Tag: وزیراعلیٰ سندھ

  • کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمدمہر پر حملہ

    کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمدمہر پر حملہ

    کراچی: شہرقائد میں ڈکیتی مزاحمت پر سابق وزیراعلیٰ سندھ علی محمدمہر پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا، جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق علی محمد مہر کو کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کردیا گیا، آئی جی سندھ کاڈیفنس میں سابق وزیراعلیٰ کے زخمی ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    اےایس پی ساؤتھ کراچی کا کہنا ہے کہ علی محمد مہر کے ڈیفنس کے گھر چھ مسلح افراد گھسے،گھریلو ملازم مراد اور اس کے ساتھی کا پوچھا، سابق وزیراعلیٰ سندھ نے مزاحمت کی تو ان پر تشدد کیا، بٹ لگنے سے علی محمد مہر کے سر پر دو ٹانکے لگے ہیں۔

    آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعہ پر ڈی آئی جی ساؤتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی، پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 6 مسلح ملزمان رکشے میں سوار ہو کر علی محمد مہر کے گھر پہنچے، ملزمان سابق وزیراعلیٰ سندھ کے گھر میں دیوار کود کر گھسے، ملزمان نے اہلخانہ سے یاسین نامی نوکر کا پوچھا اور ملزمان نے گھر میں موجود افراد کو اسلحے کے زور پر غمال بھی بنایا۔

    ملزمان علی محمد مہر کے کمرے میں بھی داخل ہوئے، وہ گھر میں پہلے سے ہی زیرعلاج تھے، ملزمان کے بٹ مارنے سے علی محمدمہر کے ماتھے پر چوٹ آئی، ملزمان کی جانب سے کوئی فائر نہیں کیا گیا، ملزمان گزشتہ روز بھی علی محمدمہر کے گھر آئے تھے۔

    جہانگیرترین مزید آزاد ارکان اڑا لائے، شبیرعلی قریشی اورعلی محمد مہر پی ٹی آئی میں شامل

    پولیس کے مطابق علی محمدمہر کے بیان کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، انہیں طبی امداد کے لیے کلفٹن میں واقع نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 6سے7 لوگ علی محمدمہر کے گھر میں داخل ہوئے، شہر میں روزانہ کی بنیاد پر وارداتیں ہورہی ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کی صورت حال پر سندھ حکومت جواب دہ ہے، سیکیورٹی فراہم کرنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ  کا ڈیفنس کےعلاقے میں قتل کے واقعے کا نوٹس

    وزیراعلیٰ سندھ کا ڈیفنس کےعلاقے میں قتل کے واقعے کا نوٹس

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈیفنس میں ہونے والے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو مقتول ذوالفقارسمیجوکے لواحقین سے تعاون کی ہدایت کردی۔

    مراد علی شاہ نے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملزم کتنا بھی طاقتور ہو، قانون سے بالاتر کوئی نہیں، مقتول کے لواحقین کے دکھ میں شریک ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے ذوالفقارعلی نامی شخص کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    فائرنگ سے دو افراد جاں بحق: لواحقین کا تھانے کے باہر لاش سمیت دھرنا

    مقتول کے ورثاء نے گذری تھانے کے باہر لاش رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی کی 15 روز بعد شادی تھی۔

    ذوالفقار علی نے وکیل خواجہ شمس الاسلام کی نوکری چھوڑ دی تھی، جس پر شمس الاسلام نے ذوالفقار کو غیرقانونی اسلحے کے الزام میں گرفتار بھی کرا دیا تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق ذوالفقارعلی کی آج سٹی کورٹ میں پیشی تھی، ذوالفقار پیشی کے بعد ڈیفنس میں ڈیوٹی پرجا رہا تھا کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

  • جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، وزیراعلیٰ سندھ کا کل نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    جعلی بینک اکاؤنٹس کیس، وزیراعلیٰ سندھ کا کل نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ

    کراچی: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے معاملے میں وزیراعلیٰ سندھ نے نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا، مراد علی شاہ کل قومی احتساب بیورو کی تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے کیس میں  26 کے بجائے 25 مارچ کو نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوں گے۔

    نیب نے وزیراعلیٰ سندھ کوٹھٹھہ،دادو شوگر ملز کیس میں ریکارڈسمیت طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ کو تحریری سوالنامہ بھی دیا جائے گا جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیب عرفان منگی وزیراعلیٰ کا بیان خود ریکارڈ کریں گے۔

    ڈی جی نیب نے مراد علی شاہ کی متوقع پیشی پر ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کر کے سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    مزید پڑھیں: شوگر ملز کو سبسڈی فراہم کرنے کا معاملہ، نیب نے مراد علی شاہ کو طلب کرلیا

    یاد رہے کہ نیب راولپنڈی نے 20 مارچ کو وزیراعلیٰ سندھ کی طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو سکرنڈ،کھوسکی،دادو، ٹھٹھہ، پنگریو شوگرملز کو سبسڈی دیے جانے کے معاملے پر طلب کیا گیا۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت نےاومنی گروپ کی شوگر ملز کو اربوں روپے کی سبسڈی دی جس کے باعث قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

    قومی احتساب بیورو شوگر ملز کو دی جانے والی سبسڈی کےمعاملےپر بھی تحقیقات کررہا ہے جس کے دوران بہت سی اہم باتیں سامنے آئیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بینکنگ کورٹ کراچی نے نیب کی جانب سے دائر کردہ تمام ریفرنسز راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم جاری کیا تھا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ تمام ملزمان کو آئندہ راولپنڈی کی احتساب عدالت میں ہی پیش کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری بھی تفتیش کے لیے نیب دفتر پیش ہوچکے ہیں جہاں دونوں نے 45 منٹ سے زائد تفتیشی حکام کے سوالات کے جوابات بھی دیے، اس موقع پر نیب نے ویڈیو بیان ریکارڈ کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نیب پیشی پر ہنگامہ آرائی، پیپلزپارٹی کے کارکنان کو رہا کرنے کا حکم

    پیپلزپارٹی کے کارکنان نے رہنماؤں کی پیشی کے روز نیب عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جسے پولیس نے ناکام بنایا تھا البتہ جیالوں نے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے باعث پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ بعد ازاں پولیس نے 100 سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں منتقل کیاتھا۔

  • یوم پاکستان پر گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ  کی مزارقائد پر حاضری

    یوم پاکستان پر گورنر سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    کراچی : یو م پاکستان کے موقع پر گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں اوردیگر سیاسی رہنماؤں نے مزار قائد پرحاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پر وقارتقریب کا انعقاد کیا گیا، گ ورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کےارکان نے مزارقائد پرحاضری دی اورپھول چڑھائے۔

    اس موقع پر گورنر سندھ نے اپنے پیغام میں کہا خواہش ہے قائداعظم کاوژن جلدمکمل ہو جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا متحد قومیں ہی ملک کا دفاع کرسکتی ہیں۔

    کمشنرکراچی سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

    مزید پڑھیں : یوم پاکستان پرمزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

    اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر لاہورمیں مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، جس میں شاہینوں کے چاق وچوبند دستے نےمصور پاکستان کو سلامی پیش کی اور مزار پرگارڈزکے فرائض سنبھال لیے۔

    مہمان خصوصی ائیرکموڈور رضوان ملک نے پریڈ کا معائنہ کیا، مہمان خصوصی نے چیف آف ائیر سٹاف اور پاکستان ائیرفورس کی جانب سے مزار پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔

    ائیرکموڈور رضوان ملک نےمہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبندکیے۔

    خیال رہے آج یوم پاکستان ملی جوش اور جزبے سے منایا جار ہا ہے، دن کا آغاز وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاوں سے ہواجبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام اباد کا کیولری گرائونڈ اکتیس توپوں کی سلامی سے گونج اٹھا۔

    یوم پاکستان کے دن اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی ،سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی،  تقریب کے مہمان خصوصی ملیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد ہیں۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات

    وزیراعلیٰ سندھ کی مفتی تقی عثمانی سے ملاقات

    کراچی : مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے کہ گاڑی پر چاروں طرف سے گولیاں ماری گئیں تاہم وہ اور اہل خانہ معجزانہ طور محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں مفتی تقی عثمانی سے ان کے مدرسے میں ملاقات کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے مفتی تقی عثمانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ پر خاص کرم کیا ہے، اللہ نے آپ اور آپ کی فیملی کو محفوظ رکھا۔

    اس موقع پر مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ گاڑی پرچاروں طرف سے گولیاں ماری گئیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی نیپا چورنگی پرممتار عالم دین مفتی تقی عثمانی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے تھے جبکہ ان کا گارڈ محمد فاروق جاں بحق ہوگیا تھا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ فرقہ واریت کی سازش نہیں لگتی بلکہ پاکستان اور کراچی کا امن خراب کرنے کی کوشش ہے۔

    کراچی کی نیپا چورنگی پر ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے جب کہ ان کے دو گارڈ جاں بحق ہو گئے۔

    وزیراعظم کی معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی پر حملے کی مذمت

    وزیراعظم عمران خان نے مفتی تقی عثمانی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت اور حملے میں سیکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے پردکھ کا اظہار کیا تھا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مفتی تقی عثمانی جیسی قابل قدر ہستی پرحملہ سازش ہے اور اس کو بے نقاب کرنے کے لیے ہرممکنہ کوشش بروئے کار لائی جائے۔

  • پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    پرانا کراچی واپس آگیا،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا‘ مراد علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے 8 میچوں کے بعد عالمی کرکٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے نیشنل اسٹیڈیم کے دوران پی سی بی حکام سے ملاقات کی اور سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔

    مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل پربہت خوشی ہے، پرانا کراچی واپس آگیا ،امید ہے پرانا پاکستان بھی واپس آئے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی ہی نہیں ملک بھرسے لوگ آرہے ہیں، چاہتے ہیں شائقین کو کم سے کم تکلیف ہو۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پی سی بی کی کوشش ہے عالمی کرکٹ بحال ہو، پی ایس ایل کے 8 میچوں کے بعدعالمی کرکٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    پی ایس ایل فائنل سے قبل میوزیکل کنسرٹ ہوگا جس کے لیے 68 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے، کنسرٹ میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    ابرارالحق، آئمہ بیگ، فواد خان، شجاع حیدر اور جنون گروپ اسٹیج پرجلوہ گرہوں گے۔ ہسپانوی کھلاڑی اور بارسلونا کے سابق کپتان کارلس پیول بھی تقریب کا حصہ بنیں گے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا بنیادی سہولتوں سے محروم اسکولوں کوفرنیچرمہیا کرنے کا حکم

    وزیراعلیٰ سندھ کا بنیادی سہولتوں سے محروم اسکولوں کوفرنیچرمہیا کرنے کا حکم

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جو سیکریٹری ترقیاتی اسکیمز میں دلچسپی نہیں لیں گے وہ ہٹائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ترقیاتی اسکیمز کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا۔

    صوبائی و رزا، چیئرمین پی اینڈ ڈی، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 145اسکیمز کے لیے 4596.7 ملین روپے جاری ہوچکے ہیں، 4596.7 ملین روپے میں سے 2 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

    اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام 26 اسکیمز 25 ملین روپے کی ہیں جس کے لیے فنڈز جاری ہوچکے، 25 ملین روپے کی 6 اسکیمز ہیں جن کی 2 اقساط میں پیسے جاری کیے گئے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ترقیاتی اسکیموں کے کاموں میں سست روی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو سیکریٹری ترقیاتی اسکیمز میں دلچسپی نہیں لیں گے وہ ہٹائے جائیں گے۔

    مراد علی شاہ نے رواں سال مکمل ہونے والی چھوٹی اسکیموں کے لیے فنڈز جاری کرنے اور بنیادی سہولتوں سے محروم اسکولوں کو فرنیچر مہیا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

    سندھ حکومت عوام کوبہترین سہولیات مہیا کرنے پرکام کررہی ہے‘ مراد علی شاہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لیے 2008 میں بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آج تک لاکھوں لوگ اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔

  • سندھ حکومت عوام کوبہترین سہولیات مہیا کرنے پرکام کررہی ہے‘ مراد علی شاہ

    سندھ حکومت عوام کوبہترین سہولیات مہیا کرنے پرکام کررہی ہے‘ مراد علی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ خواتین کے معاشی استحقام کے لیے انٹرن شپ منصوبہ شروع کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے زرعی پائیدارترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کوغربت، سماجی ترقی، موسمی تبدیلی، ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پائیدارترقی کے مقاصد پر193ممالک کے سربراہوں نے دستخط کیے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے 2008 میں بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آج تک لاکھوں لوگ اس پروگرام سے مستفید ہوچکے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کوبہترین سہولیات مہیا کرنے پرکام کررہی ہے، سندھ حکومت نے پائیدارترقی کے مقاصد سپورٹ یونٹ قائم کیا، زرعی شعبے کی ترقی کے لیے انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ خواتین کے معاشی استحقام کے لیے انٹرن شپ منصوبہ شروع کیا، صحت، تعلیم و روڈ سیکٹرکی تعمیرپرسندھ حکومت نے کافی کام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یقین ہے پاکستان میں عوام کی بہبود کے لیے بڑے ذرائع موجود ہیں، ملک کی ترقی آپ نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم زبردست قوم ہیں، ہمیں مل کرجدوجہد کرنا ہوگی، اگرمل کرجدوجہد کریں توہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کا تھا، دوسرا سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا بحران تھا، یہی ہائبرڈ اکنامک وارفیئرہے جس میں ہم پھنسے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک مسئلہ فیصلے لینے میں تاخیربھی ہے، حکومت وقت پرفیصلہ نہیں کرے گی تومسائل بڑھیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملکی مالی مسائل کا بڑھنا بھی فیصلوں میں تاخیرکی وجہ سے ہے، امن و امان کی صورت حال اب پورے ملک میں بہترین ہے۔

  • سندھ سے پیدا ہونے والی گیس پرپہلا حق سندھ کا ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ

    سندھ سے پیدا ہونے والی گیس پرپہلا حق سندھ کا ہے‘ وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت گیس کی قیمتیں بڑھانےکے حق میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت محکمہ توانائی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی حکومت کوسی سی آئی اجلاس بلانے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی سی آئی کا اجلاس گزشتہ 3ماہ سے نہیں ہوا، سندھ سے پیدا ہونے والی گیس پرپہلا حق سندھ کا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ گیس ہمیں ملنی چاہیے گھریلوضروریات کے بعد بجلی پیدا کرسکیں، سندھ کی گیس کم کرکے فرٹیلائزروبجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گیس پوری نہیں مل رہی توپروڈکشن کے اعتبارسے قیمت ملنی چاہیے، سندھ حکومت گیس کی قیمتیں بڑھانے کے حق میں نہیں ہے۔

    سندھ کی گیس سندھ والوں کو ہی نہیں مل رہی، مراد علی شاہ

    یاد رہے کہ رواں ماہ 10 فروری کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس سندھ والوں کو ہی نہیں مل رہی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کو مضر صحت کھانا کھانے سے 5بچوں کی موت سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش

    وزیراعلیٰ سندھ کو مضر صحت کھانا کھانے سے 5بچوں کی موت سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بچوں کی موت سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی ، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرکراچی کو ہدایت کی کہ بچوں کےوالدین سےخودجاکر ملیں، اگروہ واپس کوئٹہ جاناچاہتےہیں توان کے لیے بندوبست کیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو5 بچوں کی موت سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کے مطابق متعلقہ خاندان کوئٹہ سےآیاتھا، خاندان کوئٹہ سے پہنچنے کے بعدقصرنازمیں ٹھہراتھا، سفرکےدوران متاثرہ خاندان نے خضدار اور حب  میں کھاناکھایا، جب وہ کراچی پہنچے تو پارسل بریانی لی جو اپنے کمرے میں کھائی۔

    رپورٹ میں کہا گیا بریانی کھانے کے بعد خاتون نےالٹیاں کیں، شوہر نے خاتون کو نجی اسپتال منتقل کی، صبح واپس قصرناز پہنچے تو 5 بچے، رشتہ دار کمرے میں بیہوش پڑے تھے، وہ فوراً ان کواسپتال لےگئے لیکن وہ اسپتال میں مردہ تصدیق کئےگئے۔

    سندھ فوڈاتھارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا نوبہارریسٹورنٹ سےکھانےکےنمونے حاصل کیے جبکہ قصرناز روم سے بھی کھانے کے نمونے حاصل کیےگئے ہیں، تمام نمونے ٹیسٹ کیلئے بھیجے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : مضر صحت کھانا کھانے سے 5 بچوں کی اموات، ریسٹورنٹ عملے کوحراست میں لے لیا گیا

    وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنرکراچی کو ہدایت کی کہ بچوں کےوالدین سےخودجاکر ملیں، اگروہ واپس کوئٹہ جاناچاہتےہیں توان کے لیے بندوبست کیاجائے۔

    مراد علی شاہ نے کہا مجھے اس واقعہ سےدلی صدمہ ہوا، والدین کی تکلیف محسوس کررہاہوں، ان کےساتھ باقاعدہ انصاف ہوگا۔

    یاد رہے شہر قائد میں میں ریسٹورنٹ کا مضرصحت کھاناکھانےسےایک ہی خاندان کے5 بچےجاں بحق ہوگئے تھے ، پولیس نے ریسٹورنٹ عملے کوحراست میں لے لیا ہے جبکہ بچوں کی لاشوں کوپوسٹ مارٹم کیلئےسول اسپتال منتقل کردیاگیا۔