Tag: وزیراعلیٰ سندھ

  • کوئی ایک روڈ ون وے نہ کیاجائے مکمل ٹریفک مینجمنٹ پیکج دیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

    کوئی ایک روڈ ون وے نہ کیاجائے مکمل ٹریفک مینجمنٹ پیکج دیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی ایک روڈ ون وے نہ کیاجائے مکمل ٹریفک مینجمنٹ پیکج دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدات ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اہم ہوٹل اور کراچی جیم خانہ کلب روڈ کو ون وے کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کوئی ایک روڈ ون وے نہ کیا جائے مکمل ٹریفک مینجمنٹ پیکج دیا جائے، میٹروپول،شاہین کمپلیکس،آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن برج پر رش رہتا ہے، مینجمنٹ میں جو سڑکیں ون وے کرنی ہیں وہ کریں۔

    پی آئی ڈی سی سے میٹرو پول جانے والی سڑک ون وے کردی گئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی ڈی سی سے میٹرو پول جانے والے کلب روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بند کرتے ہوئے اسے یکطرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ میٹرپول سے پی آئی ڈی سی جانے کی اجازت ہوگی جبکہ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے کے لیے سڑک بند ہوگی، شہریوں کی جانب سے متبادل کے طور پر ایوان صدر اور ایم آر کیانی روڈ کو استعمال کیا جائے گا۔

  • مہنگائی کےطوفان میں دبے عوام کےگھرنہیں توڑ سکتے، وزیراعلیٰ سندھ

    مہنگائی کےطوفان میں دبے عوام کےگھرنہیں توڑ سکتے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے طوفان میں دبے عوام کے گھر نہیں توڑ سکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت جاری تجاوزات آپریشن میں متبادل کا انتظام کیے بغیرگھر نہیں توڑیں گے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی سے متعلق مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جب بھی عوام کی بھلائی کی بات کرتے ہیں تو نیب کا نوٹس آجاتا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نیب میں کل پیش ہوں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے لیے نام وفاق کے کہنے پر دیے ہیں، امید ہے وزیراعظم جلد ان 5 ناموں میں سے ایک آئی جی سندھ لگا دیں گے۔

    غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں، تمام کے تمام گھر گرا دیں ، چیف جسٹس کا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے چیف جسٹس گلزار احمد نے کمشنر کراچی کو حکم دیا تھا کہ کڈنی ہل پارک کی زمین پر غیر قانونی قبضہ ختم کرائیں ، تمام کے تمام گھر گرا دیں جبکہ میئرکراچی کو باغ ابن قاسم سے مکمل قبضہ 2 ہفتے میں ختم کرانے کا حکم دیا تھا۔

    سپریم کورٹ نے کراچی شہر کا دوبارہ ڈیزائن بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا بتایا جائے کراچی کو جدید ترین شہر کیسے بنایا جا سکتا ہے جبکہ سول انجینئرز، ماہرین اور ٹاؤن پلانز سے مدد حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

  • سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے ترقیاتی امور پر اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو کہا کہ جہاں جہاں گٹر ابل رہے ہیں وہ ٹھیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 449 اسکیموں پر کام چل رہا ہے جن کی مالیت 40.6 بلین روپے ہیں، سندھ حکومت نے ابھی تک 15.14 بلین روپے جاری کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر کا کام بہت سست روی کا شکار ہونے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر کے کام کو تیز کریں، میں خود جلد دورہ کروں گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سب میرین چورنگی پر بنے انڈر پاس کے بائیں جانب قائم عمارت کو ایک ماہ میں گرانے اور سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی، اس عمارت نے فیز ٹو کی طرف جانے والی سڑک بلاک کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں کے ڈیرے،  اسٹاف پریشان

    وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں کے ڈیرے، اسٹاف پریشان

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے چیمبر میں چوہوں کے ڈیروں سے اسٹاف پریشان ہیں، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کوانتباہی خط لکھ دیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ چوہوں کے خاتمے کے لیےگولیاں رکھی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کے فنڈز کے اجرا کے باوجود وزیراعلیٰ کا دفتر زبوں حالی کا شکار ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے چیمبر میں چوہوں کے ڈیروں نے اسٹاف کو پریشان کردیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کوانتباہی خط لکھ دیا ہے ، خط میں کہا گیا سندھ اسمبلی میں وزیراعلیٰ چیمبر کی مرمت کیوں نہیں کی گئی، وزیراعلیٰ چیمبر کا فرنیچر،پردے اور الیکٹرانکس آئٹم غیرمعیاری ہیں۔

    خط میں مزید کہا گیا خطوط کےباوجودوزیراعلیٰ چیمبرکی مرمت نہ ہوناافسوسناک ہے،وزیراعلیٰ ہاؤس وزیراعلیٰ چیمبر کی مرمت اور  تزئین و آرائش کے لیے محکمہ خزانہ کروڑوں جاری کر چکا ہے، بتایا جائے کہ وزیراعلیٰ چیمبر کی مرمت کیوں نہیں کی گئی۔

    خط کے متن میں کہا گیا وزیراعلیٰ چیمبر میں چوہوں کے خاتمے کے لیےگولیاں رکھی جائیں۔

    مزید پڑھیں : سندھ اسمبلی میں چوہوں نے مائیک کی تاریں کاٹ دیں

    یاد رہےسندھ اسمبلی میں چوہوں نے الیکٹرک کی تاریں کاٹ دیں تھیں،  جس کے سبب ایوان کے ساؤنڈ سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

    ارکان سندھ اسمبلی نے عارضی انتظامات کے تحت لائے گئے مائیک پر اظہار خیال کیا، اسپیکر آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ کسی نے چوہے ایوان میں چھوڑ دئیے ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا  کہ چوہوں کے لیے روٹی و دیگر چیزیں رکھ دی گئی ہیں تاکہ وہ اس میں آکر پھنس جائیں لیکن وہ جھانسے میں نہیں آرہے۔

  • سپریم کورٹ کا ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری ہٹانے کاحکم

    سپریم کورٹ کا ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری ہٹانے کاحکم

    کراچی: سپریم کورٹ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری ہٹانے کاحکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وزیراعلیٰ سندھ کسی ایماندار افسر کو ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق سماعت کے دوران درخواست گزار نے کہا کہ کراچی کے ہر علاقے میں غیر قانونی تعمیرات ہو رہی ہیں، 6 لاکھ روپے فی فلور رشوت لے کرآنکھیں بند کر لی جاتی ہیں۔

    جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ناظم آباد میں ہر گلی، محلے میں پیسے لے کر پورشن بن رہے ہیں۔ انہوں نے ڈی جی ایس بی سی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا میرے ساتھ ابھی جا کر دیکھیں گے۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیاں کھڑی کر کے تعمیرات کی جا رہی ہیں۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیے کہ یہ مکمل طور پر کراچی شہر کے لیے تباہی ہے، یہ تاثر ہے ایس بی سی اے پیسے لے کر تعمیرات کراتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ خود ذاتی طور پر سنگین معاملے کو دیکھیں۔

    عدالت عظمیٰ نے چیف سیکریٹری کو ایس بی سی اے کی ازسرنو ترتیب دینے کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کو تمام کرپٹ اور نااہل افسران کو فارغ کرنے کا حکم دے دیا۔

    سپریم کورٹ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو فوری ہٹانے کاحکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وزیراعلیٰ سندھ کسی ایماندار افسر کو ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کریں۔

    عدالت عظمیٰ چیف سیکریٹری کو ایس بی سی اے کے معاملات خود ہاتھ میں لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جب تک نیا ڈی جی نہ لگے چیف سیکریٹری خود معاملات کنٹرول کریں۔

  • آئی جی کوتبدیل کرنا وزیراعلیٰ سندھ کاحق ہے، سعید غنی

    آئی جی کوتبدیل کرنا وزیراعلیٰ سندھ کاحق ہے، سعید غنی

    کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ آئی جی کوتبدیل کرنا وزیراعلیٰ سندھ کاحق ہے، اب ہم نے آئی جی کے لیے وفاق کو کوئی اور نام نہیں دینا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ وزارتوں کے قلمدان تبدیل کرنا وزیراعلیٰ سندھ کا حق ہے،وزرا کی طرح وزیراعلیٰ کسی افسر کو بھی تبدیل کرسکتا ہے، آئی جی کوتبدیل کرنا وزیراعلیٰ سندھ کاحق ہے۔

    وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کی بات مانی جارہی ہے، بی آئی ایس پی کی ن لیگ اور دیگرجماعتوں نے بھی حمایت کی تھی، بی آئی ایس پی سے بینظیر کی تصویر ہٹالیں لیکن عوام کے دل سے کیسے نکالیں گے۔

    آئی جی سے متعلق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ نے کہا آئی جی سندھ کے لیے موزوں نام نہیں دیا، اب ہم نے آئی جی کے لیے وفاق کو کوئی اور نام نہیں دینا۔

    سندھ کےعوام نے آئی جی سندھ کو مسترد کردیا، مراد علی شاہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے

  • لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری ایکسپریس وے کے اطراف ایک ملین درخت لگائیں گے، یہ ایک ایسا عمل جس کے اثرات مستقبل میں آئیں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کر رہے ہیں، سندھ حکومت کے خلاف سازشیں جاری ہیں، ہمارے لیے قبر کھودنے کی کوشش کر رہے تھے خود گر گئے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری افسر کچھ کہے تو ٹھیک ،میں بولوں تو کہتے ہیں آپ نے یہ کہا تھا، کیا الٹی گنگاصرف سندھ کے لیے بہتی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سندھ اسمبلی عوام کے منتخب کردہ لوگوں کی ہے، عوام کے منتخب کردہ ایوان نے آئی جی سندھ کو مسترد کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت قانون کے تحت آگے کام کرتی ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب کرنا آئینی طور پر سندھ حکومت کا اختیار ہے۔

  • آصف زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات

    آصف زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات

    کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں صوبے اور وفاق کے درمیان تعلقات سے متعلق بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق آصف زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم سے ملاقات سے متعلق سابق صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کیا۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو جاری ترقیاتی کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کے درمیان رابطہ، آئی جی سے متعلق گفتگو

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مکے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں آئی جی سے متعلق مشاورت سے آگاہ کیا۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جونام دیے ان میں سے کسی ایک کو آئی جی بنایا جائے، آئی جی سندھ کے لیے مزید نام نہیں دیں گے۔

    میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، آئی جی سندھ کلیم امام

    واضح رہے کہ آج کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تمام پولیس افسران قانون کے تحت کام کرتے ہیں، قانون نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو راہ میں رکاوٹیں بھی پیش آتی ہیں.

    آئی جی سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے، جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا اور کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پر جاؤں گا.

  • وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ کی ملاقات

    کراچی: وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے درمیان ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی سے متعلق اتفاق کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    مراد علی شاہ نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال اور آئی جی سندھ کلیم امام سے متعلق سندھ کابینہ کے فیصلوں اور تحفظات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے بھی آئی جی سندھ کو تبدیل کرنے کے مطالبے کی حمایت کی۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے سندھ میں آئی جی پولیس تبدیل کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے نام مل گئے، کابینہ سے مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا، آئی جی سندھ کے لیے زیر غور افسران میں سے کسی ایک کو تعینات کر دیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی بات تحمل سے سنی، ملاقات خوشگوار موڈ میں ہوئی۔

    سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کر دیے

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کیے تھے۔ سندھ حکومت نے مطالبہ کیا تھا کہ کلیم امام کو ہٹایا جائے اور صوبے میں نیا آئی جی تعینات کیا جائے۔

  • کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے سینئر حکام نے ملاقات کی جس میں شہروں میں پینے کے پانی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، دیہی علاقوں میں زرعی پانی کے صحیح استعمال پر بھی بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں صنعتی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، دیہی علاقوں میں زراعت کی ترقی ترجیح ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 550پروکیورمنٹ تربیت یافتہ افسران سندھ حکومت میں ہیں، کچرے سے بجلی بنانے کا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔

    نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 7 جنوری کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیا سال ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے، یہ سال تعلیم کے شعبے میں مزید بہتری لانے کا سال ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیا سال نئے جذبے، نئی لگن سے عوام کی خدمت کا سال ہے، غربت کا خاتمہ، ٹڈی دل کا خاتمہ، ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کا سال ہے۔