Tag: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری

  • اہلکاروں نے جواں مردی سے مقابلہ کرکے بڑے نقصان سے بچالیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    اہلکاروں نے جواں مردی سے مقابلہ کرکے بڑے نقصان سے بچالیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ چرچ کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے جواں مردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے نقصان سے بچالیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول اسپتال میں زیرِ علاج زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے.

    وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے جذبے بلند ہیں اور دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں جس کا عملی مظاہرہ چرچ حملے کو روکنے کے لیے ایک جوان نے کیا جس کے باعث بڑی تباہی سے محفوظ رہے.

     


     کوئٹہ : چرچ میں دھماکہ اور فائرنگ‘ 9 افراد جاں بحق‘ 35 زخمی


    اس موقع وزیراعلیٰ بلوچستان نے چرچ کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کے لیے 15،15 لاکھ جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے اے ٹی ایف اہلکار کو صدارتی ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے، جاں بحق ہونے والوں کے پسماندگان کے لیے 10،10 اور زخمیوں کے لیے 3 سے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا.

    گورنر بلوچستان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسیحی برادری کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا.

    یاد رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں واقع میتھیو چرچ میں دعائیہ تقریب کے دوران دہشت گردوں کے حملوں میں 9 افراد جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے تھے جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک حملہ آور کو ہلاک اور دوسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا تھا.

  • افغانستان سے یہاں‌ کارروائیاں کرنے والوں کا علم ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

    افغانستان سے یہاں‌ کارروائیاں کرنے والوں کا علم ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

    کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض نے سانحہ کوئٹہ پر کہا ہے کہ افغانستان میں بیٹھ کر کارروائیاں کرنے والوں کا ہمیں علم ہے اور جلد ایسے سفاک قاتل ہماری گرفت میں ہوں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والوں کے قدموں کے نشان جہاں تک گئے ہمیں سب معلوم ہے۔

    یہ بات انہوں نے سانحہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہدا کی یاد میں منعقدہ شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    تقریب میں کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ عامر ریاض نے کہا کہ کچھ روز قبل دہلی میں ایک متنازع تقریر کی گئی تھی اور اُس نفرت آمیز تقریرنےاپنا اثر پی ٹی سی حملے میں دکھا دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹریننگ سینٹر کے معصوم اور نہتے طالب علم سپاہیوں کو نشانہ بنانے والوں نے کُھل کر ہم پر حملہ کیا، یہ قومی سلامتی پر حملہ ہے،افغانستان میں بیٹھ کر کارروائیاں کرنے والوں کا ہمیں علم ہے اور جلد ایسے سفاک قاتل ہماری گرفت میں ہوں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بزدل دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ چھپ کروار کررہے ہیں، پی ٹی سی پر حملہ کرنے والوں کے قدموں کے نشان جہاں تک گئے ہمیں سب معلوم ہے،قاتل بچیں گے نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے پاکستان سے بلوچوں کی محبت کم نہیں کر سکتے،وطن عزیز کی سلامتی کے لئے کٹ جائیں گے لیکن پاک دھرتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔