Tag: وزیراعظم عمران خان

  • افغان یا بنگالی مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے‘ وزیراعظم

    افغان یا بنگالی مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے‘ وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بنگالی مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کے بچوں کی جس ملک میں پیدائش ہوتی ہے وہاں کی شہریت ملتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ بنگلادیش کے مہاجرین بڑےعرصے سے پاکستان میں ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے جو اعلان کیا تھا وہ صرف کراچی سے متعلق تھا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بنگالی مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے، میں نےاعلان انسانیت کے ناطے کیا تھا۔

    انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جومہاجرین یہاں آباد ہو گئے ہیں ان کے لیے قانون بنانا ہوگا، ایسے مہاجرین جن کی یہاں شادیاں ہوچکی ہیں اس کودیکھنا ہوگا۔

    عمران خان نے کہا کہ مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں پرتوجہ دینا ہوگی، افغان مہاجرین یا بنگالی مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہریت سے متعلق تجاویزدے دیں فیصلہ بعد میں کرلیں گے۔

    یاد رہے کہ 16 ستمبرکو کراچی میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا ان کی حکومت افغان اور بنگلہ دیشی مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پرغور کررہی ہے۔

  • عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، استعمار اور نوآبادیات کی نشانیاں ایک ایک کرکے زمین بوس ہو رہی ہیں، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھولا گیا تھا تاہم لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیا گیا

    یاد رہے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے  گورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے، اب امیرغریب سے برابر ہیں، ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

    چوہدری سرور  کا کہنا تھا کہ پاکستان اشرافیہ کے لئے نہیں20 کروڑعوام کے لئے بنایا گیا، ناانصافی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، سرکاری عمارتیں ملک کا اثاثہ ہیں، احتساب پٹواری یا سپاہی کے بجائے اوپر کی سطح سے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کے گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک سندھ، مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز عوام کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔

     

  • وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج ہوگا جس میں بجٹ تجاویز منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج صبح 9 بجے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں نئے بجٹ تجاویز منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی اور کابینہ کو وزیرخزانہ اسد عمر اور سیکریٹری سمیت دیگر حکام بریفنگ دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں ایف بی آراصلاحات اورٹیکس، سلیبس تبدیلی پرکابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

    اجلاس میں ایف بی آر وصولیوں کے نئے اہداف اور ٹیکس حجم بڑھانے کی حکمت عملی پربھی شرکا کوبریفنگ دی جائے گی، کابینہ سے منظوری کے بعد نئی بجٹ تجاویزکواسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    پہلا غیر ملکی دورہ: وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے، دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

  • شاہ خرچیاں ختم کرکے سادہ زندگی گزاریں گے، وزیراعظم عمران خان

    شاہ خرچیاں ختم کرکے سادہ زندگی گزاریں گے، وزیراعظم عمران خان

    کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں ملک میں بہت جلد بہتری آنے والی ہے، شاہ خرچیاں ختم کرکے سادہ زندگی گزاریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے میڈیا مالکان، نمائندوں، اینکرز سے ملاقات کے دوران کیا، وزیراعظم نے میڈیا کو کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستانی میڈیا اور اینکرز سچ سامنے لاتے رہیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ، لوٹی دولت واپس لانا اولین ترجیح ہے، ڈیمز بنانے میں میڈیا ہمارا ساتھ دے، ڈیمز ہر صورت بنیں گے، ملک میں ڈیم بننا بہت ضروری ہے، میڈیا کو ڈیم سے متعلق شہریوں کو آگاہی دینی چاہئے۔

    عمران خان نے کہا کہ منگل کو وزیرخزانہ اسد عمر منی بل پیش کریں گے، منی بل سے واضح ہوجائے گا ملک کس طرز پر چلے گا، جلد وزیراعظم ہاؤس میں 100 سے زائد گاڑیوں کی نیلامی ہوگی۔

    مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بچوں کے اغوا پر اظہارِ تشویش

    قبل ازیں کراچی میں امن و امان کے دیرینہ مسئلے پر ایک اہم ترین اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں انھیں متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے بالخصوص شہرِ قائد کی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    وزیرِ اعظم نے اجلاس میں آئی جی سندھ کو امن و امان خراب کرنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کے خلاف آزادانہ کارروائیوں کے لیے پولیس کو سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد کیا جائے۔

    عمران خان نے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس میں افسران میرٹ پر لائے جائیں۔ انھوں نے فورسز کی قربانیوں کی بھی تعریف کی۔

  • سندھ کے شہری علاقوں‌ سے زیادتی، وزیراعظم کو آگاہ کردیا، خالد مقبول صدیقی

    سندھ کے شہری علاقوں‌ سے زیادتی، وزیراعظم کو آگاہ کردیا، خالد مقبول صدیقی

    کراچی: ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے سندھ کے شہری علاقوں سے زیادتی پر بات ہوئی، سندھ کے شہری علاقوں کے لیے پیکیج پر فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفد میں خالد مقبول، عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر، فیصل سبزواری، فروغ نسیم شامل تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عمران خان سے لاپتہ افراد سے متعلق قانون سازی پر بات ہوئی، مارٹن کوارٹرز، ایف سی ایریا کے لوگوں کا مقدمہ پیش کیا جبکہ میئر کراچی کی وزیراعظم سے الگ ملاقات ہوئی۔

    ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ کراچی کو اتنا ہی پیکیج ملنا چاہئے جتنا اس کا حق ہے، کراچی کے لیے 500 ارب  ہیں، 500 ارب کی فوری ضرورت ہے، کراچی کو ہر سال 100 ارب کی ضرورت ہے، کراچی نے اپنی ذمہ داری ہمیشہ نبھائی، اب ریاست بھی ذمہ داری نبھائے۔

    انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کو بات چیت کے لیے بلایا ہے جب آئیں گے تو نظر آجائیں گے، وہ اپنے مستقبل کا خود تعین کریں گے، ہم ان کے منتظر ہوں گے۔

    کراچی کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے رکھا، میئر کراچی

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کے فور کے لیے وفاق سے پیسے ملنے چاہئیں، وزیر اعظم سے کہا کہ کراچی میں پانی کا مسئلہ آسکتا ہے، عمران خان کو شارٹ اور لانگ ٹرم تجاویز دے دی ہیں۔

    وسیم اختر کے مطابق کراچی کا مقدمہ وزیراعظم کے سامنے رکھا، وزیراعظم نے کہا کراچی کے مسائل پر وزیرخزانہ سے بات کریں کہ کتنا پیسہ دے سکتے ہیں، واٹر کمیشن سے متعلق 9 اسکیموں کا کہا، وزیراعلیٰ نے ایک بھی منظور نہیں کی ہے۔

  • وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی مزارِ قائد پر پہلی حاضری

    وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کی مزارِ قائد پر پہلی حاضری

    کراچی : وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، انہوں نے دورے کا آغاز مزار قائد پر حاضری سے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔

    وزیراعظم عمران خان نے مزار قائد پرفاتحہ خوانی کی اور پھولوں کا گلدستہ بھی رکھا، انہوں نے
    مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے۔

    وزیراعظم پاکستان نے لیاقت علی خان اورفاطمہ جناح کے مزار پر بھی حاضری دی۔

    وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور مزار قائد اور دیگر مقامات کے اطراف پولیس، رینجرز کے اہلکار تعینات تھے۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پراجلاس بھی ہوگا جس میں گرین لائن بس منصوبہ، فراہمی آب کے منصوبہ کے فور اور کراچی پیکج پربریفنگ دی جائے گی۔

    وزیراعظم عمران خان کی امن اومان سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ سمیت کورکمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔

    عمران خان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

    عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، علی زیدی

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیربرائےبحری امورعلی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، کراچی والوں کے لیے خوش خبری کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ کراچی خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور اپنے اس دورے میں شہرقائد کے لیےخصوصی اعلانات کریں گے۔

    واضح رہے کہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا کراچی کا دورہ ہوگا، عام انتخابات سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین نے شہر قائد میں جلسے کیے اور حکومت ملنے کی صورت میں ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس،  دوست ممالک سے تعلقات پر تبادلہ خیال

    وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس، دوست ممالک سے تعلقات پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں خطے میں قیام امن کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ترجمان وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر سینئرحکام بھی موجود تھے۔

    اجلاس میں دوست ممالک سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور ملکی سلامتی و سیکیورٹی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ شرکاء نے خطے کی سلامتی کی صورتحال اور وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب پرتفصیلی غور وخوص کیا۔

    افغان مصالحتی عمل سمیت پاک افغان سرحدی امور بھی زیر غور آئے، وزیرخارجہ کے کل کےدورہ افغانستان سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں خطے میں قیام امن کیلئے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

  • وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے

    وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے

    کراچی : وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان 16 ستمبر کو پہلی بار کراچی کا دورہ کریں گے، دورے میں مزارقائد پر حاضری دیں گے اور قیام امن سےمتعلق اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 16 ستمبر کو کراچی کے دورے پر پہنچیں گے، دورے کے دوران وزیراعظم مزار قائد پرحاضری دیں گے اور گورنر ہاؤس میں قیام امن سے متعلق اجلاس کی سربراہی کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق حکام وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے جبکہ وفاقی حکومت کے منصوبوں سے متعلق بھی وزیراعظم اجلاس کریں گے اور گرین لائن بس منصوبہ سمیت دیگر منصوبوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

    وزیراعظم سے سیاسی جماعتیں اور بزنس کمیونٹی کے افراد بھی ملاقات کریں گے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کے لیے گئے قرضوں پر ہر روز 6 ارب کا سود ادا کررہے ہیں، جب سے ملک آزاد ہوا ہے، حکمران طبقے کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہی نہیں ہوا، ہمیں شاہانہ طرز کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    مزید پڑھیں :   عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں،علی زیدی

    یاد رہے وزیربرائےبحری امورعلی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، کراچی والوں کے لئے خوش خبری کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم بننے کے بعد عمران خان پہلی بار کراچی کے دورے پر آئیں گے۔

    واضح رہے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیرِ اعظم کو دعوت دی تھی کہ وہ کراچی کا دورہ کریں،  جسے عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے 16 ستمبر کو کراچی آنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے ، وزیراعظم

    مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے ، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا سرکاری ملازمین ہرحکومت کا حصہ رہتے ہیں، آپ لوگوں سے خطاب کا مقصد حقائق اور پاکستان کی معاشی صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرضہ 6 ہزار ارب ڈالر سے بڑھ کر 30ہزار ارب ڈالر ہوگیا ہے، قرضے اتارنے کے لئے پاکستان کو وسائل کی ضرورت ہے۔

    عمران خان نے کہا اللہ کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت نہ بدلے، ہمیں اپنے آپ کوتبدیل کرنا ہے، بیوروکریسی کو تبدیل کرنا ہے،عوام کو اپنی حالت بدلنی ہے، اگر ہم نے اپنے آپ کوتبدیل نہ کیا تو آگے تباہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ملک چلانے کے لئے خزانہ ہی خالی ہے، ماضی کے حکمرانوں نے ایسے قرضے لیے، جن سے نقصان ہورہا ہے، ہم نے قرضے لے کر ایسے منصوبے بنائے، جو نقصان میں جارہے ہیں۔

    خزانہ خالی ہے،تیس ہزارارب کے قرضےپرہرروزچھ ارب سوداداکررہے ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا دنیا میں کوئی چیزناممکن نہیں محنت کی جائے توسب کچھ حاصل کیا جاسکتاہے ، ساری زندگی سنتا رہا کرکٹر نہیں بن سکتا،وزیراعظم نہیں بن سکتا، آج میں آپ کےسامنے کھڑا ہوں،میری زندگی آپ کے سامنے ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے منصوبے بنائے گئے کہ قرضے لے کر خسارے میں جارہےہیں، ہم آزاد ہوگئے لیکن ہم نے اپنے مائنڈ سیٹ کو ہی تبدیل نہیں کیا۔

    انھوں نے مزید کہا ماضی کے لیے گئے قرضوں پر ہر روز 6 ارب کا سود ادا کررہے ہیں، جب سے ملک آزاد ہوا ہے، حکمران طبقے کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہی نہیں ہوا، ہمیں شاہانہ طرز کے مائنڈسیٹ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا حکمرانوں کے شاہانہ طرزکا خرچہ عوام کے پیسوں سے چل رہا ہوتا ہے، سمجھ لیا جائے یہ لوگ ہمارے ہی ہیں تو بہت کچھ بدل جائے گا، ہمیں قرضوں سے جان چھڑانے کے لئے خود کو تبدیل کرنا ہوگا۔

    عمران خان نے کہا سوا 3کروڑ بچے اردو میڈیم، 24 لاکھ بچے مدرسوں میں ہیں، تعلیم کے لحاظ سے بھی ہم نے اپنی قوم کو تقسیم کیا ہوا ہے، انگریزوں سے آزادی حاصل کرلی لیکن ان کامائنڈ سیٹ نہیں چھوڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں 500 سے زائد ملازم ، 100 سے زائد گاڑیاں تھیں، ہیلی کاپٹر نیلام کررہے ہیں جبکہ 6 اعلیٰ نسل کی بھینسیں بھی ہیں، تبدیلی اس وقت آئے گی جب سوچ سمجھ کر پیسہ خرچ کیا جائے گا، ہم نے خود کو نہ بدلا تو آگے نہیں بڑھیں گے۔

    مشکل وقت برداشت کرلیں، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے، وزیراعظم

    وزیراعظم نے کہا چیئرمین نیب سے ملاقات میں کہا سب کا احتساب کریں، احتساب کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھے گا، ماضی میں کرپشن کیلئے پہلے اداروں کو تباہ کیا گیا، اداروں کی تباہی کی وجہ سے کرپٹ عناصر کو کھلا راستہ ملا۔

    عمران خان کا کہنا تھا یورپ میں بھی کرپشن ہےلیکن وہاں لوگ ڈرتے ہیں، یورپ میں لوگوں کو معلوم ہے کرپشن کی تو پکڑے جائیں گے۔

    انھوں نے کہا سرکاری ملازمین کوئی بھی اچھاکام کریں میں آپ کےساتھ ہوں گا، غلطیاں انسانوں سے ہی ہوتی ہیں، مجھ سےبھی بہت غلطیاں ہوئی ہیں، ملک کیلئے کام کریں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گےسرکاری ملازمین چانسز لیں،غلطی ہوگی اس میں کوئی بری بات نہیں، سرکاری افسران ملک کے لیے کام کریں میں ساتھ کھڑا ہوں گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا چاہتے ہیں پاکستان کی بیوروکریسی کوواپس بہترین لیول پرلےکرجائیں، کےپی پولیس کی مثال سامنےہے،ہم نے پولیس میں سیاسی اثرورسوخ ختم کیا، 2013 میں کے پی پولیس پردہشت گرد کے زیادہ حملے ہوتے تھے، کےپی پولیس نےدہشت گردی کیخلاف بہترین جنگ لڑی ، کے پی پولیس کی طرح ملک کے تمام اداروں کو بہترین بنائیں گے۔

    انھوں نے کہا کرکٹ کے بعد سب سے زیادہ شوکت خانم اسپتال سے سیکھا، کوئی بھی ادارہ میرٹ پرچلائیں تووہ اوپرآجاتاہے، ہم حکومت میرٹ پرچلائیں گےکسی جگہ سمجھوتہ نہیں ہوگا، 60 کی دہائی میں ہماری بیوروکریسی ایشیا میں سب سے بہترین تھی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کوئی بھی ہومجھے صرف کارکردگی سےمطلب ہے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں صرف کارکردگی کو دیکھوں گا، آپ کومیں پسندہوں یا نہیں مجھےاس سے کوئی مطلب نہیں۔

    وزیراعظم نے کہا ملک میں احتساب ضروری ہے، غلطی اور فنانشل چوری میں فرق ہوتا ہے، احساس ہے بیورو کریٹس اپنی تنخواہ پر گزارنہیں کرسکتے، سمجھتا ہوں بیوروکریٹس پر کس قسم کا دباؤ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہے گا، تھوڑا برداشت کریں، قوموں کی زندگی میں اتارچڑھاؤ آتے رہتےہیں، مختلف اوقات کو برداشت کرنا ہوتا ہے، ہماری قوم بہترین ہے، یہ مشکل وقت بھی گزر جائے گا۔

    دو سال میں حالات تبدیل ہوجائیں گے، بہت پیسہ آئے گا،عمران خان

    عمران خان نے کہا ہم نے 2سال میں گورننس سسٹم ٹھیک کردیا تو حالات تبدیل ہوں گے، چاہتے ہیں بیورو کریسی میں لوگوں کومیرٹ پراوپرلائیں، جو چیز میرٹ پر چلتی ہے، وہ خود اوپر آجاتی ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا گورننس بہترہوگی توسرمایہ کاری بھی زیادہ ہوگی، بیورو کریٹس فیصلہ کرلیں 2سال ہم نے گزارا کرناہے، 2سال میں حالات تبدیل ہوجائیں گے، بہت پیسہ آئے گا۔

    انھوں نے کہا پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے،اللہ نےبہت نوازاہے، ہم نےگورننس ٹھیک کردی تویہ ملک تیزی سے اوپر جائےگا، بیوروکریٹس مشکل میں فیصلے نہیں کرے گا تو آگےنہیں بڑھےگا، مشکل وقت برداشت کرلیں، آگے بہت اچھا وقت آنے والاہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا گورننس سسٹم 2سال میں ٹھیک کرکے دکھائیں گے، 2 سال بعد تنخواہ دار طبقے کو بڑی بڑی تنخواہیں دیں گے، بیوروکریسی کو تحفظ فراہم کریں گے، سیاسی مداخلت سے بچائیں گے۔

  • عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں،علی زیدی

    عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں،علی زیدی

    کراچی : وزیربرائےبحری امورعلی زیدی کا کہنا ہے کہ عمران خان اتوار کو خوش خبری لے کرکراچی آرہے ہیں، کراچی والوں کے لئے خوش خبری کا اعلان وزیراعظم خود کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر برائے بحری امورعلی زیدی نے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کو قوم کو جگانے میں 22سال لگ گئے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی پر خاص توجہ دی ہے۔

    وزیر برائے بحری امور کا کہنا تھا کہ اتوار کو وزیراعظم عمران خان  کا دورہ کراچی خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور اپنے اس دورے میں شہرقائد کے لیےخصوصی اعلانات کریں گے۔

    علی زیدی نے کہا کہ وہی ملک ترقی کرتا ہے، جہاں بحری نظام منظم ہو، دبئی کی ترقی بھی بندرگاہ سےہی شروع ہوئی تھی۔ یہاں کراچی میں یہ حال ہے کہ لاکھوں گیلن گندا پانی روز سمندر میں پھینکا جاتا ہے۔

    کرپشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزارت برائے بحری امور بھی کرپشن کی نذرہوئی، جلد ادارے میں ہونے والی کرپشن سے آگاہ کروں گا۔

    وزیر برائے بحری امور نے کہا وزارت کودرپیش مسائل سےمتعلق جلد پریس کانفرنس کروں گا۔

    گذشتہ روز  وزیرِ بحری اُمور سید علی حیدر زیدی نے نیول ہیڈکوارٹرزاسلام آبادمیں پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے دوران میری ٹائم اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے ملک میں موجود میری ٹائم پوٹینشل پرروشنی ڈالی اور وزیرِ بحری اُمور کو میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور سیکیورٹی سے متعلق پاک بحریہ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اس موقع پر  وزیرِ بحری اُمورنے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور عالمی بحری امن میں پاک بحریہ کے کردارکو سراہا۔

    یاد رہے 3 روز قبل وفاقی کابینہ کے6 نئے وزرا ء نے حلف اٹھایا تھا ، جس میں علی زیدی بھی شامل تھے،  علی زیدی کو وفاقی وزیر برائے بحری امور کا قلمدان سونپا گیا تھا۔