وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے سابق صدر، سابق وزیراعظم، سابق ڈپٹی اسپیکر کیخلاف کارروائی کی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا، سابق صدر، سابق وزیراعظم اور سابق ڈپٹی اسپیکر کے خلاف کارروائی کی منظوری لی جائیگی، اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق امور بھی زیرغور آئیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور قاسم سوری کیخلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کی منظوری لی جائیگی۔
کابینہ اجلاس میں ملک کی معاشی، امن و امان کی صورتحال زیرغور آئےگی، کابینہ اجلاس میں نجکاری بورڈ اراکین کی تعداد میں اضافے کی منظوری دی جائیگی۔
پاکستان اور ڈنمارک میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یاداشت کی منظوری بھی دی جائیگی، دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کے ویزہ فری معاہدے کی منظوری دی جائیگی۔
اس کے علاوہ کابینہ کے اجلاس میں ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت خصوصی عدالتوں کے قیام کی منظوری بھی دی جائے گی۔