Tag: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

  • چوہدری نثار ناکام وزیرداخلہ ہیں، مراد علی شاہ

    چوہدری نثار ناکام وزیرداخلہ ہیں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چوہدری نثار ناکام وزیرداخلہ ہیں وہ نہ تو وزیراعظم کے خیرخواہ ہیں اور نہ ہی اپنی جماعت سے مخلص نظر آتے ہیں۔

    وزیراعلٰی سندھ آج سیہون میں ہونے والے مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار اپنی ہی حکومت کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا پیپلزپارٹی پنجاب میں ایک بار پھرمضبوط اور منظم ہورہی ہے کیوں کہ پیلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس کی جڑیں چاروں صوبوں میں موجود ہیں جس پر مسلم لیگ (ن) پریشان ہے۔

    پاناما کیس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاناما کیس ابھی عدالت میں ہے اوراس کا فیصلہ بھی عدالتوں میں ہونا ہے اس لیے کچھ بھی رائے دینا مناسب نہیں، عدالتوں پر پورااعتماد ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال بہترہوئی ہے، دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اوراسٹریٹ کرائمز کے خاتمے کے لیے پولیس کو مزید متحرک کردیا ہے جلد ہی اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

    ملک بھر میں شروع ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کر رہے ہیں اور مردم شماری کے پورے عمل کو محفوظ اور شفاف بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔

    سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 225 ارب روپے عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں پرخرچ کیے جارہے ہیں جس سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور لوگوں کو ریلیف میئسر آسکے گا۔

  • کراچی،  پہلی لیبرکانفرنس 24 جنوری کو منعقد ہو گی

    کراچی، پہلی لیبرکانفرنس 24 جنوری کو منعقد ہو گی

    کراچی: پہلی بین الاقوامی دوروزہ سہ فریقی لیبر کانفرنس 24 تا 25جنوری کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگی، کانفرنس کا افتتاح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سندھ حکومت پہلی سہ فریقی دو روزہ بین الاقوامی لیبر کانفرنس کا انعقاد 24 تا 25جنوری 2017 کو کررہی ہے جس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ سمیت صوبائی وزراء، انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے کنٹری منیجر شرکت کریں گے۔

    کراچی میں منعقد ہونے الی سہ فریقی انٹرنیشنل لیبر کانفرنس میں بین الاقوامی تنظیم برائے محنت کش (ILO)، یونیسیف، یو این ڈی پی، ورلڈبینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفود بھی شرکت کریں گے اور اپنے مشوروں اور تجربات سے سامعین کو آگاہ کریں گے۔

    صوبائی سیکریٹری محنت و انسانی وسائل رشیداحمدسولنگی نے کہاکہ مشیر محنت و انسانی وسائل سعید غنی صوبے کے محنت کشوں کو انکے جائز حقوق دلانے اور عالمی سطح پر رائج قوانین متعارف کروانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور یہ بین الاقوامی کانفرنس اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

    انہوں نے مذید بتایا کہ دو روزہ بین الاقوامی لیبر کانفرنس کے دوران سندھ میں رائج لیبر قوانین، محکمہ محنت کے مختلف اداروں کے تحت لیبر انسپکشن کا طریقہ کار، سندھ سوشل سیکورٹی کے تحت محنت کشوں کو دی جانے والی طبی و مالی سہولیات اور دیگر اداروں کے تحت محنت کشوں اور ان کے ورثاء کو حاصل فوائد کے علاوہ مختلف لیبر پیکجز کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

  • کراچی پاکستان کی شہہ رگ اور معاشی حب ہے، صدر ممنون حسین

    کراچی پاکستان کی شہہ رگ اور معاشی حب ہے، صدر ممنون حسین

    کراچی : صدرِ مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی شہہ رگ اور معاشی حب ہے اس کی تعمیر و ترقی پورے ملک کی ترقی ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ممنون حسین نے کراچی میں گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ہے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر سید ناصر شاہ بھی پر موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال، کراچی آپریشن ، ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور صوبہ میں پائیدار امن کے لیے آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) سعید الزماں صدیقی نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم ہوں گی جب کہ لیاری ایکسپریس وے اور ماس ٹرانزٹ کے تمام منصوبے کراچی کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔

    جب کہ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لئے وفاقی حکومت کا اہم اقدام ہے ، وزیر اعظم کے احکامات پر کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ سی پیک (CPEC) میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے صدر مملکت اور گورنر سندھ کو بتایا کہ صوبائی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے نمایاں اقدامات کر رہی ہیں جن میں ماس ٹرانزٹ کے منصوبہ بھی شامل ہیں اس حوالے سے اورنج لائن منصوبہ ایک اہم کڑی ہے۔

  • بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کی فیضانِ مدینہ آمد

    بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کی فیضانِ مدینہ آمد

    کراچی : سربراہ پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ فیضانِ مدینہ پہنچ گئے جہاں جشنِ ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ پرانی سبزی منڈی پر واقع دعوتِ اسلامی کی مرکزی مسجد فیضان مدینہ پہنچ گئے جہاں پیغمبرِ آخری الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادتِ با سعادت کے موقع پر تقریب جاری ہے۔

    post-3

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ نے فیضان مدینہ میں ذکرِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سنا اور نعت خوانوں کو داد و تحسین دی بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے وہاں موجود علمائے کرام سے ملاقات کی اور محافل ذکر و نعت خوانی کیے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔

    post-2

    اس موقع پر فیضان مدینہ کی انتظامیہ نے بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کی ًآمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے محافل ذکر و نعت کی سیکیورٹی اور دیگر امور انجام دہی کی تعریف بھی کی۔

  • کچھ عناصر نہیں چاہتے تھےکہ بلدیاتی الیکشن ہوں، مراد علی شاہ

    کچھ عناصر نہیں چاہتے تھےکہ بلدیاتی الیکشن ہوں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ 22 اگست کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال کے باعث اسلام آباد کے کچھ عناصرنہیں چاہتے تھے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات ہوں۔

    مراد علی شاہ مقامی حکومتوں سے متعلق سیمینار سے خطاب کر رہے تھے،سیمینار وزارتِ بلدیات کی جانب سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد کیا گیا تھا،اپنے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ 22 اگست کی صورتحال کے باوجود بلدیاتی انتخابات کروائے جب کہ اسلام آباد کے کچھ عناصر نہیں چاہتے تھے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پی پی مقامی حکومتوں کو اختیارات نہیں دینا چاہتی،صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بھی اپنے اختیارات سے دستبردار ہوکرصوبوں کوطاقتوربنایا اور صوبے اپنی قیادت کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میرے پاس اختیارات ہیں لیکن ان سے تجاوز نہیں کرسکتا، پیسے جاری کرنا میرا نہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا کام ہے تا ہم کو شش کی ہے کہ ہر یوسی کوتھوڑے پیسے دے دیں، ہمارے پاس جو وسائل ہیں اس کے مطابق ہی کام کرنا ہوگا۔

    مقامی حکومتوں کے نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ گراس روٹ لیول سے منتخب نمائندے ہیں آپ کے فیصلے کو ترجیح دی جائے گی،شہرکے تمام بڑے مسائل کے حل کے لیے کام کررہے ہیں،کراچی کے پانی کا مسئلہ بھی جلد حل کریں گے،میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پرہے۔

    ہم صوبے کی خدمت کرنے کے لیے آئے ہیں، حیدر آباد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں خود حیدرآباد میں پڑھا ہوں، مجھے پورا سندھ عزیز ہے۔

  • بلاول پر تنقید کے بجائے نثار اپنا کام کریں، مراد علی شاہ

    بلاول پر تنقید کے بجائے نثار اپنا کام کریں، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول پر تنقید کرنے کے بجائے چوہدری نثار اپنے کام پرتوجہ دیں تو زیادہ بہتر ہے، گورنر کی تبدیلی سے متعلق وفاقی حکومت آگاہ کردیتی تو بہتر ہوتا۔

    یہ بات انہوں نے سینٹ پیٹرک اسکول میں جاری کھیلوں کے مقابلے کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ وزیر کھیل محمد بخش خان مہر بھی موجود تھے۔

     

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے بھی سینٹ پیٹرک اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے اس لیے یہاں آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں مجھے میرا بچپن یاد آگیا۔

    انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والے کامیاب طالب علموں میں انعامات تقسیم کیے اور اپنے خطاب میں کامیاب طالب علموں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہونے چاہیے جس پر اسکول انتظامیہ تعریف کی مستحق ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح تعلیم ہے میرا وعدہ ہے کہ تعلیم میدان میں سندھ بہت ترقی کرے گا اس لیے اس شعبے میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔

    انہوں نے تعلیم کے شعبے میں سندھ حکومت کی جانب سے اُٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیل بتا تے ہوئے کہا کہ تعلیم بالغاں کے لیے ہم نے باقاعدہ طور پر ایک پروگرام ترتیب دیا ہے جب کہ جہاں فنڈ کی ضرورت رہی ہم نے فوری فنڈ مہیا کیے تا کہ کسی بھی تعلیمی پروجیکٹ کی تکمیل میں دیر نہ ہو۔

    بعد ازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور کھیل کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہے ہیں عوام کو سستی اور معیاری تعلیم اور کھیل کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں لوگ جلد آپ ان شعبوں میں نمایاں فرق دیکھیں گے۔

    کراچی میں بلدیاتی سہولتوں کے فقدان اور عالمی سطح پر کراچی کی ریٹنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتِ حال تشویشناک ہیں لیکن ہم تندہی سے کام کر رہے ہیں ماضی کے بجائے مستقبل پر نگاہ ہے۔

    چوہدری نثار کی بلاول پر تنقید کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کسی پر تنقید کرنے کے بجائے اپنا کام کریں تو زیادہ بہتر ہو گا۔

    نئے گورنر سندھ کی تعیناتی پر انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے لیتی تو بہتر ہوتا ہمیں بھی میڈیا سے پتا سے چلا کہ گورنر تبدیل کیے جا رہے ہیں اور جسٹس سعید الزماں صدیقی نئے گورنر ہوں گے، ویسے نئے گورنر سندھ کافی تجربہ کارانسان ہیں۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ کی سینٹ پیٹرک اسکول آمد کے سببب صدر میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں راستے کی تلاش میں گلیوں میں جانکلیں اور وہاں سے بھی نکلنے کاراستہ نہیں ملا۔ شہری گھنٹوں صدر میں پھنسے رہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ نےگرفتار مظاہرین کورہا کرنے کا حکم دے دیا

    وزیراعلیٰ سندھ نےگرفتار مظاہرین کورہا کرنے کا حکم دے دیا

    کراچی : آج نمائش اورملیر کے علاقوں میں شیعہ رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کے لیے مظاہرہ کرنے والے افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا جنہیں وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر رہا کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیعہ رہنماؤں فیصل رضا عابدی اور مرزا یوسف حسین کی گرفتاریوں کے بعد متحدہ وحدت المسلمین کی جانب گزشتہ شب نمائش چورنگی اور آج علی الصبح ملیر 15 پر نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا تھا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو گیا گرفتاریوں کے مظاہرہ کرنے والے افراد کو مظاہرین کورہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    سندھ حکومت کے ترجمان کا کہناہے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے آج شیعہ علماءکے وفد نے ملاقات کی اور شیعہ کمیونٹی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے نمائش اور ملیر سے گرفتار کیے گیے مظاہرین کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق دوران ملاقات وزیر اعلیٰ سندھ نے شیعہ علماء کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اگر فیصل رضا عابدی اسلحہ لائسنس دکھا دیں تو انہیں چھوڑ دیا جائے گا ہر ملزم کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا ہے کہ مولانا یوسف مرزا کو اشتعال انگیز تقاریر کر کے لوگوں کو اکسانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے،مرزا صاحب اپنی ضمانت کروائیں،تو چھوڑا جا سکتا ہے تا ہم ان کو ضمانت کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔

    وزیراعلیٰمراد علی شاہ نے وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت سندھ کسی مخصوص گروہ کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے، مجرم کا تعلق کسی بھی گروہ،مذہب اور مسلک سے ہو قانون کے مطابق عمل ہو گا کسی بھی شخص کو کراچی کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔