Tag: وزیراعظم شہباز شریف

  • وزیراعظم شہباز شریف کا حکم ، رمضان میں عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

    وزیراعظم شہباز شریف کا حکم ، رمضان میں عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز نے چینی کی قیمت میں 15روپے فی کلو اور آٹے کے 10کلو تھیلے پر 75روپے کی کمی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان میں عوام کو بڑا ریلیف مل گیا ، یوٹیلیٹی اسٹورز نے وزیراعظم کے حکم پر چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کردی۔

    ترجمان نے بتایا کہ چینی کی قیمت میں 15روپے فی کلو کمی کردی گئی ، جس کے بعد ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے فی کلو ملے گی۔

    اسی طرح آٹے کے 10کلو تھیلے پر 75روپے کی کمی کی گئی ہے، آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 400 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہوگا۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دیگر سبسڈائزڈ اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردو بل نہیں ہوا، صارفین اپنے شناختی کارڈ کی کاپی ساتھ لائیں، رمضان ریلیف پیکج سے مستفید ہوں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف نے عید تک آٹے اور چینی کی قیمتوں کمی کا اعلان کرتے ہوئے رمضان بازاروں اور یوٹیلیٹی اسٹورز میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت کی تھی۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

    وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا ، کابینہ میں 31 وفاقی وزرا اور 3وزرائے مملکت شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری ہوئی ، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔

    حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، اسپیکرراجہ پرویزاشرف، بلاول بھٹو اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا، قائم مقام صدرصادق سنجرانی نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے حلف لیا۔

    وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والوں میں خواجہ آصف، احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق ، رانا تنویر، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، سعد رفیق ، جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ ، مرتضیٰ جاویدعباسی، اعظم نذیرتارڑ،خورشیدشاہ شامل ہیں۔

    نویدقمر،شیری رحمان،عبدالقادرپٹیل،شازیہ مری ، مرتضیٰ محمود،ساجدطوری،احسان الرحمان مزاری،عابدحسیں ، اسعد محمود، عبد الواسع، مفتی عبدالشکور،طلحہ محمود نے ، سیدامین الحق،فیصل سبزواری، محمداسرار ترین ، نوابزادہ شاہ زین بگٹی ،طارق بشیر چیمہ بھی حلف اٹھا نیوالوں میں شامل ہیں۔

    عائشہ غوث پاشا،حناربانی کھر،عبدالرحمان کانجو وزیرمملکت ہوں گے اور قمر زمان کائرہ ،انجینئر امیر مقام ،عون چوہدری بطور مشیر کے طور پر کام کریں گے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف کو مشکلات کا سامنا : اتحادیوں نے مطالبات کی لمبی فہرست تھما دی

    وزیراعظم شہباز شریف کو مشکلات کا سامنا : اتحادیوں نے مطالبات کی لمبی فہرست تھما دی

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کو آئینی عہدے، وفاقی کابینہ اور صوبوں کے معاملات میں مشکلات کا سامنا ہے ، تمام اتحادیوں کی مطالبات کی فہرست طویل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کیلئے آئینی عہدے، وفاقی کابینہ اور صوبوں کے معاملات درد سر بن گئے ، ن لیگ کے تمام اتحادیوں کی مطالبات کی فہرست طویل ہوگئی۔

    وفاقی کابینہ میں کون آرہا ہے کون نہیں ،صورتحال میں لمحہ بہ لمحہ تبدیلی ہورہی ہے ، پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں اتحادیوں کی بڑی خواہشات سامنے آئی ہیں۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف کو 2 ووٹوں کی اکثریت قائم رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، پیپلز پارٹی آصف زرداری اور جے یو آئی ف فضل الرحمان کوصدر بنانے پر بضد ہیں۔

    کے پی میں گورنر کی نشست کیلئے اے این پی اور جے یو آئی ف آمنے سامنے ہیں جبکہ بلوچستان میں گورنراور وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی پراتحادیوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بی اے پی، بی این پی اور جےیوآئی ف نے گورنر بلوچستان کیلئے ناموں پر غور شروع کردیا اور وزیر اعظم شہباز شریف کو اپنی خواہش سے آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بی این پی اسوقت بی اے پارٹی اور جے یو آئی ف کے مطالبے کی حامی نہیں ، حکومت تبدیل ہوئی تو بی این پی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ جے یو آئی ف اور بی اے پی بلوچستان کی وزارت اعلیٰ بی این پی کو نہیں دینا چاہتیں، اس لئے جے یو آئی ف اوربی اےپی جام کمال گروپ سے رابطہ کیا اور بلوچستان میں عدم اعتماد پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بی اے پی جام کمال گروپ کو عوامی نیشنل پارٹی کی حمایت حاصل ہیں، بی اے پی جام کما ل گروپ نےقدوس بزنجو کو نکالنے کیلئے جےیو آئی ف سے مدد مانگ لی ہے۔

    اس سلسلے میں بی اے پی اور جے یو آئی ف کے رابطوں میں تیزی آگئی ، مولانا فضل الرحمان اور جام کمال کے بلوچستان میں پی ٹی آئی گروپ سے رابطے ہورہے ہیں۔

    بی این پی بلوچستان میں تبدیلی پر اتفاق نہیں کرتی تو ان کے بغیر آگے بڑھنے پر غور کررہی ہیں ، ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں نئےقائدایوان کے لئے اکثریت رائے سے کرنے پراتفاق ہوگیا ہے۔

    آئندہ چند روز میں بلوچستان حکومت کے مستقبل پر اسلام آباد میں اہم بیٹھک کا امکان ہے۔

  • ملک وقوم کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

    ملک وقوم کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

    اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترقی کاسفر وہیں سےشروع ہوگا جہاں سے رکا تھا، ملک وقوم کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سےڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیر اعظم کوتعطل کےشکار ترقیاتی منصوبوں کےحوالے سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیرِ اعظم نے عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کرنے اور پلاننگ کمیشن کومزید فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ٹھوس پالیسیوں کی تشکیل سےمعاشی واقتصادی ترقی یقینی بنائیں گے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزارتیں اور ڈویژن باہمی تعاون کو یقینی بنائیں، فلاحی منصوبے مزید مجرمانہ غفلت کا شکار نہیں ہوں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی کاسفر وہیں سےشروع ہوگا جہاں سے رکا تھا، ملک وقوم کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

  • سابق وزیراعظم توہیلی کاپٹر پر آتے جاتے تھے، انہیں غریب سے کیا غرض؟ وزیراعظم

    سابق وزیراعظم توہیلی کاپٹر پر آتے جاتے تھے، انہیں غریب سے کیا غرض؟ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم تو ہیلی کاپٹر پر آتے جاتے تھے، انہیں غریب سے کیا غرض، لیکن میں تواسی رفتار سے کام کروں گا، جس کاعادی ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورموڑتااسلام آبادایئرپورٹ میٹروبس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس کا افتتاح میرے لئے اعزاز ہے،چین پاکستان کا عظیم دوست ہے، منصوبے میں چین، ترکی کی شرکت کا مشکور ہوں اور ترک صدر سمیت عوام کا بھی شکریہ اداکرتاہوں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ طیب اردوان مارڈرن لیڈر ہیں انھوں نے ترکی کی معیشت کو مضبوط کیا ، ترکی نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، یہ منصوبہ بدقسمتی سے تعطل کا شکار رہا، اس منصوبے کا اصل تخمینہ 16ارب تھا۔

    میٹروبس منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ یہ تحفہ اسلام آباد کے شہریوں کو2017میں نوازشریف نے دیا تھا، اس منصوبے نے 2018 میں آپریشنل ہونا تھا لیکن 2018میں حکومت بدلی تو منصوبہ بدترین تاخیر کا شکارہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرضوں پر سود کی ادائیگی اور تنخواہیں قومی آمدن سے ادا ہوتے ہیں، ہمارے دفاع کے اخراجات بھی بڑی حد تک قرضوں سے پورا کرتے ہیں، گھمبیر صورتحال ہے ، قومی ترقی و خوشحالی کے منصوبے قرضوں سے پورا کرتے ہیں۔

    پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس منصوبے کو زگ زیگ بنا دیا گیا اس کو کم کرکے 12 ارب پر لایا گیا، منصوبے کیلئے فنڈز سمیت ہرچیز موجود تھی بس کمی عزم کی تھی ، 55 روپے کلومیٹر پر وہ ہیلی کاپٹر سے دفتر اوررہائش گاہ آتے جاتے تھے، ان کو کیا غرض تھی کہ غریب کا بچےکو اسکول جانا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حالات ایسے ہیں کہ قومی خزانے کے 100روپے بھی ضائع نہیں کرسکتے، یہ منصوبہ 4سال تو کیا 4گھنٹے بھی تاخیر کا شکار نہیں ہوناچاہیےتھا، اورنج لائن بھی ہم نے چین کی مدد سے دن رات محنت کرکے مکمل کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ غلطی سب سے ہوتی ہے مگر ہوش وحواس میں قوم سے کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، پی ٹی آئی کے وکیلوں نےاورنج لائن کیخلاف تاخیر کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے وکیلوں نے گلے پھاڑپھاڑ کرکہا اس میں کرپشن ہے، اورنج لائن منصوبےمیں کرپشن کا ایک دھیلا بھی ثابت نہ ہوسکا۔

    شہباز شریف نے بتایا کہ جسٹس(ر)جاوید اقبال کے فرزند نے سپریم کورٹ میں درخواست دی ، عدالت میں پھر کہیں بعد میں جاکر اورنج لائن کیس ودڈراہوا، یہ ہیں وہ واقعات جو سینے میں نشتر چھبوتےہیں ، اورنج لائن میں ڈھائی سال کی تاخیرہوئی، قوم سے کبھی غلط بیانی نہیں کروں گا، 4سال کی تاخیر کے بعد ہم نےمنصوبے کو4دن میں شروع کیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو قوم کی خدمت نہیں کرتے ان کو خدا حافظ کہتے ہیں ، مجھے کسی سےگلہ یادشمنی نہیں، جوقوم کیلئے کام کرتا ہے قوم انہیں دعاؤں میں یاد رکھتی ہے۔

    انھوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے15بسیں ادھارلی ہیں، رمضان میں عوام میٹروبس میں مفت سفر کریں کوئی ٹکٹ نہیں ہوگی، یہ ہمت کی داستان ہے کوئی رام کہانی نہیں ہے۔

    شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومنے والوں کو کیا احساس کہ عوام کیسے سفرکرتےہیں، آج مسافرمفت میں جائیں گے انہیں کوئی ٹکٹ نہیں لینا پڑے گا تاہم رمضان کے بعد یہ منصوبہ بہت آرگنائزڈہوگا۔

    تقریب میں وزیراعظم نے کہا خدمت کا ساتھ دینا ہے یا پھرفریب کا ساتھ دیناہے، جھوٹ کا ساتھ دینا ہے یا پھر وعدوں کی تکمیل کاساتھ دینا ہے؟

    ان کا کہنا تھا کہ آپ کو گھبراہٹ ہوگی مگر عوام کی گھبراہٹ ختم ہوگئی ہے، میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کی مجھے عادت ہے، کراچی کے عوام کے لئے کے سی آربہت اہم منصوبہ ہے، چائنیزکی خدمت میں کےسی آرکیلئےعرض کروں گا۔

  • وزیراعظم نے پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم نے پشاور موڑ تا نیواسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس کا افتتاح کردیا

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئر پورٹ میٹرو بس کا افتتاح کردیا ، میٹرو بس روازنہ ہزاروں مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولت فراہم کرے کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف آج میٹروبس اسلام آباد کا افتتاح کردیا ، میٹروبس اسلام آباد پر کام تقریباً4 سال کے تعطل کے بعد شروع ہوا۔

    میٹروبس روازنہ ہزاروں مسافروں کوعالمی معیارکی سفری سہولت فراہم کرے گی ، اس سروس کی توسیع کرکے روات تک لے جایا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے پشاورموڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹروبس سروس منصوبے کا دورہ کیا ، اس موقع پر وزیراعظم نے سوال کیا تھا کہ اسلام آباد میٹرومنصوبہ طویل عرصے سے کیوں التوا کا شکار رہا؟ منصوبے پر التوا کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے میٹرو بس منصوبے کے التوا کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا 16بلین خرچ ہونےکےباوجودمنصوبہ التوا کا شکار ہونا قابل افسوس ہے۔

    شہباز شریف نے ہدایت کی کہ میٹروبسوں میں سامان رکھنےکی سہولت بھی مہیا کی جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔

    وزیراعظم نے سی ڈی اے کو 16 اپریل کو پشاور موڑ ائیرپورٹ میٹرو سروس چلانے اور بارہ کہو، روات سے پشاور موڑ تک میٹرو سروس کی فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

  • وزیراعظم ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں ، ن لیگی رہنما نے درخواست کردی

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے وزیراعظم شہباز شریف سے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ رمضان میں ایک دن میں کام کے اوقات کم ہوتے ہیں ، ہمارے پاس عید کی چھٹیوں کے کئی دن ہوں گے۔

    مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہفتے کو وفاقی ملازمین کے لیے کام کا دن بنانے کا فیصلہ کیا ، درخواست کروں گا کہ عید کے بعد اس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالتے ہی ہفتے میں دو سرکاری تعطیلات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت سرکاری دفاتر میں اب ہفتے میں صرف ایک تعطیل ہوگی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کی تھی ، جس کے بعد سرکاری دفاتر10 بجے کے بجائے صبح 8 بجے کام شروع کریں گے۔

  • فواد چوہدری کا وزیراعظم شہباز شریف کا چیلنج

    فواد چوہدری کا وزیراعظم شہباز شریف کا چیلنج

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری وزیراعظم شہباز شریف کو اخترمینگل اور اچکزئی سےپاکستان زندہ باد کا نعرہ لگوانے کا چیلنج دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ڈمی وزیر اعظم اخترمینگل اور اچکزئی سے پاکستان زندہ بادکانعرہ لگوا کے دکھا دیں۔

    گذشتہ روز فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کا نئے انتخابات کے علاوہ اور کوئی حل نہیں، شہباز شریف ایک ڈمی وزیراعظم ہے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ ہم واشنگٹن کے لگائے ہوئے اس ڈمی وزیراعظم اور کابینہ کو نہیں مانتے اور جو یہ کہتا ہے کہ واشنگٹن کی لگائی حکومت ٹھیک ہے وہ پھر پاکستان کا وفادار نہیں۔

  • امیر قطر کی وزیراعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    امیر قطر کی وزیراعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    اسلام آباد : امیرقطر شیخ تمیم بن حمد بن خلفیہ آل ثانی نے وزیراعظم شہبازشریف کومنصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد بن خلفیہ آل ثانی نے وزیراعظم شہبازشریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    امیرقطر نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کااظہار کرتے ہوئے کہا قطر دونوں ممالک کے مفادات کی حمایت اور مضبوطی کا خواہاں ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد نے پاکستان کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے، جس کی ہم بے حد قدر کرتے ہیں۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’قطر نے سستی ترین ایل این جی فراہم کر کے پاکستان کو روشن بنانے میں ناقابل فراموش مدد کی۔

  • وزیراعظم شہباز شریف  کی مسجد اقصیٰ پر حملے کی مذمت

    وزیراعظم شہباز شریف کی مسجد اقصیٰ پر حملے کی مذمت

    اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے مسجد اقصیٰ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہم فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صیہونی فورسز کی جارحیت پر اپنے بیان میں کہا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کا حملہ قابل مذمت ہے ، اسرائیل کی جانب سے تشددمیں اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں، عالمی برادری یواین چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرے۔

    یاد رہے صیہونی فورسز نے ایک بار پھر قبلہ اول پر حملہ کر دیا تھا اور نمازیوں پر گولیاں برسادیں، فائرنگ اور شیلنگ سے 150 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے تھے ۔

    فلسطینی حکام نے بتایا تھا کہ صیہونی فورسز جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوئی اور نمازیوں پر براہِ راست گولیاں چلادیں۔