Tag: وزیراعلیٰ پنجاب

  • وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارآج ساہیوال جائیں گے

    وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارآج ساہیوال جائیں گے

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار آج ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں صحت کارڈ اسکیم کا اجرا کریں گے، دورے کے دوران وزیراعلیٰ شجرکاری مہم کے تحت پودا لگائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارآج ساہیوال جائیں گے، وزیراعلیٰ مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنے دورے میں مختلف منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ سرکٹ ہاؤس میں موسم برسات کی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگائیں گے۔

    صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ رواں ماہ 2 اگست وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد اور چنیوٹ کے لیے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا تھا، انہوں نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے تھے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ االلہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے معاشرے کی خدمت کا موقع دیا، صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ کا ایسا منصوبہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

    سردار عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب اور لاچار کے لیے کام کر رہی ہے، صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

  • پنجاب کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    پنجاب کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور متعلقہ امور جلد طے کر کے حتمی شکل دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے سرکاری ملازمین کو علاج معالجہ کی سہولت ملے گی۔سرکاری ملازمین ہسپتالوں میں تقریباً سوا 7لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے اور اس حد کو ضرورت پڑنے پر بڑھایا بھی جا سکے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو زندگی کے ہر طبقے کا احساس ہے۔سرکاری ملازمین کا احساس کرتے ہوئے انہیں صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اوریہ وہ کام ہیں جو 70سال میں اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں کئے ۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا   انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کیساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رواں برس رکھیں گے جبکہ ٹورازم ایپ بھی متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، جس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکی کارکردگی پرتبادلہ خیال اور مختلف پروگرامز پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کاجائزہ لیاگیا۔

    عثمان بزدار نے کہا ہرشعبہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ فروغ سےآسانیاں ہوں گی، انفارمیشن ٹیکنالوجی کےذریعےفرسودہ نظام کوجدت دی جائےگی، ای گورننس اورای سروس ڈلیوری وقت کی ضرورت ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے  ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کیساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کےقیام کافیصلہ کرتے ہوئے کہا نئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا سنگ بنیاد رواں برس رکھیں گے۔

    ٹورازم ایپ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ

    اجلاس میں ٹورازم ایپ بھی متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایپ سےسیاحتی مقامات کی تفصیلات دستیاب ہوں گی۔

    انھوں نے مزید کہا 27 اضلاع میں نئےخدمت مراکزکھولنےکافیصلہ کیاگیاہے، ای پیمنٹ گیٹ وےپروگرام ایک انقلابی اقدام ثابت ہوگا، ترقیاتی منصوبوں کے لئے اسمارٹ مانیٹرنگ کا نظام وضع کیاگیا ہے۔

  • مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، عثمان بزدار

    مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کرقیمتیں چیک کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مہنگائی پرقابو پانے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کوریلیف دینے کے لیے فعال انداز میں کام کیا جائے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ زبانی جمع خرچ نہیں عوام کوریلیف کے لیے اقدامات نظر آنے چاہئیں، متعلقہ محکموں اوراداروں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر ڈلیور کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جا کرقیمتیں چیک کریں، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

    یاد رہے کہ 29 جون کو زیراعلی‌ٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والےعناصرکے خلاف بلا امتیاز کارراوئی کی جائے، ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھیں۔

    سردار عثمان بزدار نے مزید کہا تھا کہ انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دیں۔

  • آج نہیں تو کل کشمیر آزاد ہو کر رہے گا،عثمان بزدار

    آج نہیں تو کل کشمیر آزاد ہو کر رہے گا،عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھےہیں ، پاکستان دنیا کی ہر عدالت میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، آج نہیں تو کل کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم سیاہ کے موقع ہر اپنے پیغام میں کہا پورا پاکستان کشمیریوں پرمظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہے، پاکستان کابچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھےہیں، پاکستان دنیا کی ہر عدالت میں کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا، آج نہیں تو کل کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔

    خیال رہے پاکستان بھر میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آج یوم سیاہ منا یا جارہا ہے ، یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں کردیئے گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ

    ایوان صدر، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ کی عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں ہیں پارلیمنٹ ہاؤس پربھی قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ شاہرادستور پر سیاہ جھنڈے لہرا دیے گئے ہیں، صوبائی حکومتوں نے بھی آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

    آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے شہروں، دیہاتوں اور گلی محلوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور ہر طرف کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کی گونج ہے۔

    واضح رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔

  • پنجاب کے ہر شہر اور دیہات کی ترقی چاہتا ہوں، عثمان بزدار

    پنجاب کے ہر شہر اور دیہات کی ترقی چاہتا ہوں، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غیرفعال واٹرسپلائی اسکیموں کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات، سیکرٹری تعمیرات اوردیگر نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پنجاب میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دہلیز پربنیادی ضروریات دینے کے پروگرام کی منظوری دے دی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام پر مجموعی طور پر25 ارب روپے خرچ ہوں گے، صوبے کے ہرشہر اور دیہات کی ترقی چاہتا ہوں، بنیادی سہولتیں بہتر بنا کرعوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صفائی ،پینے کے پانی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا، غیرفعال واٹر سپلائی اسکیموں کی بحالی کے لیے اقدامات کریں گے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ صفائی بہتر بنانے کے لیے ضروری مشینری خریدی جائے گی۔

    پنجاب میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائی جائیں گی، سردار عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی نمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل برباد کیے۔ عوام سابق ادوار کے حکمرانوں کو یکسر فراموش کرچکی ہے۔ نیا پاکستان بن رہا ہے اور بن کر رہے گا۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے۔

  • ڈاکٹررتھ فاؤ نے بلا رنگ ونسل دکھی انسانیت کی خدمت کی، عثمان بزدار

    ڈاکٹررتھ فاؤ نے بلا رنگ ونسل دکھی انسانیت کی خدمت کی، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ  ڈاکٹر رتھ فاؤ کی ٹی بی اور جذام کے خاتمے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کی دوسری برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
    پاکستان سے جذام کے خاتمے کا سہرا ڈاکٹر رتھ فاؤ کی کاوشوں کے سرہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فاؤ نے بلا رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کی،  ڈاکٹر رتھ فاؤ کی ٹی بی اور جذام کے خاتمے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    جذام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ کو ہم سے بچھڑے دو برس بیت گئے

    پاکستان میں جذام کے مریضوں کے لیے مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آج دوسری برسی منائی جارہی ہے۔ جرمنی میں پیدا ہونے والی یہ عظیم خاتون 57 سال پاکستان میں مقیم رہیں اور جذام کا مرض مملکت خداد سے ختم کرنے میں سب سے کلیدی کردار ادا کیا۔

    انسانیت کی اس عظیم خادمہ کو 1998 میں اعزازی پاکستانی شہریت دی گئی جبکہ انہیں ہلال امتیاز، ستارہ قائد اعظم، ہلال پاکستان اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

    لاکھوں مریضوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والی ڈاکٹر رتھ فاؤ 10 اگست 2017 کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی۔

    ان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق سرخ جوڑے میں قومی اعزاز کے ساتھ کراچی کے مسیحی قبرستان میں کی گئی۔

  • بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کیے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کیے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیرصنعت بلوچستان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم کشمیرکےعوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، مودی سرکار کےغیرقانونی ہتھکنڈوں کومسترد کرتے ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیروترقی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کیے جا رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ کومزید توسیع دی جائے گی، اقدام سے بلوچستان میں تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فورٹ منرومیں اسٹیل برج کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سخی سرور روڈ اور تونسہ ہائی وے کی توسیع کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔

    سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔

  • مودی سرکار کا آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    مودی سرکار کا آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مودی سرکارکا آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیریوں کے حقوق پرڈاکہ ہے، غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کودبایا نہیں جاسکتا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، مودی سرکار کا فیصلہ انسانی حقوق پر کھلم کھلا حملہ ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مودی سرکار کا اقدام پاگل پن ہے جس سے کشیدگی میں اضافہ ہوگا، بھارت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت سے انحراف کیا ہے۔

    بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی ، بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط بھی کردیے تھے۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پربھارتی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا تھا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔

    بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا،بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، عثمان بزدار

    پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پولیس کے شہداء کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پرامن پاکستان کے عظیم مقصد کی خاطر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء قوم کے ہیروز ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کے شہداء کے دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا نے اپنی قیمتی جانیں ملک میں امن کے لیے قربان کیں، قوم پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا پولیس کے شہداء نے اپنے خون سے بہادری او جرات کی تاریخ رقم کی ہے اور پولیس شہداء کا قیمتی لہو وطن کو امن کا گہوارہ بنانے کی جدوجہد میں شامل ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن آیا ہے، پولیس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پرامن پاکستان کے عظیم مقصد کی خاطر اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء قوم کے ہیروز ہیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، ہم ان کے اہل خانہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔