Tag: وزیراعلیٰ سندھ

  • میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    میئرکراچی وسیم اختر بے قصور ہوئے تو رہا ہو جائیں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میئرکراچی کا معاملہ عدالت میں ہے، اگر وہ بے قصور ہیں تو عدالت رہا کرسکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری اور عرس کی اختتامی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔


    CM Sindh attends Abdullah Shah Ghazi's Urs by arynews

    معروف صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے تین روزہ عرس کے آخری روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کلفٹن میں ان کے مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کا کوئی رہنما غیر قانونی طور پر گرفتار نہیں ہے، بے گناہ لوگوں کو جلد رہا کردیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے نیب کی کارروائی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ نیب خوامخواہ کارروائیاں نہ کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ملک کیلئے ہر جمہوری جماعت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور جو جماعت آئین کی حدود میں رہ کر کام کرے گی اسے پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے کا مکمل حق حاصل ہوگا۔

    اسی سے متعلق : نومنتخب میئر وسیم اخترکی رہائی کے لیے سول سوسائٹی کا مظاہرہ

    ان کا کہنا تھا ملکی آئین اور قانون کے خلاف کسی کو بھی کام کرنے کی اجازت نہیں دےسکتے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا پولیس کو مزید فعال کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ کسی اور ادارے سے مدد نہ لی جائے۔

    یاد رہے کہ صوفی بزرگ عبد اللہ شاہ غازی کے 1286 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز جمعہ کے روز ہوا تھا۔

     

  • متحدہ پر لندن رابطے کا الزام لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    متحدہ پر لندن رابطے کا الزام لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں، وزیراعلیٰ سندھ

    سکھر : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان اور لندن میں روابط کی باتیں کرنے والے اس کے ثبوت پیش کریں، ایم کیوایم نے خود کوایک ماہ میں بدل کر رکھ دیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اپنے بانی کا نام نکال دیا۔ پارٹی آئین بدل دیا، سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کردی۔ متحدہ قومی موومنٹ ایک ماہ میں بہت تبدیل ہوگئی ہے۔

    سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اور لندن میں رابطے کی بات کرنے والے ثبوت کے ساتھ الزام لگائیں، مراد علی شاہ نے بتایا کہ بائیس اگست کی دوپہر تک معاملات درست سمت میں جارہے تھے، اچانک اطلاع ملی بھوک ہڑتالی شرکاء سی ایم ہاؤس پر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر قابل عزت ہیں لیکن ان کو اپنی رہائی کیلئے قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے، دورہ سکھر میں وزیراعلیٰ سندھ نے دعویٰ کیا کہ ایسا نظام بنا کر جائیں گے کہ آنے والوں کو کام کرنا ہوگا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک عام سا ورکر ہونے پر فخر ہے۔ قیادت نے مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے اور اب بلاول اور آصف علی زرداری کی قیادت میں اچھا کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی افسر اپنے ڈسٹرکٹ کو چھوڑ کر باہر نہیں جائے گا۔

    صحافیوں سے گفتگو سے قبل وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے سکھر میں ایس آئی یو ٹی سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے نامکمل منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے بھی احکامات جاری کئے۔

     

  • سارا کام وزیراعلیٰ نے کرناہے تو کسی کی ضرورت نہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    سارا کام وزیراعلیٰ نے کرناہے تو کسی کی ضرورت نہیں،وزیراعلیٰ سندھ

    سکھر: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا سکھر میں کہنا تھا کہ اگر سارا کام وزیراعلیٰ نے ہی کرنا ہے تو کسی کی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کاایس آئی یو ٹی کا دورہ کیا اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شا،صوبائی وزیر ناصر حسن شاہ سمیت دیگر وزرا بھی موجود تھے۔

    مراد علی شاہ نےصوبائی حکومت کی جانب سے ماضی میں سکھر کو ترقی سے محروم رکھنے کا اعتراف کر لیا۔ان کا کہنا ہے کہ سکھر بہت اہم شہر ہے لیکن اس کا خیال نہیں رکھا گیا ۔

    سکھر میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر سندھ کا تیسرا بڑا شہر ہے،2008میں اس کی صورتحال خراب ہوئی،یہ بہت اہم شہرہے لیکن ہم نے اس کا خیال نہیں رکھا۔

    انہوں نے کہا کہ 2010کے سیلاب کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگ سکھر میں آکر آباد ہوئے،سکھر پاکستان کا سب سے خوبصورت شہر بن سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد اپنی جگہ کام کرے ،ہر کام وزیر اعلیٰ نہیں کر سکتا ،سرکاری افسران میں قومی خدمت کا جذبہ ہونا چاہیے۔

    دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو امریکہ جانے سے پہلے اپوزیشن جماعتوں سے کشمیر کے معاملےپر مشاورت کرنی چاہیے تھی تاہم وزیراعظم نے کشمیریوں کے معاملے کو اقوام متحدہ بالکل ٹھیک بات کی ۔

  • کچی شراب، گٹکا اور مین پوڑی کی سرعام فروخت پر وزیراعلیٰ سندھ کا ایکشن

    کچی شراب، گٹکا اور مین پوڑی کی سرعام فروخت پر وزیراعلیٰ سندھ کا ایکشن

    کراچی : سندھ کابینہ کے اجلاس میں کچی شراب، گٹکا اور مین پوڑی کے سرعام فروخت کے خلاف کارراوائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیو سندھ سیکریٹریٹ میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کچی شراب، گٹکا اور مین پوڑی کے سرعام فروخت کی گونج رہی، اجلاس میں صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد پتافی نے پولیس افسران کی پول کھول دی۔

    صوبائی وزیر امداد پتافی کا کہنا تھا کہ ٹنڈومحمد خان اور ٹنڈوالہٰ یار میں سرعام کچی شراب فروخت کی جارہی ہے ، گٹکا اور مین پوری سبزیوں کی طرح فروخت ہورہے ہیں، کچی شراب کی فروخت سے کئی پولیس افسران کے گھرچل رہے ہیں۔

    صوبائی وزیر امداد پتافی کی شکایت پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ غیر قانونی شراب ، مین پوری ، گٹکا اور دیگر منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے کیونکہ یہ ہماری نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں۔

    انہوں نے اس بات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام ایس ایس پیز کو فوری طور پر منشیات کا کاروبار بند کرانے کی وارننگ دے دی بصورت دیگر انکو سخت کاروائی کا انتباہ کیا۔

    سندھ کابینہ کے اجلاس میں تمام صوبائی وزراء ، مشیر، معاونین خصوصی ، چیف سیکریٹری سندھ ، آئی جی سندھ پولیس ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

  • میرے بارے میں وزیر اعلیٰ کو مس گائیڈ کیا گیا، راؤ انوار

    میرے بارے میں وزیر اعلیٰ کو مس گائیڈ کیا گیا، راؤ انوار

    کراچی: معطل ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے کہا ہے کہ میرے بارے میں وزیراعلیٰ سندھ کو مس گائیڈ کیا گیا، ہم خواجہ اظہار کے گھر میں داخل ہی نہیں ہوئے اور نہ خواتین سے بدتمیزی کی۔

    پروگرام ’’سوال یہ ہے ’’میں گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار کا کہنا تھا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو مس گائیڈ کیا گیا،ہم خواجہ اظہار الحسن کے گھر میں داخل نہیں ہوئے اور پولیس نے کسی خاتون سے بدتمیزی نہیں کی۔


    رکن اسمبلی کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کی اجازت ضروری نہیں، راؤ انوار


     انہوں نے کہا کہ مجھے خواجہ اظہار کی گرفتاری کے کچھ دیر بعد ہی معطل کردیا گیا تھا جس کا علم مجھے میڈیا کے ذریعے ہوا،گرفتاری کے بعد ہی اسپیکر کو مطلع کیا جاتا ہے پہلے نہیں، میری معطلی غیر قانونی ہے جس کے خلاف مختلف وکیلوں نےمدد کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے،دوستوں سے مشورے کے بعد قدم اٹھاؤں گا۔

    یہ بھی پڑھیں:اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری غیر قانونی ہے، وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ ملک دشمن لوگوں کو حکومت میں نہیں ہونا چاہیے،پولیس والے ان کے خلاف کارروائی سے ہچکچاتےہیں۔

    پولیس کے ہاتھوں خواجہ اظہار کی گرفتاری، ایس ایس پی راؤ انوار معطل

    راؤ انوار نے مزید کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی ضمانت نہیں ہوسکتی تھی،ان کے کیس میں تفتیش نہیں ہوئی،سیون اے ٹی اے میں ریمانڈ کے بعد تفتیش کی جاتی ہے۔

  • راؤ انوار کو وزیراعظم کے کہنے پر معطل نہیں کیا گیا، ترجمان وزیر اعلیٰ

    راؤ انوار کو وزیراعظم کے کہنے پر معطل نہیں کیا گیا، ترجمان وزیر اعلیٰ

    کراچی: ترجمان وزیر اعلی سندھ نے عمران خان کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض سیاسی رہنماوں کا یہ تاثر غلط ہے کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو وزیر اعظم کے کہنے پرمعطل کیا گیا۔

    ترجمان وزیر اعلی ہاوس سندھ جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ راؤ انوار کی معطلی وزیر اعظم کے کہنے پر نہیں کی گئی فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اپنا تھا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی رہنماوں کی جانب سے غلط تاثر پیش کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انتظامی معاملے کا پہلے فیصلہ خود کیا بعد میں وزیراعظم کا فون آیا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نہ تو کسی مجرم کو معاف کرے گی اور نہ ہی کسی سے زیادتی ہونے دے گی ، حکومت چاہتی ہے کہ ہر ایک اپنا اپنا کام کرے ۔

    اس سے پہلے عمران خان نے سندھ پولیس کے معاملات میں وزیر اعظم نواز شریف کی سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ ایس ایس پی کی معطلی کیلئے مرکزی حکومت نے مداخلت کی۔

  • سندھ حکومت کا چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ کرلیا،اپیکس ریویو کمیٹی نےعید قربان پرکھالیں جمع کرنے والوں کے آڈٹ کا بھی فیصلہ کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کے زیرصدارت اپیکس ریویو کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان اور نیشنل ایکشن پلان پر بریفنگ دی گئی ، اجلاس میں چندہ دینے والوں کو ریڈار میں لانے کی ٹھان لی گئی ہے، سائیں سرکار نے مشاورت کے بعد چندے سے متعلق قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔

    اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ عید قربان پرکھالیں جمع کرنے والوں کو بھی حساب دینا ہوگا، حکام کو بتایا گیا کہ صوبےمیں نیشنل ایکشن پلان کےتحت گیارہ نکات پرعمل ہوا، صوبے کے آٹھ ہزار آٹھ سو پچپن مدارس کی رجسٹریشن کی گئی، ملٹری کورٹ کو بھیجے گئے ایک سو پانچ کیسز میں سے انسٹھ کیس وفاقی وزارت داخلہ نے منظور کئے۔

    اجلاس میں شکارپورخودکش حملے میں ملوث بلوچستان سےآئے دہشت گردوں کا معاملہ بھی بلوچستان حکومت کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیاگیا ۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نےکراچی فوری طور پرفرانزک لیب قائم کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے،کراچی میں غیر قانونی تارکین وطن کےمعاملے پر بھی وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی۔

  • قائد اعظم کے اصول ہی میرے رہنما اصول ہیں،مراد علی شاہ

    قائد اعظم کے اصول ہی میرے رہنما اصول ہیں،مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول کام،کام اور کام پر من و عن یقین رکھتا ہوں۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر شہری کو اچھا روزگار،ہر بچے کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم اورہر بیمار کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے جس کو ہم پورا کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 68ویں برسی کے موقعے پر اپنی صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی برسی کے موقع پر اپنی صوبائی کابینہ کے ہمراہ ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے مزار پر حاضری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے کہ ہمیں یہ خوبصورت ملک پاکستان ملا اور ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے بانیوں کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور ان کے بتائے ہوئے اصولوں کے تحت ملک کی خوشحالی کےلیے دن رات کام کرتے رہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آج کے دن کے حوالے سے اپنی کابینہ کے ہمراہ آج پھر یہ عہد کرتا ہوں کہ ہمیں جو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے تو ہم بھی اپنی پوری کوشش کریں گے کہ عوام کی بھرپور خدمت کریں۔

    میڈیا کے نمائندوں نے ان سے سوال کیا کہ آپ صبح 8بجے سے ہی اپنے آفس آجاتے ہیں اور صبح سویرے ہی تمام سرکاری مشینری کے ساتھ ساتھ آپ نے میڈیا کو بھی متحرک کردیا ہے،اس پر آپ کو کیسا محسوس ہوتا ہے۔

    اس سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے مسکرا کر کہا کہ وہ قائداعظم کے سنہری اصول کام،کام اور کام پر من و عن یقین رکھتے ہیں اور اسی پر عمل پیرا ہیں۔

  • کراچی آپریشن کامیاب اس وقت ہوگا جب پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی آپریشن کامیاب اس وقت ہوگا جب پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی،وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کامیاب اس وقت ہوگا جب پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے آج صبح سینٹرل پولیس آفس میں ترقی پانےوالے افسران کی تقریب میں شرکت کی اور ان کو بیجز لگائے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ترقی پانے والے افسران کی ذمہ داری اور ذیادہ بڑھ گئی ہے.

    سینٹرل پولیس آفس میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کامیاب اس وقت ہوگا جب پولیس اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی،انہوں نے مزیدکہا کہ مثالی امن کے قیام کے بغیرہم ترقی نہیں کرسکتے.

    پولیس کی فنڈنگ کےحوالے وزیراعلیٰ نےکہاکہ اس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے،لیکن پولیس کوسامان کی خریداری کےلیے رقم مختص کی تھی جو خرچ نہیں ہوسکی.

    بلدیاتی اختیارات سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ قانون موجود ہے بلدیاتی امیدواروں کواختیارات قانون کےمطابق دیے جائیں گے.

    وسیم اختر کے متعلق ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ جو سہولیات قیدیوں کو ملناچاہییں وہ دی جائیں گی،لیکن کسی قیدی کو اس کے عہدے کی وجہ سےخصوصی سہولت نہیں دی جاسکتی.

    *وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس جاری

    واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ،کور کمانڈرسندھ ،ڈی جی رینجرزسندھ،آئی جی سندھ،چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ،مشیر قانون، مشیر اطلاعات اور صوبائی وزیر نثار کھوڑو شرکت کی تھی.

  • وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اسلام آباد روانہ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اسلام آباد روانہ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اقتصادی راہداری کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ اسلام آباد میں اقتصادی راہداری کانفرنس میں شرکت کریں گے.کانفرنس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سی پیک پر اپنی اپنی رائے سے آگاہ کریں گے.

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کانفرنس میں توانائی کے 13 منصوبے اور اکنامک زون پر بھی بات کریں گے.

    *وزیراعظم نے’سی پیک‘ سمٹ کا افتتاح کردیا

    یاد رہے کہ آج وزیر اعظم نوازشریف نے ایک روزہ پا ک چین اقتصادی راہداری نمائش کا افتتاح کیا اس موقع پر وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے مختلف اسٹالز کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی.

    اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاکستان اور چین کے سرمایہ کاروں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے.

    انہوں نے اس موقع پر چین سے آنے والے مندوبین کو خوش آمدید کہا اور سی پیک کے حوالے سے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اس خطے کا سب سے اہم اسٹریٹجک منصوبہ ہے اور اس کے ثمرات تمام خطہ حاصل کرے گا.

    واضح رہے کہ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لیے امید کی کرن ہے،یہ منصوبہ پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے یہ خطے کا مستقبل تبدیل کردے گا۔