Tag: وزیراعظم عمران خان

  • کالعدم تحریک لبیک کے معاملات پر کل کابینہ میں بحث ہوگی، اہم  فیصلے متوقع

    کالعدم تحریک لبیک کے معاملات پر کل کابینہ میں بحث ہوگی، اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کو کالعدم جماعت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق آگاہ کردیا گیا ، کالعدم جماعت تحریک لبیک کے معاملات پرکل کابینہ میں بحث ہوگی، جس کے بعد اہم فیصلے متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم جماعت اور تاجروں کے احتجاج کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا۔

    ذرائع نے بتایا اجلاس میں کالعدم جماعت سے مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم کو وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے بریفنگ دی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران شیخ رشیدنے وزیر اعظم کو کالعدم جماعت سے مذاکرات سمیت دیگر امور سے آگاہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت تحریک لبیک کے معاملات پرکل کابینہ میں بحث ہوگی اور وفاقی کابینہ میں موجودہ صورتحال کے پیش نظراہم فیصلے متوقع ہیں۔

    یاد رہے حکومت پاکستان کے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں اور دیگر مطالبات پر کافی سارے نکات طے ہوئے ہیں، منگل تک ان کے مطالبات کو حتمی شکل دیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے

    ریاض : وزیراعظم عمران خان آج مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کریں گے جبکہ سعودی قیادت اوراعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں مشرق وسطی گرین انیشیٹو کانفرنس کا آج سے آغاز ہورہا ہے ، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔

    سربراہی کانفرنس کے دوران وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چینلجز پر اپنا نکتہ نظر بیان کریں گے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قدرتی طریقوں پر مبنی پاکستانی تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ جدہ سے ریاض پہنچے تو ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنرریاض نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیراعظم سعودی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ملکوں سمیت خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوگا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پرہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر توانائی حماداظہر اور ملک امین اسلم بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم نےاہلیہ اور وفد کے دیگرارکان کے ہمراہ پہلےروضہ رسولﷺ پرحاضری دی نوافل ادا کیے اور بعدازاں عمرہ ادائیگی کی سعادت بھی حاصل کی۔

  • انشاءاللہ بھارت سے ضرورجیتیں گے، وزیراعظم قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کیلئے پُرامید

    انشاءاللہ بھارت سے ضرورجیتیں گے، وزیراعظم قومی کرکٹ ٹیم کی جیت کیلئے پُرامید

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت ٹاکرے پر قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انشاء اللہ بھارت سے ضرورجیتیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان پاک بھارت ٹاکرے پر قومی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جیت کیلئے امید ظاہر کی۔

    وزیراعظم نے سعودی عرب روانگی سے قبل قریبی رفقا سے کرکٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ٹیم میں ٹیلنٹ موجودہےبھارت کیخلاف کامیاب ہوگی، دعاہےقومی ٹیم بھارت کوشکست دے۔

    عمران خان نے کہا ہم انشا اللہ بھارت سے ضرور جیتیں گے۔

    یاد رہے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے، جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

  • حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، وزیراعظم

    حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، وزیراعظم

    لاہور : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہے، پائیداراقدامات کرکےزیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں چیف سیکریٹری پنجاب کامران افضل ،آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان بھی موجود تھے۔

    ملاقات میں وزیراعظم کو مہنگائی کی روک تھام کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور مہنگائی پر قابو پانے سمیت امن و امان کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کی تکلیف سے پوری طرح آگاہ ہیں، حکومت پائیداراقدامات کرکےزیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنا رہی ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئےپرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کی گئی ہیں، منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

    وزیراعظم نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا عوام کے فائدے کیلئےفلاحی منصوبوں کےبہترین معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کیلئےبرابر ہے، قانون کی بالادستی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

  • سعودی ولی عہد کی دعوت ، وزیراعظم  کل 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    سعودی ولی عہد کی دعوت ، وزیراعظم کل 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کی دعوت پر کل تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے وزیراعظم عمران کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم 23 سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب کادورہ کریں گے ، دورہ سعودی شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر کیا جارہا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور کابینہ ارکان سمیت اعلیٰ سطح وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا، دورے کے دوران وزیراعظم انیشیٹو مشرق وسطیٰ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سےبھی ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دونوں ممالک سمیت خطےکی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوگا جبکہ وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےبزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی علامہ طاہرمحموداشرفی لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوگئے ، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں ، گرین پاکستان گرین مشرق وسطیٰ و سعودی عرب منصوبہ دنیاکیلئےتحفہ ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان  23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے، دورے کے دوران عمران خان سعودی قیادت سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ گرین انیشیٹیوکانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب روانہ ہوں گے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 3 روز کا ہو گا، جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسول ﷺپرحاضری دیں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور گرین انیشیٹیوکانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم کو سعودی ولی عہدمحمدبن سلمان ‏نےکانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی ، ولی عہدکی طرف سے دورے کی دعوت سعودی سفیرنےوزیراعظم کو ‏پہنچائی۔

    خیال رہے موسمیاتئ تحفظ اور ماحولیات سے متعلق اہم چیلنجوں کا سامنا کرنے میں عالمی برادری کی کوششوں کی حمایت میں مملکت کے اہم کردار کی بنیاد پر دارالحکومت ریاض میں 23 سے گرین مڈل ایسٹ اینیشی ایٹیو فورم کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جو25 اکتوبر 2021 تک جاری رہے گا۔

    اس ضمن میں سعودی عرب نے دعوت نامے کئی عالمی سربراہان مملکت اور حکومتی عہدیداروں کے علاوہ مدعو ممالک کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز اور کئی دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان ، ماہرین تعلیم ، ماحولیاتی میدان کے ماہرین اور سول سوسائٹی کے اداروں کے سربراہان کو ارسال کردیئے ہیں۔

    واضح رہے کہ مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کانفرنس میں پاکستان سعودی عرب موسمیاتی تبدیلیوں پر منصوبہ بندیوں پر ہم خیال ہے۔

    یہ قابل ذکرہے کہ سبز سعودی عرب اور سبز مشرق وسطیٰ کے اقدامات کا ہدف خطے میں 50 ارب درخت لگانا اور کاربن کے اخراج کو عالمی شراکت کے 10 فیصد سے زیادہ کم کرنا ہے، تاکہ ماحولیاتی چیلنجوں کا سامنا کرنے اور ان پر قابو پانے میں مدد دی جاسکے اور زمین کی حفاظت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے۔

  • ایم کیو ایم کا عبد القدیر خان کے نام پر کوئی شہر، ایئرپورٹ یا تاریخی عمارت منسوب کرنے کا مطالبہ

    ایم کیو ایم کا عبد القدیر خان کے نام پر کوئی شہر، ایئرپورٹ یا تاریخی عمارت منسوب کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایم کیو ایم نےعبدالقدیرخان کے نام پر کوئی شہر، ایئرپورٹ یا تاریخی عمارت منسوب کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا۔

    وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے ڈاکٹرعبدالقدیر خان کیلئےفاتحہ خوانی کی ، اجلاس میں ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ عبدالقدیرخان کے نام پر کوئی شہر،ایئرپورٹ یا تاریخی عمارت منسوب کی جائے۔

    ایم کیو ایم نے انتخابی اصلاحات میں اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ کیا ، وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہم اتحادی ہیں انتخابی اصلاحات میں ہمیں اعتماد پر لیں، جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ کا شکوہ جائز ہے ایم کیو ایم کو اعتماد میں لیں گے۔

    اجلاس میں جی ڈی اے نے بھی انتخابی اصلاحات پر ایم کیو ایم کی حمایت کر دی۔

  • ‘وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے’

    ‘وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے’

    اسلام آباد : وزیراعظم  عمران خان گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے، حکام نے بتایا کہ کلین گرین پاکستان مہم جاری ہے، جس پر 800 ملین ڈالر لگائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کا سیمی ایزدی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں حکام وزارت نے بتایا کہ کلین گرین پاکستان مہم جاری ہے، جس پر 800ملین ڈالرلگایا گیا۔

    وفاقی وزیرزرتاج گل نے کہا کہ 2030تک کئی منصوبے ہیں جن میں ای وہیکل بھی شامل ہیں، اس دفعہ اسموگ میں کمی ہو گی جبکہ 2000 غیر قانونی پیٹرولیم ایجنسیز کو بند کیا گیا ہے۔

    رکن کمیٹی تاج حیدر کا کہنا تھا کہ گوادر پر300میگاواٹ سولرکیوں نہیں لگاتے، ہم زیادہ وقت اس پرلگاتے ہیں کہ باقی کیا کر رہے ہیں، لوگوں نے کراچی اور تھرمیں سولرلگارکھے ہیں، لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی۔

    جس پر زرتاج گل نے کہا ہم نے تو کہا تھا کہ ساری سرکاری عمارتوں کو سولر پر کر دیں،حکام وزارت نےبتایا کہ وزیراعظم گلاسکو میں ہونیوالی موسمیاتی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

  • کوئی ہمارے پیغمرﷺ کی توہین کرے گا تو اس کا سخت ردعمل دیں گے، وزیراعظم

    کوئی ہمارے پیغمرﷺ کی توہین کرے گا تو اس کا سخت ردعمل دیں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اسلاموفوبیا کے معاملے پر مسلم ممالک کو بھی ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کوئی ہمارے پیغمر ﷺ کی توہین کرے گا تو اس کا سخت ردعمل آئے گا ، اس صورتحال سے نکلنے کیلئے ہمیں ایک لائحہ عمل پراتفاق کرنا ہو گا ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مڈل ایسٹ آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ چین ایک ابھرتی ہوئی طاقت ہے، افغانستان میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، افغانستان خطے کے ممالک کیلئے اہم تجارتی راہداری ہے، وسط ایشیائی ریاستیں بحر ہند اورافغانستان کےراستے پاکستان تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خانہ جنگی سے بہت تباہی ہوئی ، پاکستان خطے میں اقتصادی تعاون کا فروغ چاہتا ہے، طالبان نے 20سال بعد افغانستان میں حکومت سنبھالی ہے، دنیا کو افغانستان کیساتھ ہر صورت بات چیت کرنی چاہیے، افغانستان کو تنہا چھوڑنے سے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

    افغان حکومت کی جانب سے داعش کیخلاف آپریشن کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ داعش سے چھٹکاراحاصل کرنے کیلئے طالبان بہترین آپشن ہیں، طالبان پر پابندیوں سے انسانی بحران جنم لےگا، امریکا کو افغانستان کی صورتحال کی وجہ سے دھچکا لگاہے۔

    امریکا سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ امریکا شاید اپنے جرنیلوں کے کہنے پر افغانستان میں پھنسا رہا، افغانستان میں امریکا کےجرنیل مزید فوج اور وقت مانگتے رہے، افغانستان میں طالبان کا پرامن انتقال اقتدار ہواہے، اس حوالے سے امریکا کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

    عمران خان نے کہا افغان عوام نے کرپٹ اورکٹھ پتلی حکمرانوں کومسلط دیکھا، امریکی عوام کو افغانستان کی اصل صورتحال سے گمراہ رکھاگیا، ایک کرپٹ اور کٹھ پتلی حکومت کیلئے افغان عوام کیوں ساتھ دیتے۔

    افغانستان میں جامع حکومت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ایک جامع حکومت چاہتے ہیں، افغانستان کے پڑوسی ممالک بھی جامع حکومت چاہتے ہیں، افغانستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کیلئے ماحول تبدیل نہیں ہوا، کابل کی ثقافت دیگر کے مقابلے میں مختلف ہے، طالبان کی تحریک ایک پختون تحریک ہے۔

    دہشتگردی کیخلاف جنگ سے متعلق انھوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے 16ہزار واقعات ہوئے ، ہم دہشت بگردی کیخلاف 80 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا، 50کےقریب مختلف گروپس تھے جو پاکستان میں حملہ آورہوئے، قبائلیوں نے بتایا زیادہ تر شدت پسند ڈرون حملوں کی پیداوار ہیں۔

    عمران خان کا کا کہنا تھا کہ امریکا کی جنگ کا حصہ بننے پر یہ گروپس پاکستان پر حملہ آورہوئے، امریکا کا ساتھ بن کر کسی ملک نے اتنا نقصان نہیں اٹھایاجتنا پاکستان نے اٹھایا، نائن الیون کے بعد پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایاگیا۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ ہم ایسے گروہوں سے بات کررہےہیں جو صلح چاہتے ہیں اور وہ جو ہتھیار پھینک کرنارمل زندگی گزارناچاہتے ہیں ، جو نہیں مانیں گےان کےخلاف ایکشن ہوگا، ہم کسی مسلح تنازع کا دوبارہ حصہ نہیں بننا چاہتے ، مضبوط طالبان حکومت دہشت گردوں سے نمٹ سکتی ہے، افغان حکومت کے بجٹ کا 75فیصد انحصار بیرونی امداد پر ہے۔

    اسلاموفوبیا سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام مسلمانوں کو ہدف بنانے کو اسلاموفوبیاکہتے ہیں، مسلم ممالک نے یہ موقع ہی کیوں دیا کہ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑا جاسکے ، اسلاموفوبیا کے معاملے پر میں مسلم ممالک کو بھی ذمہ دار ٹھہراتاہوں ، کوئی بھی مذہب دہشتگردی کو فروغ نہیں دیتا، وائرس کی طرح دہشت گردی کوکسی قوم سےمنسلک نہیں کیاجاسکتا۔

    وزیراعظم نے مغربی ممالک کے حوالے سے کہا کہ مغرب میں لوگوں کا مذہب پر تصوروہ نہیں جو ہماراہے، مجھے معلوم ہے کہ مغربی ممالک میں مذہب کی کیا صورتحال ہے، مغرب میں رسولﷺ کی اہمیت کونہیں سمجھاجاتا یہ ہم پر ہے کہ واضح کریں، جس طرح یہودیوں کو ہولوکاسٹ سےدکھ پہنچتاہےاسی طرح کااحساس مسلمانوں میں بھی ہے۔

    عمران خان نے واضح کیا کہ کوئی ہمارے پیغمرﷺ کی توہین کرے گا تو اس کا سخت ردعمل آئے گا ، اس صورتحال سے نکلنے کیلئے ہمیں ایک لائحہ عمل پراتفاق کرنا ہوگا، پاکستان میں توہین رسالت کا قانون موجود ہے،رسول اللہ ﷺکی مسلمانوں کےلیےاہمیت کومغرب میں نہیں سمجھاجاتا، مسلمانوں کے نزدیک رسول اللہﷺکی اہمیت مغرب پرواضح کرنی ہوگی۔

    مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا اس وقت مشکلات کا شکار ہے، شام سے یمن تک ہر جگہ مسلمان مر رہےہیں، دنیا کشمیر کو پاکستان کے اپنے قومی مفاد کا مسئلہ سمجھتی ہے، میرا نقطہ نظر یہ ہے کہ کیوں دنیا کشمیر کے معاملے پر بات نہیں کرتی، انسانی حقوق کے معاملے پر کیوں بھارت کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایاجارہا۔

    عمران خان نے کہا کی کشمیر متنازع علاقہ ہے جس کی توثیق اقوام متحدہ نے کی ہے،بھارت مقبوضہ کشمیرمیں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کررہاہے، کشمیریوں کو ان کا سیاسی ،اخلاقی حق ملنا چاہیے۔

    کشمیر میں بھارتی جارحیت سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت غیر معینہ مدت تک کشمیریوں کو کھلی جیل میں نہیں رکھ سکتا، کشمیر میں صورتحال جتنی خطرناک ہے اس مسئلے کو نظرانداز کردیاگیا، مشرقی تیمورکےلوگوں کواپنےمستقبل کافیصلہ کرنےکاحق دیاگیا، یہ حق کشمیر کے لوگوں کوکیوں نہیں دیاجاتا۔

    بھارت اور اسرائیل تعلقات کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں بھارت اور اسرائیل بہت قریب ہیں، نریندرمودی اسرائیل کا دورہ کرتا ہے، واپس آکر کشمیر پر چڑھائی کردیتاہے، بھارت کو امریکا کی ویٹو پاور کا اندازہ ہے اس لئے وہ بچ نکلتاہے، دنیا میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کشمیر میں ہورہی ہے، پاکستان اپنے لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کرتا۔

    ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں ٹریکنگ کیلئے بہترین ملک ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے تحت دیکھ سکتے ہیں درجہ حرارت میں اضافہ ہورہاہے، آئندہ ماہ لندن میں ہونیوالی ماحولیاتی کانفرنس میں شرکت کا سوچ رہاہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے رونما ہونیوالے واقعات پر اب لوگوں کو احساس ہورہاہے، پاکستان جیسے ممالک اپنی حیثیت سے بڑھ کر کام کررہےہیں، ہم پاکستان میں 10ارب درخت لگارہےہیں ، ہم مختلف طریقوں سے پانی کے ذخائر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    انگلینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتاہوں انگلینڈ میں یہ احساس ہے کہ پاکستان جیسے ممالک سے کھیل کر احسان کرتے ہیں، بھارت امیر کرکٹ بورڈ ہے وہ عالمی کرکٹ کو کنٹرول کرتاہے، میں سمجھتاہوں دورہ پاکستان منسوخ کرکے انگلینڈ نے خود کو مایوس کی اہے، اگر پاکستان میں کسی ٹیم کیساتھ کچھ ہوتاہے تو ہماری ذمہ داری ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھتاہوں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیم نے مایوس کیاہے، کورونا کے دوران پاکستان ٹیم انگلینڈ گئی کیونکہ اور کوئی ٹیم جانے کو تیارنہ تھی، پاکستان کی ٹیم انگلینڈ نہ جاتی تو ان کو کیسا محسوس ہوتا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس ، ملکی  اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

    قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس ، ملکی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی اورافغانستان کی صورتحال سمیت بارڈرز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، جس میں آرمی چیف،پاک بحریہ ،پاک فضائیہ کےسربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویزخٹک، وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف بھی موجود تھے۔

    وزیرداخلہ شیخ رشید نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ اجلاس میں ملکی اورافغانستان کی صورتحال سمیت بارڈرز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تمام ملکی حالات پر تفصیلی اور افغانستان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

    کمیٹی اجلاس میں ایل اوسی سمیت بارڈر مینجمنٹ پربھی بریفنگ دی گئی اور افغانستان سےمتعلق دنیا کا نقطہ نظر،امن کوششوں کا احاطہ کیا گیا۔

    یاد رہے اگست میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس ہوا تھا ، جس میں افغانستان کی صورت حال اور اس کے پاکستان پر اثرات پربریفنگ دی گئی۔

    اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ افغان مسئلے کا کبھی کوئی فوجی حل نہیں تھا، پاکستان افغان مسئلے کے جامع سیاسی حل کے لیے پرعزم ہے۔