Tag: وزیراعظم

  • عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائیگا، وزیراعظم

    عہد کرتے ہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائیگا، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عہدکرتےہیں شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب ضرور لیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کی شب قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ گزشتہ رات بھارت نے جارحیت کر کے فاش غلطی کی اور ہندوستان کو اس غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا پڑے گا۔ اگر بھارت سمجھ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے تو یہ اس کی بھول ہے۔ عہد کرتے ہیں کہ شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرےکا حساب ضرور لیا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی ایک بہادر قوم ہیں اور اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ گزشتہ رات ہمارا جواب دندان شکن تھا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔ اس کو جن طیاروں پر غرور تھا وہ خاک میں مل چکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر ایک گھنٹے تک جاری جنگ میں ہمارے پائلٹس نے بہادری کی مثال قائم کی اور روایتی ہتھیاروں کی جنگ میں ایک بار پھر دشمن پر اپنی برتری ثابت کر دی۔ جس پر میں تمام فوجی قیادت اور ایک ایک افسر اور سپاہی کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    شہباز شیرف نے کہا کہ جب امن پسند پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تو اس کے بعد اس واقعہ کی آر میں پاکستان پر حملہ بے بنیاد اور بلاجواز تھا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکلنا چاہیے کیونکہ کشمیریوں کو حق رائے دہی دیے بغیر بھارت کے یکطرفہ فیصلے حقیقت نہیں بدل سکتے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں پاکستان سب سے زیادہ دہشتگردی سے متاثرہ ملک ہے اور یہ بھات کی خام خیالی ہے کہ وہ اس مہم جوئی سے دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ سے ہماری توجہ ہٹا دے گا۔ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج اور قوم یک جان اور دو قلب ہیں۔ 24 کروڑ عوام نتائج سےبےخبر ہو کر فوج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ قوم سچائی کیلیے لڑ رہی ہے اور اس میں اللہ ہماری نصرت کرےگا۔

  • وزیراعظم نے اپوزیشن کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا

    وزیراعظم نے اپوزیشن کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا

    پاکستان اور بھارت میں جنگی ماحول کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن جماعت (پی ٹی آئی) کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھا دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے رات کے تاریکی میں بزدلانہ حملے اور پاک فوجی کی فوری اور منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک میں صورتحال کشیدہ ہے۔ ان حالات میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن جماعت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔

    وزیراعظم نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت کے بزدلانہ حملے کا پاک فوج نے فوری اور منہ توڑ جواب دے کر اس کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔ آج ہمیں پوری دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم سب متحد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے دن کا تقاضہ ہے کہ یہ ایوان مسلح افواج کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرے۔ پاکستان تحریک انصاف سے گزارش ہے کہ وہ آج کے دن اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کا نہیں بلکہ اتفاق کا ہے۔ میں اپوزیشن لیڈر سے ان کے چیمبز میں جا کر ملنے کو تیار ہوں۔ اپوزیشن سے گزارش ہے کہ آئیں اور مل کا اختلافات ختم کریں۔

    https://urdu.arynews.tv/pahalgam-pakistan-india-pm-shehbaz-sharif-address-in-national-assembly/

  • کل رات ہندوستان کے ہوش ٹھکانے آ گئے، وزیراعظم

    کل رات ہندوستان کے ہوش ٹھکانے آ گئے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا کل رات ہندوستان کے ہوش ٹھکانے آ گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے رات کے تاریکی میں بزدلانہ حملے اور پاک فوجی کی فوری اور منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد آج قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 5 دن پہلے بھارت نے رافیل طیارے خریدے اور اس پر ناز کرتا ہے لیکن کل رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا۔ کل رات کو ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آ گیا اور ہمارے دشمن کو رات بھر نیند بھی نہیں آئی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں لمحہ بہ لمحہ خبریں مل رہی تھیں کہ بھارت کے کیا مذموم عزائم ہیں۔ کل رات بھارت نے پوری تیاری کیساتھ بزدلانہ حملہ کیا اور دشمن کے 80 جہازوں نے پاکستان میں آزاد کشمیر، بہاولپور، شکر گڑھ، سیالکوٹ کے علاقوں میں 6 جگہوں پر حملہ کیا، لیکن پاکستان کے عقاب بھی مکمل طور پر تیار تھے۔

    شہباز شریف کہنا تھا کہ دشمن نے گزشتہ رات بھی ماضی کی طرح چھپ کر پاکستان پر حملے کی ناپاک کوشش کی، لیکن بہادر پاک افواج نے بھارت کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ افواج پاکستان نے تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔ ہمارے جہازوں نے پاکستان کی سرحدیں عبور نہیں کیں اور پاک فضائیہ کی مکمل تیاری اور بروقت کارروائی سے ہندوستان کے 5 طیارے مار گرائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس منہ توڑ جواب پر ایئر چیف کو ایوان اور عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں۔ ایئر چیف اور ان کے عقابوں نے بھارت کے جہازوں کی کمونیکیشن لاک کی جس کے بعد بھارتی طیاروں کو سمجھ نہیں آئی اور وہ واپس پلٹے سرینگر میں جا کر اترے۔

    شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے میں 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا۔ ہم نے اس واقعہ کی عالمی سطح پر غیر جانبدار تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ شفاف تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، لیکن بھارت نے کل تک ہماری اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کچھ دن قبل دہشتگردوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا۔ ٹرین ہائی جیک کرنے والوں کے تانے بانے بھی بھارت سے ملتے تھے۔

    پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی حملے میں شہید پاکستانیوں کی کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ایوان میں ممبران نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کے شہدا کا لاہور میں جنازہ ہے۔ اس میں صدر مملکت، آرمی چیف اور میں خود شریک ہوں گا۔

    https://urdu.arynews.tv/nsc-authorized-armed-forces-to-take-retaliatory-action-against-india/

  • وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ

    وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ

    وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    حکام نے وزیراعظم کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاریوں سے آگاہ کیا۔

    بریفنگ کے شرکا نے روایتی خطرات کیخلاف دفاع وطن کیلیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قوم کی حمایت سے تمام ریاستی ادارے ملکی سلامتی اور وقار کے تحفظ کیلیے مکمل تیار ہیں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • وزیراعظم کی پہلگام واقعہ کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت

    وزیراعظم کی پہلگام واقعہ کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈراما کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کیلیے برطانیہ کو شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے۔

    گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارت کی ہندو انتہا پسند مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعہ کی آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش نے مودی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔

    اب وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعہ کی غیر جانبدار اور عالمی شفاف تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور پاکستان کو بغیر ثبوت اس واقعہ سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اس واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا۔

    شہباز شریف نے اس غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات میں برطانیہ کو بھی شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ برطانیہ خطے میں امن کی کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کی اقتصادی ترقی ہے، اور پاکستان کبھی ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہو۔

    اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میرٹ نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن وسلامتی کیلیے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/info-minister-visits-loc-along-with-local-foreign-media/

  • وزیراعظم کا پہلگام واقعہ پر ایک بار پھر غیر جانبدار اور شفاف عالمی تحقیقات کا اعادہ

    وزیراعظم کا پہلگام واقعہ پر ایک بار پھر غیر جانبدار اور شفاف عالمی تحقیقات کا اعادہ

    ملائیشین وزیر اعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں شہباز شریف نے پہلگام واقعہ پر غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کا اعادہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے تناظر میں پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے ملائیشین ہم منصب کو بھارتی جارحانہ عزائم سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال سےآگاہ کیا اور کہا ہے کہ پہلگام واقعہ کو پاکستان سے جوڑنے کی بھارت کی مذموم کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔

    اس موقع پر شہباز شریف نے پہلگام واقعہ کی غیر جانب دار اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کا ایک بار پھر اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ عالمی تحقیقات میں ملائیشیا کی شرکت کا خیر مقدم کرینگے۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے فرنٹ لائن اسٹیٹ کے طور پر دہشتگردی کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلیے بھاری جانی ومالی نقصان بھی برداشت کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحانہ اقدامات کا مقصد انسداد دہشتگردی کی کوششوں سے توجہ ہٹانا ہے۔ پاکستان اس وقت اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور ہم کسی تنازع میں الجھنا نہیں چاہتے۔

    https://urdu.arynews.tv/pahalgam-eu-countries-investigation-pakistan/

  • 67 ہزار نجی عازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے وزیراعظم سے مدد طلب

    67 ہزار نجی عازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے وزیراعظم سے مدد طلب

     67 ہزار نجی پاکستانی عازمین کا رواں سال حج سے محروم رہنے کا خدشہ ہے اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔

    ہر مسلمان کا دیرینہ خواب میں سے ایک فریضہ حج کی ادائیگی ہوتی ہے اور اس کے لیے غریب ومتوسط طبقہ زندگی بھر کی جمع پونجی سے بچت کر کے رقم جمع کرتا ہے۔

    پاکستان سے ہر سال ہزاروں عازمین سرکاری اور نجی طور پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جاتے ہیں۔ تاہم رواں برس 95 ارب روپے جمع کرانے کے باوجود 67 ہزار نجی عازمین کے حج سے محروم رہنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور یہ معاملہ ملک میں حج سے متعلق سب سے بڑا اسکینڈل بن کر سامنے آیا ہے۔

    اسی معاملے پر گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی اور ان سے نجی عازمین کو حج پر بھجوانے کے لیے مدد طلب کی۔

    اس ملاقات میں وفاقی وزیر مذہبی امور، سینیٹ کمیٹی کے ارکان اور حج آپریٹرز کے نمائندوں نے اپنے موقف سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور درخواست کی کہ وہ عازمین حج کے معاملے پر اپنا کردار ادا کریں اور نجی کوٹے کے عازمین کے لیے سعودی حکام سے اجازت لیں۔

    وزیراعظم نے حج بحران پر نجی آپریٹرز سمیت وزارت مذہبی امور حکام پر برہمی کا اظہار کیا اور نجی عازمین کے معاملے پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پرائیویٹ اسکیم کے عازمین کا معاملہ ہمارے لیے باعث شرمندگی ہے۔ انہیں حج پر بھیجنے کے لیے سعودی حکام سے رابطہ کیا جائے اور اس معاملے کے حل کے لیے جو ممکن ہوا وہ کریں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/67000-private-pilgrims-fear-missing-out-on-hajj/

  • قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ملک سے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، وزیراعظم

    قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز، ملک سے خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے پولیوکے خاتمے کے لیے پر عزم ہے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے والدین تعاون کریں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں سال کی دوسری ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ اسلام آبادمیں قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کو قطرے پلا کر سات روزہ مہم کا آغاز کیا۔

    یہ سات روزہ انسداد پولیو مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کیلیے پولیو کا خاتمہ ضروری ہے اور حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمہ کیلیے پر عزم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کوششوں سے ملک سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔ انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کیلیے والدین بھی تعاون کریں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ عالمی شراکت داروں کے تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں۔ معاشرے کے تمام طبقات پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کےخصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/mustafa-kamal-on-polio/

  • افغانستان فوری طور پر دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے، وزیراعظم

    افغانستان فوری طور پر دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان کو دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال کرنےکی اجازت نہ دے اور دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف لندن ایون فیلڈ ہاؤس پہنچ گئے اور صدر ن لیگ نواز شریف سے ملاقات کی۔ ایون فیلڈ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ معاہدہ تھا کہ افغان حکومت اپنی سر زمین دہشتگردوں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، لیکن بدقسمتی سے کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہے اور ہمیں افغانستان کے ساتھ ہمیشہ ہمسائیہ کے طور پر رہنا ہے۔ اب یہ یہ ہم منحصر ہے کہ اچھے ہمسائیہ کے طور پر رہیں یا خدانخواستہ تنازعات پیدا کریں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغان عبوری حکومت کو کئی بار ہم نے پیغام بھیجا ہے۔ افغانستان کو مشورہ ہے کہ وہ فی الفور دہشتگرد تنظیموں کو لگام ڈالے اور دہشتگردوں کو اپنی سر زمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردوں نے پاکستان کے بے پناہ لوگوں کو شہید کیا ہے۔ پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    وزیراعظم نے دورہ بیلاروس کا کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم بیلاروس کے زراعت کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے جب کہ ڈیڑھ لاکھ ہنرمند نوجوانوں کو میرٹ پر بیلاروس بھیجیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سپر پاکستان اسپیڈ سے قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے۔ اجتماعی کاوشوں اور قوم کی دعاؤں سے شبانہ روز محنت کر کے منزل حاصل کرینگے۔

    شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آج سے پاکستان میں اوورسیز کنونشن کا آغاز ہو رہا ہے، یہ تاریخی قدم ہے۔ سمندر پار پاکستانی دن رات محنت کرکے پاکستان کا نام روشن کرتے اور ہر سال اربوں ڈالر کی ترسیلات ملک بھجواتے ہیں۔ ان کے جائز مطالبات سنیں اور حل کرینگے۔

  • وزیراعظم اور وزیر خزانہ ایک پیج پر نظر نہیں آتے: بیرسٹر سیف

    وزیراعظم اور وزیر خزانہ ایک پیج پر نظر نہیں آتے: بیرسٹر سیف

    شاور: مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور  وزیر خزانہ ایک پیج پر نظر نہیں آتے ہیں۔

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے مہنگائی کے بے قابو ہونے اور ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کیا ہے، محمد اورنگزیب کے اعترافی بیان نے حکومت کے دعوؤں کا پول کھول دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی جس سے لگتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرخزانہ ایک پیج پر نظر نہیں آتے۔

    بیرسٹرسیف نے کہا کہ وزیر خزانہ کے اعترافی بیان کے بعد شہباز شریف کی آواز کو رنگ ٹون سے ہٹا دینا چاہیے، عوام نے شہبازشریف کی رنگ ٹون سن کر ایک دوسرےکو کال کرنا بھی چھوڑ دیا ہے، حکومت  دعوؤں کے بجائے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام تک نہ پہنچنے اور ایف بی آر میں کرپشن روکنے میں حکومت کی ناکامی کا اعتراف کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ چینی، مرغی اور دالوں کی قیمتوں پر نظر ہے، عالمی سطح پر قیمتیں کم ہو رہی ہیں اور یہاں اوپر جارہی ہیں، مڈل مین من مانی کر رہے ہیں۔

    محمد اورنگزیب نے ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے تاجروں سے اپیل کی کہ رشوت نہ دیں اور کہا کہ ایسے لوگوں کو فارغ کر رہے ہیں جو بدعنوانی میں ملوث ہیں، رشوت کی تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اگر ٹیکس نظام میں رشوت لینے والے موجود ہیں تو انہیں رشوت دینے والے بھی ہیں۔