Tag: وزیراعظم عمران خان

  • وزیراعظم عمران خان آج دو نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج دو نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان آج دو نئی ٹرینوں راولپنڈی ایکسپریس اور میانوالی ریل کار کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج دو نئی ٹرینوں کا افتتاح کریں گے اور اس کےعلاوہ وہ وزیراعظم آفس میں سول سرونٹس سے خطاب بھی کریں گے۔

    راولپنڈی ایکسپریس آج رات آٹھ بجے لاہور اور راولپنڈی سے ایک ہی وقت میں روانہ ہوگی، ٹرین میں 685 مسافروں کی گنجائش ہے۔

    دونوں نئی ٹرینوں پر پہلے روز مسافروں کو کرایوں پر50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔ ٹرینوں کی گھر سے بکنگ کرانے کے لیے آن لائن بکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

    وعدہ کرتا ہوں بھیس بدل کربھی ریل گاڑیوں کوچیک کروں گا‘ شیخ رشید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 20 دن میں 2 ٹرینیں تیارکی گئی ہیں۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کوایک سال کے اندرخسارے سے نکالیں گے، میرا سب سے بڑا ٹاسک ریلوے کے خسارے کو کم کرنا ہے۔

    وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کوایک سال کے اندرخسارے سے نکالیں گے اور ایک مرتبہ پھر ریلوے کواپنے پاؤں پرکھڑا کر کے دکھائیں گے۔

  • حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے وزیراعظم ہاوس کو اعلیٰ درجے کے تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کا بڑا اعلان کردیا اور کہا وزیرِاعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں  وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت  قومی عمارتوں کے دوبارہ استعمال سے متعلق اجلاس ہوا،  اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے میڈیاسےگفتگو میں حکومت کے انقلابی اقدامات کے اعلانات کئے۔

    وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا پی ایم ہاؤس کا سالانہ خرچہ47 کروڑ روپے سے زائد ہے لہذا وزیراعظم ہاؤس کو ایک اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا اور وزیراعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہاؤس مری کو ہیری ٹیج بوتیک ہوٹل اور پنجاب ہاؤس مری کو ٹورسٹ ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم نے کہا راولپنڈی میں پنجاب ہاؤس اور  گورنرہاؤس کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ گورنرہاؤس کے ایریا کو آرٹ گیلری اور میوزیم میں تبدیل کررہے ہیں اور گورنرہاؤس میں پارک کو عوام کیلئے کھولا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلوں پر  سندھ حکومت سے بھی مشاورت کی جائےگی، گورنرسندھ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں منتقل ہوجائیں گے جبکہ قصر ناز کراچی کو فائیو اسٹار ہوٹلز میں تبدیل کیا جائے گا۔

    شفقت محمود  نے کہا گورنرہاؤس بلوچستان، کراچی کے گورنرہاؤس اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس مال روڈ کو میوزیم میں تبدیل کرنےکی تجویز ہے جبکہ لاہور میں چنبہ ہاؤس کو گورنر ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیرتعلیم  نے بتایا  وزیراعلیٰ پنجاب آفس کو کرافٹ میوزیم میں اور نتھیاگلی کےگورنرہاؤس کواعلیٰ ریزارٹ میں تبدیل  کیاجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  باقی دیگر اہم سرکاری عمارتوں سے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گےجبکہ  ایوان صدر سے متعلق فیصلے دوسرے اجلاس میں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، تمام گورنر ہاؤسز میں کوئی بھی گورنر نہیں رہے گا، فیصلہ کریں گے کہ گورنر ہاؤسز سے عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا کرنا ہے؟

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہائش اختیار کررہا ہوں، سیکیورٹی کے پیش نظر ملٹری سیکریٹری کے 3کمروں والے گھر میں رہوں گا، بطوروزیراعظم 2ملازم اور 2گاڑیاں رکھوں گا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے،  جس میں وزارت کیڈ ختم کرنیکا معاملہ بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا چوتھا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں 7 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جارہا ہے۔

    اجلاس میں وزارت کیڈ کو ختم کرنے اور امور وزرت نیشنل ہیلتھ سروسز کےامور کی منظوری دی جائے گی جبکہ ریگولیٹری نظام کو اسٹریم لائن کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔

    وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری ، پاکستان نیوی ایکٹ 1961 میں ترمیم ، سپریم کورٹ کے فیصلے پر انکم ٹیکس ترمیم آرڈینیس شامل ہیں جبکہ اثاثہ جات کی وصولی یونٹ کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اجلاس میں تنخواہ دار طبقہ کو ٹیکس چھوٹ کم کرنے سے متعلق منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

    کابینہ اجلاس میں متعدد پرتعیش اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے اور انکم ٹیکس کی شرح تیس جون سے پہلے والی سطح پر لانے کی تجویز پر غور ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے ایف بی آراگرمتبادل تجویزدےتو انکم ٹیکس بڑھایا نہیں جائے گا۔

    کابینہ کی منظوری کے بعد بل قومی اسمبلی اور پھر سینیٹ سے منظور کرایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت محصولات میں 4ہزار ارب روپے کا اضافہ چاہتی ہے، ایف بی آر کے متبادل تجویز دینے پر بل مؤخر کیا جاسکتا ہے۔

    وزیرخزانہ اسد عمر ای سی سی کے فیصلوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

    یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی کابینہ پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی جبکہ تیسرے اجلاس میں صدر نیشنل بینک کو ہٹانے اور جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

  • حکومت، عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ ہیں، وزیراعظم عمران خان

    حکومت، عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ ہیں، وزیراعظم عمران خان

    راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے، آئی ایس آئی دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، عمران خان نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو اسٹریٹجک انٹیلی جنس، قومی سلامتی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، عمران خان نے قومی سلامتی کے لیے آئی ایس آئی کی خدمات کو سراہا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ایس آئی دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی میں شمار ہوتی ہے، آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت، عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسی کے ساتھ ہیں، حکومت اور عوام اداروں کی بے مثال قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

    دوسری جانب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء نے بھی آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم، وفاقی وزراء کو آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے بریفنگ دی۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا جی ایچ کیو کا دورہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہیں طویل بریفنگ دی گئی تھی۔

  • وزیر اعظم اور آرمی چیف کا بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار

    وزیر اعظم اور آرمی چیف کا بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ بیگم کلثوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت بیگم کلثوم نوازکی فیملی کو قانون کے مطابق سہولت دے گی جبکہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو لواحقین کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز بہادرخاتون تھیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرکہا کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی  ہے کہ اللہ بیگم کلثوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

    یاد سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز طویل عرصہ برطانیہ میں زیرِ علاج رہنےکے بعد آج انتقال کرگئیں ، وہ طویل عرصے سے گلے کے سرطان میں مبتلا تھیں۔

    بیگم کلثوم نواز کی طبعیت کافی عرصے سے ناساز تھی ، اور انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ 12 جولائی کو وہ کومے سے ہوش میں آئی تھیں جبکہ ان کی طبعیت بہتر بھی ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں گھر پر منتقل کیا گیا تھا، لیکن پھر طبعیت بگڑنے پر انہیں واپس اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

  • وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھا لیا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء سے حلف لیا جبکہ میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع کر دی گئی، جس کے لئے نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں 6 نئے وزراء نے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزراء سے حلف لیا۔

    حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزرا ء اور تین وزرائے مملکت شامل ہیں۔

    علی محمد خان، عمر ایوب، علی زیدی نے وفاقی وزیر جبکہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیرمملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

    کابینہ میں شامل عمر ایوب کو وفاقی وزیر برائے توانائی جبکہ علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا ہے، دیگر وزرا کے عہدوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    نئے وزراء اور وزرائے مملکت کی شمولیت کے بعد وفاقی کابینہ کی کُل تعداد 28 ہوگئی ہے۔

    دوسری جانب محمد میاں سومرو نے وزیر مملکت کا عہدہ لینے سے انکار کردیا اور حلف نہیں اٹھایا، محمدمیاں سومرو سابق چیئرمیں سینٹ اور نگراں وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیرِ اعظم عمران خان کا وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

    یاد رہے 3 روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 نئے وزرا کابینہ میں شامل کر دیے تھے، جن میں تین وفاقی وزیر اور ایک وزیرِ مملکت شامل تھے جبکہ اس فیصلے پر عمل در آمد صدارتی انتخاب کے بعد ہونا تھی۔

    واضح رہے 20 اگست کو پہلے مرحلے میں وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔

  • امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کراچی ترقی کرےگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے بابائے قوم محمد علی جناح کی برسی کے دن مزار قائد پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    مزار قائد پرحاضری کے بعد وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ سے متعلق13مئی کو مطالبہ کیا جوڈیشل انکوائری کی جائے، ہم پرجھوٹےمقدمے بنائے گئے اس کے باوجود پیش ہوتے ہیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ ڈیم بنانے سے متعلق وفاقی حکومت کوشش کررہی ہے، امید ہے پانی کے مسائل کے حل کے لیے ڈیم بنائے جائیں گے، چھوٹے اوربڑے ڈیم بننے سے پانی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی وفاقی منصوبے کراچی میں وقت پرنہ شروع ہوتے ہیں نہ مکمل ہوتے ہیں، مسائل کے حل کے لیے کراچی کو کم ازکم 9 ارب چاہئیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ پہلے بھی کراچی کے لیے اسکیمیں وفاق وصوبائی حکومت کو دیں، امید ہے اس حکومت میں جواسکیمیں دوں گا اس پرعمل ہوگا۔

    قائداعظم کے آٹھ ایسے فرمودات‘ جن پرآج بھی عمل کی ضرورت ہے

    واضح رہے کہ آج بانی ٔ پاکستان محمد علی جناح کی 70 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔

  • برطانیہ کے بزنس ٹائیکون انیل مسرت کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

    برطانیہ کے بزنس ٹائیکون انیل مسرت کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات

    اسلام آباد : برطانوی پراپرٹی ٹائیکون انیل مسرت نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں 50لاکھ مکانات کی تعمیرسے متعلق مشاورت کی گئی ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ مکانات کی تعمیر کے وعدے کی تکمیل کے لئے فوری اقدامات کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں وزیراعظم کی دعوت پر برطانیہ کے بزنس ٹائیکون انیل مسرت صاحبزادہ عامر جہانگیر کے ہمراہ مانچسٹر سے پاکستان پہنچے۔

    وزیراعظم عمران خان سے برطانوی پراپرٹی ٹائیکون انیل مسرت کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں انیل مسرت سے50لاکھ مکانات کی تعمیر، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نئی پالیسیوں اور اہم فیصلوں پر مشاورت کی۔

    خیال رہے انیل مسرت برطانیہ میں پراپرٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کا شمار برطانیہ کی امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے پچاس لاکھ گھر وں کی تعمیر سے متعلق اجلاس میں برطانوی بزنس ٹائیکون انیل مسرت بھی شریک تھے۔

    مزید پڑھیں :  وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بےگھر افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کیا اور کمیٹی دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے تقریر میں انیل مسرت کو پاکستان بلانے کا عندیہ دیا تھا جبکہ انیل مسرت عام انتخابات کے دن بھی عمران خان کے ساتھ تھے۔

  • وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیرکی خود نگرانی کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم 50 لاکھ مکانات کے تعمیر کی خود نگرانی کریں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے۔

    تٖفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ملک میں پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 50 لاکھ مکانات کی تعمیر کے طریقہ کار اور اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ ہاؤسنگ سیکٹر کی طلب اور کمی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے بے گھر افراد کو سستے گھروں کی فراہمی کے منصوبے کی اونر شپ خود لینے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے کمیٹی کو ہدایت کی کہ دو ہفتے میں حتمی سفارشات مرتب کی جائیں تاکہ منصوبے کا جلد از جلد اعلان کیا جاسکے۔

    اس موقع پروزیراعظم عمران خان نے کہا پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر اور کچی آبادیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں ریگولیٹ کرنا حکومت کا اہم ایجنڈا ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بے گھر افرادکی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا بلکہ اسکے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ہاؤسنگ سیکٹر اور منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے گیسٹ ہاؤسز اور دیگر سرکاری عمارتوں و زمین سے ہاؤسنگ پروگرام کےلئے خاطر خواہ وسائل اکھٹے کئے جا سکتے ہیں۔

    یادرہے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر5 سال میں 50لاکھ گھر بنائیں گے، منصوبہ مذاق نہیں ہم کر کے دکھائیں گے۔

    پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی کے منشور کا بھی حصہ تھا، عمران خان کا کہنا تھا بلین ٹری سونامی کی طرح ہاؤسنگ اسکیم لے کر آئیں گے،منصوبے پر عملدرآمد میں کامیاب ہوگئے تو معیشت اٹھے گی اور روزگار ملے گا، منصوبے کے ذریعے نئی تعمیراتی کمپنیاں آئیں گے، روزگار کا مسئلہ حل ہوگا، منصوبے کیلئے پاکستان بلڈنگ ایسوسی ایشن سے مدد لی جائےگی۔

  • ایم کیو ایم کا ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان

    ایم کیو ایم کا ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان

    کراچی : ایم کیو ایم نے ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کردیا اور کہا کہ تنخواہیں بہت چھوٹی چیز ہے، ہماری تمام سیاسی اور اخلاقی حمایت وزیراعظم کی ڈیم فنڈ مہم کے ساتھ ہے۔

    تفصلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما اور وفاقی وزیر خالد مقبول نے ڈیم فنڈز کی مہم میں وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تنخواہیں بہت چھوٹی چیز ہے، وزیراعظم کی ڈیم فنڈمہم کی سیاسی واخلاقی حمایت کرتے ہیں۔

    وزیر برائے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کراچی، اندرون سندھ ڈیم فنڈمہم کو لیڈ کرے گی اور فنڈز اکٹھا کرنے سڑکوں پر نکلے گی۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا آبی ضروریات سیاسی مجبوریوں اور مفادات کی نظر ہو چکی ہیں ، سب لوگ کارخیر میں حصہ ڈالیں اور وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کریں۔

    رہنما ایم کیو ایم نے فاروق ستار کے حوالے سے بھی بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا فاروق بھائی ہمارے سینئر اور بھائی ہیں ، وہ کہیں نہیں جارہے، وہ ہمارے ساتھ ہیں ،کبھی نظر نہیں آتے تو مطلب ناراضی نہیں۔

    مزید پڑھیں : ڈیمز کی تعمیر، وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل

    واضح رہے گذشتہ روز وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔