Tag: وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف

  • دیکھتے ہیں کل پیپلز پارٹی کیا اعلان کرتی ہے، عمران خان

    دیکھتے ہیں کل پیپلز پارٹی کیا اعلان کرتی ہے، عمران خان

    اسلام آباد : تحریکِ انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نظامِ انصاف میں صرف کمزوروں کی پکڑ ہوتی ہے اسی لیے عوام کا خیال ہے کہ نواز شریف کو پاناما کیس میں سزا نہیں ہو گی۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہورہا ہے کہ کمزوروں کے بجائے ملک کی طاقتور ترین شخصیت کا احتساب ہونے جا رہا ہے ورنہ اس سے پہلے صرف غریبوں اور کمزوروں کو سزائیں ملتی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دھرنے اور مارچ کی بدولت آج امید ہو چلی ہے کہ وزیراعظم کی تلاشی لی جائے گی اور ان کے اہل خانہ سمیت کڑا احتساب ہوگاورنہ پاناما کیس کب کا ختم ہو چکا ہوتا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چار مطالبات کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ کل 27دسمبر ہے، دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی کیا اعلان کرتی ہے، لوگوں بہت سے امیدیں لگا لی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت قانون توڑتی ہے تو اپوزیشن کو جواب لینا ہو تاہے ، ثبوت دینا اپوزیشن کا نہیں تحقیقاتی اداروں کا ہے کیوں کہ آف شور کمپنیوں کے لیے جو اربو ں روپے باہر گئے وہ عوام کا پیسہ ہے جس کا حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیب کے قانون پلی بارگین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف نیب میں 12 مقدمات درج ہیں، اگر نیب درست طریقہ اپناتی تو کرپشن نہ بڑھتی، نیب پاکستان میں کرپشن بڑھا رہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پاناما اہم کیس ہے۔

    چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیب کو سپریم کورٹ کے ماتحت ہونا چاہیے اور سپریم کورٹ ہی نیب کے چیئرمین کی تعیناتی کرے تو شفافیت برقرار رہ سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا المیہ ہے لوگ کہتے ہیں نواز شریف کو سزا نہیں ہو گی ،پاکستان کا نظام صرف کمزوروں کو پکڑتا ہے ۔چیئر مین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ یہودی لابی پہلے ہی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف لگی ہوئی ہے ،ایسے میں خواجہ آصف کے نیو کلیئر حملے سے متعلق بیان سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ۔

  • وزیرِاعظم نواز شریف کی سالگرہ، مودی کی بھی مبارک باد

    وزیرِاعظم نواز شریف کی سالگرہ، مودی کی بھی مبارک باد

    اسلام آباد : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستانی وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو ان کی سالگرہ کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹیوٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے 61 ویں سالگر کے موقع پر مبارک دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے میں پیغام میں تحریر کیا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی درازی عمر اور صحت مند زندگی کے لیے دعا گو ہوں۔

    nawaz-dadi-post-2

    وزیراعظم پاکستان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے والد کی سالگرہ کے حوالے سے گھر میں کی گئی تصاویر کو شائع کیا اور کہا کہ میری دادی نے والد کی 66ویں سالگرہ منائی اور دعائیں دیں.

    خیال رہے وزیراعظم پاکستان نواز شریف آج اپنی 66 ویں سالگرہ سادگی سے منا رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے کارکنان اور رہنماؤں نے مختلف شہروں میں سالگرہ کی تقریبات منعقد کرتے ہوئے اپنے قائد کی سالگرہ کا جشن منایا ، کیک کاٹا اور بچوں میں تحائف پیش کئے۔

    nawaz-dadi-post-3

    واضح رہے وزیراعظم پاکستان نواز شریف 25 دسمبر 1949 کو لاہور میں پیدا ہوئے، معروف اور کامیاب کاروباری گھرانے میں پیدا ہونے والے نواز شریف نے 1981 میں پنجاب کے صوبائی وزیر برائے خزانہ کی ذمہ داری سنبھالی اور سیاسی میدان میں اپنا لوہا منوانا شروع کیا اور 26 سالوں میں ایک بار وزیراعلیٰ پنجاب اور تین بار وزیراعظم پاکستان کے عہدے پر فائز ہوچکے ہیں۔

    nawaz-dadi-post-1

  • بجلی بحران پر بوسنیا کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، نواز شریف

    بجلی بحران پر بوسنیا کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، نواز شریف

    سرائیوو: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے حل کے لیے بوسنیا کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے کول انرجی اور ہائیڈرو انرجی کے حصول میں مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نواز شریف بوسنیا کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے پُرتپاک استقبال پر بوسنیا کے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بوسنیا توانائی، دفاع اور تجارت سمیت دیگر اہم شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے ذریعے اپنے عوام کی فلاح کے لیے انقلابی قدم اٹھا سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لیے بوسنیا کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے اور کوئلہ اور پانی کے ذریعے بجلی کے پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کا متمنی ہے تاکہ پاکستان بجلی پیدا کرنے کی صنعت میں خود کفیل ہو پائے۔

    اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ہم منصب کے ساتھ معیشت کی ترقی کے لیے تجارتی معاہدوں اور عوام کے خوشحالی کے لیے ترقیاتی کاموں میں معاونت کے عزم کا اظہار بھی کیا اور معاشی ترقی کے لیے کئی پروجیکٹس میں دلچسپی ظاہر کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے دفاع، معیشت اور انرجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی ضرورت زور دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کرنے کا اعادہ کیا اور خطے میں قیام امن کے لیے مل کام کرنے پر بوسنیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    قبل ازیں بوسنیا کے پارلیمانی گروپ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں،ہم نے القاعدہ اور ٹی ٹی پی کے خطرے کو موثر طور پر نمٹا یا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت بھی چکائی ہے۔


    یہ پڑھیں: بوسنیا: وزیر اعظم نواز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب


    خیال رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف بوسنیا کے تین روزہ سرکاری دورے پر آج پہنچے ہیں جہاں افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیر اعظم کو سلامی دی۔

  • چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، نواز شریف

    چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، نواز شریف

    اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین گہرے دوست اور ہمسائے ہیں جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے اس دوستی کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر دیا ہے۔

    یہ گفتگو وزیر اعظم نواز شریف نے آج چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے وائس منسٹر ژینگ ژیاو سانگ سے ہونے والی ملاقات میں کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے و الے چینی بھائیوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں جس کے لیے چینی ورکرز کی سیکیورٹی کےلیے اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن تشکیل دے دیا گیا ہے۔

    وزیراعظم نواز شریف نے چینی رہنما کو بتایا کہ اسپیشل سیکیورٹی ڈویژن 15 ہزار فوج و سول اہلکاروں پر مشتمل ہے جو پاک چین اقتصادی راہداری پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور گذر گاہوں کی حفاظت پر مامور ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضرب عضب کی کامیابی کے باعث دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے اور دہشت گردوں کے مابین قیام نیٹ ورک بھی توڑ دیا گیا ہے ،دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں۔

    ملاقات کے دوران چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے وائس منسٹر ژینگ ژیاو سانگ نے کہا کہ موجودہ حکومت میں دونوں ملکوں کی دوستی نئی بلندیوں تک پہنچی اور اس سال دو طرفہ تجارت 18 ارب ڈالر کی سطح عبور کر گئی ہے۔

    چینی رہنما ژینگ ژیاو سانگ نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ آپ پاکستان کے ساتھ ساتھ چین میں بھی کافی مقبول ہیں اور بین الاقوامی رہنماؤں میں چینی افراد سب سے زیادہ آپ کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

    چینی رہنما نے وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان میں موجود چینی انجینیئرز کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

  • وزیراعظم سےجنرلز قمر باجوہ اور زبیر حیات کی ملاقات

    وزیراعظم سےجنرلز قمر باجوہ اور زبیر حیات کی ملاقات

    اسلام آباد : نو منتخب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات اور نئے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ وزیراعظم ہائوس پہنچ گئے اور علیحدہ علیحدہ وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں جس میں دونوں افسران کو وزیراعظم نے مبارک بادیں پیش کیں۔

    اے آر وائی کے نمائندہ اسلام آباد لئیق الرحمان نے بتایا کہ تفصیلی ملاقات میں جہاں وزیراعظم نے دونوں کو مبارک بادیں پیش کیں وہیں انہوں نے توقع ظاہر کی ہےکہ جس انداز میں موجودہ عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیے اور ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کرنے کے لیے کردار ادا کیا امید ہے نئی قیادت بھی اسی طرح اپنا کردار ادا کرے گی اور دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ کرے گی۔

    ملاقات میں قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے جب کہ جنرل زبیر حیات نے کہا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

    nawaz-post-1

    نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات اور نئے آرمی چیف نے جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم پاکستان سے اپنی ملاقات میں اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مادرِ وطن کا دفاع یقینی بناتے ہوئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

    nawaz-post-2

    اس سے قبل ترجمان وزیراعظم ہاو س مصدق ملک نے تصدیق کی کہ صدر مملکت نے وزیراعظم کی مشاورت پر نئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر حیات کی تعیناتی کی ہے جو 29 نومبر کو اپنے عہدے سنبھال لیں گے۔

    nawaz-post-3

  • پانامہ کیس، حمد بن جاسم کے خط کی کوئی اہمیت نہیں، اعتزاز احسن

    پانامہ کیس، حمد بن جاسم کے خط کی کوئی اہمیت نہیں، اعتزاز احسن

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں پیش کیےگئے حمد بن جاسم کے خط کی کوئی اہمیت نہیں ہے یہ صرف اور صرف ردی کا ٹکڑا ہے۔

    سینیٹر اعتزاز احسن اے آر وائی نیوز سے بات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ جب تک حمد بن جاسم خط کی تصدیق نہیں کرتے یہ خط ردی کے ایک ٹکڑے کے سوا کوئی اہمیت نہیں رکھتا اور یہ خط خود نواز شریف کے بیان سے بھی متصادم ہے۔

    اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پانامہ پپیپرز میں نواز شریف کے اہل خانہ کا نام آنے کے بعد سے دو مرتبہ وزیر اعظم قوم سے خطاب کر چکے ہیں اور دونوں مرتبہ حمد بن جاسم کے گروپ الثانی میں سرمایہ کاری کا ذکر تک نہیں کیا اور آج اچانک خط سامنے لے آئے ہیں جو کہ ناقابل فہم ہے۔

    اسی سے متعلق : حمد بن جاسم کون ہیں ؟

    انہوں نے مزید کہا کہ حمد بن جاسم سے منت سماجت کر کے خط لیا گیا ہو گا تا ہم اب انہیں پاکستان آنا چاہئے اور سپریم کورٹ میں باقاعدہ جرح ہونی چاہئے ایسا ہوا تو میں وکلاءکو بتاﺅں گا کہ حمد بن جاسم سے کیا سوالات کرنے ہیں۔

    یہ پڑھیے : پاناما کیس، وزیراعظم کےبچوں نے دستاویزی ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے

    اعتزاز احسن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خط تو پتہ نہیں ثابت ہو گا یا نہیں ہو گا لیکن پاکستان میں یہ بات مشہور ہے کہ لندن کے فلیٹس موٹر وے کی تعمیر کے دوران لیے گئے کمیشن سے خریدے گئے ہیں۔