Tag: وزیراعظم عمران خان

  • وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی

    وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ میں مسجد تعمیر کروادی، اس سے پہلے بنی گالہ میں نمازکے لئے مخصوص جگہ متعین نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں مسجد تعمیر کروادی، وزیراعظم نے نئی تعمیر شدہ مسجد کا دورہ کیا اور نماز بھی ادا کی۔

    وزیراعظم نے مسجد کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کیا، مسجدکی تعمیر رہائش گاہ میں باجماعت نمازکی ادائیگی کے لئے کرائی گئی۔

    خیال رہے اس سے پہلے بنی گالہ میں نمازکےلئےمخصوص جگہ متعین نہیں تھی اور بڑی تعداد میں پارٹی رہنما بھی انفرادی طور پر لان میں ہی نماز ادا کرتے تھے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی سرکارہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تو  عمران خان نے ننگے  پاؤں مدینہ کی سرزمین پرقدم رکھا اور روضہ رسول پرحاضری دی اورریاض الجنتہ میں دعائیں مانگیں تھیں۔

    وزیراعظم کے لئے روضہ رسولﷺ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا تھا۔

  • پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو ، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری

    پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو ، باضابطہ نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر کےبعد سے جاری تمام نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دئے گئے ہیں، حکم نامے کا اطلاق مرکزی تنظیم اور تمام شعبہ جات پر ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا فیصلہ کیا گیا ، عمران خان نے سیکرٹری جنرل ارشدداد کو ٹاسک دیا اور تنظیم نوسےمتعلق کام کی ہدایت کی۔

    جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم نو کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد کی جانب سے جاری کیا گیا۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ جنرل الیکشنز کےبعد پارٹی تنظیم نوکے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، یکم اکتوبر کےبعد سے جاری تمام نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیئے جا چکے ہیں ،حکم نامے کا اطلاق مرکزی تنظیم اور تمام شعبہ جات پر ہوگا، صوبہ سندھ میں کی جانے والی تعیناتیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق حکومتی عہدے رکھنے والے وزرا،مشیروں سےپارٹی عہدوں کی واپسی کی تجویز دی گئی ہے ، مصروفیات کےباعث وزرا،مشیرپارٹی امورکیلئےوقت نہیں دےپارہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تنظیم نوپارٹی آئین کےتحت کی جائےگی ، تنظیم نو قومی اور یونین کونسل سطح تک کی جائے گی، پارٹی کےاہم عہدےنئےلوگوں کو دئیے جا سکتے ہیں جبکہ پارٹی چیئرمین کا عہدہ عمران خان کے پاس رہنے کا امکان ہے۔

    حکومتی عہدیداروں سے پارٹی عہدوں کی واپسی کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔

  • کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا، آخر تک جاؤں گا،وزیراعظم عمران خان

    کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا، آخر تک جاؤں گا،وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی دباؤمیں نہیں آؤں گاآخرتک جاؤں گا، شہبازشریف نیلسن منڈیلابننےکی کوشش کررہےتھے، اتنے ثبوت موجودہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز نے ملاقات کی ، ملاقات میں اہم قومی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر عمران خان نے کہا کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا آخر تک جاؤں گا، اپوزیشن اپنی جائیدادیں بچانے کیلئے متحد ہوئی ہے، موجودہ اپوزیشن حقیقی اپوزیشن نہیں ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نیلسن منڈیلابننےکی کوشش کررہےتھے، اتنےثبوت موجودہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے، عوام پرپہلےہی بہت بوجھ ہےمزیدنہیں ڈالنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ  مجھے پیغام بھجوایا گیا کہ پیسے لے لیں اور شریفوں کوچھوڑدیں، مگر نہ تو کوئی این آراو ہوگا، نہ ہی کسی دباؤ میں آئیں گے۔

    مزید پڑھیں : میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے: وزیراعظم کی صحافیوں سے گفتگو

    اس سے قبل 31 اگست کو وزیراعظم نے سینئر صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں کہا تھا کہ نقید ضرور کریں، گھبراتا نہیں مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے، میڈیا حکومت کو تین ماہ کا وقت دے، پھرکھل کر تنقید کرے، تین ماہ میں گڈگورننس کے معاملے میں واضح تبدیلی دیکھیں گے۔

    عمران خان کے مطابق انھوں‌ نے چیئرمین نیب کو کہا ہے کہ بلاامتیاز احتساب کیا جائے، اگر حکومتی رکن کرپشن میں ملوث ہے، تو ان کے خلاف بھی کارروائی کریں. جب تک ملک میں احتساب نہیں ہوگا، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

  • وزیراعظم عمران خان کا امرتسرحادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

    وزیراعظم عمران خان کا امرتسرحادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے امرتسر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، ٹرین حادثے میں ساٹھ افراد ہلاک اور ستر سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی شہر امرتسر میں ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بھارت کے امرتسر شہرمیں ریلوے ٹریک کے قریب دسہرے کا تہوار منایا جا رہا تھا، جہاں بڑی تعداد میں لوگ پٹری پر موجود تھے، پولیس نے لوگوں سے ٹریک پر سے ہٹنے کی اپیل کی لیکن شو ر اتنا تھا کسی نہ سنا اور ٹرین آگئی۔

    جس کی زد میں آکر ساٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

    مزید پڑھیں : امرتسر: تیز رفتار ٹرین نے سیکڑوں لوگوں‌ کو کچل دیا، 50 ہلاک، متعدد زخمی

    ریلوے حکام نے ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ریلوے ٹریک ٹرین کیلئے بنایا گیا ہے ۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امرتسر کے قریب پیش آنے والا واقعہ دل سوز ہے، میں تمام متاثرہ افراد سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

  • سرمایہ کاری کانفرنس: وزیراعظم 23 اکتوبر کو ریاض جائیں گے

    سرمایہ کاری کانفرنس: وزیراعظم 23 اکتوبر کو ریاض جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سعودی عرب میں ہونے والی مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر کانفرنس میں شرکت کے لیے 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں 23 اکتوبر سے مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات پر کانفرنس کا آغاز ہوگا، جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو ریاض پہنچیں گے۔

    دفتر خارجہ نے کہا وزیراعظم کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اورمعاشی مواقع پرروشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کو دورے کی دعوت شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے دی، وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سےبھی ملیں گے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شاہ سلمان ،ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں90 ممالک سے 3ہزار 800 مندوب شرکت کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان 18 ستمبر کو دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب گئے تھے جو ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا، ان کے لیے خصوصی طور پر روضہ رسولﷺ کے دروازے کھولے گئے تھے۔

    مزید  پڑھیں:  وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    وزیرِ اعظم عمران خان نے مکہ مکرمہ میں عمرہ بھی ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر ان کے لیے خصوصی طور پر خانۂ کعبہ کا دروازہ بھی کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیے اور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کےدورہ چین سے پہلےسی پیک کیلئےقائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو

    وزیراعظم عمران خان کےدورہ چین سے پہلےسی پیک کیلئےقائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین سے پہلے سی پیک کیلئے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو کردی اور کمیٹی ممبران میں اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے قبل اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ، وزیراعظم نے سی پیک کیلئے قائم کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پر کمیٹی ممبران میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد کمیٹی ارکان کی تعدادبارہ ہوگئی ہے۔

    وزیرمنصوبہ بندی چیئرمین مقرر کردیئے گئے ہیں، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ، وزیر ریلوے اوروزیر مواصلات، پٹرولیم،داخلہ، قانون، پاور اور ساحلی امور کے وزراء بھی کمیٹی کاحصہ ہیں۔

    وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائےتجارت،ادارتی اصلاحات بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    وزیرمنصوبہ بندی کی چیئرمین شپ میں قائم کمیٹی وزیراعظم کے دورہ چین سے پہلے سی پیک سے متعلق معاملات کا حتمی جائزہ لے گی اور سی پیک کے تحت تمام معاہدوں کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

    دورہ چین کے دوران سی پیک منصوبے کے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان 3 نومبر کو دورہ چین کے لیے روانہ ہوں گے

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان اپنے دوسرے سرکاری دورے پر 3 نومبر کو چین کے لیے روانہ ہوں گے، وزیر اعظم 3 روز تک چین میں قیام کریں گے۔ قیام کے دوران چینی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

    چین کے دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ وزیر اعظم کی ملاقاتیں بھی شیڈول میں شامل ہیں۔ وزیر اعظم 5 نومبر کو شنگھائی میں عالمی درآمدی نمائش میں مہمان ہوں گے۔

    وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران اقتصادی و دفاعی تعاون اور سی پیک منصوبوں پر اہم پیش رفت کا امکان ہے۔

  • وفاقی کابینہ کا اجلاس: وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ طلب

    وفاقی کابینہ کا اجلاس: وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ طلب

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیر اعظم نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے وزرا سے 60 دن کی کارکردگی رپورٹ مانگ لی۔ ’بتایا جائے 60 دن میں وزرا نے کیا کیا‘؟

    وزیر اعظم نے وزرا سے آئندہ 40 روز کا پلان بھی مانگ لیا۔

    اجلاس میں گنے کی کرشنگ 15 نومبر سے شروع کرنے کی منظور دی گئی جبکہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اختیاراتی کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ممنوعہ بور اسلحہ لائسنس منسوخی کے نوٹیفکیشن کی واپسی کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کابینہ کو آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اعتماد میں لیا اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    زلزلہ زدگان کی بحالی کے لیے اتھارٹی کے چیئرمین کی تعیناتی اور ایل این جی ٹرمینلز پر بریفنگ بھی ایجنڈے کا حصہ تھی۔

    وفاقی کابینہ نے غیر ملکی دوروں کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لیا جبکہ سی پیک سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے فیصلوں اور ای سی سی کے مختلف فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، دوست ممالک سے بات کر رہے ہیں۔ ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا اولین ترجیح ہے، مشکل فیصلے کر رہے ہیں، مگران کے مثبت نتائج ملیں گے۔

    عمران خان نے کہا تھا کہ سابق حکومتوں نے ملک کوجس دلدل میں دھکیلا ہے اس کی مثال نہیں، آج ملک 30 ٹریلین کا مقروض ہوچکا ہے۔ معیشت کا آج جو حال ہے ایسا ملکی تاریخ میں کبھی نہیں تھا، قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے 6 ارب روپے روزانہ ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم کا ایک روپیہ خرچ کرتا ہوں تو تکلیف ہوتی ہے، ماضی میں کروڑوں روپے حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ کیے گئے، کوشش ہے ایساحل نکالیں کہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔

    معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف سے 8 ارب ڈالر تک کا قرض لے سکتا ہے، گزشتہ پروگرام کا حجم 6 ارب 40 کروڑ ڈالر تھا۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پروگرام کے لیے 20 شرائط حکومت کے سامنے رکھی ہیں جن میں سرفہرست روپے کی قدر میں کمی اور بجلی کی قیمت میں اضافہ ہے۔

  • معاون خصوصی برائے وزیراعظم تعیناتی، صاحبزادہ عامرجہانگیر کی عہدہ لینے سے معذرت

    معاون خصوصی برائے وزیراعظم تعیناتی، صاحبزادہ عامرجہانگیر کی عہدہ لینے سے معذرت

    اسلام آباد : صاحبزادہ عامر جہانگیر نے معاون خصوصی برائے وزیراعظم کا عہدہ لینے سے معذرت کر لی ہے، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مجھ پر اعتماد کرنا بہت بڑی بات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بطورمعاون خصوصی برائے وزیراعظم تعیناتی کے معاملے پر صاحبزادہ عامرجہانگیر نےعہدہ لینے سے معذرت کرلی اور وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے۔

    عامر جہانگیرکوغیرملکی سرمایہ کاری کیلئےوزیراعظم کامعاون خصوصی مقررکیا گیا تھا اور تقرری کا نوٹیفکیشن 15 اکتوبر کو جاری کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عامرجہانگیر کی تقرری کا نوٹی فکیشن واپس لے لے گی۔

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کامجھ پراعتمادکرنابہت بڑی بات ہے، دنیا بھر میں شوکت خانم کیلئے کام کرتا رہا، میراکوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے۔

    صاحبزادہ عامرجہانگیر کا کہنا تھا کہ ایک دن تو کیا میں ایک گھنٹہ کیلئےبھی حراست میں نہیں رہا، مجھ پرکوئی بینک کرپٹسی کاکوئی چارج نہیں لگا، میری کسی کمپنی کاکوئی فراڈنہیں نکلا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ 9یوٹیلیٹی بلزکی ادائیگی کامسئلہ تھا وہ میں نے حل کردیا، مجھ پرکہیں جانے پر پابندی نہیں ہے، میری کمپنیوں کی3بار دیوالیہ ہونے کی بات جھوٹی ہے۔

    صاحبزادہ عامرجہانگیر کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کام نہیں کروں گا، جس سے میرے لیڈر پر انگلی اٹھے۔

  • 100روزہ ایجنڈا ترقی اور خوشحالی کا مربوط پروگرام ہے‘ عثمان بزدار

    100روزہ ایجنڈا ترقی اور خوشحالی کا مربوط پروگرام ہے‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام کونچلی سطح پرمنتقل کرنے کے لیے کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت 100 روزہ ایجنڈے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے 100 روزہ ایجنڈے سے 15 نکات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر ارباب شہزاد نے پنجاب میں 100 روزہ ایجنڈے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے 100 روزہ ایجنڈے کوتیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

    اس موقع پرسردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا 100روزہ ایجنڈا ترقی اور خوشحالی کا مربوط پروگرام ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی نظام کونچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے کام مکمل کر لیا گیا ہے، نئے بلدیاتی نظام میں عوام با اختیار ہوں گے۔

    سردارعثمان بزدار نے کہا کہ پولیس نظام میں اصلاحات کا ایجنڈا مکمل کریں گے، پولیس کوعوام کا خادم بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک بڑھایا جائے گا، پینے کے صاف پانی کیے لیے مربوط پلان مرتب کررہے ہیں۔

    تحریک انصا ف کی حکومت نےآتے ہی طاقتورمافیا پر ہاتھ ڈالا‘عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اب تک اربوں کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزارکرایا جا چکا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا حکومتی اقتصادی پالیسی پر مختلف طبقات کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

    وزیراعظم عمران خان کا حکومتی اقتصادی پالیسی پر مختلف طبقات کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اقتصادی پالیسی پر مختلف طبقات کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب بھی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اقتصادی پالیسی پر مختلف طبقات کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ، وزیراعظم اتوار کو سینئر صحافیوں اور تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے ملاقات کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات پر وزیراعظم کا قوم سے خطاب بھی زیرغور ہے، قوم سے خطاب کا حتمی فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔

    واضح رہے کہ انٹر بینک میں ملک کی معاشی صورت حال اور آئی ایم ایف سے رجوع کرنے، ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافہ اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    گزشتہ روز اسی تناظر میں یہ خبر سامنے آئی کہ وزیر اعظم وفاقی کابینہ میں شامل اسد عمر سے ناخوش ہیں، البتہ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے اس کی تردید کردی تھی۔

    یاد رہے حکومت نے آئی ایم ایف قرضے کے لیے آئی ایم ایف سے باضابطہ درخواست بھی کرچکی ہے۔

    خیال رہے چند روز قبل پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس ضمن میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، آئی ایم ایف سے ایسا پروگرام لینا چاہتے ہیں، جس سے معاشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔