Tag: وزیراعظم

  • شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    شوکت خانم اسپتال کیلئے 24 کروڑ روپے کا چندہ، وزیراعظم کا اہلیان کراچی سے اظہارِ تشکر

    کراچی: وزیراعظم عمران خان نے شوکت خانم اسپتال کے لیے چوبیس کروڑ روپے کا چندہ دینے پر کراچی کے عوام سے اظہارِ تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے لکھا کہ شوکت خانم اسپتال کے فنڈریزنگ افطار میں کراچی کے عوام نے 24 کروڑ روپے کا عطیہ دیا گیا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میری قوم کی سخاوت کبھی میرے لیے حیران کن نہیں رہی، انہوں نے کہا کہ انشااللہ جلد رقم اکٹھا کرکے قرضے ادا کردیں گے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز کراچی میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈریزنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں 75 فی صد غریبوں کا مفت علاج ہوتا ہے، شوکت خانم اسپتال کوفنڈز دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے عطیات غریب عوام کے علاج پر خرچ ہوتے ہیں۔

    دو سے تین ماہ میں ہر بحران سے نکل جائیں گے: وزیر اعظم

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ابتدا میں لوگ کہتے تھے کہ شوکت خانم اسپتال نہیں بن سکتا، اس خواب کو سچ کرنے پر آپ کا شکریہ گزار ہوں، اچھا وقت نہیں، بلکہ برا وقت آپ کو اوپر جانا سکھاتا ہے۔

  • چیئرمین نیب کیخلاف خبر: وزیراعظم نےطاہر اے خان کو مشیر کے عہدے سے برطرف کردیا

    چیئرمین نیب کیخلاف خبر: وزیراعظم نےطاہر اے خان کو مشیر کے عہدے سے برطرف کردیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف من گھرٹ خبرپر طاہر اے خان کو مشیرکےعہدے سے برطرف کردیا، طاہر اے خان نیوز ون کے مالک اور وزیراعظم کے مشیر کے عہدے پر فائز تھے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیخلاف من گھڑت خبر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے طاہر اے خان کو مشیر کے عہدے سے برطرف کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے طاہر اے خان نیوز ون کےمالک ہیں،وزیراعظم کےمشیرکے عہدے پر فائز تھے۔

    یاد رہے گزشتہ روز نیب نے نیوز ون پر چیئرمین نیب سے متعلق خبر کی تردید کی تھی ، قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ خبرحقائق کے منافی، من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس خبر کا مقصد چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں : چیئرمین نیب کے خلاف چلنے والی خبر حقائق کے منافی ہے، ترجمان

    ترجمان کا کہنا تھا نیب نے دباؤ، بلیک میلنگ کو پس پشت رکھ کر اپنا کام کیا، بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف یفرنس کی بھی منظوری دی، بلیک میلر گروہ کے خلاف ملک بھرمیں بیالیس ایف آئی آردرج ہیں۔

    نیب ترجمان نیب کے مطابق اس گروہ کیخلاف مقدمات میں بلیک میلنگ اور اغوا برائے تاوان ، عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے کے ثبوت ہیں۔ اس گروہ کے لوگ نیب، ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر بلیک میل کرتے ہیں۔ نیوز ون کی خبر بھی بلیک میلنگ کرکے نیب ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے۔

    نیب نے مزید بتایا کہ بلیک میلر گروہ کا سرغنہ فاروق کوٹ لکھپت جیل میں قید ہے جبکہ نیوز ون نے اپنی خبر کی تردید اور اسےحقائق کے منافی تسلیم کیا ہے۔ چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت بھی کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے کرپشن الزام پر نیوز ون کے سی ای او عمر احمد خان کو حراست میں لیا تھا۔

  • وزیراعظم نے 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کا نوٹس لے لیا

    وزیراعظم نے 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کا نوٹس لے لیا جس کے بعد ڈی ایس پی کو معطل کردیا گیا اور ایس پی کو او ایس ڈی بنادیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق اہلکاروں کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد پولیس اہلکاروں کو بروقت گرفتار کیوں نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی ’’فرشتہ‘‘ نامی 10 سالہ بچی کو تین روز قبل اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی تاہم والدین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور ہماری بچی کو تلاش نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں: فرشتہ زیادتی و قتل کیس : ایس ایچ اوشہزاد ٹاؤن اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    ملزمان گزشتہ روز فرشتہ کی لاش قریبی جنگل میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے، جب لواحقین کو لاش ملنے کی اطلاع ملی تو انہوں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین کا دعویٰ تھا کہ اسپتال انتظامیہ نے بھی پوسٹ مارٹم کرنے سے انکار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ ساڑھے 6 بجے کے بعد وقت ختم ہوجاتا ہے۔

    اہل خانہ نے ’’فرشتہ‘‘ کے قتل اور مبینہ زیادتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا آغاز کیا، جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    آئی جی نے غفلت برتنے پر تھانہ شہزاد ٹاؤن کے ایس ایچ او کو معطل کردیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے زیادتی اور قتل کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا جن میں سے دو کا تعلق افغانستان سے ہے۔

  • معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم

    معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کچھ عناصر غیریقینی کی صورت حال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داؤد اور ملک کے تمام چیمبرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    مشیر خزانہ اور مشیر تجارت نے ملکی مالیاتی معاملات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، اجلاس میں آئی ایم ایف سے مذاکرات سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس میں روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات پر غور کیا گیا، کاروباری افراد سے مارکیٹ کی تازہ صورت حال پر مشاورت کی گئی، وفد نے معاشی استحکام، معیشت کے فروغ کے لیے تجاویز پیش کیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری برادری اقتصادی استحکام کے لیے کردار ادا کرے، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوشش کرنا ہوگی۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ تواتر سے جاری رکھیں گے، معاشی بہتری کے لیے کاروباری افراد کی تجاویز پر مشاورت ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک کو چلانے کے لئے اسی قوم سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھاؤں گا: وزیر اعظم

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کو بہتر کرنے کی کوشش کے خلاف ایک مہم چل رہی ہے، کے پی میں کچھ ڈاکٹرز مہم چلا رہے ہیں، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کے لئے اصلاحات لا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ احتجاج سے نہیں ڈریں گے، آپ جتنا بھی دباؤ ڈال لیں، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کر کے رہیں گے، کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے.

  • مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے، وزیراعظم

    مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں آئینی، قانونی اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری توجہ معاشی اور اقتصادی صورت حال بہتر بنانے پر مرکوز ہے، مشکل معاشی صورت حال سے جلد باہر نکل آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اہم فیصلے کیے ہیں آئندہ چند ماہ میں بہتر نتائج سامنے آئیں گے، ملک و قوم کا مفاد سیاسی مفاد سے بالاتر ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ قومی اداروں کی تنظیم نو سے معاشی استحکام کی طرف بڑھیں گے۔

    دوسری جانب بابر اعوان نے کہا کہ حالیہ سروے اور عوامی رائے حکومتی فیصلوں کے حق میں ہیں۔

    بابر اعوان نے کہا کہ شریفوں، زرداریوں نے ملک پر رحم کیا ہوتا تو آج ایسے حالات نہ ہوتے، ملکی وسائل کو جس بے دردی سے لوٹا گیا اس کا انہیں حساب دینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کو تھر کول ذخائر اور ان کے استعمال پر بریفنگ

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں عمران خان کو تھرکول ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی۔

    وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ بلاک ٹو سے سنہ 2025 تک 5 ہزار میگا واٹ بجلی آئندہ 50 سالوں تک پیدا کی جا سکتی ہے، وزیر اعظم کو تھر میں کان کنی کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تھر کوئلہ ملک کا ایک اہم اثاثہ ہے، اس اثاثے کو ماضی میں نظر انداز کیا جاتا رہا۔ کوئلے کے استعمال سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

  • آرمی چیف اور وزیراعظم کا قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس

    آرمی چیف اور وزیراعظم کا قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس

    راولپنڈی/اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے، آرمی چیف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قمر زمان کائرہ کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    وزیراعظم عمران خان نے قمر زمان کے بیٹے کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے غمزہ والدین اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، لواحقین کے لییے صبروجمیل کی دعا کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے قمرزمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواں سال بیٹے کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے پر دکھ ہوا۔

    مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جواں سال بیٹے اسامہ کی ٹریفک حادثے میں وفات پر دلی رنج ہوا، قمر زمان کائرہ اور ان کے خاندان کے غم میں شریک ہیں۔

    گورنر پنجاب چوہدری سرور نے قمر زمان کائرہ کے صاحب زادے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جواں سال بیٹے کے انتقال پر اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

    اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، حمزہ شہباز نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، حادثے میں زخمی ہونے والا اسامہ دوست بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

  • وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو حلقوں پر توجہ دینے کی ہدایت کردی

    وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو حلقوں پر توجہ دینے کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کو حلقوں پر توجہ دینے کی ہدایت کردی، ارکان سے کہا گیا ہے کہ عوام کی تکالیف کم کرنے میں کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے ارکان کو آئی ایم ایف، ایمنسٹی اسکیم پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے معاشی ٹیم سے ارکان پارلیمنٹ کا تعارف کرایا، ارکان کو معیشت کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو یقین دلایا گیا کہ عوام اور ملک کا مفاد سیاسی مفاد سے بالاتر ہے، ملک اور عوام کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے لانگ ٹرم منصوبوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، پی ٹی آئی اسٹیٹس کو ختم کرنے اور اصلاحات کا وعدہ پورا کرے گی، بجٹ سے پہلے ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ارکان پارلیمنٹ کو حلقوں میں وقت دینے کی ہدایت کی ہے، ارکان سے کہا گیا ہے کہ عوام کی تکالیف کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

  • غریب عوام پر نئے ٹیکسوں کا کم سے کم بوجھ ہو گا: وزیراعظم عمران خان

    غریب عوام پر نئے ٹیکسوں کا کم سے کم بوجھ ہو گا: وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، غریب عوام پر نئے ٹیکسوں کا کم سے کم بوجھ ہو گا،بہت جلد حالات کو بہتری کی جانب لے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکی مالیاتی معاملات پر بریفنگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو غریب عوام کی پریشانی کا احساس ہے۔

    ہماری پوری کوشش ہے کہ مہنگائی سے غریب طبقہ متاثر نہ ہو، تاہم مشکل معاشی حالات کے باعث وقتی طور پر  ملکی معیشت کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ مشکل فیصلے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں کر رہے ہیں، غریب عوام پر نئے ٹیکسوں کا کم سے کم بوجھ ہو گا۔

    اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی مالیاتی معاملات پر بریفنگ اجلاس میں مشیر خزانہ اور معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف پروگرام اور ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    معاشی ٹیم نے ارکان قومی اسمبلی کے سوالات کے جوابات بھی دئیے، ارکان نے سوال کیا کہ آئی ایم ایف پروگرام عام آدمی کی زندگی متاثر تو نہیں کرے گا؟

    جس پر معاشی ٹیم نے کہا کہ انکم سپورٹ پروگرام کیلئے بجٹ100سے بڑھا کر180ارب روپے کیا جارہا ہے، گیس اور بجلی کے لئے دو سو ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، جس کی وجہ سے75فیصدصارفین پر قیمتوں میں اضافے کا اثر نہیں پڑے گا۔

    مزید پڑھیں: آئی ایم ایف سے معاہدہ طے، پاکستان کو 6 ارب ڈالر قرض ملے گا، مشیر خزانہ کی تصدیق

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ایمنسٹی اسکیم میں چار فیصد ٹیکس کی ادائیگی سے اثاثے ظاہر کئےجا سکیں گے، ریونیو نہ دینے والے اداروں سے سبسڈی واپس لی جائے گی۔

  • نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے معروف اینکر سے منگنی کرلی

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے معروف اینکر سے منگنی کرلی

    آکلینڈ : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر اپنے دیرینہ دوست کلارک گیفورڈ سے منگی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے تیسرے بڑے شہر کرائسٹ چرچ میں 15 مارچ کو ہونے والے سفید فام دہشت گرد کے حملے میں پچاس مسلمانوں کی شہادت کے بعد متاثرین سے اظہار یکجہتی و مسلمانوں سے اظہار ہمدردی کرنے پر شہرت پانے والے کیوی وزیراعظم جیسنڈا نے منگنی کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 38 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست 41 سالہ کلارک گیفورڈ سے ایک ہفتہ قبل ساحل سمندر پر منگنی کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو ان کے منگیتر کلارک نے تقریب کے موقع پر ہیرے کی انگھوٹی پہنائی تھی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ جوڑے کی ملاقات سنہ 2012 میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوئی تھی، اگرچہ اینکرپرسن کلارک گیفورڈ اور کیوی وزیر اعظم کی منگنی اب ہوئی لیکن دونوں کے گھر 21 جون 2018 میں پہلی بچی کی پیدائش بھی ہوگئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دونوں نے ایسے موقع پر منگنی کی ہے جب نیوزی لینڈ کے عام انتخابات میں ایک سال باقی رہ گیا ہے، خیال رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے سنہ 2017 میں نیوزی لینڈ کا اقتدار سنبھالا تھا.

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جیسنڈا آرڈرن نے کچھ سال قبل میڈیا کے سامنے خود کو جوڑا ثابت کرکے پذیرائی پائی تھی جبکہ 2018 میں ان کے ہاں بچی کی پیدائش میں جیسنڈا کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا جبکہ کرائسٹ چرچ سانحے کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرکے عالمی سطح پر خوب شہرت حاصل کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیوی وزیر اعظم نے گزشتہ برس دوران وزارت عظمیٰ بیٹی کو جنم دیا تھا جبکہ اس سے قبل یہ اعزاز 1990 میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کو حاصل ہوا تھا جب انہوں نے اپنی بڑی بیٹی بختاور زرداری کو جنم دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ 38 سالہ وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم اور اب تک کی نوجوان وزیر اعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، وزیراعظم

    پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، وزیراعظم

    کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں صرف پیسے والے گھر بناسکتے ہیں، کرپشن کی وجہ سے تنخواہ دارطبقے کے لیے گھرہی نہیں بن سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

    وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے گھر بنانا مشکل ہوگیا، ایک عام آدمی کی سب سے زیادہ ضرورت اس کے گھر کی چھت ہوتی ہے، اسی بات کے پیش نظر 50 لاکھ گھروں کا پروگرام بنایا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 لاکھ گھر ان کے لیے ہیں جو خود سے گھر نہیں بناسکتے، ہم نے اس حوالے سے ہاؤسنگ منصوبے کے لیے بہت تیاری کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یورپ میں 80 سے 90 فیصد لوگ گھر بنانے کے لیے بینک سے قرض لیتے ہیں اور پاکستان میں اس کی شرح بہت کم ہے، ہم ایسا قانون لائیں گے جس کے ذریعے لوگ گھر بنانے کے لیے بینکوں سے آسان شرائط پرقرض لے سکیں گے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کو کنسٹرکشن کمپنیاں بنا کر اپنا کام خود شروع کرنا چاہیے، گھروں کی تعمیر سے 40 کے قریب صنعتیں چلنا شروع ہوجاتی ہیں اور ملک میں کنسٹرکشن کا بے پناہ کاروبار شروع ہونے والا ہے۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور ہزار گنجی دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے ہزارہ برادری کے وفد کے مسائل کوسنا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اقدامات کرے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں واقع سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔