بچانے کا سبب بنا تھا، واقعے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے محمد خان نے بتایا دھماکے کی آواز سن کر جاگا تھا، پھر بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

    چرواہے محمد خان نے بتایا تھا کہ جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کو بچانے کی کوشش کی، ہماری اطلاع پر سیکڑوں جانیں بچ گئیں لیکن ہماری جان کو خطرہ تھا، پاک فوج بروقت ریسکیو نہ کرتی تو ہم 6 افراد زندہ نہ بچتے، ریسکیو کرنے پر پاک فوج کا انتہائی مشکور ہوں۔

    اب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے غذر میں 300 انسانی جانیں بچانیوالے چرواہوں کو اسلام آباد مدعو کرلیا ہے، وصیت خان، انصار اور محمد خان کو وزیراعظم سیکریٹریٹ کی جانب سے مدعو کیا گیا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف تینوں چرواہوں کی حوصلہ افزائی کریں گے اور انہیں انعامات دیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/shepherd-ghizer-hundreds-lives-saved-glacier/

  • وزیراعظم ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر برہم، سمری واپس کر دی

    وزیراعظم ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر برہم، سمری واپس کر دی

    اسلام آباد (22 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سمری واپس کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے موقع پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے تعین کے لیے سمری وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کی گئی، جس پر وہ برہم ہو گئے۔

    وزیراعظم نے موجودہ حالات میں دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور دواؤں کی نئی قیمتوں کے تعین کے لیے منظوری کے لیے پیش کی گئی سمری بغیر دستخط کیے واپس کر دی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹ میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی یہ معاملہ اٹھایا تھا اور بتایا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیاں من مانی کرتے ہوئے ہوشربا اضافہ کر رہی ہیں۔

    دوسری جانب ادویات کی قیمتوں میں ہر ماہ خودساختہ اضافے کا انکشاف سامنے آیا ہے اور حکومت کی جانب سے میڈیسن کی قیمتیں ڈی کنٹرول کرنے کے بعد ادویات بنانے والی کمپنیوں نے من مانی قیمتوں کا تعین شروع کردیا ہے، جس کے باعث ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    دواؤں کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sharp-increase-in-medicine-prices-every-month/

  • وفاق نے قدرتی آفت سے نمٹنے میں کے پی حکومت سے پر خلوص تعاون کیا، وزیراعظم

    وفاق نے قدرتی آفت سے نمٹنے میں کے پی حکومت سے پر خلوص تعاون کیا، وزیراعظم

    اسلام آباد (22 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کے پی میں قدرتی آفت سے نمٹنے کیلیے وفاق نے صوبائی حکومت کا پرخلوص ساتھ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے بے پناہ جانی ومالی نقصان ہوا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت کے ساتھ بہت خلوص کے ساتھ تعاون کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے بعد ہم ایک بار پھر قدرتی آفات کا سامنا کر رہے ہیں۔ تین سال قبل سندھ اور بلوچستان اس کا نشانہ بنے تھے اور اب کے پی اور گلگت بلتستان میں تباہی آئی ہے۔

    شہبا شریف نے کہا کہ اس وقت بے پناہ معاشی نقصان ہوا تھا جب کہ اب جانوں کا نقصان بہت زیادہ ہے۔ تین دن پہلے کراچی میں بھی تباہ کن بارشیں ہوئیں۔ اب تک پورے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے 700 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ان میں سے 400 اموات صرف کے پی میں ہوئیں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ بونیر میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی۔ اس کے ساتھ صوابی، سوات، شانگلہ، مانسہرہ میں بھی جانی اور مالی نقصان ہوا۔ افواج پاکستان امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں اور سپہ سالار خود اس ریلیف کے کام کو لیڈ کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، اور اب ریلیف اور ری ہبلٹیشن جاری ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی کے بعد اب کسی قسم کی سستی کی گنجائش نہیں۔ آخر کب تک حکومتیں ان چیزوں کی امداد کریں گی جو غیر قانونی ہیں۔ دریاؤں کے اطراف ہوٹلز اور ریسٹورینٹس کے حوالے سے قوانین بنائیں گے۔ اس حوالے سے جلد ایک میٹنگ ہوگی جس میں ان مسائل کے حل کے لیے بات ہوگی۔

  • چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار، سی پیک 2 جلد شروع ہوگا، وزیراعظم

    چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار، سی پیک 2 جلد شروع ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد (22 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور جلد سی پیک 2 کا آغاز ہو گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین سے پاکستان کے تعلقات سدا بہار ہیں اور جلد سی پیک 2 کا آغاز ہو گا۔ میں چین جا رہا ہوں، جہاں ایس سی او کے علاوہ دو طرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان سے تعاون کیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے تھے اور وزارت خارجہ میں ان کی بھرپور میٹنگ ہوئی تھی اور کل شب چینی وزیر خارجہ میرے پاس بھی تشریف لائے۔

    واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا تھا۔ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور ہوا جس کی صدارت مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کی تھی۔

    بعد ازاں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی۔اس دوران علاقائی سییورٹی، انسداد دہشتگردی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-china-economic-relations-panda-bond-21-august-2025/

  • چیئرمین ایم کیوایم نے وزیراعظم سے کراچی میں وفاقی اداروں کو مکمل فعال کرنیکی اپیل کردی

    چیئرمین ایم کیوایم نے وزیراعظم سے کراچی میں وفاقی اداروں کو مکمل فعال کرنیکی اپیل کردی

    وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ہونے والی شدید بارش کے بعد چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول کو ٹیلی فون کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں صرف ایک روز کی بارش نے پورے شہر کا بُرا حال کردیا ہے جگہ جگہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں، شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوا، شہریوں کو گزشتہ رات گھر واپس پہنچنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    گزشتہ دنوں شدید بارش کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین ایم کیو کو ٹیلی فون کیا ہے جس میں خالدمقبول صدیقی اور وزیر اعظم کے درمیان کراچی میں بارش اور اربن فلڈنگ پر گفتگو ہوئی۔

    چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی میں وفاقی اداروں کو مکمل فعال کرنے کی اپیل کی ہے۔

    خالد مقبول نے کہا کہ بارش کے بعد کی صورتحال پر کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی کام کیے جائیں، وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو کراچی میں مکمل فعال رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

    دریں اثنا ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی کی صورتحال پر گفتگور کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران شہریوں کو بہت تکلیف ہوئی، 11ہزار کے قریب نفری لوگوں کی مدد کرتی رہی، کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے۔

    انھوں نے کہا کہ بارش کے دوران کافی گاڑیاں کو حادثات پیش آئے، سڑکیں کھدی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کو نقصان ہوا، کافی حد تک بارش کا پانی کم ہوگیا ہے۔

    جاوید عالم نے کہا کہ کورنگی میں صرف ایک علاقے میں 259 ملی میٹر بارش ہوئی، سوئی گیس کے کام کی وجہ سے مشکلات زیادہ ہوئیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-rain-death-toll-reaches-15/

  • ایک وزیراعظم نے 1100 ارب کا کہا 11 روپے بھی نہیں ملے، وزیراعلیٰ سندھ برہم

    ایک وزیراعظم نے 1100 ارب کا کہا 11 روپے بھی نہیں ملے، وزیراعلیٰ سندھ برہم

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ وفاق کے رویے سے ناخوش ہیں، انھوں نے کہا کہ وفاق کے فور پروجیکٹ پر جس طرح کام کررہا ہے اس پر خوش نہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم آیا اس نے کراچی کےلیے 1100 ارب روپے کا اعلان کیا لیکن 11 روپے بھی نہیں ملے۔

    مراد علی شان نے مزید کہا کہ ایک وزیراعظم نے کراچی کےلیے 162 ارب روپے کا اعلان کیا مگر 162 روپے بھی نہیں ملے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم خوش نہیں ہیں جس اسپیڈ سے وفاق کام کرہی ہے، ایک جماعت الیکشن سے بھاگ گئی انھوں نے کہا کہ ہم نہیں لڑیں گے کیوں کہ ہم انتخابات ہار جائیں گے۔

    خیال رہے کہ کچھ مہینوں قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مسائل پر پورٹل بھی بنوایا تھا اور سوفٹ انکروچمنٹ ہٹانے کی واضح ہدایت جاری کی تھی۔

    مرادعلی شاہ کی زیرصدارت کراچی کے مسائل سے متعلق اجلاس میں ان کا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ کمشنرز شہر کا دورہ کریں اور شہر میں گٹرز کا بہنا، صفائی کے مسائل اور غیر قانونی پارکنگ پر نظر رکھیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مسائل پرپورٹل بنوانے کے بعد ہدایت کی تھی کہ افسران گٹرز، تجاوزات اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کو پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔

  • وزیراعظم نے گوادر میں بجلی و پانی بحران کا نوٹس لے لیا، خصوصی کمیٹی قائم

    وزیراعظم نے گوادر میں بجلی و پانی بحران کا نوٹس لے لیا، خصوصی کمیٹی قائم

    اسلام آباد(13 اگست 2025): وزیراعظم شہبازشریف نے گوادر میں بجلی اور پانی بحران کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے گوادر میں بجلی اور پانی کے بحران کا نوٹس لے لیا ہے۔

    انوار چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گوادر کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، کمیٹی میں وزیراعلیٰ بلوچستان، وزارتِ منصوبہ بندی، بحری امور، توانائی کے وزرا اور سیکریٹریز شامل ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کے مطابق کمیٹی مقررہ مدت میں اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ گوادر کے بجلی و پانی کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے، جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاحات کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کوئٹہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اور مربوط کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    وزیراعلیٰ نے شہر کی پانی کی فراہمی کو درپیش سنگین چیلنجوں پر زور دیا، اس بات پر زور دیا کہ بجلی کی جاری بندش موثر تقسیم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ بروقت بارش نہ ہوئی تو اگلے سات ماہ میں گوادر میں پانی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

  • وزیراعظم کی خواتین کو ملازمت میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی خواتین کو ملازمت میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد (7 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کو ملازمتوں میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ملک میں بڑھتی آبادی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بڑھتی آبادی کے مسائل کے حل کیلیے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے اس حوالے سے متعدد تجاویز پیش کی گئیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوجوانوں اور خواتین کو ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین ہماری افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ ہیں۔ انہیں ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ہمارے ملک کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معاشی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع دینے کیلیے متعدد اقدامات کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے۔ اس بڑھتی آبادی کو معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کیلیے قومی سطح کی پالیسی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے موثر پالیسی اور حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔