Tag: وزیراعظم

  • وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں وفاقی کابینہ اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کا پلان تیار کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    اجلاس میں کابینہ 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز ختم کرنے کی منظوری دے گی اور اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کا پلان تیار کرے گی۔

    وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی بجٹ، اثاثے ظاہرکرنے کی اسکیم سمیت دیگر معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے لیے سینئر سٹیزن بل2019 اور بچوں کے حقوق کے لیے قومی کمیشن کے قیام کی منظوری دی جائے گی۔

    اجلاس کے ایجنڈے میں جنوبی کوریا کے شہریوں کو ورک ویزا جاری کرنے کی منظوری، 17 ایونیو میں توسیع کے لیے شہر اقتدار کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کی منظوری، صوبوں سے اسپتالوں کی وفاق کو منتقلی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

    وفاقی کابینہ اجلاس میں پرائیویٹ پاور انفرا اسٹرکچر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری کی منظوری اور حج پلان 2019 کی منظوری دے گی۔

    وزیراعظم عمران کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کے احساس پروگرام پربریفنگ دی جائے گی اور گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

  • مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کے لیے عالمی کانفرنسوں میں حصہ لے رہے ہیں، جاپان

    مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کے لیے عالمی کانفرنسوں میں حصہ لے رہے ہیں، جاپان

    ٹوکیو: جاپانی وزیراعظم شنزوآبے نے کہا ہے کہ مشرقی وسطیٰ میں قیام امن کے لیے عالمی کانفرنسوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے مملکت سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تزویراتی شراکت کو مضبوط بنانے کی اہمیت باور کراتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مملکت کے کردار کی طرف توجہ دلائی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آبے نے 13 جون کو آبنائے ہرمز کے نزدیک جاپانی کارگو کمپنیوں کے زیر انتظام بحری جہازوں پر حملوں کو امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم ان حملوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے جہازوں کو خطرے میں ڈال دیا۔ ہم جہاز رانی کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ معلومات جمع کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

    جاپانی وزیراعظم کے مطابق ایران پر لازم ہے کہ وہ خطے میں ایک تعمیری کردار ادا کرے اور خود کو جوہری معاہدے کے تحت لائے۔ انٹرویو میں شنزو آبے نے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان تعلقات کو اہم قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت کے ویژن 2030 پروگرام کی پیش رفت سے جاپان کو مسرت ہوئی ہے۔ آبے کے مطابق 2013 میں انہوں نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا تو وہاں تبدیلی محسوس کی۔ جاپانی وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ خصوصی تعاون کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

    محمد بن سلمان جی 20 اجلاس سے قبل دورہ جنوبی کوریا پر روانہ

    شنزو آبے اوساکا میں جی 20 سربراہ اجلاس میں دو طرفہ تعلقات اور تعاون مضبوط بنانے کے حوالے سے سعودی ولی عہد کے ساتھ نقطہ ہائے نظر کے نہایت مفید تبادلے کی توقع رکھتے ہیں۔ آئندہ سال یہ سربراہ اجلاس سعودی عرب میں منعقد ہو گا۔

    جاپانی وزیراعظم کے مطابق جی 20 سربراہ اجلاس میں 37 سربراہان اور عہدے داران شرکت کر رہے ہیں جن میں جی – 20 گروپ کی قیادت شامل ہے۔ اجلاس کا مقصد عالمی معیشت میں پیش رفت اور مستقل اقتصادی نمو کو یقینی بنانا ہے جہاں خواتین، نوجوان، عمر رسیدہ اور معذور افراد سمیت تمام لوگ سرگرم کردار ادا کریں۔

    جاپانی وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان خطے میں سیاسی کوششوں کو مضبوط بنانے کے واسطے متعدد بین الاقوامی منصوبوں، کانفرنسوں اور مکالموں میں حصہ لے رہا ہے۔

  • صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے: عثمان ڈار

    صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے: عثمان ڈار

    لزبن: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں بدلے گی، صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی کا ورلڈیوتھ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کیلئے اسٹریٹیجک روڈمیپ تشکیل دیا، "کامیاب نوجوان پروگرام” موجودہ حکومت کا لینڈمارک منصوبہ ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم نوجوانوں کی تعمیروترقی میں مددگار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں کے لیے “نیا پاکستان یوتھ پروگرام”لانچ کرنے کا فیصلہ

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 68فیصد نوجوان ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے بڑا پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم منصوبے کا باقاعدہ اعلان خود کریں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کےقیام میں نوجوانوں کا کردارفراموش نہیں کرسکتے۔

  • وزیراعظم آج بشکیک روانہ ہورہے ہیں، شاہ محمود قریشی

    وزیراعظم آج بشکیک روانہ ہورہے ہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا مقصد دیکھنا ہے خطے کی اقتصادی حالت کیسے اچھی کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے بشکیک روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آج بشکیک روانہ ہورہے ہیں، یہ ایس سی اولیول کا اجلاس ہے جس میں شرکت کررہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اجلاس میں روس،چین،پاکستان اوربھارت بھی شریک ہوں گے، اجلاس کا مقصد دیکھنا ہے خطے کی اقتصادی حالت کیسے اچھی کرسکتے ہیں۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ اجلاس کا مقصد سیکیورتی کو بہتربنانے کے لیے باہمی تعاون کو بھی دیکھنا ہے اجلاس کے دوران وزیراعظم کی دیگرممالک کی قیادت سے بھی ملاقات اورمشاورت ہوگی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے سمٹ لیول اجلاس کے لیے کچھ تجاویزمرتب کی تھیں، تجاویز سمٹ لیول کی لیڈرشپ کے سامنے رکھی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    کرغستان کے صدر سورونبے جین بیکو نے وزیراعظم عمران خان کو شنگھائی تعاون تنظیم کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

  • جنگی جنون میں مبتلا بھارت باز نہ آیا، اسرائیل سے بم خریدنے کے لیے تیار

    جنگی جنون میں مبتلا بھارت باز نہ آیا، اسرائیل سے بم خریدنے کے لیے تیار

    نئی دہلی: جنگی جنون میں مبتلا بھارت باز نہ آیا، بھارت نے اسرائیل سے بنکر بسٹر بم خریدنے کا معاہدہ طے کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین سو کروڑ روپے کی لاگت سے اسرائیل سے خریدے جانے والے اسپائیس بم بھارتی فضائیہ کو دئے جائیں گی۔

    بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے، بھارتی اور اسرائیلی حکام کے درمیان ایک سو بنکر بسٹر بم خریدنے کا معاہدہ ہوگیا ہے۔

    جدید بنکر بسٹر بم بھارتی فضائیہ کو دئیے جائیں گے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 300 کروڑ روپے کی لاگت سے اسرائیل سے خریدے جانے والے اسپائیس بم بھارتی فضائیہ کو دئے جائیں گے۔

    یہ بم ہدف کو نشانہ بناتے ہیں اور بنکر کو بھی تباہ کرسکتے ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے دوسری مدت کیلئے وزیراعظم بننے کے بعد اسرائیل سے پہلا دفاعی معاہدہ کیا ہے۔

    بھارت کا دعویٰ ہے کہ اسپائیس بم اسپائیس دو ہزار سے جدید ہوں گے، پاکستان میں بالا کوٹ کے مقام پر یہ اسرائیلی بنکر بسٹر بم اسپائیس دو ہزار استعمال کئے گئے تھے۔

    نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا

    دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دوسری بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا لگا ہے، امریکا نے بھارت کو دیا جانے والا جی ایس پی کا درجہ ختم کر دیا۔

    یاد رہے کہ 2017 میں بھارت کو جی ایس پی درجے سے سب سے زیادہ فائدہ ملا تھا، 2017 میں بھارت کو اس کی وجہ سے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ٹیکس چھوٹ ملی۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، عید کی چھٹیوں کے باعث ہفتہ وار کابینہ اجلاس ایک دن پہلے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اجلاس صبح ساڑھے 11بجے ہوگا، جس کے لیے 12نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا، اجلاس میں اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج اور ملکی سیاسی ومعاشی صورت حال کاجائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعظم اوآئی سی سربراہ کانفرنس سے متعلق کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ اثاثہ جات ظاہر کرنے کے وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    کابینہ حج پالیسی کی منظوری دے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیاجائے گا، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کابینہ کو نئی ویزہ پالیسی پربریفنگ دیں گی۔

    اجلاس میں بچوں کے حقوق کے لیے قومی کمیشن تشکیل دینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، چینی شہریوں کے بزنس ویزہ کو ورک ویزہ میں منتقل کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

    اے ٹی سی عدالت اسلام کے اسپیشل جج کی تقرری کی منظوری دی جائے گی، انشورنس ٹریبونل ملتان اور لاہور کے ممبر اور چیئر پرسن کی تقرری کی منظوری اجلاس میں دی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ 2018 کے انتخابات کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ لے گی، کابینہ عتیق احمد کو وفاقی تعلیمی بورڈ کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے گی۔

    کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم

    سنگل اکاؤنٹ پالیسی اور کیشن مینجمنٹ بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہوگی، وفاقی کابینہ نجی ایئرلائن کے لائسنس کی منسوخی کا جائزہ بھی لے گی۔

  • دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان

    مکہ: وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14ویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ناگزیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے، مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، تامل ٹائیگرز حملوں کا کسی نے مذہب سے تعلق نہیں جوڑا، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیئے۔

    وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطین سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے دہشت گردی کو معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا، بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیئے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو اسلام سے علیحدہ کرنا ہوگا، مغرب کو بتانا ہوگا کہ پیغمبر اسلامﷺ کی توہین پر ہمیں کتنا دکھ ہوتا ہے، جولان کی پہاڑیاں فلسطین کا حصہ رہنی چاہئیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جاسکتا، مغربی دنیا مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرے، اسلام کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، کوئی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔

    وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، سعودی فرمانروا نے پرتپاک استقبال کیا

    انہوں نے واضح کیا کہ دنیا کو اسلاموفوبیا سے باہر نکلنا ہوگا، نیوزی لینڈ کے واقعے نے ثابت کیا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، مسلم دنیا کی قیادت مغربی دنیا کو قائل کرے۔

    او آئی سی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کو سائنس اور ٹیکنالوجی اور معیار تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، او آئی سی پلیٹ فارم سے سائنس وٹیکنالوجی اور تعلیم کے فروغ کیلئے کام کرناہوگا۔

  • وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، سعودی فرمانروا نے پرتپاک استقبال کیا

    وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، سعودی فرمانروا نے پرتپاک استقبال کیا

    مکہ: وزیراعظم عمران خان اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14ویں اجلاس میں شرکت کے لیے کانفرنس ہال پہنچ گئے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں اسلامی تعاون تنظیم کا 14واں سربراہ اجلاس جاری ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اجلاس میں شرکت کے موقع پر عمران خان کا شاندار استقبال کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے خوشگوار ماحول میں مختصر گفتگو کی۔

    دریں اثنا وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان بھی ملاقات ہوئی، ملاقات میں خطے کی مجموعی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کا مختصر وفد بھی شامل رہا۔

    اجلاس کا مقصد اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کیلئے مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، اجلاس میں 57ممالک کے سربراہان شریک ہیں، وزیراعظم عمران خان اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    سعودی فرمانروا کا کانفرنس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں مسلم دنیا کی قیادت کا خیر مقدم کرتے ہیں، سربراہ اجلاس سلامتی اور استحکام کی نوید ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے مستقبل کی تعمیر کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، ہمیں مختلف خطرات سے مل کر نمٹنا ہوگا، اسلامی دنیا میں امن واستحکام چاہتے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خطرات کا مقابلہ کرکے ہی اپنے ملکوں میں ترقی لاسکتے ہیں۔ اس موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مختلف امور پر مسلم دنیا میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    وزیراعظم عمران خان آج 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دورے پر مشیرتجارت رزاق داؤد اور وفاقی وزیرمراد سعید بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے، اور وزیراعلیٰ کے پی محمودخان اور وزیر منصوبہ بندی بھی ساتھ جائیں گے۔

    وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی ، وزیراعظم آج شام سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچیں گے، وزیراعظم روضہ رسول پر حاضری دیں گے، رات مکہ روانہ ہوجائیں گے۔

    وزیراعظم آج رات وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کریں گے، وزیراعظم کل اوآئی سی کے 14ویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، اجلاس کاعنوان "مکہ سمٹ” رکھا گیا ہے، اجلاس کے دوران وزیراعظم خطاب کریں گے، اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، گذشتہ روز او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔

    شاہ محمود کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر مبارک باد

    اس دوران شاہ محمود نے او آئی سی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر سعودی وزیر خارجہ کو مبارک باد پیش کی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ، مشیر خزانہ بجٹ حکمت عملی ،2019.20 دستاویزات پر بریفنگ دیں گے جبکہ فواد چوہدری قمری کیلنڈ پیش کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج بروز منگل کو ہوگا، اس سلسلے میں چار نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ بجٹ حکمت عملی ،2019-20 دستاویزات پر بریفنگ دیں گے جبکہ بجٹ کے نمایاں خدو خال بارے بھی کابینہ کو آگاہ کیا جائےگا۔

    اجلاس میں تمام وزارتیں اور ادارے اپنے اثاثوں بارے کابینہ کو معلومات فراہم کریں گے جبکہ کابینہ کے فیصلوں پر عمل درامد کا جائزہ لیا جائے گا ۔

    ذرائع کے مطابق کچی کینال کی تعمیر میں کرپشن کے حوالے سے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے پر غور ہوگا جبکہ کابینہ امن و امان اور معاشی صورتحال پر بھی غور کرےگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قمری کیلنڈ ر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے ، جو فیصلہ کرے گی کہ اسے اپنانا ہے یا پرانے نظام پر ہی چلنا ہے۔

    وزارت سائنس نے رویت ہلال کے لیے تشکیل کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کردیا

    یاد رہے دو روز قبل وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے رویت ہلال کے لیے تشکیل کردہ ویب سائٹ کا افتتاح کیا تھا اور کہا تھا ویب سائٹ سےمتعلق اسلامی نظریاتی کونسل سےرائےطلب کی ہے، قمری کیلنڈر کونسل کی رائے کے بعد وفاقی کابینہ بھجوائیں گے۔