لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ہرقیمت پرجیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ریٹی گن روڈ پراسکول میں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کرانسداد پولیو مہم کا آغازکیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جیتنے کے لیے پرعزم ہیں، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بناؤں گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے، والدین بچوں کوانسداد پولیو ویکسین لازمی پلائیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت انسداد پولیو سے متعلق اجلاس ہوا تھا جس میں پولیو کی روک تھام کے لیے تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا۔
پنجاب میں 10 برس تک کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد، راولپنڈی میں ماحولیاتی نمونے مثبت آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاہورمیں پولیوکا کیس سامنے آنا انتہائی تشویش ناک امرہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صرف اجلاس کرکے باتوں سے کام نہیں چلے گا، غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، انسداد پولیوکے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔