Tag: وزیراعظم عمران خان

  • آپ کا وزیر اعظم ایک بار پھر آپ کے ساتھ

    آپ کا وزیر اعظم ایک بار پھر آپ کے ساتھ

    اسلام آباد : آپ کا وزیراعظم ایک بارپھر آپ کے ساتھ، وزیراعظم آج تیسرے ٹیلی فونک رابطہ سیشن میں شریک ہونگے اور عوام کےسوالوں کےجواب بھی دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان آج سہہ پہر تین ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے عوام سے براہ راست گفتگو کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری سے وزیراعظم عمران خان "آپ کا وزیر اعظم۔۔۔آپ کے ساتھ” پروگرام میں عوام سے براہ راست رابطہ رکھے ہوئے ہیں ،مذکورہ پروگرام میں عوام براہ راست سوالات پوچھیں گے اور وزیر اعظم اُن کے جواب دیں گے۔

    عوام سے وزیراعظم کی یہ گفتگو ٹیلی فون، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی ریکارڈ  ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کی تعریف

    وزیراعظم عمران خان کی ریکارڈ ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کی تعریف

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ماہ جولائی میں ریکارڈ ٹیکس وصولیوں پر ایف بی آر کی تعریف کرتے ہوئے کہا یہ وصولیاں مستقل معاشی احیاء و افزائش کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی مظہرہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کیہ ایف بی آر کا جولائی میں ریکارڈ ریوینیوکلیکشن قابل تعریف ہے، ایف بی آرنےرواں ماہ410ارب کی ریکارڈوصولیاں کیں، جو تاریخی اعتبارسے ماہِ جولائی میں جمع کی جانےوالی سب سے بڑی رقم اوراس مہینے کےہدف سے تقریباً 22% زیادہ ہے، یہ وصولیاں مستقل معاشی احیاء و افزائش کے حوالے سے حکومتی پالیسیوں کی مظہرہیں۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان نے کو ایف بی آرنے 4ہزار732ارب روپے کے ٹیکس محاصل کا ہدف حاصل کرنے پر مبارکباد دی تھی ٹیکس ریونیو4ہزار691ارب روپے کے ہدف سے تجاوزکرگیا تھا اور یہ ٹیکس ہدف گزشتہ سال کی نسبت 18فیصد زیادہ تھا۔

  • وزیراعظم نے  سعودی ولی عہد  کی  مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں  شرکت کی دعوت قبول کرلی

    وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی جانب سے مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ، سمٹ اکتوبر میں سعودی عرب میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی سفیر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سعودی سفیر نے وزیراعظم کو سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کی جانب سے میڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سمٹ میں شرکت کی دعوت کا پیغام پہنچایا۔

    وزیراعظم عمران خان نے سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی، مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سمٹ کا انعقاد سعودی عرب کی میزبانی میں اکتوبر میں سعودی عرب میں ہوگا۔

    سعودی عرب پاکستان کے کلین گرین منصوبے کی طرح مڈل ایسٹ گرین انیشی ٹو شروع کررہاہے ، پاکستان اور سعودی عرب 10ارب درختوں کےمنصوبےکی طرز پرتعاون کریں گے۔

    سعودی ولی عہد کی جانب سے دعوت نامہ پاکستان ماحولیاتی کردار کی عالمی سطح پر پذیرائی کا ثبوت ہے۔

    یاد رہے رواں سال مارچ میں سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں بلین ٹری سونامی منصوبے میں شراکت داری کی خواہش کا اظہار کیا تھا‏۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا تھا کہ عہد کیاگیاپاکستان ‏اورسعودی عرب ماحولیاتی منصوبوں پرمل کرکام کریں گے۔

  • انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس

    انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر بطور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر شوکاز نوٹس جاری کیا، شوکاز نوٹس کے زریعے وزیراعظم عمران خان سے بطور چیئرمین پی ٹی آئی چودہ دن میں جواب طلب کیا گیا ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر کیوں نہ پارٹی کا انتخابی نشان واپس لیا جائے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے تیرہ جون کوانٹرا پارٹی الیکشن کی تفصیلات فراہم کرنی تھیں، ایک ماہ سے زائد وقت گرزنے کے باوجود تفصیلات فراہم نہیں کیں گئیں۔

    یاد رہے کہ الیکشن ایکٹ کےتحت تمام سیاسی جماعتیں مقررہ وقت پرانٹراپارٹی الیکشن کی پابند ہیں۔

  • مون سون بارشیں :  وزیراعظم  کی شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید

    مون سون بارشیں : وزیراعظم کی شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنے پیغام میں مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئے الرٹ رہیں اور بارشوں کے پیش نظر تمام ادارے بروقت ایکشن لیں۔

    یاد رہے اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے ، کچھ علاقوں میں تین سو تیس ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی اور سیکٹر ای الیون میں سیلابی صورتحال رہی جبکہ متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔

    مسلسل بارش سے راول ڈیم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے اور گنجائش انتہائی کم رہ گئی جبکہ نالہ لئی میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔

  • ایک بار پھر وزیراعظم عوام  کے ساتھ

    ایک بار پھر وزیراعظم عوام کے ساتھ

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر عوام کے سوالات کا براہ راست جواب دیں گے ، وزیراعظم سے عوام کی گفتگو براہ راست نشر کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کاوزیراعظم آپ کے ساتھ ، وزیراعظم سے فون پر آکر براہ راست بات چیت کی اگلی نشست ، انشااللہ یکم اگست کی سہ پہر وزیراعظم آپکے سوالات کے جوابات دیں گے اور وزیراعظم سے آپ کی گفتگو براہ راست نشر کی جائے گی۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی یہ پانچویں مرتبہ عوام سے ٹیلی فون پر براہ راست گفتگو ہوگی، جس میں وہ عوام کے مسائل سنیں گے۔

  • سابق وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعظم نے اہم ذمے داری سونپ دی

    سابق وزیراعلیٰ سندھ کو وزیراعظم نے اہم ذمے داری سونپ دی

    اسلام آباد: وزیراعظم کے دورہ سندھ سے قبل بڑی تعیناتی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو اہم ذمے داری تفویض کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی تعینات کردیا ہے، کابینہ ڈویژن کی جانب سے ارباب غلام رحیم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی سندھ افیئرز تعینات کیا گیا ہے، ان کی تعیناتی اعزازی بنیاد پر کی گئی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کی پہلی تاریخ کو سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

    ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا، اب سندھ میں پی ٹی آئی کو مضبوط بنانے کی جدوجہد کریں گے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں پی ایس 52 کے ضمنی الیکشن میں ارباب غلام رحیم نے جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا تاہم وہ پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ سے شکست کھا گئے تھے۔

    ڈاکٹر ارباب غلام رحیم سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں سندھ کے دو سابق وزرائے اعلیٰ بھی شامل رہے ہیں جن میں ممتاز بھٹو اور دوسرے لیاقت جتوئی شامل ہیں، ممتاز بھٹو رواں ماہ انتقال کرچکے۔

  • وزیراعظم  کی عدالت  سے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دائر دعویٰ خارج کرنے کی استدعا

    وزیراعظم کی عدالت سے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دائر دعویٰ خارج کرنے کی استدعا

    لاہور : وزیراعظم عمران خان نے سیشن کورٹ سے شہباز شریف کا ہتک عزت کا دائر دعویٰ خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کے دعوے کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے اور ان سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے کا جواب جمع کرا دیا ، عمران خان کی جانب سےبیرسٹر علی ظفر نے جواب جمع کرایا۔

    وزیراعظم نے جواب میں کہا ہے کہ رقم کی آفر نواز یا شہباز شریف کی طرف سے براہ راست نہیں تھی ، رقم کی پیشکش کسی کے ذریعے آئی تھی، عمر فاروق نےبتایا پانامہ لیکس کی پیروی چھوڑ دیں توبھاری رقم دینےکوتیار ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ نوازاور شہباز شریف نےماضی میں آرمی چیف کوبی ایم ڈبلیودینےکی کوشش کی جبکہ شہبازشریف کی ایک جج کےساتھ آڈیو ٹیپ بھی منظر عام پرآ چکی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ شہبازشریف کےالزامات ہتک عزت کےدعوے میں نہیں آتے ، انھوں نےقانون کے مطابق 60 دن میں نوٹس نہیں بھیجا ، شہبازشریف نے8 مئی 2017 کوقانونی تقاضوں کےبغیرلیگل نوٹس بھیجا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 2دہائیوں سے سیاسی مخالف ہیں، وہ بدنام کرنے کےلیے خود کئی بیانات دے چکے ہیں ، رشوت کی پیشکش کےبارے میں جیسے بتایا گیا اسی طرح ہی بیان دیا گیا۔

    جواب میں کہا کہ شہبازشریف کی شہرت میرے بیان نہیں کسی اوروجہ سےمتاثرہوئی ہو گی، شہبازشریف کادعویٰ جھوٹا،بےبنیاداور حقائق مسخ کرکےدائر کیا گیا ہے ، وہ سیاسی معاملات کوعدالتوں میں گھسیٹناچاہ رہے ہیں۔

    عمران خان نے استدعا کی کہ شہباز شریف کادائر دعویٰ عدالت کےدائرہ اختیار میں نہیں آتا ، شہباز شریف کے دعوے کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے اور ان سے کونسل کی فیس بھی وصول کی جائے۔

    خیال رہے شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف 10ارب ہرجانےکا دعوای دائرکررکھاہے اور شہبازشریف کادعویٰ سیشن عدالت میں زیر سماعت ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا ، جس میں نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی پیش کی جائے گی..

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس آج ہوگا ، اجلاس میں ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال کاجائزہ لیاجائےگا اور کوروناکی صورتحال اورویکسی نیشن پرکابینہ کو بریفنگ دی جائےگی جبکہ کشمیرانتخابات اور حکومت سازی کے امور پر بھی بات چیت ہوگی۔

    وفاقی کابینہ 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی اور اجلاس میں نیشنل سائبر سیکیورٹی پالیسی بھی پیش کی جائے گی جبکہ چیئرمین سی ڈی اے تجاوزات کےخاتمےسےمتعلق رپورٹ پیش کریں گے۔

    وفاقی کابینہ ایف آئی اےکےجرائم شیڈول میں نئےقوانین شامل کرنے ، دو ملزمان کو یو اے ای کےحوالےکرنے اور نیشنل ایڈورٹائزنگ پالیسی2021کی منظوری دے گی جبکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سمیت اوورسیز پاکستانیوں کوووٹنگ کاحق دینےپربریفنگ دی جائےگی۔

    اجلاس میں جاپان کی جانب سے عطیہ کردہ4ایمبولینسیں درآمد کرنے اور دوطرفہ سرمایہ کاری ٹریٹی کی منظوری دی جائے گی جبکہ غیرضروری کاروباری ریگولیشن ختم کرنے کیلئے قانون کا ڈرافٹ اور اسلام آبادہائیکورٹ کی پٹیشن میں جاری ہدایات پیش کی جائیں گی۔

    چیک ری پبلک کے ساتھ دوہری شہریت کا معاملہ ، کورنگی فشنگ ہاربراتھارٹی کےایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری ، پاکستان ایگریکلچرریسرچ کونسل کے بورڈ پر گورنرزکی تشکیل نوکی منظوری اور ادارہ شماریات کے چیف اسٹیشن کی تعیناتی کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ ای سی سی اورکابینہ کمیٹی برائےتوانائی کےاجلاس کےفیصلوں کی توثیق کرے گی۔

  • عید قرباں: صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

    عید قرباں: صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

    اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اہم شخصیات نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو خصوصی پیغامات دئیے اور مبارک بادیں بھی پیش کیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قربان کے پُر مسرت موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اﷲ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

    اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے، یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اْجاگر کرنے کا جذبہ مہیا کرتا ہے جو اْسے بڑی سے بڑی مشکل صورتحال میں بھی راہ ِراست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔

    یہی وہ جذبہ تھا، جس کے تحت پاکستانی قوم نے کرونا وائرس جیسی عالمگیر وبا سے حفاظت بڑی دانشمندی، قومی حکمت عملی اور حوصلہ سے کی ہے، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز معاشی لحاظ سے جن مشکل حالات سے دوچار تھا اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اب وہ حالات تبدیل ہو رہے ہیں، ہماری معیشت درست سمت پر آچکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے کےساتھ منائی جارہی ہے

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں معاشی اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، مختلف اسکیموں کے ذریعے لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہو گا اور پوری پاکستانی قوم کا سر اقوام عالم کے سامنے فخر سے بلند ہو گا۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی عید الاضحیٰ پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس اسلامی تہوار میں ہمارے لئے یہ درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

    صدر مملکت نے قوم سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کی وبا میں سرخرو ہونے کیلئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے اور احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھے ، عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کرمدد کرے۔

    گورنر پنجاب کی پاکستانی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

    گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے عید کے پرمسرت موقع پر کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں،اپنی خوشیوں میں بے سہارا اور غربا کو ضرور شامل کریں۔

    چوہدری محمد سرور نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کیلئے قربان کشمیری، فلسطینی بہن بھائیوں کو نہیں بھول سکتے، زندگی کے آخری لمحے تک کشمیری ،فلسطینیوں کےساتھ کھڑےہیں۔

    آج ملکر پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نجات دلانےکا عہد کرنا ہے، کرونا کےخلاف جنگ ختم نہیں ہوئی، ایس اوپیز پر مکمل عمل کرنا ہے۔

    عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قوم کو عیدالاضحی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے، بے سہارا اوریتیموں کو خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم باہمی رنجشیں واختلافات کو فراموش کرنےکی ضرورت ہے، جھوٹ،منافقت اورغیبت کو ہمیشہ کیلئےقربان کرنےکا عہد کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کرونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر عید سادگی سےمنانا قومی فریضہ ہے، عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں، امن کیلئےجانوں کےنذرانےپیش کرنےوالےبہادرسپوتوں کوسلام۔