Tag: وزیراعظم ہاؤس

  • عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں قائم  شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا کی دوسری بہترین ایپ قرار دینے پر کہا عوام سے براہ راست رابطے کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں شکایتی سیل قائم کیاگیا، عوام کے مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں حکومت کی جانب سے لانچ کی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، انڈونیشیا پہلے اور امریکہ تیسرے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 87 ممالک سے 44 ہزار 646 ایپلی کیشن مقابلے کے لیے بھیجے گئے، فائنل مقابلے کے لیے 21 ایپلی کیشن کو 7 مختلف کیٹیگریز میں منتخب کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن

    پاکستان سٹیزن پورٹل گوگل پلے اسٹور پر دنیا کی 7 بہترین ایپ کیٹے گری میں شامل ہے، پورٹل پراڈکٹیویٹی میں ساتویں نمبر پر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام سے ایپ بنائی گئی تھی، جو عوام میں بے حد مقبول ہوئی، عوامی اپنی شکایات اس ایپ پر درج کراتے ہیں اور حکومت کی جانب سے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔

    حکومت کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل کے آغاز کے بعد صرف 60 دن میں ایک لاکھ شکایات کو نمٹایا گیا،

  • وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل،61 فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل،61 فروخت

    اسلام آباد : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، 102میں سے61گاڑیوں کی نیلامی ہوئی، گاڑی کی سب سے زیادہ بولی ایم کیوایم کے خواجہ سہیل منصور نے لگائی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا ایک اور وعدہ پورا ہوگیا، وزیراعظم ہاؤس کی نیلامی کے لیے پیش کی گئی ایک سو دو گاڑیوں میں چوہتر فروخت ہوگئیں۔

    فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال ہرگز نہیں ہوگا۔ نئے پاکستان میں کفایت شعاری مہم کا گھر سے آغاز کیا ہے۔

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس نے میڈیا کو بتایا کہ102میں سے61گاڑیاں 20کروڑ روپے سے زائد میں نیلام ہوئیں، جس میں تین لینڈ کروزر8 کروڑ، 5 ہزارسی سی کی چار بلٹ پروف مرسڈیز بینز ساڑھے چار کروڑ اور ایک ٹویوٹا لینڈ کروزردو کروڑ 74 لاکھ روپے میں نیلام ہوئی۔

    ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس کے مطابق نیلام گاڑیوں کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد تھی، باقی گاڑیوں کی قیمتوں کا تعین ایف بی آر دوبارہ کرے گا، نیلام نہ ہونے والی گاڑیوں کی نیلامی دوبارہ کی جائےگی۔

    ایم کیوایم کے رہنما خواجہ سہیل نے سب سے مہنگی گاڑی مرسڈیز مےبیک ساڑھے نو کروڑ میں خریدی، خواجہ سہیل منصور کا کہنا ہے کہ اگر گاڑی کے پیسےڈیم فنڈز میں دیئے جائیں گے تو میں مزید 50لاکھ روپے اضافی دوں گا۔ پتہ نہیں تھا کہ سابق وزرائے اعظم ایسی قیمتی گاڑیاں استعمال کیا کرتے تھے۔

    واضح رہے کہ سابق دور حکومت میں دو سو سے زائد گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس کے زیراستعمال تھیں، باقی گاڑیاں دوسرے مرحلے میں نیلام ہوں گی۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری،  75  گاڑیاں فروخت

    وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت

    اسلام آباد : کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں کی نیلامی جاری ہے ، اب تک 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں ہیں، پہلی گاڑی کرولاالٹس 2010 ماڈل گیارہ لاکھ بیس ہزار میں فروخت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، کفایت شعاری مہم کا آغاز پہلے اپنے گھر سے وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کردیں،  خریدار وزیر اعظم ہاؤس میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کامعائنہ کر رہے ہیں۔

    نیلامی میں 75 گاڑیاں فروخت ہوگئیں، فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کرولاالٹس 2010ماڈل، 8بی ایم ڈبلیو،28مرسٹڈیز، کرولا،لیموزین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔

    اب تک 2کروڑ روپے کی بولی لگائی جاچکی ہے، گاڑیوں کی فروخت سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوں گی۔

    خریداروں کا کہنا ہے کہ نیلامی کا عمل بہترین ہے، گاڑیوں کی قیمت مناسب ہے، گاڑی مہنگی بھی خریدی تو پیسہ قومی خزانے میں جانے کی خوشی ہوگی۔

    نیلامی کے لئے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں جدید ترین مرسڈیز، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیوز لیموزین اور دس سال پرانی بہتر گاڑیاں شامل ہیں، خریدار کو گاڑی پر عائدتمام ٹیکسسز ادا کرنے ہوں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس دوسو سے زائد گاڑیاں ہیں، پہلے مرحلے میں ایک سو دو گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جبکہ بقیہ آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

    نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری

    گاڑیوں کی نیلامی 3 مراحل میں کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ، دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    یاد رہے 5 ستمبر کو پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی تھی۔

    واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

  • حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    حکومت کا وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے وزیراعظم ہاوس کو اعلیٰ درجے کے تعلیمی ادارے میں تبدیل کرنے کا بڑا اعلان کردیا اور کہا وزیرِاعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں  وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت  قومی عمارتوں کے دوبارہ استعمال سے متعلق اجلاس ہوا،  اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے میڈیاسےگفتگو میں حکومت کے انقلابی اقدامات کے اعلانات کئے۔

    وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا پی ایم ہاؤس کا سالانہ خرچہ47 کروڑ روپے سے زائد ہے لہذا وزیراعظم ہاؤس کو ایک اعلیٰ درجے کا تعلیمی ادارہ بنایا جائے گا اور وزیراعظم اور گورنرز سرکاری عمارتوں میں نہیں رہیں گے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہاؤس مری کو ہیری ٹیج بوتیک ہوٹل اور پنجاب ہاؤس مری کو ٹورسٹ ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیر تعلیم نے کہا راولپنڈی میں پنجاب ہاؤس اور  گورنرہاؤس کو تعلیمی ادارے میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ گورنرہاؤس کے ایریا کو آرٹ گیلری اور میوزیم میں تبدیل کررہے ہیں اور گورنرہاؤس میں پارک کو عوام کیلئے کھولا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلوں پر  سندھ حکومت سے بھی مشاورت کی جائےگی، گورنرسندھ اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں منتقل ہوجائیں گے جبکہ قصر ناز کراچی کو فائیو اسٹار ہوٹلز میں تبدیل کیا جائے گا۔

    شفقت محمود  نے کہا گورنرہاؤس بلوچستان، کراچی کے گورنرہاؤس اور اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس مال روڈ کو میوزیم میں تبدیل کرنےکی تجویز ہے جبکہ لاہور میں چنبہ ہاؤس کو گورنر ہاؤس میں تبدیل کیا جائے گا۔

    وزیرتعلیم  نے بتایا  وزیراعلیٰ پنجاب آفس کو کرافٹ میوزیم میں اور نتھیاگلی کےگورنرہاؤس کواعلیٰ ریزارٹ میں تبدیل  کیاجائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ  باقی دیگر اہم سرکاری عمارتوں سے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گےجبکہ  ایوان صدر سے متعلق فیصلے دوسرے اجلاس میں ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، وزیراعظم عمران خان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو اعلیٰ ترین یونیورسٹی بنائیں گے، تمام گورنر ہاؤسز میں کوئی بھی گورنر نہیں رہے گا، فیصلہ کریں گے کہ گورنر ہاؤسز سے عوام کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا کرنا ہے؟

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہائش اختیار کررہا ہوں، سیکیورٹی کے پیش نظر ملٹری سیکریٹری کے 3کمروں والے گھر میں رہوں گا، بطوروزیراعظم 2ملازم اور 2گاڑیاں رکھوں گا۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں اور اندرونی مناظر کی ویڈیو جاری

    وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں اور اندرونی مناظر کی ویڈیو جاری

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے وزیراعظم ہاؤس کی نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کردی، ویڈیو میں وزیر اعظم ہاؤس کے اندرونی مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پہلے خطاب میں سادگی اختیار کرنے اور کم اخراجات کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کیلئے اقدامات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں وزیر اعظم ہاؤس کی جن قیمتی گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کردی ہے۔

    مذکورہ گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں کھڑی ہیں، درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی ہیں، یہ گاڑیاں17ستمبرکو نیلام کی جائیں گی۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کے اندرونی مناظر کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے، فوٹیج میں وزیراعظم ہاؤس کے وسیع وعریض لان کے علاوہ ہاؤس کے اندر کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

    یہ ہے غریب عوام کے امیر حکمرانوں کا گیارہ سو کنال پر پھیلا ہوا عالی شان محل، سرخ پتھروں سے شاہی محلات کے طرز پر بنایا گیا وزیراعظم ہاؤس جدید اور مہنگے ترین سامان سے مزین ہے، وزیراعظم ہاؤس میں ورزش کیلئے جم اور سوئمنگ پول بھی موجود ہیں۔

    وزیر اعظم ہاؤس کے انتہائی قیمتی فرنیچر او رسہولیات دیکھ کر یہ اندازہ ہی ہوتا کہ یہ ایک مقروض ملک و قوم کے وزیر اعظم کا گھر ہے۔

    جس ملک میں کروڑوں بچے اسکول نہیں جاتے، آدھی سے زیادہ آبادی کو صاف پانی تک میسر نہیں،  جسے قرض کا سود اداکرنے کیلئے بھی قرض لینا پڑتا ہو ،اس ملک کے حکمرانوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ ایسی شاہانہ طرز زندگی اختیار کریں۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں17ستمبر کو نیلام کی جائیں گی، اشتہار جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کرلیا گیا، گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔

    تفصییلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے پہلے خطاب میں کیے گئے اعلان کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس کی نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیوں کی نیلامی کا باقاعدہ فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی، جس کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر کیبنٹ ڈویژن نے  ذرائع ابلاغ کو اشتہار بھی جاری کردیا ہے۔ ان33گاڑیوں میں قیمتی ترین8جدید بی ایم ڈبلیو اور چار مرسڈیز بینز بھی شامل ہیں۔

    اشتہار کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں 17ستمبر کی صبح دس بجے گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کی جائیں گی،گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائےگی۔

    علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے، کیوں کہ ہم نیلامی فنڈریزنگ کے لئے کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا نواز لیگ کے دورمیں منگوائی گئی پر تعیش گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

  • عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہ رکھنے کے فیصلے پر قائم

    عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں رہائش نہ رکھنے کے فیصلے پر قائم

    اسلام آباد : وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان نے بڑا فیصلہ کیا، وہ وزیراعظم ہاؤس کے بجائے اسپیکر ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ پروٹوکول بھی کم سے کم رکھنےکی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے منسٹر انکلیو میں اسپیکر ہاؤس میں قیام کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے۔

    عمران خان کا کہنا ہے کہ میں عوام کےٹیکس کے پیسوں کا خود محافظ ہوں، عوام کا پیسہ حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ نہیں ہوگا۔

    کپتان نے واضح کیا کہ نہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں ہوں گی نہ شہنشاہوں والا پروٹوکول ہوگا جبکہ وفاقی اور صوبائی وزرا کا پروٹوکول کم سے کم رکھنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ نہ خود پروٹوکول لوں گا نہ دوسروں کو لینے دوں گا۔ تمام وزراء ان کے بنائے گئے ایس او پی کے پابند ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : عوام کےٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا

    یاد رہے کہ وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے بنی گالا میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وعدہ کرتاہوں، عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا، عوام ٹیکس اس لیےنہیں دیتے کیوں کہ وہ دیکھتے ہیں کہ حکمران ان پیسوں سے عیاشی کرتے ہیں۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سارے خرچے کم کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کو ایجوکیشن سسٹم کے لئے دینا ہے یا ہوٹل بنانا ہے، ہماری حکومت فیصلہ کرے گی، وزیراعظم ہاؤس کے ذریعے کمایا گیا سارا پیسہ عوام پرخرچ کریں گے۔

    خیال رہے کہ عمران خان نے تقریب سادگی سے منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے ، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان سادگی سے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریب سے کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا جبکہ تقریب مکمل طور پر قومی تقریب ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • انڈونیشیا کےصدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد

    انڈونیشیا کےصدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد

    اسلام آباد: انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کی وزیراعظم ہاؤس آمد پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اورمسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے مہمان صدرکو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دو روزہ دورے پرآئے ہوئے انڈونیشیا کے صدرجوکو ویدودو کی آج صبح وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان کا استقبال کیا۔

    اس موقع پر انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کو مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

    انڈونیشیاکےصدرنے گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا جبکہ پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے معززمہمان کوسلامی پیش کی۔


    افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا: جوکوویدودو


    یاد رہے کہ گزشتہ روز انڈونیشیا کے صدر جوکوویددو نے صدرممنون حسین سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا، افغانستان میں امن کےلیے پاکستان اورانڈونیشیا کومل کرکام کرنا ہوگا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں

  • نوازشریف اہل خانہ کےہمراہ وزیراعظم ہاؤس سےمری روانہ

    نوازشریف اہل خانہ کےہمراہ وزیراعظم ہاؤس سےمری روانہ

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری ہاؤس روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مری ہاؤس روانہ ہوگئے۔ انہوں نے وزیراعظم ہاؤس کےعملے سےالوداعی ملاقات کی اور مصافحہ کیا۔


    شاہد خاقان عباسی عبوری اور شہباز شریف مستقل وزیراعظم نامزد


    خیال رہےکہ مسلم لیگ ن نے شاہد خاقان عباسی کو 45 روز کے لیے عبوری وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہےکہ منگل کی شام تک نئے وزیراعظم کا انتخاب ہوجائے گا۔


    خوشی ہے کہ مجھ پرکرپشن کا کوئی داغ دھبہ نہیں، نوازشریف


    یاد رہےکہ گزشتہ روزسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مجھ پر کرپشن کا کوئی داغ دھبہ نہیں ہے، میں نے کوئی کک بیک اورکمیشن نہیں لیا تو مجھے کس بات پر نکالا گیا؟ الزام یہ لگایا گیا ہے کہ جب تنخواہ مقرر کی گئی تو آپ نے وصول کیوں نہیں کی؟


    پاناما کیس: وزیراعظم نوازشریف نا اہل قرار


    واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے نوازشریف کو نااہل قرار دیا تھا اور نواز شریف ، حسن، حسین، مریم نواز، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں ریفرنس بھیجنے اور چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • یومیہ اخراجات: وزیراعظم ہاؤس 25 لاکھ، ایوان صدر کے لیے 12.5 لاکھ مختص

    یومیہ اخراجات: وزیراعظم ہاؤس 25 لاکھ، ایوان صدر کے لیے 12.5 لاکھ مختص

    اسلام آباد: نئے مالی سال کے بجٹ میں وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کی مد میں یومیہ 25 لاکھ اور ایوان صدر کے لیے یومیہ ساڑھے 12 لاکھ روپے مختص کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار نے نئے مالی سال 2017-18 کا وفاقی بجٹ پیش کیا جس میں دیگر اخراجات کے ساتھ ساتھ وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کے یومیہ اخراجات کی مد میں مختص رقم میں اضافہ کردیا گیا۔

    بجٹ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کے گزشتہ مالی سال کے یومیہ اخراجات 24 لاکھ 30 ہزار 584 روپے تھے سالانہ حساب سے یہ رقم 88 کروڑ 95 لاکھ 94 ہزار روپے بنتی تھی تاہم اس رقم پر نظر ثانی کی گئی تھی اور یہ رقم بڑھ کر 95 کروڑ 6 لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

    اس بجٹ میں یہ رقم 24 لاکھ یومیہ سے بڑھا کر 25لاکھ روپے یومیہ کردی گئی ہے جو کہ سالانہ اعتبار سے 91 کروڑ 67 لاکھ 22 ہزار روپے بنتے ہیں۔

    امکان ہے کہ اس بار بھی مالی سال کے اختتام پر ان اخراجات پر نظر ثانی کردی جائے گی اور یہ اخراجات ایک ارب روپے تک پہنچ جائیں گے۔

    اسی طرح ایوان صدر کے لیے مختص یومیہ رقم میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اب ایوان صدر کے لیے یومیہ ساڑھے بارہ لاکھ روپے مختص کردیے گئے ہیں جو کہ سالانہ 45 کروڑ 75 روپے بنتے ہیں۔

    اسی سے متعلق: پانچ ہزار 310 ارب کا بجٹ پیش، تنخواہ و پنشن میں‌ 10 فیصد اضافہ