Tag: وزیراعظم عمران خان

  • وزیراعظم عمران خان مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

    وزیراعظم عمران خان مسلم دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو مسلم دنیا کے با اثرترین شخصیات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا، عمران خان کے علاوہ مزید تین پاکستانی بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر نے خدمت خلق، آرٹ اینڈ کلچر، سائنس، ٹیکنالوجی، سیاست اور مذہبی معاملات میں انتظامی صلاحیتوں سمیت مختلف 13 کیٹگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ سو بااثر ترین مسلمانوں کی فہرست سال 2019 جاری کردی۔

    وزیراعظم عمران خان کا نام  مسلم دنیا کی 50 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا گیا ہے، فہرست میں عمران خان کا نام انتیسویں نمبر پر ہے۔

    جاری کردہ فہرست میں وزیراعظم عمران خان کے علاوہ مزید تین پاکستانی بھی شامل ہیں، جن میں جسٹس شیخ محمد تقی عثمانی ،امیرتبلیغی جماعت حاجی محمد عبد الوہاب، اور مولاناطارق جمیل ہے۔

    مولوی تقی عثمانی چھٹے، حاجی عبدالوہاب 19 ویں اور مولانا طارق جمیل 40 ویں نمبر پر ہیں۔

    دوسری جانب مسلم حمکران اور رہنماؤں کی فہرست میں عمران خان کا 15واں نمبر ہے۔

    مسلم دنیا پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی شخصیات میں پہلے نمبر پر ترکی کے صدر رجب طیب اردگان ، دوسرے نمبر پرسعودی فرمان رواسلمان بن عبدالعزیز، اور تیسرے نمبر پر اردن کے کنگ عبداللہ ہیں۔

    خیال رہے انتخابات 2018 میں‌ عمران خان کی قیادت میں‌پی ٹی آئی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، عمران خان اپنے پانچوں حلقوں‌ سے کامیاب قرار پائے۔

    جس کے بعد 17 اگست کو عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم متخب ہوئے اور 18 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس،  بجلی کی قیمتوں میں اضافے  کی منظوری

    وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس شروع ختم ہوگیا ، وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کو دورہ سعودی عرب پراعتماد میں لیا جبکہ بجلی کے نرخ میں اضافے کی منظوری اور پاک چین خلائی مشن معاہدے کی توثیق کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس میں‌ ختم ہوگیا، اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کودورہ سعودی عرب پراعتماد میں لیا جبکہ وزیرخزانہ نے کابینہ کوسعودی پیکج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    وفاقی کابینہ نے بجلی میں قیمتوں کے اضافے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چین کیساتھ خلائی مشنزمیں تعاون بڑھانے کے معاہدے کی توثیق کی گئی جبکہ زرعی شعبےمیں پاک چین تعاون بڑھانے کے ایم او یو کی بھی منظوری دی گئی۔

    کابینہ اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام میں بہتری کیلئے ٹاسک فورس اور نیب افسران کو بیرون ملک سفر کے دوران سہولت دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

    گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے چکی ہے۔

    مزید پڑھیں : اقتصادی رابطہ کمیٹی کی بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری

    حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً1روپے18پیسےفی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا، چھوٹے، درمیانے کمرشل صارفین کیلئے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ، 300 سے 700 یونٹس استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی دس فیصد مہنگی کی گئی۔

    تین سو یونٹ استعمال کرنےوالے بجلی کی قیمت میں اضافے سے محفوظ رہیں گے جبکہ تین سو سے سات سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین دس فیصد اضافی قیمت ادا کریں گے، سات سو یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والوں کو بجلی پندرہ فیصد مہنگی ملے گی۔

    حکومت نے بجلی سیکٹرکیلئے ایک سو اناسی ارب کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا جبکہ کمرشل اور صنعتی سیکٹر کیلئے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

    زرعی ٹیوب ویل پر بجلی کے نرخ 5 روپے 35 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے، زرعی ٹیوب ویل کے صارفین کیلئے پرانا نرخ 10روپے 35 پیسے تھا۔

  • سعودی عرب کا کامیاب دورہ ، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا

    سعودی عرب کا کامیاب دورہ ، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا

    اسلام  آباد : وزیراعظم عمران خان نےپارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا، جس میں وزیراعظم دورہ سعودی عرب،اقتصادی پیکج پر اعتمادمیں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد وطن واپسی پرپارٹی رہنماؤں کااجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں پارٹی رہنما اور ترجمان شرکت کریں گے۔

    اجلاس میں وزیراعظم دورہ سعودی عرب،اقتصادی پیکج پراعتمادمیں لیں گے اور پارٹی ترجمانوں کو کامیاب دورہ کے ثمرات اجاگر کرنے کیلئے ہدایات دی جائیں گی۔

    وزیر اعظم کے قوم سے خطاب یا ویڈیو پیغام جاری کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب: پاکستان نے 12 ارب ڈالرز کا امدادی پیکج حاصل کرلیا

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے بارہ ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا۔

    جس کے مطابق پاکستان کو تین ارب ڈالر ایڈونس دئیے جائیں گے ، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا، بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالرپاکستان کے اکاؤنٹ میں بھی رکھے جائیں گے۔

    معاہدے پر وزیرخزانہ اسدعمر اور سعودی وزیرخزانہ عبدالجدان نے دستخط کیے۔

    وزیر اعظم کے کامیاب دورے میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ معدنی ذخائر کے شعبے کی ترقی کے لیے سعودی عرب کا وفد جلد پاکستان آئے گا جبکہ ولی عہد محمدبن سلمان سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستانیوں کیلئے ویزا فیس کم کرنے کیلئے انھیں قائل کرلیا ہے۔

    سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد سعودی عرب سے آئل ریفائنری کا معاہدہ ہوگا۔

  • سعودی وزرا کی وزیراعظم سے ملاقات، مشترکہ سرمایہ کاری کے پروجیکٹس پر تبادلہ خیال

    سعودی وزرا کی وزیراعظم سے ملاقات، مشترکہ سرمایہ کاری کے پروجیکٹس پر تبادلہ خیال

    ریاض:  وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزرا نے ملاقات کی ہے، جس میں مشترکہ سرمایہ کاری کے پروجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزرا کے وفد میں وزیر خزانہ احمد الجدان، وزیرتجارت ڈاکٹرماجدالقصبی، وزیر توانائی خالد الفالح اورڈائریکٹرپبلک انویسٹمنٹ شامل تھے. سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے چیئرمین احمدالخطیب نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی.

    اس موقع پر وزیراعظم نے ملک میں انرجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر بریفنگ دی. وزیراعظم نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی سہولت کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کررہے ہیں.

    انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروباری طبقے کو کسی قسم کی دقت نہیں ہوگی، کاروباری طبقے کی سہولیات کے لئے خصوصی سیل قائم کیا جا چکا ہے.

    اس موقع پر سعودی وزرا نے پاکستانی معیشت میں دل چسپی کا اظہار کیا. سعودی وفد کے دورہ پاکستان میں طے پانے والے معاملات پر بھی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا.


    مزید پڑھیں: جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آئیں گے: وزیر اعظم

    ذرائع کے مطابق سعودی وزیرتوانائی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، اس دورے میں طے شدہ پروجیکٹس کو حتمی شکل دی جائے گی.

    واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے ریاض میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شرکت کی تھی.

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح برآمدات میں اضافہ ہے، آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے مدد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات

    وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات

    ریاض : وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور متنوع کرنے کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا کیا۔

    انہوں نے دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور متنوع کرنے کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بھی بات چیت کی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین ،مشیرتجارت عبد رزاق داوٴد وزیر مملکت ھارون شریف اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ھشام بن صدیق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات سے قبل ریاض میں سرمایہ کاری کا نفرنس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم جو بھی اصلاحات کریں گے ان کے نتائج آنے میں وقت لگے گا، فی الحال ہمیں فوری طور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے ہیں، جس کیلئے ہم سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں :  جو بھی اصلاحات ہوں گی اس کے نتائج 3 سے 6 ماہ میں آئیں گے،  وزیراعظم

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے یہ بہترین وقت ہے، قرضے ادا کرنے کے لیے رقم کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے نوجوانوں کے لیے نوکری کے مواقع پیدا کرنے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ان 2 ممالک میں شامل ہے جو نظریے کی بنیاد پر بنے۔ نیا پاکستان قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے، ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک میں بڑا مسئلہ ہے، ’ہم جو بھی اقدامات کریں گے آنے والے دنوں پر اس کا مثبت اثر ہوگا‘۔

  • وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی شاندار پذیرائی، فارم جمع کرانے کا آج پہلا دن

    وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی شاندار پذیرائی، فارم جمع کرانے کا آج پہلا دن

    اسلام آباد : وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو شاندار پذیرائی حاصل ہورہی ہے،ہاؤسنگ اسکیم کا فارم جمع کرانےکاآج پہلادن ہے، ،نادرا سینٹرز پر لوگوں کا رش لگ گیا، خاندان میں صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی۔

    وزیراعظم نیا پاکستان اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کیلئے ملک بھر سے فارمز جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، نادرا کے مقرر کردہ سینٹرز پر لوگوں کی بڑی تعداد فارم جمع کرانے کیلئے موجود ہے۔

    اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کے فارمز ساٹھ روز تک بشمول کرایا جاسکتا ہے جبکہ عوام ہفتہ اور اتوارکو بھی فارمز جمع کراسکتے ہیں۔

    اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام میں خاندان کے صرف ایک ہی فرد کی رجسٹریشن قبول کی جائے گی، شہری 21 دسمبر تک 250 روپے فیس کےساتھ فارم جمع کراسکتے ہیں۔

    ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ابتدائی طورپر7 اضلاع میں کا آغاز کیا گیا ہے، جن میں سکھر، کوئٹہ، گلگلت، مظفر آباد، سوات، اسلام آباد اور فیصل آباد شامل ہیں۔

    اسلام آباد میں نادرا میگاسینٹر اور بلیو ایری امیں فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں، فیصل آباد،سکھر،سوات،گلگت میں فارم ڈی سی آفس جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کوئٹہ نادرا اور مظفرآباد میں ڈی سی آفس میں فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں

    اسلام آباد وزیرمملکت داخلہ شہریارآفریدی نے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب میں کہا ون ونڈو سروس کے ذریعے لوگوں کو گھر دیئے جائیں گے۔

    فیصل آباد میں بھی اپنا گھرہاؤسنگ پروگرام کیلئےدرخواست وصولی کاسلسلہ شروع ہوگیا ، ڈی سی آفس میں فارم وصولی کے لئے نادرا آفس قائم کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، 50 لاکھ گھروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سکھر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم رجسٹریشن آفس کا افتتاح کیا۔

    گورنر گلگت بلتستان نے گلگت میں وزیراعظم اپنا گھر اسکیم کا افتتاح کیا اور کہا پی ٹی آئی حکومت نےپہلی بارعوامی نوعیت کے منصوبے کا آغازکیا۔

    نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا آزاد کشمیر میں آغاز ہوگیا ، وزیرامورکشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا کشمیرایک خوبصورت علاقہ ہے، آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ دیں گے۔

    یاد رہے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ‘ پروگرام کا رجسٹریشن فارم جاری کیا، جو خواہش مند شہری 12 اکتوبر سے 21 دسمبر 2018 تک مختص کردہ ضلعی ہاؤسنگ پروگرام دفاتر میں 250 روپے فیس کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔

    واضح رہے 10 اکتوبر کو وزیراعظم نے ” نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے” کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کرآئے گی، اپنا گھراسکیم ان لوگوں کیلئےجوکبھی گھربنانےکاسوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

  • ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی ذمہ داری وزیراعظم نے خود سنبھال لی

    ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی ذمہ داری وزیراعظم نے خود سنبھال لی

    اسلام آباد : ملک کو معاشی بحران سے کیسے نکالا جائے، وزیراعظم عمران خان کل سے غیرملکی دوروں کا آغاز کریں گے، عمران خان 12 دنوں میں 3 ممالک کا اہم ترین دورہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کی ذمہ داری وزیراعظم نے خود سنبھال لی اور کل سےغیرملکی دوروں کا آغاز کرنے جارہے ہیں، عمران خان 12 دنوں میں 3 ممالک کا اہم ترین دورہ کریں گے۔

    وزیراعظم سعودی عرب ،ملائشیا اورچین جائیں گے،عمران خان کل دورہ سعودی عرب کے سلسلے میں مدینہ منورہ پہنچیں گے، منگل کو ریاض میں سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جس میں سعودی قیادت کےساتھ معاشی تعاون کے پر بات چیت ہوگی۔

    عمران خان پاکستان واپسی پر سرمایہ کاروں ،صنعتکاروں کے ساتھ اعلی سطحی میٹنگز کریں گے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ 3 روز تک جاری رہے گا۔

    وزیراعظم 28 اکتوبر کو ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد سے اقتصادی تعاون پربات کریں گے اور دورہ مکمل کر کے 29 اکتوبر کو وطن واپس آئیں گے۔

    وطن واپسی پر دورہ چین سے متعلق معاشی ٹیم سے بریفنگز لیں گے اور 3 نومبر کو چین روانہ ہوں گے، دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور معاشی پیکج پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، دوست ممالک سے بات کر رہے ہیں: وزیراعظم

    ذرائع کے مطابق اگر وزیراعظم کے غیر ملکی دورے کامیاب ہوئے تو آئی ایم ایف کے آپشن پر نظرثانی ہوسکتی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، دوست ممالک سے بات کر رہے ہیں، توقع ہے کہ اپنی پالیسیوں سے بہت جلد مسائل پرقابوپالیں گے، ہوسکتا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، چاہتےہیں کہ عام آدمی کی مشکلات کو کم کیاجائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی اقتصادی مسائل کی وجہ سے میڈیا کو بھی مشکلات درپیش ہیں، ملکی معیشت کو درپیش چیلنجزسے نمٹنا اولین ترجیح ہے، مشکل فیصلے کر رہے ہیں، مگران کے مثبت نتائج ملیں گے۔

  • وزیراعظم کا اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کا اجلاس 28اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کا اجلاس 28اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کا اجلاس28 اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اجلاس میں گریڈ 21کے 10افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ اختیاراتی بورڈ کا پہلا اجلاس28 اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اجلاس میں گریڈ22 کی ترقیوں کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

    اجلاس میں گریڈ 21 کے 10افسران کو گریڈ 22 میں ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی، جن میں پبلک ایڈمنسٹریشن گروپ کے 5 اور پولیس گروپ کے 2افسران، فارن سروسز کے دو اور سیکریٹریٹ کا ایک افسر بھی شامل ہیں۔

    ترقی حاصل کرنے کی دوڑ میں50سے زائد افسران شامل ہیں۔

    اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 21 کے سینئیر افسران کی فہرستیں وزیر اعظم آفس کو بھجوادیں ہیں۔

    ایڈمنسٹریٹو سروس اور فارن سروس کے لئے سات ،سات اسامیوں جبکہ سیکرٹریٹ گروپ کی ایک اسامی کے لئے اہل افسروں کے پینل تشکیل دیئے گئے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغاز میں پنجاب اور سندھ کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ بچھاڑ کرکے 30 سے زائد اعلیٰ افسر تبدیل کردئےتھے اور وزیراعلٰی سندھ کے بہنوئی اور سابق وزیر اعلٰی سندھ کے داماد کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا تھا۔

  • وقت آگیاہےبھارت مسئلہ کشمیرکومذاکرات سےحل کرے، وزیراعظم عمران خان

    وقت آگیاہےبھارت مسئلہ کشمیرکومذاکرات سےحل کرے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے بے گناہ کشمیریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا وقت آگیاہےبھارت مسئلہ کشمیرکومذاکرات سےحل کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی فوج نے دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ کشمیریوں کے قتل کی پر روز مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیاہےبھارت مسئلہ کشمیرکومذاکرات سےحل کرے، مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں ، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیاجائے۔

    یاد رہے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں مجموعی چودہ نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    مزید پڑھیں : بھارتی فوج کی فائرنگ سے 8 کشمیری نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    کلگام کے علاقے لارو میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ایک رہائشی مکان کو گولہ بار ی کے ذریعے تباہ کیا ، جس سے تین نوجوان شہید ہوئے، عوام سڑکوں پرنکلے تو مظاہرین پر فائرکھول دیا، جس میں مزیدتین کشمیری شہید ہو گئے جبکہ فائرنگ سے متعدد کشمیری زخمی بھی ہوئے

    دوران آپریشن مکانوں کوبھی مسمارکیا اور جابجابم نصب کردیئے، تباہ حال مکان کا ملبہ اٹھاتے ہوئے دو کشمیری بم پھٹنے سے شہید ہوگئے، شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی، جنہوں نےپاکستان کےحق میں فلک شگاف نعرےلگائے۔

    پاکستان نے معصوم شہریوں کی شہادت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ  بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں۔

    کشمیری انتظامیہ نے واقعے کے بعد وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کردی ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ریاض میں  ہونے والی مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر کانفرنس  میں شرکت کے لئے آج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ ریاض میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تین روزہ کانفرنس کاعنوان ہے’’مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے اقدامات‘‘ ہے۔

    وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ اسد عمر اور وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری وزیرِ اعظم کے ہمراہ جائیں گے جبکہ وفد میں مشیرِ تجارت رزاق داﺅد، سیکریٹری خارجہ اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ شامل ہیں۔

    دفتر خارجہ نے کہا وزیراعظم کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اورمعاشی مواقع پرروشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہ سلمان ،ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے۔

    دفتر خارجہ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کو دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے دی۔

    ترجمان کے مطابق سرمایہ کاری کانفرنس میں90 ممالک سے 3ہزار 800 مندوب شرکت کررہے ہیں۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کا یہ دوسرا دورہ سعودی عرب ہے ، اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان 18 ستمبر کو دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے جو ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا، ان کے لیے خصوصی طور پر روضہ رسولﷺ کے دروازے کھولے گئے تھے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے مکہ مکرمہ میں عمرہ بھی ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر ان کے لیے خصوصی طور پر خانۂ کعبہ کا دروازہ بھی کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیے اور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔