Tag: وزیراعظم آزاد کشمیر

  • ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے‌، وزیراعظم آزاد کشمیر

    ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے‌، وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد : وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے، پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دیں، پاکستان قیامت تک قائم رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر آزادکشمیر میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، صدر آزادکشمیر مسعود خان نے تقریب میں پرچم کشائی کی، وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاست مدینہ کے بعد سب سے بڑا انعام پاکستان ہے، 1906میں مسلم لیگ کاقیام انقلابی پیش رفت تھی اور بانی پاکستان قائد اعظم اتحاد کے سفیر تھے۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ نہرو رپورٹ سامنے آئی تو قائداعظم نے کانگریسی عزائم بھانپ لیے، مفکرپاکستان نے پاکستان کا خواب دیکھا ، 10 سال میں جمہوری بنیاد پر پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔

    وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ یہ ملک پاکستان بہت قربانیوں کا ثمر ہے ، قائداعظم کے فرمودات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ، قائد اعظم جب علیل تھے تب بھی کشمیر کیلئےفکر مند تھے ، قائد اعظم کہتے تھے مسلمان مصیبت میں گھبرایا نہیں کرتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا، تحریک تکمیل پاکستان منطقی انجام تک پہنچے گی، کشمیر کی لسانی مذہبی ثقافتی زندگی کو مسخ کیا جارہا ہے ، ایک مستحکم پاکستان کشمیریوں کا بہترین وکیل بن سکتا ہے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاک فوج ہماری حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ، پاکستانی عوام سے توقع ہے آخری دم تک ساتھ کھڑے رہیں گے، پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیریوں نے بے مثال قربانیاں دیں، یہ نقشہ کشمیریوں نے اپنے خون سے مکمل کیا ہے اس کی حفاظت بھی کریں گے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے شہدا کا خون آج بھی ہماری سرحدوں پر تازہ ہے ، شہدا کی خوشبو آج بھی ہماری سرزمین کو معطر کر رہی ہے۔

  • کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے، فاروق حیدر

    کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے، فاروق حیدر

    اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے،حکومت کو مسئلہ کشمیر بارے تجاویز ارسال کر دی ہیں۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیری عالمی سطح پر اپنا مقدمہ پیش کر سکتے ہیں، آزاد کشمیر حکومت، حریت کانفرنس کو اپنا مقدمہ لڑنے کی اجازت دی جائے۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر سے آنے والے دریاوں کا پانی پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کی لائف لائن پر وار کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری پاکستان اور مسلم امہ کی جانب دیکھ رہے ہیں، مسلم امہ کشمیریوں کو مایوس نہ کرے۔

    تقریب سے خطاب میں سابق صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل اور املاک کو تباہ کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

  • ’’بزدل بھارتی فوج پاک فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی‘‘

    ’’بزدل بھارتی فوج پاک فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی‘‘

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل بھارتی فوج پاک فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا، پاک فوج کے اقدام سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کرونا کی آڑ لیکر مودی کشمیری نوجوانوں کو شہید کرارہا ہے، کشمیری عوام پاک فوج کو محافظ سمجھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر پاک فوج کے منہ توڑ جواب سے بھارت بوکھلا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل اوسی پرجارحیت، 24 گھنٹے کے دوران 2 لڑکیوں سمیت 6شہری زخمی

    واضح رہے کہ اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایل او سی پر بچوں، خواتین، طلبا کو نشانہ بنانا بھارت کا وطیرہ ہے، بھارت عالمی کنونشن کی خلاف ورزی کرتےہوئے کلسٹرز بم کا استعمال کر رہا ہے، جبکہ مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد 5سال میں سیزفائر خلاف ورزیوں میں اضافہ ہواہے۔

    گزشتہ5سال میں ایل اوسی پر سیزفائر کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافہ ہوا، 2016 میں بھارت نے382بار ، 2017 میں بھارت نے1881بار، 2018 میں بھارت نے3038بار اور 2019 میں بھارت نے3351 بارجنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔

  • امدادی سامان دیتے وقت فوٹو سیشن پر پابندی ہوگی،وزیراعظم آزاد کشمیر

    امدادی سامان دیتے وقت فوٹو سیشن پر پابندی ہوگی،وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے جعلی سینیٹائزر اور ماسک بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزرا، چیف سیکرٹری، کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

    اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔

    راجہ فاروق حیدر نے امدا دی سامان دیتےوقت فوٹوسیشن پر پابندی کرتے ہوئے جعلی سینیٹائزر اور ماسک بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے سامان میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

    پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 4000 سے تجاوز ، 54 ہلاکتیں

    واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کرگئی جبکہ وائرس سے اموات 54 تک پہنچ گئیں۔

    اعدادو شمار میں بتایا گیا کہ وفاقی دارلحکومت میں کرونا وائرس کے 83 کیس رپورٹ ہوئے ، پنجاب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 2004،سندھ میں932، کے پی میں 500،بلوچستان میں 202 ، گلگت بلتستان میں211 اور آزاد کشمیر میں 18 ہوگئی۔

  • آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    آزاد کشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے برفباری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔

    قدرتی آفات ایکٹ 1976 کے تحت کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ امدادی کاروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات مدنظر رکھ کر کی جائے، شدید برفباری سے لیپہ ویلی اور بھیڈی کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں حالیہ برفباری کے باعث برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں 20 سے 24 جنوری تک مزید برفباری کا امکان ہے، آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

    وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے پچنے کے لیے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔

  • برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

    برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر نے متاثرین سے ملاقات، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ حکومت، انتظامیہ، فوج مل کر آپکی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں، برفباری کا سلسلہ ختم ہونے کے فوری بعد زمینی راستہ بحال کیا جائے گا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت آپ کے دکھ میں برابرکی شریک ہے، متاثرین کی بحالی تک آپ کے ساتھ رہیں گے، روزانہ کی بنیاد پر بحالی، ریلیف کے کاموں کی رپورٹ لے رہا ہوں۔

    برفانی تودے میں 18 گھنٹے تک معجزاتی طور پر لڑکی زندہ

    یاد رہے کہ دو روز قبل ثمینہ نامی 12 سالہ لڑکی کو ریسکیو ٹیموں نے 18 گھنٹے بعد برفانی تودے سے زندہ نکال کر مظفرآباد کے اسپتال منتقل کیا تھا۔

    آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برفباری نے تباہی مچا دی ہے، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 100 ہوگئی ہے ، برف باری سے متاثرہ علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

  • آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    آزاد کشمیر میں شدید برفباری، 62 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے دوران برفانی تودے گرنے سے 62 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہوگئے، 56 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہو گئے۔ راجہ فاروق حیدر نے بتایا کہ وادی نیلم میں 59، کوٹلی، راولاکوٹ اور سدھنوتی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ریلیف و بحالی کا عمل مکمل کریں گے، متاثرین کی بحالی کے لیے وسائل بروئے کار لائیں گے، اولین ترجیح لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔

    قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں برفباری و بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفیصلات جاری کردی۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں برفباری وبارشوں سے اب تک 77 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں آزاد کشمیر میں ہوئیں جبکہ بلوچستان میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔

    این ڈی ایم اے نے بتایا کہ 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • کشمیر جل رہا ہے مگر سلامتی کونسل خاموش ہے: صدر آزاد کشمیر

    کشمیر جل رہا ہے مگر سلامتی کونسل خاموش ہے: صدر آزاد کشمیر

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد کرائے، جبکہ برطانوی حکومت کشمیر پر سلامتی کونسل کے اجلاس کے لیے کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزادکشمیر مسعود خان سے برطانوی لارڈ ڈنکن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر کشمیر کی موجودہ صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدرآزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر جل رہا ہے مگر سلامتی کونسل خاموش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بناکر کشمیر بھیجی جائے، مطالبہ ہے سلامتی کونسل کشمیر کے لیے کردار اداکرے، جبکہ برطانوی سیاسی جماعتیں بھی انتخابی مہم میں مسئلہ کشمیر اجاگر کریں۔

    مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے جموں کشمیر اور کارگل لداخ کو یونین ٹیرٹیریز کاحصہ بنا دیا، بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے، عالمی برادری کو معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیے۔

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، لاک ڈاؤن کا 106 واں روز، عالمی طاقتوں نے چپ سادھ لی

    اس موقع پر لارڈ ڈنکن کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں رویہ ظالمانہ وغیر ذمہ دارانہ ہے، عالمی اداروں کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

  • ’’بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے‘‘

    ’’بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے‘‘

    اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت عیار دشمن ہے اس کی چالوں کو سمجھنا ہوگا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت میں آر ایس ایس نے بی جے پی کو ہائی جیک کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کو 100دن ہو چکے ہیں، بھارتی جارحیت وادی میں تاحال برقرار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو آزاد کشمیر کی طرف دھکیلے گا، پاکستان بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم میں رکاوٹ ہے، پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز ہے۔

    راجہ فاروق حیدر کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری کبھی بھارت کو نہیں مانیں گے، بھارت آزادی کی تحریک نہیں دباسکتا۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کےحوالے سے وزیرخارجہ کا خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ معصوم بچوں اور عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خوراک اور دواؤں تک رسائی نہیں، موت کے سائے منڈلا رہے ہیں، پاکستان محبتوں کی راہداریاں کھول رہا ہے، لیکن مودی کی جارحیت برقرار ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کرفیو کو 100دن گزر چکے ہیں، مودی سرکار نے 80لاکھ نہتے کشمیریوں کو محصور بنا رکھا ہے، مظلوم کشمیری بھارتی جبرواستبداد کی چکی میں پس رہے ہیں۔

    مظلوم کشمیری بھارتی جبرواستبداد کی چکی میں پس رہے ہیں: شاہ محمود

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کو 100 روز مکمل ہوچکے ہیں، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیا خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔

  • کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے، فاروق حیدر

    کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے، فاروق حیدر

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں، کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے شیخ خلیفہ زید اسپتال مظفرآباد کا دورہ کیا، وزیراعظم نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد کی عیادت کی۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

    راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ایل اوسی کے اس پار ہمارے بھائی قربانیاں دے رہے ہیں، بھارتی فوج جان کرمعصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، پاک فوج کبھی ایل اوسی کے اس پارشہری آبادی پر فائرنگ نہیں کرتی۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے عوام کے حوصلے بلند ہیں، کشمیری بھارتی جارحیت سے پہلے ڈرے نہ اب خوفزدہ ہوں گے۔

    بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی، 3 افراد زخمی

    یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے تھے۔