Tag: وزیراعظم عمران خان

  • وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی پہلی سالگرہ

    وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی پہلی سالگرہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 66 برس کے ہوگئے، تحریک انصاف کے کارکنان نے پارٹی سربراہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے بعد ملکی سیاست میں بھی تبدیلی لانےوالے وزیراعظم عمران خان آج اپنی سالگرہ منارہےہیں۔

    عمران احمد خان نیازی 5 اکتوبر 1952 کو کو لاہورمیں پیدا ہوئے، عمران خان نے والدین کا واحد بیٹا ہوتے ہوئے چار بہنوں کے ساتھ پرورش پائی ، عمران خان کے  والد کا تعلق نیازی قبیلے سے تھا۔

    عمران خان نے ایچی سن کالج اور کیتھڈرال سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ، کبلی کالج آکسفورڈ سے اپنی معاشیات کی انڈر گریجویٹ ڈگری سے قبل رائل گرامر سکول ورکسٹر میں داخل ہوئے ، 1974 میں یونیورسٹی کے دوران عمران خان آکسفورڈ یونیورسٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے ۔

    انھوں نے تین شادیاں کیں، پہلی جمائما خان سے، دوسری ریحام خان سے جبکہ تیسری شادی بشری بی بی سے کی۔عمران خان نے اپنے حالات زندگی کو کتابی شکل بھی دی، جو بیسٹ سیلر ثابت ہوئی۔ ان کی زندگی پر فلم اور ڈاکومینٹرزی بھی بنائی گئیں۔

    عمران خان نے 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی اور اسی سال انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 1971ء سیریز سے کیا۔

    آکسفورڈ سے گریجویشن کے بعد انہوں نے 1976ء میں پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا اور 1992ء تک کھیلا۔ انہوں نے 1982 اور 1992 کے درمیان ٹیم کے کپتان کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ خاص طور پر ان کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم 1992ء کے ورلڈ کپ میں فتح یاب ہوئی۔

    ان کا شمار پاکستان کرکٹ کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے۔ اس اعتبار سے وہ پاکستان کے پہلے کپتان تھے، جن کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے بھارت اور انگلینڈ کو ان کی سرزمین پر ہرایا۔

    کرکٹ کے بعد سماجی خدمات کے میدان میں نام کمایا۔ کینسر کے مریضوں کے لیے لاہور میں شوکت خانم میموریل اسپتال بنانا ایک ایسا کارنامہ ہے، جس نے ان کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔


    عمران خان نے 25 اپریل 1996کو تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ ابتدائی کوششوں میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، عمران خان 2002 میں میاںوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ 2008 میں انھوں نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔

    2013 میں ان کی جماعت ایک بڑی قوت اختیار کر چکی تھی ۔اس الیکشن مہم کے دوران وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔

    انتخابات کے بعد پی ٹی آئی ن لیگ کے بعد مقبول ترین جماعت ٹھہری۔ اس نے خیبرپختون خواہ میں حکومت بنائی اور بڑی اپوزیشن جماعت بن کر ابھری۔انھوں نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا۔

    بعد ازاں انھوں نے دھرنوں اور احتجاج کا راستہ اختیار کیا، جس کی وجہ سے منتخب حکومت کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔پی ٹی آئی ہی نے پاناما کیس کو ہائی لائٹ کیا، جس کی وجہ سے نواز شریف کو اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑا۔

    انتخابات 2018 میں‌ عمران خان کی قیادت میں‌پی ٹی آئی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی، عمران خان اپنے پانچوں حلقوں‌ سے کامیابی حاصل کی۔

    جس کے بعد 17 اگست کو عمران خان آئندہ پانچ سال کے لیے پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم متخب ہوئے اور 18 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

  • وفاقی کابینہ کے 5 نئے وفاقی وزرا اورایک وزیرمملکت نے حلف اٹھالیا

    وفاقی کابینہ کے 5 نئے وفاقی وزرا اورایک وزیرمملکت نے حلف اٹھالیا

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ کے 5 نئے وفاقی وزرا اور ایک وزیرمملکت نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، حلف اٹھانے والوں میں علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا، محمداعظم سواتی، صاحبزادہ محبوب سلطان، محمدمیاں سومرو اور زرتاج گل شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں شامل نئے وزرا کی حلف برداری تقریب ایوان صدر میں ہوئی، تقریب میں 6 نئے وزراء نے حلف اٹھالیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزراء سے حلف لیا۔

    حلف اٹھانے والوں میں 5 نئے وزرا ء اور ایک وزیر مملکت شامل ہیں۔

    علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا، محمداعظم سواتی، صاحبزادہ محبوب سلطان، محمدمیاں سومرو نے وفاقی وزیر اور زرتاج گل نے وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ میں توسیع ، 5وفاقی وزراء اورایک وزیرمملکت کل حلف اٹھائیں گے

    نئے وزرا کی شمولیت کے بعد وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 38 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 11 ستمبر کو 6 نئے وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، نئے وزراء سے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے حلف لیا تھا، حلف اٹھانے والوں میں تین وزراء اور تین وزرائے مملکت شامل تھے۔

    تقریب میں عمر ایوب خان، علی زیدی، محمد میاں سومرو نے وفاقی وزیر جب کہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر نے وزیرِ مملکت حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

    تاہم میاں محمد سومرو وزیر مملکت بنائے جانے پر ناراض ہوگئے تھے  اور حلف اٹھائے بغیر ہی کراچی روانہ ہوگئے تھے۔

    واضح رہے حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں 20 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کل 2 روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے

    وزیر اعظم عمران خان کل 2 روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کل 2روزہ دورے پر کوئٹہ جائیں گے، جہا‌ں وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے اور گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں وزیر اعلیٰ اور گورنر بلوچستان وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔۔

    اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم  صوبائی کابینہ کے اجلاس اور گورنر ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے اور گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    دورہ کوئٹہ میں وزیراعظم عمران خان قومی،صوبائی اور سینیٹ ارکان سے خطاب بھی کریں گے۔

    خیال رہے عمران خان کا وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ بلوچستان ہوگا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم کا دورہ پشاور، وزیراعلیٰ سے ملاقات

    یاد رہے گذشتہ ہفتے وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر پشاور گئے تھے ، جہاں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا تھا۔

    وزیراعظم نے وزیراعلیٰ‌ محمود خان سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں وزیراعظم کو صوبائی حکومت کے100روزہ پلان سے آگاہ کیا گیا تھا۔

  • کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی میں طلبہ وطالبات کی جانب سے شجر کاری مہم

    کراچی: شہرقائد میں نجی اسکول اور اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کے اشتراک سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم میں دونوں اداروں کے طالب علموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اس شجرکاری مہم میں اپوا گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبا ت اور نجی اسکول کے طالب علم شریک تھے ، اس موقع پر 500 پودے لگائے گئے ۔

    دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مہم میں صرف طلبہ و طالبات ہی نہیں بلکہ دونوں اداروں کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے والدین بھی شریک ہوئے اور درخت لگانے میں بچوں کے ہمراہ پیش پیش رہے ۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کے والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ادارے کی انتظامیہ کو سراہا کہ ان کے بچوں کی سماجی تربیت کے لیے یہ ایک بہتر اقدام ہے اور انہیں خوشی ہے کہ مذکورہ بالا تعلیمی اداروں کی انتظامیہ ان کے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی سماجی تربیت کا بھی خیال کررہی ہے۔

    اس موقع پر طلبہ وطالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا اور پودے نصب کرنے کے بعد انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حتی الامکان اپنے لگائے ہوئے پودوں کی نگہداشت کریں گے اور ان کی حفاظت بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے ماہرین کی جانب سے شجر کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے ۔

    اس حوالے سے موجودہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے شروع کردہ ’بلین ٹری سونامی‘ مہم کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ِ ذکر ہے کہ پاکستان سنہ 2015 میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے کیے گئے عالمی معاہدے ’ پیرس ایگریمنٹ‘ کا دستخط کنندہ بھی ہے، جس کے تحت پاکستان نے اپنی سرزمین پر گلوبل وارمنگ کو روکنے کے لیے متعدد اقدامات کرنے ہیں جن میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ سرفہرست ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اہم فیصلوں کی منظوری

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، اہم فیصلوں کی منظوری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں این ایف کے سربراہ کی تقرری اور وزیرخزانہ کو اقتصادی شعبوں میں تعیناتیوں کے اختیارات کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا کیا گیا اور تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روزہ ایجنڈے پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    وفاقی وزیرخزانہ نے کابینہ کو دورہ سعودی عرب سے متعلق بریفنگ دی، بریفنگ میں کہا گیا کہ سعودی عرب پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے جبکہ کابینہ کو آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعظم نے فنانس ترمیمی بل کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کیلئے اقدامات پر وزیر خزانہ اور ٹیم کو سراہا اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں میجرجنرل عارف کی بطور اے این ایف کے سربراہ کی تقرری کو بھی حتمی شکل دی گئی اور مالیاتی نظم ونسق سے متعلق اداروں میں ماہرین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کابینہ اجلاس میں ترکی کے ساتھ نیشنل اسکل یونیورسٹی کے قیام اور پاکستان اور جاپان میں مختلف شعبوں میں مفاہمتوں کی منظوری بھی دے دی گئی۔

    اجلاس میں وزیرخزانہ کو اقتصادی شعبوں میں تعیناتیوں کے اختیارات بھی دے دیئے گئے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد وفاقی کابینہ پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس میں صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی جبکہ تیسرے اجلاس میں صدر نیشنل بینک کو ہٹانے اور جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کمیٹی کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

    ستمبر 13 کے اجلاس میں سابقہ حکومت کی ٹیکس استثنیٰ پالیسی واپس لینے پر ترمیم لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ترمیم کے بعد چارلاکھ سے آٹھ لاکھ تک سالانہ آمدن پر ایک ہزارروپے ٹیکس ہوگا، آٹھ لاکھ سے بارہ لاکھ تک سالانہ آمدن پر دوہزارروپے ٹیکس ہوگا، جب کہ بارہ لاکھ سے چوبیس لاکھ سالانہ آمدن پر 5 فی صد ٹیکس لگے گا۔

  • وفاقی کابینہ میں توسیع ، 5وفاقی وزراء اورایک وزیرمملکت کل حلف اٹھائیں گے

    وفاقی کابینہ میں توسیع ، 5وفاقی وزراء اورایک وزیرمملکت کل حلف اٹھائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کردی ہے،5 وفاقی وزراء اور ایک وزیرمملکت کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف اٹھانے والوں میں محمد میاں سومرو، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل اور فیصل واوڈا شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، 5 وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت کل 11 بجے حلف اٹھائیں گے،صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی وزراء سے حلف لیں گے۔

    علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا اور اعظم سواتی وفاقی وزیرکا حلف اٹھائیں گے جبکہ محمدمیاں سومرو اور صاحبزادہ محبوب سلطان بھی وفاقی وزیر ہوں گے، دریں اثنا زرتاج گل وزیرمملکت کی حیثیت سے کل حلف لیں گی۔

    محمدمیاں سومروکووفاقی وزیربرائے نجکاری بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ علی امین گنڈا پور کو امور کشمیراور شمالی علاقہ جات کا قلمدان سونپا جائے گا۔

    اعظم سواتی کوسائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت ملنے کا امکان ہے اور زرتاج گل کو وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی لگائے جانے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے

     اس وقت وفاقی کابینہ مجموعی طور پر 32 ارکان پرمشتمل ہے، نئی توسیع کے بعد وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 38 ہوجائے گی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 11 ستمبر کو بھی وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی ، اس موقع پر6 نئے وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا،  نئے وزراء سے دو روز قبل حلف اٹھانے والے صدر ڈاکٹرعارف علوی نے حلف لیا تھا، حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزراء اور تین وزرائے مملکت شامل تھے۔

     گزشتہ مہینے ہونے والی اس توسیع میں عمر ایوب خان، علی زیدی، محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر جب کہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر کو وزیرِ مملکت بنایا گیا تھا۔میاں محمد سومرو وزیر مملکت بنائے جانے پر ناراض ہو گئے تھے اور حلف اٹھائے بغیر ہی کراچی روانہ ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    حکومت سازی کے  پہلے مرحلے میں 20 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں   کا حلف اٹھایا تھا۔حالیہ اضافے کے بعد وفاقی وزرا کی تعداد 38 ہوجائے گی۔

  • وزیراعظم کا چیئرمین ایس ای سی پی شوکت حسین عباسی  کو فوری ہٹانے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا چیئرمین ایس ای سی پی شوکت حسین عباسی کو فوری ہٹانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے قریبی ساتھی ریڈار پر ہیں ، حکومت نے چیئرمین ایس ای سی پی شوکت حسین عباسی کو فوری طور پر فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے چیئرمین ایس ای سی پی کو فوری فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ، وزیراعظم عمران خان نےشوکت حسین عباسی کوہٹانےکی منظوری دے دی ہے۔

    شوکت عباسی کی تقرری غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ شوکت حسین عباسی عہدےکےاہل نہیں تھے شوکت عباسی کی تقرری میں میرٹ کو نظر انداز کیا گیا اور 4ماہ میں3مرتبہ ترقی دی گئی، شوکت عباسی ،ظفر حجازی کی مدد بھی کرتے رہے شوکت حسین نے پانامہ کیس میں غلط معلومات دیں۔

    شوکت عباسی کے قریبی ساتھیوں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    شوکت عباسی پر پانامہ کیس میں غلط معلومات دینے اور ظفر حجازی کی مدد کاالزام ہے۔

    یاد رہے جولائی 2018 میں بق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایس ای سی پی کے چیئرمین شوکت حسین پر اتنی نوازشارت کیوں برسائی گئیں، نیب کراچی نے تحقیقات شروع کردی تھی۔

    مزید پڑھیں : چارماہ میں 3 بار ترقی، چیئرمین ایس ای سی پی کیخلاف نیب تحقیقات کا آغاز

    تفصیلات کے مطابق نیب کراچی نے سابق وزیراعظم شاہد خاغان کے منظور نظر ایس ای سی پی کے چیئرمین شوکت حسین کے خلاف تحقیقات شروع کرتے ہوئے ڈی جی الطاف بھوانی کو تحقیقاتی افسر تعینات کیا گیا تھا۔

    دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ شوکت حسین کو چار ماہ میں تین بارترقی دی گئیں، رواں سال جنوری میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، مارچ میں کمشنر اور پھر مئی میں چیئرمین بنا دیا گیا، تعیناتی خلاف قانون اور میرٹ سے ہٹ کر کی گئی، شارٹ لسٹ کیے گئے دیگردرخواست گزار زیاده تجربہ کار تھے۔

    خیال رہے کہ شوکت حسین کے سمدھی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پولیٹیکل سیکریٹری تھے، اور شاہد خاقان عباسی جاتے جاتے شوکت حسین کو چیئرمین ایس ای سی پی لگا گئے تھے، ان کی تقرری ایس ای سی پی ایکٹ انیس سو ستانوے کے سیکشن چھے کے تحت عمل میں لائی گئی تھی۔

  • وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھرتوسیع کا امکان

    وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھرتوسیع کا امکان

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھرتوسیع کا امکان ہے، پانچ سے چھ نئے وزراء حلف اٹھائیں گے، جن میں محمد میاں سومرو، اعظم سواتی، علی امین گنڈا، زرتاج گل اور فیصل واوڈا شامل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کا امکان ہے ، 5 سے 6نئے وزراء رواں ہفتے حلف اٹھائیں گے، جس کی سمری تیار کرلی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے محمد میاں سومرو کو نجکاری کاقلمدان ملنے کا امکان ہے، اعظم سواتی کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قلمدان دیا جائے گا جبکہ علی امین گنڈا پور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان ہوں گے

    ذرائع کے مطابق زرتاج گل اور فیصل واوڈا کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، زرتاج گل کو وزارت مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا قلمدان ملے گا۔

    یاد رہے کہ 11 ستمبر کو وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھا لیا، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وزراء سے حلف لیا، حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزرا ء اور تین وزرائے مملکت شامل تھے۔

    عمر ایوب خان، علی زیدی، محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر جب کہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر کو وزیرِ مملکت بنایا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا

    میاں محمد سومرو وزیر مملکت بنائے جانے پر ناراض ہو گئے تھے اور حلف اٹھائے بغیر ہی کراچی روانہ ہوگئے تھے۔

    خیال رہے  وفاقی کابینہ کے وزراء کی اس وقت کُل تعداد 28 ہے۔

    واضح رہے پہلے مرحلے میں 20 اگست کو وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن پر کہا پاکستان اور چین گہرے دوست اور ہمسائے ہیں جبکہ صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن کے موقع پر چینی ہم منصب کو اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کی طرف سے چینی حکومت و عوام کو مبارکباد دی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین گہرے دوست اورہمسائےہیں، چین کی معاشی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لئے مثال ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کا فروغ چاہتے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستانی عوام خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، صدر مملکت

    دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی نے چین کے قومی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگی۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کےعوام کیلئے ترقی کا باعث بنے گا، سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

    خیال رہے چین میں قومی دن کا شاندارجشن منایا گیا، دوہزاراٹھارہ افراد نے انسانی جھنڈا بنایا جبکہ ڈھول کے ساتھ روایتی چینی رقص نے جشن کو چارچاند لگائے۔

    اس موقع پرکھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے، رسہ کشی و ملاکھڑاہوا اور بچوں نے مصوری کے شاہکارتخلیق کئے جبکہ ڈریگن بوٹ ریس میں سیاحوں نےبھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔

    چین کے قومی دن کی تقریبات چاراکتوبر تک جاری رہیں گی۔

  • مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

    مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عوامی ڈلیوری یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدام اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم عوامی ڈلیوری یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

    یونٹ کا سربراہ وفاقی سرکار کا افسر ہوگا اور تمام صوبوں کو نمائندگی دی جائے گی، چاروں صوبوں سے 2 ،2 افسر فوکل پرسن کے طور پر شامل ہوں گے۔

    سندھ حکومت نے حکومت کے ساتھ انتظامی امور کی سطح پر تعاون کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر اعظم سیکریٹریٹ کے خط پر سندھ حکومت کا ساتھ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    سندھ اور وفاقی حکومت کے مابین تعاون کیلئے 2فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں سندھ حکومت نے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کو 2افسران کے نام ارسال کردیئے ہیں۔

    وزیر اعظم سیکریٹریٹ نے 17 ستمبر کو سندھ حکومت کو خط ارسال کیا تھا، جس میں کہا تھا کہ 19 گریڈ کے2افسران وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ اور تعاون کریں گے ، جن میں ایڈیشنل سیکریٹری بخش علی مہر اور ڈائریکٹر انفارمیشن سائنس نیازاحمدلغاری شامل ہیں۔

    افسران وزیراعظم،وفاقی سیکریٹریٹ کے فیصلوں پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے۔

    یاد رہے انتخابات میں کامیابی کے بعدعمران خان نے ہر ہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا اعلان کرتے ہوئے اور کہا تھا کہ فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کیلئے کروں گا۔