Tag: وزیراعلیٰ سندھ

  • سید قائم علی شاہ کی ڈاکٹرعشرت العباد خان سے ملا قات

    سید قائم علی شاہ کی ڈاکٹرعشرت العباد خان سے ملا قات

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ ہائرایجو کیشن کے چیئرمین ڈاکٹرعاصم کے ہمراہ آج رات گورنرہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملا قات کی ۔ ملا قات میں صوبے میں جاری صورتحال اوراعلیٰ تعلیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

    تینوں رہنماؤں نے اس بات پراتفاق کیا کہ صوبے میں ہائرایجوکیشن کو خصوصی اہمیت دی جائے گی اور تعلیم کے معیار کو بہتر سے بہتربنانے کے لئے وسائل میں اضا فہ کیا جائے گا اوراداروں کو میرٹ کا نمونہ بنایا جائے گا ۔

    انہوں نے صوبے میں ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور اس کے لئے ضروری فنڈ ز کے اجراء کو یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ پیشہ ورانہ تعلیم کو زیا دہ سے زیادہ زمینی حقائق سے مربوط کرکے طالب علموں کے لئے روزگار کے بہتر ذرائع پیدا کئے جائیں گے ۔

    انہوں نے انجینئرنگ ، سوشل سائنسسز اور ایگری کلچر کی جامعات میں عملی امتحان کو انڈسٹری اوریئنٹیڈ بنانے پر بھی اتفاق کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی سطح پر ریسرچ اور ڈیویلپمنٹ کو مزید فعال بنایا جائے گا اور تحقیقی مقالوں کو عملی صورت دینے پر بھی غور کیا گیا تاکہ اعلیٰ نوعیت کے مقالے جنھیں بین الاقوامی پذیرائی حاصل ہو تی ہے ان پر عمل کرکے اچھے نتائج برآمد کئے جا سکیں۔

  • کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ سیکریٹریٹ سمیت مختلف دفاترکا دورہ

    کراچی:وزیراعلیٰ سندھ کا سندھ سیکریٹریٹ سمیت مختلف دفاترکا دورہ

    کراچی: وزیرِاعلٰی سید قائم علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ کا اچانک دورہ کیا، دفتر میں میں افسران اور عملہ غائب تھا۔

    وزیرِاعلٰی سندھ قائم علی شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ سمیت دیگر سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا تو دفاتر میں کھلبلی مچ گئی، وزیرِاعلی سندھ نے بیشتر دفاتر پر تالے اور عملے کو غائب پایا جبکہ سندھ سیکرٹریٹ کے دفاتر میں اعلٰی افسران اور عملہ موجود نہیں تھا۔

    وزیرِاعلٰی سندھ نے صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئےملازمین کی حاضری چیک کی اور تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی کے اوقات میں دفاتر میں موجود رہیں۔

    وزیرِاعلیٰ سندھ نے غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ۔

  • روزگار کی فراہمی پیپلز پارٹی کے پروگرام کا حصہ ہے، بلاول بھٹو

    روزگار کی فراہمی پیپلز پارٹی کے پروگرام کا حصہ ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  سندھ حکومت نے 24 ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرزکو مستقل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

    وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکومستقل کرنے کے آرڈر دیے جانے کی تقریب سے خطاب میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ آج بہت خوشی ہورہی ہے شہید بے نظیر بھٹو کا خواب آج پورا ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ آج ہزاروں خواتین کو مستقل روزگارمیس ہوا ہے جس کاکریڈٹ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت کوجاتا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ روزگارکی فراہمی پی پی کے پروگرام کا حصہ ہے، ہم پرفرض ہے کہ قوم کی خدمت کریں، انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا خواب آج پورا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ اس 18 اکتوبر کو یہ نعرہ دیں گے بی بی کا آصف آئے گا روزگار لائے گا،بی بی کا بلاول آئے گا روزگار لائے گا، اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں، پاکستان نہ ڈیسوں کے نعرے بھی لگائے۔

    اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کاکہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کا مشن تھا کے عورتیں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو انہوں نے کہا کہ مستقل ہونے میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکی اپنی جدوجہد بھی شامل ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ سی سی آئی کے اجلاس میں صوبوں کے وزیراعلیٰ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کی مخالفت کی،مین نے تینوں وزراء اعلیٰ کوکہا اگر اس پروگرام کو ختم کیا تو یہ خواتین تم کو نہیں چھوڑیں گی،اس موقع پر سیکریٹری صحت اقبال درانی نے بتایا کہ ایک لاکھ خواتین کی ڈلیوری کے دوران 500 بچے جاں بحق ہوجاتے تھے جو اب 180 تعداد ہوگئی ہے ۔

  • وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیوایم کے مطالبات جاننے کیلئے6 رکنی کمیٹی قائم کردی

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیوایم کے مطالبات جاننے کیلئے6 رکنی کمیٹی قائم کردی

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیوایم کے مطالبات جاننے کیلئےچھ رکنی کمیٹی بنادی،ترجمان رینجرز کاکہناہےقانون نافذ کرنے والوں پر فائرنگ کرنے والوں کو نہیں چھوڑاجاسکتا۔

    گلشن معمار سے ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاری کے حوالے سےجاری بیان میں ترجمان رینجرز کاکہناہے کہ رینجرز پرفائرنگ کے بعد تیئس مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیاجن میں سے آٹھ افراد کوابتدائی تفتیش کے بعد چھوڑ دیاگیاہے جب کہ پندرہ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ترجمان کاکہناتھا قانون کی حکمرانی کا قیام رینجرز کی ذمہ داری ہے، قانون نافذکرنےوالوں پرفائرنگ کرنےوالوں کونہیں چھوڑاجاسکتا۔

    کارکنوں کی گرفتاریوں پر ایم کیوایم کے شدید ردعمل کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے چھ رکنی مذاکراتی کمیٹی قائم کردی ہے، نثار کھوڑو،شرجیل میمن ، ڈاکٹر سکندر مہیندھرو ،مولابخش چانڈیو، وقار مہدی اور راشد ربانی پرمشتمل کمیٹی ایم کیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے ایم کیوایم کے مطالبات کاجائزہ لے کرمسئلہ حل کرانے کی کوشش کرے گی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ سے نئےڈی جی رینجرز کی ملاقات

    وزیراعلیٰ سندھ سے نئےڈی جی رینجرز کی ملاقات

    کراچی: وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے سندھ میں تعینات ہونے والے نئے ڈی جی رینجرز نے ملاقات کی اورصوبے امن وامان کی صورتحال اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا ۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا سندھ رینجرز کے نئے ڈی جی میجر جنرل بلال اکبر سے ملاقات میں کہنا تھا رینجرز اور پولیس کے مشترکہ اقدامات کے باعث صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن آخری مجرم کے خاتمے تک جاری رہے گا، وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا سندھ حکومت نے کراچی کے لوگوں کو جرائم پیشہ افراد سے نجات دلاکر پرامن ماحول فراہم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔

  • سندھ میں سیلاب کاخطرہ، لوگوں کی نقل مکانی جاری

    سندھ میں سیلاب کاخطرہ، لوگوں کی نقل مکانی جاری

    سندھ: سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر سندھ کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کے باوجود خیرپورمیں ایک بھی ریلیف کیمپ نہیں لگایا گیا ہے۔

    سیلابی ریلہ بالائی پنجاب میں سینکڑوں بستیاں صفحہ ہستی سے مٹاتا ہواجنوبی پنجاب میں تباہی مچارہا ہے، پنجاب میں موسلادھار بارش اور بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی نے تباہی مچا رکھی ہے، ملتان میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظرسوکے قریب دیہات خالی کرالئے گئے ہیں، جن میں بندبوسن، نواب پور، ہیڈ محمد والا، بستی گرے والا، بستی لنگڑیال اور شیر شاہ کے چندعلاقےشامل ہیں۔

    سیلابی ریلہ اب تیزی سے سندھ کی جانب رواں دواں ہے، سندھ حکومت نے کچھ روز قبل دریائے سندھ کے نشیبی علاقوں سےآٹھ لاکھ افراد کے انخلاء کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

    وزیرِاعلی سندھ قائم علی شاہ کے آبائی ضلع خیرپور کے کچےکے مکین بے یارو مددگار رہنے پر مجبور ہیں، وزیرِاعلی سندھ کےاحکامات کے باوجود ایک بھی ریلیف کیمپ قائم نہیں کیا گیا ہے۔

    کچے کے علاقے میں سینکڑوں مویشی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سےسیلاب کے خطرے کے باعث کچے میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے دریا کے کنارے پشتوں کو مضبوط کرنے اور اس کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

  • سندھ میں ممکنہ سیلاب، وزیرِ اعلیٰ نے حفاظتی اقدامات ناکافی قرار دے دئیے

    سندھ میں ممکنہ سیلاب، وزیرِ اعلیٰ نے حفاظتی اقدامات ناکافی قرار دے دئیے

    کندھ کوٹ :وزیرِاعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نےقادرپورلوپ بند پرکئے گئے حفاظتی کارروائیوں کو غیر تسلی بخش قراردےدیا، وہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر اقدامات کا جائزہ لینے  کے لئے کندھ کوٹ کشمورکاایک روزہ دورہ کر رہے تھے۔

    پنجاب میں غیر معمولی بارشوں کے پیش نظردریاؤں میں طغیانی ہے جبکہ سندھ میں بھی سیلاب کے خطرات منڈلانے لگے جس کی پیش رفت کے لئے وزیراعلیٰ سندھ نے گڈو بیراج، کے ٹوڑی  بند اوراولڈ ٹوڑی بند کا معائنہ کیا۔

    وزیراعلیٰ نے قادرپور لوپ بند پر حفاظتی اقدامات کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سیلاب کے بعد محکمہ آبپاشی کو بے حساب فنڈز فرا ہم کئے گئے تھےمزید فنڈز آڈٹ کے بعدجاری کیے جائیں گے۔

    آبپاشی عملے نے دورے کے دوران وزیراعلیٰ کوسیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے  کئے گئے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی، کندھ کوٹ کے قریب گاؤں جام صوہارواور گھوڑا گھات بندسمیت نو مقامات کوحساس قراردےدیاگیا۔

  • زرداری کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس، حکام کی چھٹیاں منسوخ

    زرداری کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس، حکام کی چھٹیاں منسوخ

    کراچی: سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آصف علی زرداری کی زیرصدارت بلاول ہاؤس میں ہنگامی اجلاس ہوا ،صوبےکےتمام ڈپٹی کمشنرزاوردیگر حکام کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی۔

    سندھ میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سابق صدر آصف زرداری کے زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ممکنہ سیلاب کے خطرات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ نے بریفنگ کے دوران بتایاکہ صوبےکےتمام ڈپٹی کمشنرزاورپی ڈی ایم اےحکام کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور پی ڈی ایم اے سمیت دیگر متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    سابق صدر نے وزراء کو فوری طور پر اپنے اضلاع میں پہنچ کر نالوں اور حفاظتی بندوں کا دورہ کرنے کا حکم دیا ہے، اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیلاب کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ موسمیات نے سات سے آٹھ لاکھ کیوسک کاسیلابی ریلا دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر تیرہ اور چودہ ستمبرجبکہ سکھر بیراج کے مقام پر چودہ اور پندرہ ستمبر کوپہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔جس کے باعث اونچے درجے کے سیلاب کاامکان ہے۔

  • زرعی پانی کی قلت:وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

    زرعی پانی کی قلت:وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لے لیا

    جھڈو :زرعی پانی کی قلت اور پانی چوری کی شکایات پر وزیراعلیٰ سندھ کا اچانک مٹھڑائو کینال نوکوٹ کا دورہ ،بند کمرے میں محکمہ آبپاشی کے افسران اور منتخب نمائندو ں کے ہمرا اجلاس کسی بھی زمیندار کو اجلاس میں نہیں بلایا گیا،علاقہ کے زمینداروں کا پانی چوری اور کمی کے خلاف احتجاج ،

    اطلاعات کے مطابق زرعی پانی کی کمی اور چوری کی خبریں مختلف قومی اخبارات میں شایع ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے نوکوٹ مٹھڑائو کینال کا اچانک دورہ کیا اور سینٹر گل محمد لاٹ کی تھر فلور ملز پر بند کمرے میں آبپاشی کے افسران اور منتخب نمائندوں کے ساتھ اجلاس کیا بعد ازا صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پانی کی کمی نہیں ہے لیکن آبپاشی انتظامیہ اور پولیس کی نا اہلی اور غفلت کے باعث پانی کی تقسیم درست طرح سے نہیں ہو پا رہی ہے اور ہم پانی کو ٹیل تک پہنچائیں گےy.جمڑائو اور مٹھڑائو کینال کے سلسلے میں ہم نے کا فی پیسے دیئے ہیں

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کا مذید کہنا تھا کہ پولیس سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے لیکن ہم پولیس سے کام لیں گے رینجرز کراچی حیدرآباد میں بہت اچھا کام کر رہی ہے رینجرز کو پا نی کی چوکیداری پر نہیں لگا سکتے اس موقع پر زمینداروں نے شدید احتجاج کر تے ہو ئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ بند کمرے میں پانی چوروں کے ساتھ اجلاس کر رہے ہیں جبکہ ہماری زمینیں تباہ ہو رہی ہیں اور وزیر اعلیٰ یہاں کے چور ایم این اے ایم پی ایز نے وزیر اعلیٰ کو ہم سے ملنے نہیں دیا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سے صحافی کی جانب سے ایم این اے ایم پی اے کے پانی چوری میں ملوث ہو نے کے بارے میں سوال کر نے پر جیالے صحافیوں پر بھڑک اٹھے اور وزیر اعلیٰ سے سوالات کر نے سے روک دیا جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا