Tag: وزیراعظم

  • وزیراعظم آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے

    وزیراعظم آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے، مولانا دھرنا سمیت کرتارپور راہداری پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج متوقع ہے، وزیراعظم عمران خان ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کرتارپورراہداری سمیت ملکی امور پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔

    اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی سرجوڑ کر بیٹھے گی، وفاقی دارالحکومت تمام اہم سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے پر ساری سیاسی قیادت اسلام آباد میں موجود ہوگی۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں جاری اپوزیشن دھرنے سے ملک میں سیاسی ہلچل ہے، دوسری جانب سکھ برادری کے لیے کرتارپور راہداری کی فقیدالمثال افتتاحی تقریب نو نومبر کو ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شرکت کریں گے، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا۔

    یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر سکھ برادری کےخیرمقدم کیلئے خصوصی نغمہ جاری کیا گیا تھا جبکہ بابا گرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ اور یادگاری سکہ کا اجرا کیا گیا تھا۔

    کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی

    خطاب کے دوران وزیراعظم ان تمام امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خطاب کے دوران اپوزیشن بینچ کی جانب سے احتجاج ممکن ہے۔

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مارچ یا دھرنا سیاسی سرگرمی ہے فوج کا تعلق سیاست سے نہیں ہوتا، مارچ میں فوج سے متعلق بیانات پر ردعمل دے چکے ہیں۔

  • حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے، وزیراعظم

    حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات کی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم کو مولانا سے ہونے والی ملاقات پر بریفنگ دی۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم عمران خان کو مولانا فضل الرحمان کے مطالبات سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل اختیار کے ساتھ رہبر کمیٹی سے مذاکرات کرے۔

    ذرائع کے مطابق استعفے کے علاوہ تمام جائز مطالبات ماننے کو تیار ہیں، حکومتی کمیٹی مکمل طور پر با اختیار ہے، اپوزیشن سنجیدہ مذاکرات چاہتی ہے تو مثبت جواب دیا جائے۔

    وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں آج رہبر کمیٹی سے دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ رات گئے چوہدری پرویز الہیٰ اور چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی اور اس سے قبل حکومتی کمیٹی نے بھی اپوزیشن سے ملاقات کی تھی۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہردی پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ مایوسی گناہ ہے اور ہم نے مایوسی کی طرف نہیں جانا، راستے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آزادی مارچ میں جو چیزیں آرہی ہے اسی میں حل ڈھونڈ رہے ہیں, اچھا ماحول ہو تو مشکل سے مشکل مسائل بھی حل ہوجاتے ہیں۔

    پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت میں جلد معاملات حل ہونے چاہئیں، دھرنے سے سب کے لیے معاشی اوراقتصادی مسائل پیدا ہورہے ہیں، مولانا فضل الرحمان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔

    دھرنا ختم ہو سکتا ہے، ٹائم فریم نہیں دے سکتا: فضل الرحمان

    اس سے قبل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ دھرنا ختم ہو سکتا ہے لیکن ٹائم فریم نہیں دے سکتا، مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دھرنا ختم ہوگا یا نہیں یہ فیصلہ اجتماعی طور پر اور اپوزیشن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، اپوزیشن جماعتیں پہلے بھی ساتھ تھیں اب بھی ساتھ ہیں۔

  • وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا ، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس کے وقت اور مقام میں تبدیلی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آفس کے بجائے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، مذاکراتی کمیٹی کی وزیراعظم سے ملاقات کے باعث اجلاس کا وقت 30منٹ آگے کیا گیا۔

     وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس کا 8نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، کابینہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

    قانون ساز ی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈے میں شامل ہے، سی ڈی اے کی تنظیم نو بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اجلاس میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے متعلق پالیسی بھی زیرغور آئے گی، جبکہ نیشنل پاور پارک مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت آج ہونے والے اجلاس میں نادرا کے مالی سال 2019 کے آڈٹ کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق میجر جنرل عامر مجید کی بطور ڈی جی رینجرز پنجاب عارضی تبادلہ کی منظوری دی جائے گی۔ نادرا کے مالی سال 2019 کے آڈٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ کا اجلاس ، لاہور، کراچی، پشاور اور ملتان کے لیے بڑی خبر آگئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں لاہور،ملتان،کراچی اور پشاور میں کثیرمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی پالیسی کی منظوری دی گئی تھی۔

  • عمران خان کے سیاسی قدکاٹھ کو فضل الرحمان شکست نہیں دے سکتے: ساجدتارڑ

    عمران خان کے سیاسی قدکاٹھ کو فضل الرحمان شکست نہیں دے سکتے: ساجدتارڑ

    واشنگٹن: امریکا میں ری پبلکن رہنما ساجدتارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ڈپٹی چیف آف مشن رضوان شیخ کےاعزاز الوداعی عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے سیاسی قدکاٹھ کو فضل الرحمان شکست نہیں دے سکتے۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر سے توجہ ہٹا کر فضل الرحمان مودی کے ایجنڈے کو فروغ دے رہے ہیں، وہ اپنے مقصد میں ناکام رہیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے موقع پر ساجد تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے امریکا کے دورے کو صدیوں یاد رکھا جائے گا، وہ جو بھی بولے وہ دل سے بولے، عمران خان اور آرمی چیف کامیاب دورے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

    ری پبلکن رہنما ساجد تارڑ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ کبھی کسی لیڈر کا اتنا پرتپاک استقبال نہیں دیکھا گیا، وزیراعظم عمران خان نے تمام پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کےامریکا کے دورے کو صدیوں یاد رکھاجائے گا، ساجد تارڑ

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر امریکا گئے تھے، جہاں انھوں نے امریکی صدر ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ، سینیٹرز اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی تھیں۔

    وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، دریں اثنا امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت کے مابین ثالثی کی پیش کش کی۔

  • چند ہزار لوگ وزیراعظم سے استعفیٰ ہرگز نہیں لے سکتے، شوکت یوسفزئی

    چند ہزار لوگ وزیراعظم سے استعفیٰ ہرگز نہیں لے سکتے، شوکت یوسفزئی

    پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ چند ہزارلوگ وزیراعظم سے استعفیٰ ہرگز نہیں لے سکتے، حکومت کے فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قومی اداروں پرتنقید انتہائی افسوس ناک ہے، فضل الرحمان، اپوزیشن رہنما قومی اداروں پر تنقید نہ کریں۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قوم پر جب بھی مشکل وقت آیا پاک فوج نے ذمہ داری پوری کی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوج نے خون کا نذرانہ دیا۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمانی سسٹم کے ذریعے وزیراعظم بنے، چند ہزار لوگ وزیراعظم سے استعفیٰ ہرگزنہیں لے سکتے۔

    شوکت یوسفزئی نے کہا کہ فضل الرحمان بتائیں ان کا کون سا مینڈیٹ چوری ہوا ہے؟ معاہدے کی پاسداری نہ کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

    ایک سیٹ جیتنے والے بھی کہہ رہے ہیں استعفیٰ دیں، شوکت یوسفزئی

    اس سے قبل گزشتہ روز وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک سیٹ جیتنے والے بھی استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں، آپ نے کہا تھا دھاندلی ہوئی یہ نہیں کہا کہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

    شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا کام مودی کا خوش کرنا تھا، یہ تو کہتے تھے 15 لاکھ لوگ لے کر آئیں گے، ان سے پوچھیں کتنے لوگ لے کر آئے ہیں۔

  • وزیراعظم کا کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بڑا اعلان

    وزیراعظم کا کرتارپور آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرتارپور آنے والے یاتریوں کو پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، سکھ یاتریوں کو کرتارپور آمد کے لیے صرف شناختی کارڈ درکار ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہندوستان سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے 2 شرائط میں چھوٹ کا اعلان کردیا۔ کرتارپور آنے والے یاتریوں کو پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی، سکھ یاتریوں کو کرتارپور آمد کے لیے صرف شناختی کارڈ درکار ہوگا۔

    وزیراعظم پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لیے 10 روز قبل رجسٹریشن کی شرط بھی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گرو جی کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل حکومت پاکستان نے سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانگ کا 550 واں جنم دن کے موقع پر 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کیا تھا۔

    سکے کے ایک رُخ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے جبکہ دوسرے رُخ پر سکھوں کی عبادت گاہ کی تصویر کندہ ہے۔ 50 روپے مالیت کے یادگاری سکے پر گرونانک دیو جی 1469-2019 کے الفاظ کندہ ہیں۔

    واضح رہے کہ حکومت پاکستان بابا گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے جس کا باضابطہ افتتاح 9 نومبر کو وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

  • جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    جب تک زندہ ہوں این آر نہیں دوں گا: وزیر اعظم عمران خان

    ننکانہ صاحب: وزیر اعظم عمران خان نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک میلنگ کے لیے اکٹھے ہوں یا مارچ کریں، جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، حکومت کی کامیابی کے خوف سے آزادی مارچ والے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، میں اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا کسی اور کی کیسے دوں؟

    تفصیلات کے مطابق بابا گرونانک یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو نئی ٹیکنالوجیز آ رہی ہیں وہ بھی اس یونی ورسٹی میں ہوں گی، یہاں دنیا بھر کی سکھ برادری تعلیم حاصل کر سکے گی، ہر درگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پر یونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ نے یونیورسٹی کے قیام سے گرونانک کو خراج عقیدت پیش کیا، دنیا کی تاریخ میں کسی معاشرے نے تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کی، ایک وقت تھا جب ہم تعلیم میں سب سے آگے تھے، ماضی میں ملک کے سربراہوں نے تعلیم کو ترجیح نہیں دی۔

    وزیراعظم عمران خان نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طبقاتی قانون ہے، امیروں اور غریبوں کیلئے الگ الگ، طبقاتی نظام کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی برکت ہم پر نہیں آتی، مدینہ کی ریاست پہلے دن یا پہلے سال نہیں بنی، یہ ایک جدوجہد ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ نظام پر ایلیٹ کا ٹیک اوور ہے، اس طرح آگے نہیں بڑھ سکتے، سب انسان اللہ کی مخلوق ہیں اور اللہ ہم سب کا ہے، قانون کے سامنے سب برابرہیں، ریاست سب کیلئے ایک ہے، چاہتے ہیں طبقاتی نظام ختم کریں، دو نہیں ایک ریاست ہو۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نبی ﷺکہتے تھے میری بیٹی بھی جرم کرے تو اسے بھی سزا دو، جہاں قانون کی بالادستی نہیں ہوتی وہ قوم کبھی آگے نہیں بڑھ سکتی، کہا جاتا ہے بھارت کشمیر میں مظالم کررہا اور آپ کرتارپور کھول رہے ہیں، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔

    انہوں نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہردرگاہ کے پاس اوقاف کی زمین پریونیورسٹیز اور اسپتال بنائے جائیں، اللہ عزت اس کو دیتا ہے جو انسانیت کی خدمت کرتاہے، تاریخ کسی امیر انسان کو یاد نہیں کرتی اسکے بچے بھی بھول جاتے ہیں، دنیا انھیں یاد کرتی ہے جو انسانوں کی خدمت کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ ہم سب کے لئے مثال ہیں، مدینہ جائیں تو معلوم ہوگا لوگ نبیﷺ سے کتنا عشق کرتے ہیں، مدرسے کے بچوں کو دین کے علاوہ دنیاوی تعلیم بھی فراہم کریں گے۔

    وزیراعظم کی اپوزیشن پر کڑی تنقید

    عمران خان نے ماضی کی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے دن کہا تھا، ایک وقت آئے گا جب تمام کرپٹ اکٹھے ہوجائیں گے، وزیراعظم بنتے ہی ایک پیش گوئی کی تھی، سب نے مل کر ملک لوٹا، 4سال میں قرضہ 6سے30ہزار ارب پر پہنچا دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ جتنا ٹیکس ہم نے اکٹھا کیا آدھا قرضوں کی قسطوں میں چلا گیا، ہمارے ہاں طاقتور کے لیے وی آئی پی سسٹم ہے۔ سوئزرلینڈ، سنگاپور، یورپ دیکھ لیں سب ہم سے آگے ہیں، خوشحال ممالک میں قانون سب کیلئے ایک ہے، سب کوپتہ تھا کہ یہ ملک کو کنگال کرکے گئے ہیں۔

    عمران خان کا آزادی مارچ پر ردعمل

    وزیراعظم نے مولانا کے آزادی مارچ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ مارچ والے کس وجہ پر وزیراعظم کااستعفیٰ لینے آرہے ہیں؟ آزادی مارچ کرنے والوں کا مقصد یہ نہیں کہ حکومت فیل ہورہی ہے، بلکہ یہ ان کا خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہورہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چوروں نے کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ میں خسارہ، ریلوے اور پی آئی اے کا دیوالیہ نکال دیا، پہلے دن سے شور مچانا شروع کردیا کہ حکومت فیل ہوگئی جبکہ اے ڈی بی اور آئی ایم ایف سمیت سب کہہ رہے ہیں معیشت مستحکم ہوگئی ہے۔

  • آزادی مارچ مذاکرات میں ناکامی، وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کو آج ملاقات کے لئے بلالیا

    آزادی مارچ مذاکرات میں ناکامی، وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کو آج ملاقات کے لئے بلالیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کو آج ملاقات کے لئے بلا لیا ملاقات میں مذاکراتی کمیٹی رہبر کمیٹی سے ہونیوالی بات چیت سے آگاہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان آج حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرےگی، ملاقات میں کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک وزیراعظم کو اپوزیشن سے ملاقات پر بریفنگ دیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کرےگی اور آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی، بعد ازاں وزیراعظم سے ملاقات کے بعد حکومتی کمیٹی پریس کانفرنس بھی کرے گی۔

    گذشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پرویز خٹک کی قیادت میں رہبر کمیٹی کے اراکین سے اکرم درانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی ، جس میں دھرنے اور آزادی مارچ سے متعلق مطالبات پر غور کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : آزادی مارچ کو ڈی چوک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

    حکومتی کمیٹی اوررہبرکمیٹی کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے ، حکومت نے پریڈ گراؤنڈ کیلئے احتجاج کی پیشکش کی تھی ، جو رہبرکمیٹی نےنہ مانی رہبرکمیٹی نے پریڈگراؤنڈ تک احتجاج محدود رکھنے کی یقین دہانی سے بھی انکار کردیا تھا۔

    حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی کو وزارت داخلہ کے تھریٹ الرٹ سے آگاہ کیا، حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی سے کہا تھا کہ ڈنڈا بردار فورس نہ لے کر آئیں لیکن رہبر کمیٹی نے ڈنڈا بردار فورس نہ لے کر آنے اور عدالت کے متعین جگہوں تک احتجاج محدود رکھنے کی یقین دہانی سے بھی انکار کیا۔

    بعد ازاں مذکرات کی ناکامی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی سربراہ نے ڈیڈلاک سے وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا ، جس پر عمران خان نے پرویزخٹک کو صاف صاف کہا کہ مارچ کوڈی چوک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، عدالتی فیصلوں سے انحراف نہیں کریں گے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انتشارچاہتی ہے، حکومت امن وامان قائم رکھنے کی ذمہ داری پوری کرے گی، حکومت نے بات چیت سے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ،انتشار کی کوشش کی گئی تو ریاست ذمہ داری پوری کرے گی۔

  • برطانوی وزیراعظم کے یورپی یونین کو لکھے گئے تین متضاد خطوط

    برطانوی وزیراعظم کے یورپی یونین کو لکھے گئے تین متضاد خطوط

    لندن: برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے بریگزٹ ڈیل پر یورپی یونین کو لکھے گئے 3 متضاد خطوط سامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بریگزٹ ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کو ایک ساتھ ہی تین متضاد خطوط ارسال کیے ہیں جن میں سے ایک ڈیل کی حمایت، دوسرا مخالفت اور تیسرا غیر دستخط شدہ ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن تاحال بریگزٹ ڈیل سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما نہیں ہوسکے ہیں، اپوزیشن ارکان کی مخالفت اپنی جگہ خود وزیراعظم کی کابینہ کے ارکان بھی بورس جانسن کے ہاتھ مضبوط کرتے نظر نہیں آرہے۔

    بورس جانسن برطابوی پارلیمنٹ سے بریگزٹ ڈیل منظور کرانے میں ناکام ہیں تاہم انہوں نے یورپی یونین کو ایک ساتھ 3 خطوط ارسال کیے ہیں جن میں سے ایک غیر دستخط شدہ اور بریگزٹ ڈیڈ لائن میں توسیع سے متعلق ہے۔

    دوسرا قانوناً توسیع کی درخواست کرنے اور تیسرا اس کی مخالفت میں ہے، اس طرح گیند اب یورپی یونین کی کورٹ میں ہے۔

    بریگزٹ ڈیل : برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے فیصلے میں تاخیر کے حق میں ووٹ دے دیا

    خیال رہے کہ پہلے سے طے شدہ پروگرام کے تحت برطانیہ نے 31 اکتوبر کو یونین سے علیحدہ ہونا ہے اور بورس جانسن برطانوی پارلیمنٹ کے برخلاف اس تاریخ میں توسیع کے خواہ نہیں ہیں۔

    وزیراعظم جانسن کے بقول بریگزٹ کی مدت میں توسیع برطانیہ اور اس کے یورپی پارٹنر ممالک کے مفاد میں نہیں ہو گی۔

    ادھر یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے وزیراعظم بورس جانسن کا خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے رہنماﺅں سے خط کے مندرجات پر مشاورت کی جائے گی اور متفقہ طور پر کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی جس میں انخلا کی طے شدہ تاریخ 31 اکتوبر میں توسیع بھی شامل ہے۔

  • وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا، اس موقع پر ریاض حکومت نے کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر زور دیا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا، دورے کے موقع پر عمران خان نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کو فروغ دیا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ سعودی قیادت نے بھی وزیراعظم کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا، پاکستان برادر اسلامی ممالک کے جذبہ اخوت کے فروغ کا خواہاں ہے، امت مسلمہ کا باہمی اتحادواتفاق خطے میں امن ومعاشی استحکام کا ضامن ہے۔

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مسلسل لاک ڈاؤن سے بھی آگاہ کیا، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 73 روز ہوگئے، 80لاکھ سے زائد کشمیری گھروں میں محصور ہیں۔

    معاون خصوصی فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ جنت نظیروادی جیل میں بدل چکی ہے، مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب نے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی عرب بھی مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورے سے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوگا، مختلف شعبوں میں قریبی تعاون پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا پاکستان ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔