Tag: وزیراعظم

  • پی اے ٹی ورکرزکےقتل کاالزام، وزیراعظم سمیت11افرادپرمقدمہ

    پی اے ٹی ورکرزکےقتل کاالزام، وزیراعظم سمیت11افرادپرمقدمہ

    اسلام آباد: وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اوردیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست پردرج کیا گیا

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت گیارہ ملزمان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں دفعہ دوسوچھ دہشت گردی ایکٹ کے تحت پاکستان عوامی تحریک کے تین کارکنان کےقتل کامقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    مذکورہ مقدمہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست پردرج کیا گیا اورمقدمہ میں انسداددہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ مقامی عدالت کے حکم پر درج کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیرِاعظم محمد نوازشریف ودیگرملزمان کے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔

    اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے گذشتہ روزپاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ریڈ زون میں پولیس شیلنگ سے جاں بحق کارکنوں کے قتل کے مقدمے کے اندراج کے لئے درخواست کی سماعت کی تھی۔

    پاکستان عوامی تحریک نے درخواست میں مؤقف اختیارکیاتھا کہ اسلام آباد میں تیس اوراکتیس اگست کی درمیانی شب پولیس نے دھرنے کے شرکاء کو تشدد کانشانہ بنایا، شیلنگ اورفائرنگ سے تین کارکن جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئےتھے جس کی ذمے داری وزیرِاعظم سمیت اعلیٰ حکام پرعائد ہوتی ہے۔

  • پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے متحد ہیں، آفتاب شیر پاؤ

    پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے متحد ہیں، آفتاب شیر پاؤ

    اسلام آباد : قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ ہمارے آپس میں لاکھ اختلافات صحیح مگر وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے اور نہ ہی استعفیٰ دے سکتے ہیں،اگر کسی کو استعفے کی بات کرنی ہے تو وہ آکر پارلیمنٹ سے بات کرے،تمام ارکان پارلیمنٹ کی حفاظت کیلئے متحد ہیں ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے،وزیر اعظم مزید چار سال اپنی کرسی پر بیٹھیں گے۔ ،

    ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے باہر تماشا لگا ہوا ہے اور آئی ڈی پیز کی کسی کو پرواہ نہیں،ملکی تاریخ میں آج تک کسی سیاسی جماعت نے پی ٹی وی پر حملہ نہیں کیا،میں پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

    میں عدالت کا راستہ روکنے والوں،سپریم کورٹ کی دیوار پر کپڑے لٹکانے والوں ،پارلیمنٹ کو بوگس کہنے والوں اور صحافیوں پر حملے کرنے والوں کی پرزور مذمت کرتا ہوں،وزیر اعظم پر بھروسہ نہ کرنے والے بھی قابلِ مذمت ہیں کیوںکہ ان کا یہ اقدام عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔

    آفتاب شیر پاؤ نے کہا کہ دھرنے والوں کی کشتی سے لوگوں نے نکلنا شروع کردیا ہے،ایک دن کی شیلنگ کے بعد شام کی محفلیں ختم ہو گئیں ہیں، انہوں نے عمران خان اور طاہرالقادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکٹری کا نشان بناتے ہوئے گھر جائیں اور وزیر اعظم کے استعفے کو بھول جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن لیڈر بن نہیں سکے لیکن وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں تحریک انصاف کے اندرجمہوریت نہیں ہے،پہلے صدر کو فارغ کیا اور پھر بعد میں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔،

  • وزیراعظم نوازشریف کسی صورت مستعفی نہ ہوں،سینیٹر زاہد خان

    وزیراعظم نوازشریف کسی صورت مستعفی نہ ہوں،سینیٹر زاہد خان

    اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی رہنماء اور سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کسی صورت مستعفی نہ ہوں،ہم آئین اور جمہوریت کی خاطر آپ کے ساتھ ہیں،اگر وزیراعظم مستعفی ہوئے تو یہ پارلیمنٹ کی توہین ہوگی۔

    زاہدخان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہوا، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے الیکشن بھی سلیکشن تھے،ہم جنازے اٹھاتے رہے اوروہ اپنی مہم چلاتے رہے۔

     خیبر پختونخواہ  کے وزیرِاعلیٰ کا مینڈیٹ بھی جعلی ہے، پرویز خٹک اپنا صوبہ چھوڑ کر اسلام آباد پر قبضے کیلئے آئے ہوئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ نے ہمیں کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا،بیورو کریسی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

    زاہد خان نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو بہت سمجھایا کہ مسائل صرف پارلیمنٹ میں ہی حل ہوتے ہیں،اور تمام معاملات کے حل کیلئے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے۔

    آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف بات کرنے والے جیل میں بیٹھے ہیں لیکن ایک شخص جس کا تعلق پنجاب سے ہے وہ آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف مسلسل بول رہا ہے لیکن اسے کچھ نہیں کہا جارہا،صرف پنجاب پاکستان نہیں، انہوں نے کہا کہ قانون بناناپارلیمنٹ کا کام ہے اور اس پر اپنی رٹ قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

  • وزیرِاعظم استعفیٰ نہیں دینگے اورنہ ہی چھٹی پرجائیںگے،فضل الرحمٰن

    وزیرِاعظم استعفیٰ نہیں دینگے اورنہ ہی چھٹی پرجائیںگے،فضل الرحمٰن

    اسلام آباد: جمیعت العلمائے پاکستان (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی توہین پوری قوم کی توہین ہے، وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دینگے اور نہ ہی چھٹی پر جائیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا رونا رونے والے خود کے پی کے میں حکومت کررہے ہیں، اسلام آباد کو ان جتھوں سے پاک کرنا حکومت کی انتظامی ذمہ داری ہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر صوفی محمد پر بغاوت کا مقدمہ چل سکتا ہے تو عمران خان اورطاہرالقادری پر بھی آرٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔

    آج پاکستان کی جمہوریت اور پارلیمنٹ پر حملہ ہوا ہے، پارلیمنٹ اور جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اور طاہرالقادری میں ذرا سی بھی اخلاقی جرات ہے تو ان کو اپنی سیاسی موت کا اعتراف کرتے ہوئے دفن ہوجانا چاہئے ۔

    پی ٹی وی پر قبضے سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی کہ جب آرمی کے جوان پی ٹی وی کی عمارت میں پہنچے تو مظاہرین نے پاک فوج کے جوانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔ یہ لوگ دنیا کو کیا پیغام یہ دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی فوج ایک ریاست کی حامی ہے اور پولیس دوسری ریاست کی ۔ یہ عناصر ملک کو تباہی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی سمیت کسی ٹی وی چینل نے ہماری ریلی کی کوریج نہیں کی جبکہ اس ریلی میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک تھے۔

    پوری قوم کا دھیان آئی ڈی پیز سے ہٹا دیا گیا، دس لاکھ کی افراد کی ذمہ داری حکومت پر ہے لہٰذا حکومت ان کا بھی خیال رکھے ، حالیہ واقعات کے باعث چین کے وزیراعظم نے اپنا دورہِ پاکستان ملتوی کردیا۔

    مولانا فضل الرحمٰن نے اسپیکر سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اب تک تحریک انصاف کے ممبرانِ پارلیمنٹ ۔کے استعفے کیوں قبول نہیں کئے گئے؟

  • ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق قرارداد کی خبر بے بنیادہے، خواجہ آصف

    ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق قرارداد کی خبر بے بنیادہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی برطرفی سے متعلق قرارداد پیش کیے جانے کی خبربے بنیاد ہے ۔

    وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق اقدامات کریں گے، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق قرار داد کی خبر بے بنیاد ہے، قومی اسمبلی میں قرار داد لانے سےکی خبر شر انگیزی ہے، بدنیتی پر مبنی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر اداروں کے درمیان ٹکراؤ چاہتے ہیں، بے بنیاد افواہیں پھیلا کر پاکستان کی سالمیت کیخلاف سازش کی جارہی ہے، مظاہرین پوری دنیا کیساتھ رابطہ منقطع کرنا چاہتے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پارلمنٹ کامشترکہ اجلاس کل ہورہا ہے جس میں  تین اہم قرار داد پیش کیے جانےامکان ہے،جن میں آرمی چیف کا استعٖفیٰ، ڈی جی آئی ایس آئی کی کی برطرفی سمیت پی اے ٹی پر پابندی کی قرارداد بھی منظور کیے جانے کا امکان ہے۔

  • وزیراعظم معاملات کوافہام وتفہیم سے حل کریں، ڈاکٹرفاروق ستار

    وزیراعظم معاملات کوافہام وتفہیم سے حل کریں، ڈاکٹرفاروق ستار

    کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں ہمارا خاموش رہنا ممکن نہیں، قائد تحریک الطاف حسین نے اسلام آباد واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،انہوں نے کہا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو معاملات سے لاتعلق سے نہیں رہ سکتے۔

    ان خیالات  کا اظہار انہوں نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انکا کہنا تھا کہ اگرپرامن مظاہرین کو وزیراعظم ہاؤس جانے دیا جاتا تو کیا ہوجاتا،اسلام آباد کے حالات پورے ملک پر اثر انداز ہورہے ہیں، لوگ ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں، ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

    ہماری وزیراعظم سے پرزور اپیل ہے کہ خدارا معاملے کو جلد ازجلد افہام وتفہیم سے حل کیا جائے، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے ملک گیر یوم سوگ منا کر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنان سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کل کے پولیس ایکشن سے ہماری معاملات کو سلجھانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں،وزیر اعظم سے گذارش ہے کہ اگر ان ہاؤس تبدیلی آسکتی ہے تو اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔،

  • اسلام آباد:سانحہ شاہراہ دستور، وزیراعظم کو رپورٹ پیش

    اسلام آباد:سانحہ شاہراہ دستور، وزیراعظم کو رپورٹ پیش

    اسلام آباد: وزیراعظم کو شاہراہ دستور پر پیش آنے والے واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ روزایوان صدرپرمظاہرین کی پیش قدمی کے باعث پیش آیا۔

    اسلام آباد میں آزادی اور انقلاب مارچ کے شرکاء کا سیاسی عمارتوں کی جانب پیش قدمی کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے اندھا دھند شیلنگ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا سہارا لیا گیا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پولیس نے ریاستی اداروں کے تحفظ کیلئے کارروائی کی۔

  • عمران خان سیاست چھوڑیں، کرکٹ کوچ بن جائیں، خواجہ آصف

    عمران خان سیاست چھوڑیں، کرکٹ کوچ بن جائیں، خواجہ آصف

    اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہناہے کہ سابق چیف سیکڑیٹری نےخیبر پختونخواحکومت کے خلاف چارج شیت جاری کی ہے۔

    خواجہ آصف نےکہا کہ عمران خان نے سچ بولنے کے سوا ہرکام کیاہے اب ان کوسابق چیف سیکریٹری کی چارج شیٹ پڑھنی چاہیے۔

    وزیر دفاع نےعمران خان کو مشورہ دیا کہ اپنی شخصیت کےگرداب میں پھنسے ہوئےکپتان کےلئے بہترہوگاکہ وہ سیاست چھوڑ کر کرکٹ کوچ بن جائیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نظام میں بگاڑ پیداکررہے ہیں، بہتر ہوگا سیاسی معاملات کو سڑکوں کے بجائے پارلیمنٹ میں لائیں اور انہیں سیاسی طریقے سے حل کیاجائے۔

  • وزیرِاعظم اوروزیرِداخلہ کے بیانات میں ابہام ہے،شاہ محمودقریشی

    وزیرِاعظم اوروزیرِداخلہ کے بیانات میں ابہام ہے،شاہ محمودقریشی

    اسلام آباد: سیاسی بحران کو حل کرنے کے لئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے فوجی سربراہ سے مذاکرات پر وزیراعظم کے بیان میں ابہام موجود ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءشاہ محمودقریشی کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم اوروزیرِ داخلہ کے بیانات میں ابہام ہے اوراُنہیں وضاحت کرنی چاہیئے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت ہر معاملے میں ابہام کا شکار لگتی ہے۔

    ہم حکومتی رویے پر افسوس کا اظہار کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا بیان سن کر ششدر رہ گئے، ہمارا مطالبہ ہے کہ نواز شریف اور چوہدری نثار اپنے بیان کی وضاحت کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کی بقاء اور اس کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں، انتخابات میں شفافیت چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ جمہوریت اورآئین کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

  • کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

    کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش

    لاہور: وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ سانحہ کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے ،جلد منظر عام پر بھی لایا جائے گا۔

    علامہ اقبال انٹرنیشل ائیرپورٹ کے حج ٹرمینل کی تزئین آرائش کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شجاعت عظیم نے کہا کہ ائیرپورٹ کولڈ اسٹوریج میں کسی شخص کی ہلاکت نہیں ہوئی، مرنے والے آٹھوں افراد کا تعلق نجی کمپنی جیری دناتا سے تھا جو الگ کمرے میں بند تھے اور انکی نشاندہی دہشت گردی حملے کے وقت نہیں کی جس پر تحقیقاتی رپورٹ میں ہلاکتوں کی ذمہ داری ائیرپورٹ مینجر اور جیری دناتا پر عائد کی گئی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ جیری دناتا کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا کہ مرنے والوں کا معاوضہ جلد ادا کیا جائے ۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ مینجر کو ہدایت کی گئی تھی کہ حملے کے بعد وہ مسلسل ائیرپورٹ پر رہیں مگر ایسا نہیں کیا گیا،ائیرپورٹ پر کیمیکل کے ڈرم بھی موجود تھے جن کی نشاندہی کرنے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی ناکام رہی تھی