Tag: وزیراعلیٰ کا نوٹس

  • وہاڑی : پولیس کے ٹارچر سیل کا انکشاف، خاتون پر بہیمانہ تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس

    وہاڑی : پولیس کے ٹارچر سیل کا انکشاف، خاتون پر بہیمانہ تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس

    وہاڑی : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وہاڑی تھانے میں خاتون پر ہونے والے تشدد کا سختی سے نوٹس لے لیا، واقعہ میں ملوث انچارج سی آئی اے سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بار پھر پنجاب پولیس کا نجی ٹارچر سیل برآمد ہوگیا پھر ایک کمزور پر تشدد کیا گیا، وہاڑی میں اہلکاروں نے چوری کے الزام میں غریب خاتون کو حراست میں لیا.

    وہاڑی کے تھانہ لڈن میں پولیس نے چوری کے الزام میں ظہوراں بی بی نامی خاتون کو نجی ٹارچر سیل میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں زخمی حالت میں گھر کے باہر پھینک گئے تھے.

    مذکورہ خاتون کو اس نجی ٹارچر سیل میں صرف مار پیٹ اور شدید تشدد کا نشانہ ہی نہیں بنایا گیا بلکہ بجلی کے تاروں سے جھٹکے بھی دیئے گئے۔

    خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اہلکاروں نے اسے برہنہ کرکے بھی تشدد کیا۔ متاثرہ عورت کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے واقعے ک اسختی سے نوٹس لیا اور آر پی او ملتان سے اڑتالیس گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

    انہوں نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا۔۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس کو اپنا قبلہ درست کرنا پڑے گا۔

    پولیس حکام نے انچارج سی آئی اے امجد خان، سب انسپکٹر طاہر چوہان، اے ایس آئی حاجی یونس اور ایک پولیس اہلکار کو معطل کردیا ہے۔

  • فیصل آباد : بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، 5افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس

    فیصل آباد : بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، 5افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ کا سخت نوٹس

    فیصل آباد : مختلف علاقوں میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، سات ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بسنت منانے کے دوران منچلوں کی ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، نوجوانوں نے کلاشنکوف سمیت جدید اسلحے سے فائرنگ کی۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آبادمیں پتنگ بازی اور فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے واقعات کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں عثمان بزدار نے فائرنگ سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات افسوسناک ہیں، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ پولیس حکام پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پرعمل درآمد یقینی بنائیں، ایسے واقعات کا رونما ہونا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔