Tag: وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم

  • وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم : نوجوانوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم : نوجوانوں کے لیے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد: وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیب ٹاپ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے بڑی خبر آگئی، پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم جولائی 2025 میں شروع ہونا تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ملک بھر کے طلبہ میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث کیا گیا۔

    وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ کی تقسیم جولائی 2025 میں شروع ہونا تھی تاہم متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کو ترجیح دینے کیلئے اس شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی متعدد جامعات تاحال بند ہیں، اس لیے تقریباً دو ہفتوں کی تاخیر کے بعد نیا شیڈول جاری کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : لیپ ٹاپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا اعلان

    سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ تعلیمی و دیگر سہولیات شدید متاثر ہوئی ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا، طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے اپ ڈیٹس حاصل کریں۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں انٹرنیشنل یوتھ ڈے کی تقریب سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ ملک بھر کے ہونہار طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت شفافیت اور میرٹ پر مکمل یقین رکھتی ہے اور یہ عمل چاروں صوبوں، وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ کو شامل کرتے ہوئے یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے اپنے خطاب میں آپریشن "بنیان مرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 10 مئی کو ایک بڑے اور فخریہ دشمن کے خلاف کامیابی نے قوم میں نیا حوصلہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اسی جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی اور وقار کیلئے آگے بڑھیں۔

  • وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے 1011 لیپ ٹاپ غائب ہونے کا انکشاف

    وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے 1011 لیپ ٹاپ غائب ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد : وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے  1011 لیپ ٹاپ غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا، جس میں سے 784 لیپ ٹاپ ریکور کیے جا چکے ہیں تاہم 227 لیپ ٹاپ اب بھی لاپتہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس معین عامر پیرزادہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم سے متعلق آڈٹ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔

    آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اسکیم کے تحت دیے گئے 1011 لیپ ٹاپ غائب ہوگئے، جن میں سے 89 چوری ہوئے جبکہ 922 کا ریکارڈ موجود نہیں۔

    حکام نے بتایا کہ اب تک 784 لیپ ٹاپ ریکور کیے جا چکے ہیں تاہم 227 لیپ ٹاپ اب بھی لاپتہ ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ غائب لیپ ٹاپس سے حکومت کو ایک کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ اس کے علاوہ، یونیورسٹیوں کی جانب سے 757 لیپ ٹاپس کا ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : آسان اقساط پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    آڈٹ حکام نے مزید بتایا کہ چوری شدہ لیپ ٹاپس کی مد میں 11 لاکھ روپے ریکور کیے گئے، لیکن وہ رقم سرکاری خزانے میں جمع نہیں کرائی گئی۔

    آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 227 لیپ ٹاپ کی ریکوری کے لیے تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا اور نہ ہی ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے معاملے کی مزید تحقیقات اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔