Tag: وزیراعظم مودی

  • وزیراعظم مودی کا مقبوضہ کشمیر میں جلد انتخابات کرانے کا اعلان

    وزیراعظم مودی کا مقبوضہ کشمیر میں جلد انتخابات کرانے کا اعلان

    نئی دہلی : بھارتی وزیراعظم  نریندر  مودی نے مقبوضہ کشمیر میں جلد انتخابات کرانے کا اعلان کردیا اور کہا وادی کا اپنا وزیراعلیٰ اور وزرا ہونے چاہییں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت کے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر نئی دہلی ميں لال قلعے کے تاريخی مقام پر اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں ، حلقہ بندیوں کا کام مکمل ہونے کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں انتخابات کرائے جائیں گے، وادی کا اپنا وزیراعلیٰ اور وزرا ہونے چاہییں۔

    خیال رہے بھارت کے یوم آزادی پر آج مقبوضہ وادی میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، یوم سیاہ پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہیں، قابض انتظامیہ نے مظاہرے روکنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے جموں و کشمیر کی قانونی جداگانہ حیثیت ختم کرنے کا رواں ماہ ایک سال پورا ہو گیا ہے، وادی میں اس عرصہ بدترین لاک ڈاؤن رہا، ہزاروں کشمیری بھارتی فورسز کے تشدد اور فائرنگ سے زخمی ہوئے اور سینکڑوں لاپتا کیے گئے۔

  • بھارتی وزیرخارجہ وزیراعظم مودی کو سفارتی کاری کے اصول سکھائیں، راہول گاندھی

    بھارتی وزیرخارجہ وزیراعظم مودی کو سفارتی کاری کے اصول سکھائیں، راہول گاندھی

    نئی دہلی : انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سفارتی کاری کے اصول سکھائیں۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، کانگریس رہنما راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ جے شنکر صاحب مودی کو کچھ سفارتی کاری ہی سکھا دیں۔

    ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ جے شنکر صاحب مودی کی نااہلی چھپانے کا شکریہ۔ ہیوسٹن میں ٹرمپ کے حق میں مودی کے بیان سے ڈیموکریٹک پارٹی ناراض ہے۔

    واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہیوسٹن میں امریکہ میں مقیم بھارتیوں کے ایک جم غفیر سے خطاب کیا تھا۔ نریندر مودی نے جلسے کے دوران اب کی بار ٹرمپ سرکار کا نعرہ لگایا تھا۔

    مزید پڑھیں: جعلی خبریں، جھوٹا جشن: ممتاز بھارتی دانشور مودی سرکار پر برس پڑے

    جنگ اور تصادم کے موضوع پر ماہر تصور کیے جانے والے بھارتی پروفیسر اشوک سوین نے جعلی خبروں اور جھوٹے جشن پر بھارتی میڈیا اور مودی بھگتوں پر کڑی تنقید کی ہے۔

    انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ازدواجی زندگی سے متعلق بھارتی چینلز پر چلنے والی ایک جھوٹی خبر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا جعلی خبروں میں الجھ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا مودی کی اہلیہ کے بارے میں فکر کرے، مودی کی اہلیہ 46 سال سے منظر عام پر نہیں آئیں، مودی نے 1968میں شادی کی تھی، جسے 2014 میں تسلیم کیا۔

  • بھارتی الیکشن کمیشن نے وزیراعظم مودی پر بنی ویب سیریز روک دی

    بھارتی الیکشن کمیشن نے وزیراعظم مودی پر بنی ویب سیریز روک دی

    نئی دہلی : بھارتی انتخابات کے نگراں نے بولی وڈ کی فلم اور وزیر اعظم کی جماعت کے ٹی وی چینلز پر پابندی کے بعد پروڈیوسرز کو نریندر مودی پر بنی ویب سیریز روکنے کے احکامات جاری کردئیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی دوسری بڑی آبادی والے ملک میں انتخابات منعقد کرانے اور اس کی نگرانی کرنے والے خود مختار ادارے بھارتی الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آن لائن ویب سیریز قواعد کی خلاف ورزی ہے۔

    بھارتی الیکشن کے قواعد کے مطابق ووٹنگ کے وقت کے دوران مہم یا پروپگینڈا کے حوالے سے کسی بھی مواد کے شائع کیے جانے کی اجازت نہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی تشہیر کو بھی الیکشن کمیشن سے منظور کرانا پڑتا ہے تاکہ تمام اخراجات کا احتساب ہوسکے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کے 6 ہفتوں پر مشتمل ووٹنگ کے عمل کا آغاز 11 اپریل کو ہوا اور یہ 19 مئی تک جاری رہے گا جس کے نتائج 23 مئی کو آنے کی امید کی جارہی ہے۔

    آن لائن ویب سیریز کی اسٹریمنگ روکتے ہوئے الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایسا مواد جس سے یکساں مواقع فراہم نہ ہوں کو انتخابات کے مکمل ہونے تک شائع نہیں کیا جانا چاہیے۔

    نریندر مودی کے بچپن سے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے وزیر اعظم بننے تک کے سوانح حیات پر بننے والے ویب سیریز ’مودی: جرنی اف اے کامن مین‘ کو ایروس ناو نے پروڈیوس کیا۔

    قبل ازیں رواں ماہ الیکشن کمیشن نے مودی پر بننے والی فلم پر ووٹنگ کا عمل ختم ہونے تک پابندی عائد کردی تھی۔ چند روز بعد ہی کمیشن نے 24 گھنٹے نریندر مودی اور ان کی جماعت کے رہنماو ں کی ریلیوں، تقاریر، گانے دکھانے والے نامو ٹی وی پر پابندی عائد کی تھی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نامو ٹی وی کو اپنا تمام مواد منظوری کے لیے جمع کرانا ہوگا۔ 68 سالہ ہندو قوم پرست نریندر مودی دوبارہ حکومت بنانے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں۔

    الیکشن کمیشن، جس پر غیر موثر ہونے کا الزام عائد کیا جاتا ہے، میں مارچ میں مہمات کے آغاز پر شکایتوں کی بھرمار کی گئی۔گزشتہ ہفتے بھارتی سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے سیاسی رہنماوں کی انتخابی خلاف ورزیوں کے حوالے سے شکایات پر بروقت اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔