Tag: وزیراعلیٰ بلوچستان

  • کرونا وائرس کا خطرہ: ایران سے منسلک علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

    کرونا وائرس کا خطرہ: ایران سے منسلک علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس خطرے کے پیش نظر ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم اور معاون خصوصی برائے صحت سے ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

    جام کمال خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، احتیاطی تدابیر کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خصوصی طبی ٹیمیں تفتان اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات ہیں، ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

    ایران سے کرونا وائرس کی پاکستان منتقلی کا خطرہ

    واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے 5 افراد کی ہلاکتوں کے بعد وائرس کی پاکستان منتقلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے بعد بلوچستان حکومت نے تافتان بارڈر پر اضافی عملے کی تعیناتی کافیصلہ کیا ہے تفتان بارڈر سے یومیہ ہزاروں زائرین پاکستان داخل ہوتے ہیں۔

  • حکومتوں کو چلانا اتنا آسان نہیں جتنا ہم سمجھتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

    حکومتوں کو چلانا اتنا آسان نہیں جتنا ہم سمجھتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ حکومتوں کو چلانا اتنا آسان نہیں جتنا ہم سمجھتے ہیں، پاکستان میں سب سے بڑا فقدان حکومت چلانے کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 20 سال پرانے منصوبے بھی اب تک مکمل نہیں ،
    17 ماہ میں 20 کابینہ کے اجلاس کیے ہیں، پچھلی حکومتوں نے 5 سال میں 20 سے 21 اجلاس کیے۔

    جام کمال کا کہنا تھا کہ جس اضلاع میں جائے کہیں اسکول نہیں تو کہیں منصوبہ پورا نہیں ، بلوچستان میں اب کام پسند نہ پسند پر نہیں ہوگا، صوبے کے ہر ضلع میں کام ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے ہر تحصیل،یوسی کو اٹھانا ہے، بہت سے اضلاع ایسے ہیں جہاں میرے ضلع سے زیادہ کام ہوا، میں اپنے علاقے کا نہیں بلوچستان کا وزیراعلیٰ ہوں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتوں کو چلانا اتنا آسان نہیں جتنا ہم سمجھتے ہیں، پاکستان میں سب سے بڑا فقدان حکومت چلانے کا ہے۔

    بلوچستان کی ترقی کے منصوبوں کے لئے ہمارا مؤقف مضبوط ہے، جام کمال خان

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ صوبے کی معدنی وسائل کی تلاش و ترقی کے منصوبوں میں شراکت داری اور حقوق کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت کا مضبوط موقف ہے۔

  • دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں میڈیکل کالج میں دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکے میں ایک اہلکار کی شہادت پر اپنے مذمتی بیان میں کیا۔

    انہوں نے لورالائی میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی میں سیکیورٹی اہلکارکی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اہلکاروں نے جرات اور بہادری سے دہشت گردوں کامقابلہ کیا، ہم دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے، دہشت گردی کیخلاف فورسز کا حوصلہ وعزم قوم کیلئے قابل فخر ہے۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں میڈیکل کالج کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے لورالائی میڈیکل کالج کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید ہوگیا.

    ایگل اسکواڈ کی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا.

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں ایگل اسکواڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، ایگل اسکواڈ کے قریب پہنچ کر ایک حملہ آور نے خود کو اڑایا۔

  • بلوچستان میں چارسیکٹرزمیں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، جام کمال

    بلوچستان میں چارسیکٹرزمیں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، جام کمال

    کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میرجام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں ، اس صوبے کو خدانے ہر نعمت سے نوازا ہے جس سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے میں پائیدار ترقی کے عمل کو تیز کیا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکریٹری صنعت غلام علی بلوچ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ، سی ای اوبورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ زاہدسلیم نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کا وژن بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لئے مناسب اور دوستانہ ماحول کی فراہمی ہے تاکہ بلوچستان کے معاشی اور سماجی سیکٹر میں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوسکے۔

    بی بی او آئی کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل کے حل جبکہ وفاق اور دیگر صوبوں میں فعال بورڈ آف انویسٹمنٹ کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا جبکہ بورڈ کو کمپنی موڈ میں فعال کرنے، نجی شعبے سے تجربہ کار افراد کی خدمات حاصل کرنے، مالی اور انتظامی امور سے متعلق فیصلوں کی منظوری بھی وزیراعلیٰ کی جانب سے دی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے چار بڑے سیکٹرز سمندری نمک، بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی، معدنیات اور ری نیوایبل انرجی میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ صوبے کا وسیع رقبہ اسے زراعت اور لائیو اسٹاک کے لئے بھی موزویت فراہم کرتاہے اس سلسلے میں بی بی او آئی ٹی کا کردار بہت کلیدی ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری لانے میں اپنا فعال کردار ادا کرسکتا ہے۔

    صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اچھا ماحول بن رہا ہے اور ہم بہتر ہیومن ریسورس کو بروئے کار لاتے ہوئے بلوچستان کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں جبکہ صوبے کے محاصل میں اضافے سے عوام میں مجموعی طور پر خوشحالی اور آسودگی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے بورڈ کو سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعہ مطلوبہ ضروریات اور سہولیات کی فراہمی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

  • ملک دشمن قوتیں بلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، جام کمال خان

    ملک دشمن قوتیں بلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں، جام کمال خان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مکران ڈویژن خاص طور سے گوادر کی اہمیت مسلمہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے لہٰذا ان کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مکران ڈویژن میں قومی شاہراہوں اور ترقیاتی منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل نئے ترقیاتی منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔ جام کمال خان نے تربت شہر کی ترقی کے ماسٹرپلان میں شہری سہولتوں کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ تربت شہر کی توسیع کے لیے میرانی ہاؤسنگ سوسائٹی کے منصوبہ شروع کیا جارہا ہے جس سے شہر پر آبادی کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تربت شہر کے نکاسی آب کے منصوبے پر بھی فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے، وزیراعلیٰ نے تربت مند روڈ کے پی سی ون میں ترمیم کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں بلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی کے پروگرام کو ناکام بنانا چاہتی ہیں۔

  • دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا: وزیراعلیٰ بلوچستان

    دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا: وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ کے اجلاس کے دوران دہشت گرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور عوام کی حمایت اور تعاون سے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ اور صوبائی کابینہ کی جانب سے دھماکے کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

    وزیراعلیٰ نے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے اور محکمہ صحت کو اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

    شرپسندوں کے لیے پیغام ہے قوم متحد ہے: وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ

    یاد رہے کہ گذشتہ روز کوئٹہ کے علاقے سٹی تھانے کے قریب لیاقت بازار میں دھماکے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 28 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں دو پولیس اہل کار بھی شامل تھے۔

  • عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں: جام کمال خان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کو خصوصی اہمیت دے رہے ہیں، صوبائی حکومت کی کوششوں سے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کا حصہ بیس فیصد سے زیادہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جام کمال کا کہنا تھا کہ وفاقی وصوبائی منصوبوں پر عملدرآمد سے بلوچستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، وفاقی منصوبوں کے لئے مختص فنڈز میں اضافے کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کریں گے۔

    اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے نئے منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔

    صوبائی وزیر اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، پلاننگ کمیشن، این ایچ اے، کیسکو اور ایف ڈبلیو او کے حکام کے علاوہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔

    وفاقی حکام کی جانب سے اجلاس کو قومی شاہراہوں کی تعمیر وتوسیع، بجلی اور پانی کے منصوبوں، ڈیموں کی تعمیر، ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام، سی پیک اور گوادر کے منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

    کوئٹہ : ریکوڈک کا فیصلہ بلوچستان خود کرے گا، وزیراعلیٰ جام کمال خان

    اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کا صوبائی ترقیاتی پروگرام بھی سو ارب روپے سے زائد کا ہے جس میں ہر ضلع اور ہر شعبہ کو اہمیت حاصل ہے اور صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان منصوبوں کے پی سی ون 31جولائی تک مکمل کرکے ان پر عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا، بہت سے منصوبوں کے ٹینڈر اخبارات میں آچکے ہیں اور دیگر منصوبے ٹینڈرنگ پراسس میں ہیں۔

  • چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنائیں گے، جام کمال خان

    چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنائیں گے، جام کمال خان

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کیخلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنایا جائے گا، صادق سنجرانی ایوان کو بہت اچھے طریقے سےچلارہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی ہے۔

    ملاقات کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیردفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کے لائحہ عمل پر گفتگو کی گئی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقاتوں پر لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلے کا فیصلہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ہرصورت ناکام بنایا جائے گا، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کو بہت اچھے طریقے سےچلارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: صادق سنجرانی ہی چیئرمین سینیٹ رہیں گے، جہانگیر ترین

    اس سے قبل تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا تھا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور صادق سنجرانی ہی سینیٹ کے چیئرمین رہیں گے۔جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے دونوں ممالک میں دوریاں کم ہوں گی اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف چیئرمین سینیٹ کے ساتھ کھڑی ہے، عثمان بزدار

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنائے گی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بے وقت کی راگنی ہے۔

  • قومی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    قومی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ جو قومین خواتین کو ترقی کے عمل میں شریک کرتی ہیں وہ تیزی سے ترقی کے زینے طے کرتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جام کمال خان نے بلوچستان کی پہلی خاتون محتسب محترمہ صابرہ اسلام سے ملاقات کے دوران کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہے جو ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور اور فعال کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، قانون، تعلیم، صحت، معیشت، سیاست، آئی ٹی اور کھیل کے شعبوں میں خواتین کا بھرپور کردار روز روشن کی طرح عیاں اور ملک کے لیے باعث فخر ہے۔

    جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین ملک کی دیگر خواتین سے پیچھے نہیں ہیں اور جس بھی شعبہ زندگی میں انہیں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے انہوں نے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں سوشل پروٹیکشن کے تحت خواتین کو بھی معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر ہوں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور احترام معاشرے پر فرض ہے اور بلوچستان میں خاتون محتسب کی تعیناتی اہم پیش رفت ہے جس کا مقصد خواتین کو قانونی رہنمائی ومعاونت فراہم کرنا ہے۔

    جام کمال خان نے کہا کہ وومن محتسب ڈائریکٹریٹ کو بھرپور طور پر فعال کیا جائے گا اور وویمن محتسب ڈائریکٹوریٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جو خواتین کو قانونی تحفظ اور رہنمائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    دوسری جانب محترمہ صابرہ اسلام نے حقوق نسواں کے تحفظ اور خواتین کو ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ وویمن محتسب ڈائریکٹریٹ اس ضمن میں اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائے گا۔

  • دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    دہشت گردوں کی کارروائی صوبے کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شہداء کےخاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گھناؤنی سازش کے تحت صوبے میں امن خراب کرنے کی کوشش کی ہے، بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کا مقابلہ پوری طاقت سے کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کا ازسر نو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنایا جائے، سیکیورٹی ادارے جانوں کا نذرانہ دے کر عوام کی جان و مال کا تحفظ کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: کوئٹہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکا، 4 پولیس اہلکار شہید، 8 زخمی

    واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں منی مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار  پولیس اہلکار شہید جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے، ممکنہ طور پر دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے مددگار پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔