Tag: وزیراعظم عمران خان

  • وزیراعظم کا بڑا اعلان، براہ راست عوام سے مخاطب ہونے کا فیصلہ

    وزیراعظم کا بڑا اعلان، براہ راست عوام سے مخاطب ہونے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست رابطہ کرنے کا احسن اقدام کیا ہے، فیصلے سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر باون سینکڈ پر محیط ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے مختلف تصاویر کا امتزاج کیا، اور عوام کو بڑی خوشخبری سنائی کہ وزیراعظم عمران خان کل شام چار بجےعوام سے فون پربذات خود بات کرینگے۔

    شبلی فراز کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عوام الناس سے براہ راست گفتگو میں سوالات کا جواب دینگے، وزیراعظم سے فون پر براہ راست سوال کیلئے لائن کل شام چار بجےکھل جائیگی، شبلی فراز نے ساتھ ہی وزیراعظم سے رابطہ کرنے والے نمبر بھی سوشل میڈیا پر جاری کیا، وزیراعظم سے فون پر براہ راست بات کریں ،رابطہ نمبر0519210809

    باون سکینڈ پر محیط ویڈیو میں وزیراعظم عمران خان کا ایک مختصر ویڈیو پیغام میں شامل کیا گیا ہے، جس میں وزیراعظم قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ قوم عظیم بن سکتی ہےاور انشااللہ ہم بنیں گے۔

    مختصر مگر پر اثر ویڈیو کلپ میں "آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ” کی تھیم استعمال کی گئی ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہنگائی میں کمی سے متعلق حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معاشی سطح پر مزید اچھی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج سامنے آرہےہیں، حکومت کے آنے کےبعد سے افراط زر کی مجموعی شرح آج کم سطح پر ہیں۔

    وزیراعظم کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میں نے اپنی معاشی ٹیم کو چوکنا رہنے اور مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

     

  • معاشی سطح  پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

    معاشی سطح پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

    اسلام آباد: معاشی سطح پر مزید خوشخبری، مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہنگائی میں کمی سے متعلق حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ معاشی سطح پر مزید اچھی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کیلئے ہماری کوششوں کے نتائج سامنے آرہےہیں، حکومت کے آنے کےبعد سے افراط زر کی مجموعی شرح آج کم سطح پر ہیں۔

    وزیراعظم کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میں نے اپنی معاشی ٹیم کو چوکنا رہنے اور مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی ملک میں مہنگائی میں کمی سے متعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔

    اسد عمر نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بنیادی افراط زر کی شرح پانچ اعشاریہ چار فیصد تک نیچے آچکی ہے، جنوری میں افراط زر حوصلہ افزا رہا، کنزیو پرائس انڈیکس اور اشیائے خورونوش کی مہنگائی مجموعی طور پر سات اعشاریہ چھ فیصد تک رہیں ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت آنے سے پہلے افراط زر کی شرح سے آج کی افراط زر بہتر صورتحال میں ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی مہنگائی سےمتعلق ایک رپورٹ جاری ہوئی تھی، جس کے مطابق دسمبر 2019 کے مقابلے میں 2020 کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی، مہنگائی کی شرح بارہ اعشاریہ چھ سےکم ہو کر سات اعشاریہ نو آئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق ٹیکس وصولی اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، 2019 کے آخری مہینے میں مہنگائی 12.6 فی صد تھی، دسمبر 2020 میں کم ہو کر 7.9 فی صد رہ گئی۔

    دسمبر 2019 میں ٹیکس وصولی 469 ارب، دسمبر 2020 میں 508 ارب ہوئی، ملک کو ترقی دینے والی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، دسمبر 2019 میں برآمدات 1993 ملین ڈالر تھیں، دسمبر 2020 میں بڑھ کر 2357 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں تھیں۔

  • "وزیراعظم کی درست معاشی پالیسیاں کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر طمانچہ ہے”

    "وزیراعظم کی درست معاشی پالیسیاں کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر طمانچہ ہے”

    لاہور: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے ٹریکٹرز کی فروخت میں 43فیصداضافہ اور اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بہتری کو کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دو ہزار انیس ،بیس میں 15200کےمقابلےمیں21800یونٹس ٹریکٹرز کی فروخت وزیراعظم کی درست معاشی پالیسیوں کی عکاس ہے، جو زرعی پیداوار،زرمبادلہ میں اضافے،کسان کی خوشحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔

    فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پی ایس ایکس جنوری2020میں دنیاکی ساتویں بہترین مارکیٹ بن کر سامنےآئی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف حکومت کی معاشی کامیابیاں مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔

    انتیس جنوری کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ٹریکٹر کی صنعت برآمدی شعبےکی نمایاں صنعت ہے، مجھے خوشی ہے کہ مالی سال 2020-21 کے پہلے چھ ماہ میں فروخت ہونے والے ٹریکٹروں کی تعداد 43 فیصد اضافے سے 21،800 یونٹس ہوگئی جبکہ مالی سال 2019۔20 کے اسی عرصے میں فروخت شدہ 15،200 یونٹ تھی، جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 6،600 یونٹ زائد ہے۔

     

  • وزیراعظم کا اداکارہ نیلو بیگم اور رہنما پی ٹی آئی شاہد گوندل کے انتقال پر اظہار افسوس

    وزیراعظم کا اداکارہ نیلو بیگم اور رہنما پی ٹی آئی شاہد گوندل کے انتقال پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اداکار شان کی والدہ نیلو بیگم اور پی ٹی آئی رہنما شاہد نسیم گوندل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے اداکار شان سے ان کی والدہ نیلوبیگم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار تعزیت کیا اور لواحقین سے صبر جمیل کی دعا کی، وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شان شاہد کے ساتھ ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ نیلو بیگم گذشتہ روز لاہور میں انتقال کرگئیں تھیں، وہ گزشتہ کافی عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، اداکارہ نیلو بیگم اداکار شان کی والدہ تھیں، نیلو بیگم کے انتقال کی اطلاع ان کے صاحبزادے اور پاکستانی فلموں کے نامور اداکار شان شاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پیغام میں دی تھی۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے پی ٹی آئی رہنما شاہد نسیم گوندل کے انتقال پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہد گوندل کی رحلت پر نہایت افسردہ ہوں، وہ ہمارے وفا شعار ترین کارکنان میں سے ایک تھا جو سیاسی مافیاز کیخلاف جدوجہد میں ہمارے شانہ بشانہ رہا، میری دعائیں اور ہمدردیاں انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

    منڈی بہاؤالدین کی صوبائی اسمبلی سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر شاہد نسیم گوندل گذشتہ روز کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے، پچھلے دو ماہ سے وہ ملٹری اسپتال راولپنڈی میں داخل تھے، شاہد نسیم گوندل کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اسلام آباد کے مشہور وکیل اور قانونی مشیر تھے۔

  • فضل الرحمان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، وزیراعظم

    فضل الرحمان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، وزیراعظم

    ساہیوال : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سارے ڈاکو مل کرمجھے بلیک میل کررہے ہیں ، فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں،ان کو مولانا کہنا علماء کی توہین ہے، اپوزیشن کے نامور ڈاکوؤں کی تنقیدکواعزازسمجھنا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سینیٹ انتخابات کیلئے ابھی سے ریٹ لگنا شروع ہوچکے ہیں ، ہمیں معلوم ہے کونسا سیاسی لیڈر پیسے لگا رہا ہے، سینیٹ میں پیسہ چلتا ہے یہ بہت اچھے سے جانتا ہوں ، سینیٹ الیکشن میں پیسے کی آفر مجھے  بھی ہوچکی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن ارکان کو میں نے پارٹی سے نکالا انہوں نے 5،5 کروڑلیے تھے، ہم نے ووٹ بیچنے والوں کے خلاف پہلےتحقیقات کیں، تحقیقات میں  پتہ چلا کہ انہوں نے 5،5 کروڑ روپے پکڑے تھے، یہ کیسےممکن ہے پیسہ لگا کر سینیٹر بننے والاپیسہ نہیں بنائے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹنگ کیلئے قانون سازی کررہےہیں، 2 تہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود ترمیم پارلیمنٹ لے جارہے ہیں، کرپشن  روکنے کی ترامیم کے مخالف قوم کے سامنے بے نقاب ہوں گے۔

    مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کرپٹ آدمی ہیں،ان کو مولانا کہنا علما کی توہین ہے، وہ مدارس کے بچوں کو استعمال کر کے  اربوں پتی بنا، وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں اس نے فیل ہی ہونا تھا۔

    وزیراعظم نے کہا سارے ڈاکو  مل کرمجھے بلیک میل کررہے ہیں اور ایک بھگوڑا لیڈر لندن میں بیٹھ کر انقلاب لانا چاہتا ہے، یہ سب پارٹی کو اکٹھا رکھنے
    کیلئے  حکومت جانے کی تاریخیں دیتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اورحکومت مل کرپارلیمنٹ چلاتے ہیں، انہوں نے پہلے دن سے پارلیمنٹ کو این آراو مانگنے کیلئےاستعمال کیا، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کی جوبحث ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوسکی۔

    اپوزیشن کی جانب سے تنقید سے متعلق انھوں نے کہا کہ اپوزیشن کےنامورڈاکوؤں کی تنقیدکواعزازسمجھناچاہیے، اپوزیشن اگرمیری تعریف کرےتو میں اپنی توہین سمجھوں گا، سیاسی پشت پناہی کےبغیرسرکاری زمینوں پرقبضہ نہیں ہوسکتا۔

    مریم نواز کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مریم نوازنے کھوکھرپیلس پر قبضہ مافیا سے اظہاریکجہتی کیا، کھوکھر برادران نے130کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا ، خود کو مستقبل کا لیڈر کہنے والی مریم نواز مافیا کی حمایت کررہی ہیں، ان کے دورمیں ہر سیاسی رہنما نے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے ، وزیراعظم قبضہ گروپس کی پشت پناہی کرے تو باقی کسی کو کون روکے گا، بڑے بڑے ڈاکوؤں اور قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    فارن فنڈنگ کیس سے متعلق عمران خان نے کہا کہ فارن فنڈنگ میں ہمیں پھنسانےوالےاب خودپھنس چکےہیں، اکاؤنٹس اسکروٹنی ہوئی توپی ٹی آئی کے  اکاؤنٹس شفاف نکلیں گے، ہم نےالیکشن کمیشن میں40ہزاراکاؤنٹس کاڈیٹادیاہے، چیلنج ہےیہ جماعتیں ایک ہزاراکاؤنٹس کی تفصیلات بھی نہیں دے سکتیں، سب کو پتا ہے اسامہ بن لادن نے کس کو پیسےدیےتھے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جس فورم پراپوزیشن کےخلاف فیصلہ آئےوہ اس کونہیں مانتے، نیب ان کی کرپشن پکڑرہاہےیہ نیب کوبھی نہیں مانتے، ماضی میں یہ ججز سے اپنی مرضی کےفیصلےکراتےرہے، ن لیگ نےمرضی کافیصلہ نہ آنےپرسپریم کورٹ پرحملہ کیا۔

    ملک بھر کے کسانوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سےابھی تک کسانوں پرخصوصی توجہ نہیں دے سکے تھے، کامیاب کسان پیکیج شروعات ہے، کسانوں کیلئے جامع پیکیج دیں گے۔

  • وزیراعظم کی  قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کومبارکباد

    وزیراعظم کی قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کومبارکباد

    ساہیوال : وزیراعظم عمران خان نے قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کومبارکباد دیتے ہوئے کہا لوگ پوچھتے ہیں کہ تبدیلی کیا ہے تو بڑے ڈاکو پر ہاتھ ڈالنا ہی تبدیلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں احساس اور کامیاب جوان پروگرام کےتحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب اور ان  کی ٹیم کومبارکباد دیتا ہوں جنہوں نےقبضہ مافیاکے بڑے محل گرائے ، جو غریبوں کی زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں ان پر لعنت ہو۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں خوشحالی کی سب سے بڑی وجہ قانون کی بالادستی ہے، جب قانون کی بالادستی ہوتی ہے تو وہی قوم اوپر جاتی ہے، کسی اور  ملک میں کوئی یہ نہیں کہہ سکتے کہ حکومت گرادوں گا اگر این آراو نہ دیا۔

    عمران خان نے کہا ہے کہ لاہورکےبڑےقبضہ مافیاکےپیچھےسابق وزیراعظم اورانکی فیملی تھی، لوگ پوچھتے ہیں کہ تبدیلی کیا ہے بڑے ڈاکو پر ہاتھ ڈالنا ہی تبدیلی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی ریسرچ بتاتی ہے بیماری کی وجہ سے ہی گھرانے غربت کی لکیر سے نیچے آتے ہیں، صاحب حیثیت ہونے کے باوجود مجھے اپنی والدہ  کا علاج کرانے میں مشکل ہوئی، ساہیوال کے لوگوں کو ساڑھے 7لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ملے گی ، دسمبر2021تک پنجاب ہر ہر شخص کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوگی، امیرملکوں میں بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں ہوتی ۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسلامی فلاحی ریاست کے وژن کی طرف جارہاہے ، عام آدمی کےعلاج کے بعد ہم نے تعلیم پر خاص توجہ دینی ہے، سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے ، فیصلہ کیا ہے پورے پاکستان میں تعلیم کا یکساں نصاب ہوگا، یکساں تعلیمی نصاب سے غریب کے بچوں کو  اوپر آنے کا موقع ملے گا۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بعض ممالک میں سیفٹی نیٹ کےتحت غریب کو مفت علاج کی سہولت ہوتی ہے ، حکومت کے پاس احساس پروگرام اورکامیاب جوان جیسے پروگرام ہونےچاہئیں، احساس پروگرام کا مطلب ہی یہی ہے کہ غریب کو سہولت فراہم کرنا۔

    لبنان کی صورتحال کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ اس وقت لبنان میں لوگ سڑکوں پر ہیں،توڑ پھوڑ ہورہی ہے ، لبنان میں احتجاج کرنیوالوں ایک مطالبہ یہ ہے کہ کورونا پر لاک ڈاؤن لگا جو پیسہ بانٹے وہ صحیح نہیں بانٹے گئے۔

    احساس پروگرام سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کےذریعے ہم نے 180ارب روپے بلاتفریق بانٹے، 180ارب بانٹنےپرایک آدمی نے نہیں کہا کہ سیاسی بنیاد پر بانٹے گئے ، سب سے زیادہ پیسے سندھ میں بانٹے گئے جہاں پیپلزپارٹی کی حکومت ہے ۔

    عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام، کامیاب جوان میں جتنا میرٹ ہوگا اتنا شفاف ہوگا، سیاسی اثرورسوخ کے بغیر ہی احساس جیسے پروگرام کامیاب ہو سکتے ہیں۔

    نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم لیکر آرہی ہے، لوکل گورنمنٹ سسٹم کےتحت پاور کو نچلی سطح  پر منتقل کیاجائے گا، نیابلدیاتی نظام لیکر آرہےہیں اسی سال الیکشن ہوں گے ، نئے بلدیاتی نظام میں لوگوں کے مسائل گھروں پر حل ہوں گے۔

    عثمان بزدار سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں عثمان بزدارشرمیلے ہیں،سابق وزیراعلیٰ کی طرح نہیں، اصل میں عثمان بزدارپچھلےوالوں کی طرح اربوں روپےاپنی تشہیر کیلئے خرچ نہیں کرتے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ لوگوں کو سہولتوں کیلئے دور دور جانا نہ پڑے، حکومتوں نے کبھی بھی ماحولیات پر ترجیح ہی نہیں دی ، ملک سے آہستہ آہستہ جنگلات ختم ہوگئے ، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں دوبارہ درخت اگائیں ، عالمی سطح پر ری فوریسٹ پروگرام پر توجہ دی جارہی ہے، ہم جنگلات سے بھی قبضے چھڑائیں گے۔

    ملک اسلم امین کی گفتگو کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ سیوریج واٹرٹریٹمنٹ پلانٹ بہت اچھا آئیڈیا ہے ، واٹرٹریٹمنٹ پلانٹس لگنےسے صاف پانی کو متاثر  نہیں کرےگا، باہر سے کوئلہ امپورٹ کرکے ساہیوال تک آتا ہے ، کول پاورپلانٹ کو سمندر کے پاس بنانا چاہیے تھا، کول پاورپلانٹ سےمتعلق بھی اسٹریٹجی بنارہے ہیں۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ساہیوال کے لوگوں کیلئے سب سے اہم چیز مواصلاتی نظام ہے، جانتاہوں ساہیوال کوسڑک کی ضرورت ہے ،تالیاں بجوانے کیلئے اعلان نہیں کروں گا، ساہیوال کےعوام کیلئے ضرورت کے مطابق سڑک کی تعمیر کا معاملہ ترجیح پر رکھیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو اصل روزگار انڈسٹریل اسٹیٹ سے ملے گا، ٹیکسٹائل انڈسٹری کو مزدور نہیں مل رہے،کنسٹرکشن انڈسٹری اٹھ چکی ہے، ساہیوال میں انڈسٹریل زون کیلئے زمین کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم زراعت سے متعلق لانگ ٹرم پالیسی لیکر آرہےہیں ، ماضی میں زراعت پر توجہ دی گئی نہ ہی کوئی ریسرچ کی گئی، سی پیک میں زراعت کو شامل کرلیاگیا ہے ، چین کی گائے جو دودھ دیتی ہے وہ پاکستان کی گائے سے 6گنا زیادہ ہے، چین کی ریسرچ ہم سےبہت آگے نکل چکی ہے۔

  • جسٹس  عظمت ہی براڈ شیٹ کے سربراہ ہوں گے، وزیراعظم ڈٹ گئے

    جسٹس عظمت ہی براڈ شیٹ کے سربراہ ہوں گے، وزیراعظم ڈٹ گئے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کرانے کے لیے آئینی ترمیم لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا جسٹس ریٹائرڈعظمت سعیدہی براڈشیٹ کی تحقیقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی وزرا کا اجلاس ہوا، جس میں وزرا اورحکومتی ترجمان شریک ہوئے ، اجلاس میں ملکی معاشی اورسیاسی صورتحال پرغور کیا گیا اور حکومتی بیانیہ سےمتعلق مشاورت کی گئی۔

    ملک بھرمیں قبضہ مافیاسےسرکاری زمینیں خالی کرانے کا فیصلہ

    اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل،براڈشیٹ،قبضہ مافیاسمیت اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھرمیں قبضہ مافیاسےسرکاری زمینیں خالی کرائی جائیں گی، وزیراعظم نے اس حوالے سے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کی آڑمیں ذاتی مال بنانےکی اجازت نہیں دیں گے۔

    مشیرداخلہ شہزاداکبر نے سرکاری املاک پرقبضہ کرنےوالوں سےمتعلق اور کھوکھربرادران،جاویدلطیف،دانیال عزیزکےسرکاری اراضی قبضہ کیسز پربریفنگ دیتے ہوئے کہا اربوں روپےکی سرکاری اراضی واگزارکرا لی گئی ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ 15سے20ارب کی سرکاری اراضی واگزارکرائی جاچکی ہے، واگزارکرائی گئی سرکاری اراضی مفادعامہ میں استعمال ہو گی جبکہ اجلاس میں مریم نوازکی کھوکھربرادران کی حمایت میں پریس کانفرنس پربات چیت ہوئی۔

    سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کرانے کے لیے آئینی ترمیم لانے کا عندیہ

    اجلاس میں سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کرانے کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے کہا اوپن بیلٹ کےلیےآئینی ترمیم لائیں گے، سیاست عبادت ہے، ظالموں چوروں کے ساتھ کھڑنے ہونے کا نام سیاست نہیں۔

    وزیراعظم کا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کاخیرمقدم

    اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پرترجمانوں کو بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم نےٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاجب یہ اردوترجمہ کرائیں گےانہیں پتہ چل جائےگا۔

    جسٹس ریٹائرڈعظمت سعیدہی براڈشیٹ کی تحقیقات کریں گے

    براڈشیٹ کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈعظمت سعیدہی براڈشیٹ کی تحقیقات کریں گے، جسٹس ریٹائرڈعظمت سعیدمعززاوراچھی شہرت والےجج ہیں۔

    فارن فنڈنگ کاالزام لگانے والے خود فارن فنڈنگ لینے میں ملوث نکلے

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کاالزام لگانے والے خود فارن فنڈنگ لینے میں ملوث نکلے، فارن فنڈنگ کیس میں مولاناکوجواب دہ ہوناپڑےگا ، کوئی بھی قانون سےبالاترنہیں، انہوں نےہمارےخلاف کیس کیامگرخودپھنس گئے، چاہتےہیں سینیٹ انتخابات شفاف ہوں۔

  • براڈشیٹ کیساتھ سرے محل  اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی تحقیقات ہوں گی، وزیراعظم

    براڈشیٹ کیساتھ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی تحقیقات ہوں گی، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ برادشیٹ معاملے پر کمیشن بنا دیا ہے، براڈشیٹ کیساتھ سرےمحل ،حدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ارکان اسمبلی نے بڑھتے ہوئے قرضوں سے متعلق سوالات کرتے ہوئے کہا میڈیا کہتا ہے حکومت نے پہلے سےزیادہ قرضے لئے۔

    مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے قرضوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا ، وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہو چکی ہے، انہوں نے جلسوں پر پورا زور لگاکردیکھ لیا عوام ساتھ نہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنساناچاہتےتھےخودپھنس گئے، آپ بے فکر رہیں، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں، تمام لوگ مل کر احساس پروگرام پر پورا زور لگائیں۔

    وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں اور غریبوں کوسہولتیں دیں، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ برادشیٹ معاملے پر کمیشن بنا دیا ہے، براڈشیٹ کیساتھ سرےمحل ،حدیبیہ پیپرملزکیس کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

  • براڈ شیٹ کے معاملے کو نہیں چھوڑا جائے گا ، مکمل انکوائری ہوگی، وزیراعظم

    براڈ شیٹ کے معاملے کو نہیں چھوڑا جائے گا ، مکمل انکوائری ہوگی، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ براڈ شیٹ کا معاملہ سنجیدہ ہے، براڈ شیٹ کے معاملے کو نہیں چھوڑا جائیگا ،مکمل انکوائری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں 17نکاتی ایجنڈے سمیت ملکی سیاسی، معاشی اور اقتصادی صورتحال سمیت براڈ شیٹ کیس میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نےبراڈ شیٹ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن کی سربراہی جسٹس عظمت سعید شیخ ہی کریں گے ، انکوائری کمیشن براڈ شیٹ کے معاملے کی جامع تحقیقات کرےگا۔

    ذرائع کے مطابق کمیشن اہم لوگوں کے وہ کیس بھی کھولے گا، جنھیں مصلحتاًبندکردیاگیاتھا، راؤسکندر اقبال ، آفتاب احمدشیر پاؤ جیسے بڑے ناموں کے کیس پھر کھولے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیشن اور کمیشن آف انکوائری ایکٹ2017 کے تحت تشکیل دیا جائے گا، کمیشن براڈشیٹ کےساتھ سرےمحل کی بھی انکوائری کرے گا اور وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرےگا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرپشن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپشن کرنےوالوں کوبےنقاب کیاجائےگا، براڈ شیٹ کے معاملے کو نہیں چھوڑا جائیگا، براڈ شیٹ کا معاملہ سنجیدہ ہے ،مکمل انکوائری ہوگی۔

  • شوکت خانم اسپتال کراچی  پاکستان کا سب سے بڑا اور جدیداسپتال ہوگا، وزیراعظم

    شوکت خانم اسپتال کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور جدیداسپتال ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شوکت خانم اسپتال کراچی کی بیسمنٹ کا کام پھرسے تیز کردیا گیا، یہ اسپتال پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید اسپتال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شوکت خانم اسپتال کراچی کے تعمیری کام کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ شوکت خانم اسپتال کراچی کی بیسمنٹ کا کام پھر سے تیز کردیا گیا، کورونا کے باعث بیسمنٹ کا کام سست روی کا شکار تھا، شوکت خانم اسپتال کراچی پاکستان کا سب سے بڑا اور جدید اسپتال ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں زیراعظم عمران خان نے کراچی شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کی تعمیرکے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ طب و علاج کے جدید ترین سازوسامان سے آراستہ یہ کینسراسپتال پاکستان کا سب سے بڑا مرکز شفا ہوگا۔