Tag: وزیراعظم

  • وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلیے 4 ارب کی گرانٹ کا اعلان

    وزیراعظم کا گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلیے 4 ارب کی گرانٹ کا اعلان

    گلگت بلتستان (4 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 4 ارب کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے 4 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اعلان کردہ امدادی رقم چند روز میں وفاق کی جانب سے جی بی حکومت کو فراہم کر دی جائے گی۔

    دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گل بر خان نے ملاقات کی اور انہیں جے بی میں حالیہ بارشوں، سیلابی صورتحال اور اس سے ہونے والے تباہی سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے وزیراعظم کو ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جب کہ اس موقع پر گلگت بلتستان میں امن وامان کی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

    اس ملاقات کے حوالے سے ترجمان جی بی حکومت کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیراعظم کو سیلابی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیلابی تباہی سے 20 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے گرانٹ منظور کرنے کی سفارش کی۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں انہیں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جی بی میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جی بی میں مختلف مقامات پر شدید بارشوں سے تباہی ہوئی۔ جی بی میں مختلف مقامات پر کلاؤڈ برسٹنگ نے تباہی پھیلائی۔ دیامر، بابوسر، گانچھے سمیت دیگر علاقے بھی تباہ ہوئے۔ وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت سے رابطے میں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے دنیا کے 10 شدید متاثر ممالک میں شامل ہے جب کہ کاربن گیس کے اخراج کے حوالے سے پاکستان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2022 میں بھی سیلاب سے تباہی آئی اس کی بھی وجہ یہی تھی۔ ہمارے ملک میں ہر سال کم یا زیادہ ایسی تباہی آتی ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی ،سیکریٹری اور ٹیم کو واضح ہدایت دی ہے۔ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی

    انہوں نے ہدایت کی کہ سیاحتی مقامات کیلیے موسم کے اعتبار سے پیشگی آگہی کا نظام تشکیل دیا جائے اور مقامی آبادیوں کو پانی کی قدرتی گزرگاہوں سے دور بحال کیا جائے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید فعال اور مربوط بنایا جائے۔

    وزیراعظم نے آئندہ چند ماہ میں گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاعات ومانیٹرنگ سینٹر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں فوری ریسکیو و مدد کیلیے ایک جامع نظام تشکیل دینے، حالیہ مون سون سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلیے اقدامات کو جلد مکمل اور تمام علاقوں کے مواصلاتی روابط کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

    واضح رہے کہ حالیہ مون سون کے دوران گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ سے ہونے والی غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 10 سے زائد سیاح سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق جب کہ کئی اب تک لاپتہ ہیں۔

    سیلاب سے 500 سے زائد مکانات، 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں تباہ ہوئیں، 27 پل اور 22 گاڑیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئیں جبکہ کئی مساجد، اسکول، ہوٹلرز، دکانیں، مویشی خانے تباہ اور ہزاروں فٹ لکڑی ریلوں میں بہہ گئیں۔

  • پنجاب میں مفت دوائیں دینے کے لیے بیرون ملک سیمپل بھجوائے تو 60 فیصد جعلی تھیں، وزیراعظم

    پنجاب میں مفت دوائیں دینے کے لیے بیرون ملک سیمپل بھجوائے تو 60 فیصد جعلی تھیں، وزیراعظم

    اسلام آباد (21 جولائی 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں مفت دوائیں دینے کے لیے بیرون ملک بھجوائے گئے 60 فیصد سیمپل جعلی تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں طبی آلات کی لائسنسنگ، رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیصلہ کیا کہ بچہ امیر کا ہو یا غریب کا، اسپتالوں میں سب کو مفت دوائیں ملیں گے۔ پنجاب میں مفت دوائیں دینے کے لیے بیرون ملک سیمپل بھجوائے تو 60 فیصد جعلی نکلیں۔

    وزیراعظم نے اعتراف کیا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں رشوت کا بازار گرم تھا۔ وہاں دل کے مریضوں کی اموات میں اچانک اضافے کی تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ دل کے امراض کی دوائیوں کی اسٹوریج ٹھیک نہیں تھی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ڈریپ نے بھی اس کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مجرمانہ غفلت قرار دیا۔ جب کہ لندن اور فرانس سے آنے والی رپورٹس نے تو دل دہلا دیے کہ اسپتال میں دل کے امراض کی نہیں بلکہ ملیریا کی دوائیاں تھیں۔

    شہباز شریف نے وزارت صحت میں ڈیجیٹائزیشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طبی آلات کی لائسنسنگ، رجسٹریشن کا ڈیجیٹل نظام قال ستائش ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ دن جلد آئے گا، جب پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے انتہائی دوست ملک نے پاکستان کو اسپتال گفٹ کیا تھا۔ یہ اسپتال اور برن یونٹ کئی سالوں سے بند پڑے ہیں۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو بتایا تو انہوں نے فوری نوٹس لیا اور اب اس کی بحالی کے لیے کام ہو رہا ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ جن لوگوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دی ہیں، ان پر 20 دن میں فیصلے ہوں گے۔ اور مجھے یقین ہے کہ مصطفیٰ کمال 20 دن کے اندر اندر میرٹ پر فیصلے کر کے تاریخ رقم کریں گے۔

  • وزیراعظم کا طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان

    وزیراعظم کا طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان

    اسلام آباد(18 جولائی 2025): وزیر اعظم شہباز شریف نے ہونہار طلبہ کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت وفاق سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک وہیکلز اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو مفت الیکٹرک بائیکس ملیں گی، ہونہار طلبا کو 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس اور 3 ہزار رکشےو لوڈر ملیں گے جبکہ فیڈرل بورڈ کے ٹاپرز بےروزگاروں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر ملیں گے۔

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

     پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر، چیف کوآرڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

    انہوں نے حکومت کی الیکٹرک وہیکل کی حوصلہ افزائی اور اس میں حکومتی معاونت والی اسکیم میں معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیح دینے اور الیکٹرک وہیکل کے حصول میں حکومتی معاونت کی اسکیم کے بارے عوامی آگاہی مہم چلانے اور مجوزہ اسکیم میں دی جانے والی الیکٹرک بائیکس، رکشوں و لوڈرز کے بہترین معیار اور ان کے سیفٹی معیار پر پورا اترنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز سے ایندھن کی بچت، ماحولیاتی تحفظ اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا، عام آدمی تک الیکٹرک وہیکل کی رسائی کیلئے جامع حکومتی لائحہ عمل بنایا جائے اور الیکٹرک وہیکلز کی تیاری و مینٹی ننس کیلئے مکمل ایکوسسٹم تشکیل دی جائے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس، رکشوں و لوڈرز کے معیار اور سیفٹی کا خاص خیال رکھا جائے، اس اسکیم میں خواتین کیلئے 25 فیصد خصوصی کوٹہ، بلوچستان کیلئے کوٹہ 10 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

  • ’’کسانوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی‘‘، وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    ’’کسانوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی‘‘، وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کی مزید اصلاحات اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرض فراہم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

    اے آر ائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زرعی شعبے کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں زرعی شعبے کے لیے قائم ٹاسک فورس نے شرکا کو بریفنگ دی۔

    وزیراعظم نے اجلاس زرعی شعبے کی مزید اصلاحات اور ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی اصلاحات کیلیے جامع لائحہ عمل طلب کر لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے بھی جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ہر قسم کی رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ زرعی پیداوار میں بہتری، ویلیو ایڈیشن اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔ زرعی اجناس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلیے زرعی شعبے کے تحقیقی مراکز کو مزید فعال بنایا جائے اور اس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کےتحت جدید تحقیق کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے زراعت میں مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کےحوالے سے اقدامات کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے اور منافع بخش فصلوں کی کاشت اور پاکستان کو غذائی تحفظ سے متعلق خود کفیل بنایاجائے۔

    وزیراعظم نے زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومتوں سے روابط اور تعاون مزید مربوط بنانے، کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجاویز کیلیے مشاورت کرنے اور زراعت کے جدید طریقہ کار اپنانے میں کسانوں کی معاونت کی جائے۔

    شہباز شریف نے سندھ اور بلوچستان میں کپاس کی کاشت کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ جامع منصوبہ بندی کرنے اور نباتاتی ایندھن کو ملک کے انرجی مکس میں شامل کرنے کے لیے تحقیق اور منصوبہ بندی کرنے کی ہدایات بھی کیں۔

  • وزیراعظم اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

    وزیراعظم اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے

    وزیر اعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کےسربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا 17واں سربراہی اجلاس آج اور کل باکو میں ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیراعظم ای سی اووژن 2025 سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کریں گے، وزیراعظم اہم علاقائی و عالمی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا بتانا ہے کہ وزیراعظم علاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ رابطوں اور توانائی تعاون پر زور دیں گے، وزیراعظم دیگر ای سی اور ہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کرینگے، ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

  • گورنر کے پی کا سوات واقعے میں سیاحوں کی جان بچانے والے نوجوانوں کو عمرہ پر بھیجنے کا اعلان

    گورنر کے پی کا سوات واقعے میں سیاحوں کی جان بچانے والے نوجوانوں کو عمرہ پر بھیجنے کا اعلان

    گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات واقعے میں سیاحوں کی جان بچانے والے دونوں نوجوانوں کو عمرے کی ادائیگی کے لیے بھجوانے اور سول ایوارڈ دینے کے لیے وزیراعظم کو سفارش کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے سوات میں سیاحوں کی جان بچانے والے نوجوانوں نے ملاقات کی، گورنر کے پی نے محمد ہلال خان اور عصمت علی کی بہادری پر انھیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور دونوں کی بہادری اور انسانی امداد کے جذبے کو سراہا۔

    گورنر فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کو بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے پر تعریفی شیلڈ بھی پیش کی، کے پی کے گورنر نے نوجوانوں کو اپنی جانب سے عمرہ پر بھیجنے اور سول ایوارڈ دینے کیلئے وزیراعظم کو سفارش بجھوانے کا بھی اعلان کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سانحہ سوات میں وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر ریسکیو کیلئے کیوں استعمال نہیں کیا گیا؟ 

    دریائے سوات حادثہ، عینی شاہدین نے دل دہلا دینے والا آنکھوں دیکھا حال بتا دیا

    اس موقعے پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مقامی نوجوانوں نے مصنوعی کشتی کے ذریعے سیاحوں کی جان بچائی، انسانی امداد اور بہادری کی یہ مثال قابلِ فخر ہے۔

    گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر سوات آفس کو مزید مستحکم بنانے اور آفس میں ایمبولینسز کے ساتھ کشتی لگانے کی ہدایت بھی کی ہے، انہوں نے کہا کہ کشتیوں کی مدد سے سیلابی صورتحال میں بروقت ریسکیو ممکن ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے دریائے سوات میں طغیانی اور سیلابی ریلے میں بہہ کر کئی سیاح ڈوب گئے تھے، جن میں سے 12 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، تاہم ایک بچہ ان بھی لا پتا ہے۔

  • وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی میرٹ لسٹ جاری

    وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی میرٹ لسٹ جاری

    پاکستان ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت صوبائی میرٹ لسٹ جاری کر دی ہے۔

    وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے اپلائی کرنے والے نوجوانوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پی ایم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت صوبائی میرٹ لسٹ جاری کر دی ہے۔

    اس فہرست میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں داخلہ لینے والے طلبہ سمیت سندھ بھر سے لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے اہل طلبہ کے نام شامل ہیں۔

    سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ترجمان کے مطابق فہرست میں امیدواروں کا اسٹیٹس جاننے کے لیے ایک آن لائن پورٹل جاری کیا ہے۔

    اس آن لائن پورٹل کے ذریعہ اسکیم کے لیے اپلائی کرنے والے طلبہ یہ معلوم کر سکیں گے کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے اہل امیدواروں کی فہرست میں ان کا نام شامل ہے، یا انہیں ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا ہے، یا تعلیمی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے انہیں نا اہل قرار دیا گیا ہے۔

    یونیورسٹی نے اپنے طلبہ کے میرٹ ڈیٹا کو آفیشل نوٹس بورڈز، یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نامزد اسٹوڈنٹ فوکل پرسنز (SFPs) کے ذریعے بھی شیئر کیا ہے۔

    یونیورسٹی ترجمان کے مطابق میرٹ لسٹ پر اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 جولائی 2025 ہے۔ جن طلبہ کو یقین ہے کہ ان کا نام میرٹ لسٹ میں آنے سے غلطی سے رہ گیا ہے، تو وہ اپنے متعلقہ فوکل پرسن سے معاون دستاویزات کے ساتھ فوری رابطہ کریں

    یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد اپنی حیثیت کی تصدیق کریں تاکہ اس اسکیم میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا یا کسی بھی مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔

    آن لائن پورٹل پر میرٹ لسٹ چیک کرنے کے لیے امیدوار ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ (https//hec.gov.pk) پر جائیں۔ پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم 2025 پر کلک کریں۔ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا امیدوار (طالب علم) کی شناخت درج کریں۔

  • وزیراعظم نے چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کی دعوت دے دی

    وزیراعظم نے چوہدری نثار کو ن لیگ میں واپسی کی دعوت دے دی

    وزیراعظم شہباز شریف نے آج سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خٰان سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور انہیں ن لیگ میں واپسی کی دعوت دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج ن لیگ کے سابق مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔

    ذرائع نے اس ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے چوہدری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں ن لیگ میں واپسی کی دعوت بھی دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار نے ن لیگ میں واپسی کی پیشکش کا فوری جواب دینے کے بعد بجائے صحت ٹھیک ہونے اور رفقا سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے کوئ حتمی فیصلہ کرنے کا کہا۔

    چوہدری نثار علی خان نے اپنی رہائشگاہ آمد کے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم وہاں سے روانہ ہو گئے۔

    واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان ن لیگ کے دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ن لیگ کے صدر نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی بھی رہے ہیں اور کئی بار وفاقی وزارت کا منصب بھی سنبھالا۔

    بعد ازاں ان کے ن لیگ کے اختلافات شروع ہوگئے اور پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کر کے مریم نواز کو پارٹی میں اہم منصب دیے جانے پر انہیں اعتراض تھا۔

    2018 کے عام انتخابات میں چوہدری نثار نے ن لیگ کے بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ جس کے بعد انہوں باضابطہ طور پر ن لیگ چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔

    مسلم لیگ ن کا حصہ نہیں ہوں، چوہدری نثار

    بعد ازاں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ایک تقریب میں صحافی کے ایک سوال کے جواب میں دوٹوک کہا تھا کہ چوہدری نثار کا ن لیگ سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔

    چوہدری نثار کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں، مریم نواز

    گزشتہ سال 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں بھی چوہدری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیا۔ تاہم این اے 53 پر انہیں ن لیگ کے امیدوار قمر الاسلام سے شکست ہوئی۔

    چوہدری نثار علی خان نے کئی سال سیاسی خاموشی میں گزارے اور اس دوران بعض حلقوں کی جانب سے پی ٹی آئی جوائن کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، جو بعد ازاں افواہیں ثابت ہوئیں۔

  • وزیراعظم کا بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان

    وزیراعظم کا بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاور اسمارٹ موبائل ایپ ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجرا باعث اطمینان ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ 500 ارب کی بجلی چوری اور پیدوار کے مقابلےکھپت میں کمی توانائی کے شعبے کے سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنا ہے، میٹر ریڈنگ سے متعلق بہت شکایات موصول ہورہی تھیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات اہم ترجیح تھی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں تمام کٹیگریز کے بجلی صارفین سے ہر ماہ 35 روپے پی ٹی وی فیس وصول کی جارہی ہے، تاہم حکومت نے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لٰئے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تقریبا 4 کروڑ سے زائد صارفین سے صرف پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریبا ڈیڑھ ارب روپے تک وصول کیے جارہے تھے، یہ ریلیف گھریلو، کمرشل، اور تمام کیٹگریز کے صارفین کے لیے ہوگا۔

  • وزیراعظم کا ثالثی عدالت کے سندھ طاس معاہدے پر ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم

    وزیراعظم کا ثالثی عدالت کے سندھ طاس معاہدے پر ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم

    وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر مستقل ثالثی عدالت کی طرف سے دیے گئے ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے پاکستانی بیانیے کو تقویت ملی ہے، عدالتی فیصلے کے مطابق بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ آبی وسائل پر کام کر رہے ہیں، پانی ہماری لائف لائن ہے، وزیراعظم نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان کی کاوشوں کی تعریف بھی کی ہے۔

    پاکستان کی بڑی کامیابی: سندھ طاس معاہدے پر ثالثی عدالت نے پاکستانی موقف کی تائید کر دی

    واضح رہے کہ عالمی ثالثی عدالت (پی سی اے) نے پاکستانی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی عارضی معطلی کے بھارتی اعلان کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت جاری ثالثی کو یکطرفہ طور پر نہیں روک سکتا۔

    رواں برس بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے کئی اقدام سامنے آئے تھے، ان میں سے ایک سندھ طاس معاہدے کو فوری طور پر معطل کرنا تھا۔

    بھارت کا یہ اقدام یکطرفہ تھا، جس پر ثالثی کی مستقل عدالت نے یہ ’کارروائی عدالت کی خود مختاری یا دائرہ اختیار کو محدود نہیں کر سکتی‘بیان سامنے آیا ہے۔

    پی سی اے کو 1899 میں دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی تنازعات حل کرنے کے لیے پہلے عالمی نظام کے طور پر قائم کیا گیا تھا، یہ ریاستوں، اس سے منسلک اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کو تنازعات حل کرنے کی مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے، جن میں ثالثی، مفاہمت، مصالحت اور حقائق معلوم کرنے جیسی خدمات فراہم کرتا ہے۔