Tag: وزیرِاعظم نواز شریف

  • وزیرِاعظم نواز شریف کی سارک سربراہ کانفرنس میں انوکھی فرمائشیں

    وزیرِاعظم نواز شریف کی سارک سربراہ کانفرنس میں انوکھی فرمائشیں

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کی سارک سربراہ کانفرنس میں انوکھی فرمائشیں کرڈالی۔

    وزیرِاعظم نوازشریف کا دورۂ کھٹمنڈو فرمائشوں سے بھرپور رہا، پہلے پہل تو پی ایم صاحب نے اپنے طیارے میں جانے کے بجائے پی آئی اے کے وی آئی پی بوئنگ 777 کی فرمائش کی، پھر جب کھٹمنڈو پہنچے تو وہاں بھی پاکستان سے لائی گئی اپنی بلٹ پروف کار میں جانے کی ٹھانی اور جب کار ملی تب ہی سفر کیا۔

    جب  وطن واپسی ہوئی تو عین روانگی کے وقت جوس اور ڈرائی فروٹ کھانے کا موڈ ہوا، اس انوکھی فرمائش پر پی آئی اے حکام کی دوڑیں لگ گئیں، بڑی مشکل سے وزیرِاعظم کی فرمائش پوری کرنے کے لئے پی آئی اے حکام دیگر ایئر لائنز کی منتیں کرتے رہے۔

    بڑی مشکل سے بیس لیٹر پائن ایپل جوس اور ڈرائی فروٹس ملے تو جہاز روانہ ہوا، شکر ہے ہمارے وزیراعظم کا نیپال کا دورہ مختصر رہا، ورنہ فرمائشی پروگرام طویل ہوتے تو انتظامیہ کی دوڑیں ہی لگتی رہیں۔

  • عمران خان اپنے صوبے کی خبر لیں،تبدیلی آئی یا نہیں؟، نواز شریف

    عمران خان اپنے صوبے کی خبر لیں،تبدیلی آئی یا نہیں؟، نواز شریف

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف سارک کانفرنس میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مودی سے سلام دعا ہوئی بات چیت نہیں،عمران خان کا ایجنڈا قومی نہیں ذاتی ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف سارک کانفرنس میں شرکت کے بعد نیپال سے وطن واپس آئے تو طیارے میں ہی دھرنے والوں پر نقطہ چینی شروع کردی، انکا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے صوبے کو دیکھیں پھر ملک گیر تبدیلی کی بات کریں۔

    بھارتی وزیرِاعظم سے آمنے سامنے پر اُن کا کہنا تھا کہ مذاکرات منسوخ ہوئے ہیں سلام دعا سے تو نہیں گئے، اس سے قبل نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سارک سربراہ کانفرنس کے اختتام پر وزیرِاعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سرد مہری کو ختم کرتے ہوئے خوشگوار موڈ میں مصافحہ کیا۔

    اختتامی سیشن میں وزیرِاعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہمان نوازی پر نیپال کی حکومت اورعوام کے شکرگزار ہیں، اختتامی سیشن میں سارک ممالک میں توانائی میں تعاون کے فریم ورک کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، پاکستان کی طرف سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے معاہدے پر دستخط کئے، آئندہ سارک سربراہ کانفرنس پاکستان میں ہوگی۔

  • دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے معلومات کا تبادلہ ہونا چاہئیے، نوازشریف

    دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے معلومات کا تبادلہ ہونا چاہئیے، نوازشریف

    کٹھمنڈو: وزیرِاعظم نواز شریف نے سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب میں شاندار انتظامات پر نیپالی وزیرِاعظم اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

    وزیرِاعظم نے کہا کہ خطے کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیپال کے ساتھ ہے، انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں، سارک ممالک میں مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی ہونی چاہیئے ۔

    وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی پرقابو پانے کے لئے سارک ممالک میں معلومات کا تبادلہ ضروری ہے، ایشیائی ممالک کی معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سارک ممالک کو کئی مسائل کا سامنا ہے، رکن ممالک کو غربت اور بھوک جیسے مسائل کا سامنا ہے، غربت کے خاتمے اور ترقی کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے کراس بارڈر معلومات کو شیئر کرنا ہوگا۔

    نوازشریف نے کہا سارک ممالک کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوگی،  رکن ممالک کو باہمی اعتماد کو فروغ دینا چاہیئے۔

    انکا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ تمام جنوبی ایشیائی ممالک میں جمہوریت ہے، سارک ممالک میں رابطے مضبوط نہ ہونے کے باعث تجارتی حجم کم ہے، پاکستان سارک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

  • امریکی صدراوباما کا وزیرِاعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ

    امریکی صدراوباما کا وزیرِاعظم نواز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ

    اسلام آباد: امریکی صدرباراک اوباما نے وزیرِاعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے تعلقات مزید بہتر کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

    امریکی صدرنے وزیرِاعظم نوازشریف سے گفتگو میں کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ایک قدم مزید اوپر دیکھنا چاہتا ہے، امریکی صدر نے پاکستان کے وزیرِاعظم کو دورۂ بھارت سے قبل اعتماد میں لیا۔

    وزیرِاعظم سے گفتگو میں باراک اوباما نے خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    امریکی صدرنے وزیرِاعظم نوازشریف سے ایسے وقت میں رابطہ کیا ہے جب آرمی چیف جنرل راحیل شریف امریکا کے سات روزہ دورے پر ہیں، براک اوباما نے پاکستانی حکومت کی ترجیحات اور چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر خوشی کا اظہار کیا۔

    وزیرِاعظم نواز شریف نے واشنگٹن ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی، امریکی صدر سے ٹیلی فون پر بات چیت میں وزیرِاعظم نواز شریف نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔

    وزیرِاعظم نے امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں۔

  • وزیرِاعظم نواز شریف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

    وزیرِاعظم نواز شریف کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف سے افغان صدر اشرف غنی کی اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اوردیگر امورپرتبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان کے دورے پر آئے افغان صدر وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے تو میاں نوازشریف نے اُن کا پر تپاک استقبال کیا۔ اشرف غنی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ملکوں کےترانے بجائے گئے، افغان صدر نے گارڈآف آنر کا معائنہ کیا۔

    اُن کا وفاقی کابینہ کے ارکان سے تعارف بھی کرایا گیا، اس سے پہلے آج صبح افغان صدر کی مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں، ملاقات کرنے والوں میں اسفندیار ولی، آفتاب شیرپاؤ، محمودخان اچکزئی، اعتزازاحسن، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر اور فیصل کریم کنڈی شامل ہیں۔

  • برلن بھی گو نواز گو کے نعروں سے گونج اٹھا

    برلن بھی گو نواز گو کے نعروں سے گونج اٹھا

    برلن : کپتان کادھرنا اور گو نواز گو کے نعرے میاں صاحب کے اعصاب پرسوار ہوگئے ہیں، جرمنی جائیں یاچین دھرنا دھرنا ضرور کرتے ہیں، وزیرِاعظم کے پاک جرمن بزنس فورم سے خطاب کے دوران ہوٹل کے باہر پر پی ٹی آئی، پی اے ٹی کے کارکنوں نے گو نواز گو کے نعرے لگا دیئے۔

    دھرنے دھرنے کی تکرار اور پی ٹی آئی کے دھرنے کا بخار میاں صاحب کے اعصاب پر سوار ہے، جب بھی وزیرِاعظم ہاؤس سے نکلیں یا سرحد کے اُس پار جائیں یا کئی سمندر پار دھرنے کا ذکر بار بار ضرور کرتے ہیں۔

    نواز شریف جرمنی پہنچے مگر دھرنے کو نہیں بھولے، چین میں بھی دھرنے نے نواز شریف کو چین نہ لینے دیا تھا۔

    وزیرِاعظم نواز شریف پاک جرمن بزنس فورم سے خطاب کرنے پہنچے تو ہوٹل کے باہر پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے احتجاج شروع کر دیا اور مظاہرین گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے۔

  • عوام یومِ عاشور پرامن وامان کیلئے قومی فرض ادا کریں،وزیرِاعظم

    عوام یومِ عاشور پرامن وامان کیلئے قومی فرض ادا کریں،وزیرِاعظم

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ یومِ عاشور پر شاعرمشرق کے اشعار کو مشعل راہ بنانا ہوگا، شہری امن وامان کے قیام کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

    یومِ عاشور پر خصوصی پیغام میں وزیرِاعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عوام یومِ عاشور پر امن وامان کے لئے قومی فرض ادا کریں اور امن کے قیام کے لئے حکومت کا ساتھ دیں، وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر حال میں ممکن بنایا جائے۔

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کا ایک ایسادلخراش معرکہ ہے، جسے رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین، اہل بیت اوران کے رفقاء کی قربانیاں حق کے راستے پر چلنے والوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

    الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یوم عاشور کے موقع پر اپنے درمیان اتحاد و بھائی چارے کو برقرار رکھیں۔

    تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ شہداکربلا نے صبر استقامات اور حق کے لیے جدوجہد کرنے کا سبق دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کربلا نے باطل قوتوں کے سامنے سر نہ جھکانے کا درس دیا، شہدا کربلا کی قربانی پوری امتِ مسلمہ کے لئے قابل تقلید مثال ہے۔

  • وزیرِاعظم  نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات

    وزیرِاعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال ، دھرنوں اور سیاسی جلسوں پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیرِاعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کی، ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور اس کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِ اعظم نے سیاسی تناﺅ میں کمی کے لیے گورنر پنجاب کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا ہے کہ مذاکراتی عمل میں انکا کردار قابل تعریف ہے۔

    ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مذاکرات پر زور دیا، اس موقع پر گورنر پنجاب نے وزیرِاعظم سے کہا ہے کہ پنجاب حکومت میں جو ماحول انہیں دیا گیا ہے، وہ خود کو اس میں پُر سکون محسوس نہیں کر رہے ہیں۔

    وزیرِاعظم نے گورنر پنجاب کو یقین دہانی کرائی کہ سماجی اور معاشرتی بہتری کے کاموں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

    وزیرِاعظم نے گورنر پنجاب کی سماجی بہتری کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تعریف کی اور کہا کہ عام لوگوں کو تعلیم ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے کاموں میں انکے جاری غیر سرکاری فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے لیے بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

  • پاکستان چین اقتصادی راہداری کی جلد تکمیل چاہتے ہیں،وزیرِاعظم

    پاکستان چین اقتصادی راہداری کی جلد تکمیل چاہتے ہیں،وزیرِاعظم

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لئے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کی جلد تعمیر چاہتے ہیں۔

    چینی سفیرسن وی ڈونگ نے اسلام آباد میں وزیرِاعظم نوازشریف سے ملاقات کی، وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان چین کے مفادات اورتحفظات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ چین کی جانب سے بے گھراورسیلاب متاثرین کی بروقت امداد مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

    چینی سفیرسن وی ڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مضبوط تعلقات خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہیں، پاکستان سے شراکت داری اہم ہے۔ چینی صدر جلد پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں اور پاکستانی وزیرِاعظم کے دورہ چین کے منتظر ہیں۔

  • آپریشن ضربِ عضب میں فضائیہ کا کرداراہم ہے،وزیرِاعظم نوازشریف

    آپریشن ضربِ عضب میں فضائیہ کا کرداراہم ہے،وزیرِاعظم نوازشریف

    اسلام آباد: وزیرِاعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں فضائیہ کا کرداراہم ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف نے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے وزیرِاعظم استقبال کیا، ائیرہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر وزیرِاعظم نوازشریف نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے قانون نافذ کرنے میں فضائیہ کا کردار اہم ہے۔

    وزیرِاعظم نواز شریف کی ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیرِ اعظم نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور پاک فضائیہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے انکا تعارف کروایا گیا۔

    بعد ازاں وزیرِاعظم نواز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سے ملاقات کی، دونوں معزز شخصیات نے ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی حالات پر گفتگو کی، اس ملاقات میں پاک فضائیہ کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبہ جات پر بات چیت ہوئی ۔

    وزیرِاعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور ضربِ عضب میں پاک فضائیہ کے اہم کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیرِاعظم نے آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے قانون نافذ کرنے میں پاک فضائیہ کے کردار کو کلیدی قرار دیا اور ساتھ ہی پاک فضائیہ میں نئے کی شمولیت اور اپ گریڈیشن پروگرام کی تکمیل پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیرِ اعظم نے پاک فضائیہ کے مستقبل کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے حکومتِ پاکستان کی بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔ وزیرِاعظم پاکستان کو تعلیم اور کھیل کے میدان میں قومی تعمیر کے لئے کئے گئے پاک فضائیہ کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پاک فضائیہ نے پنجاب اور سندھ کے علاقوں میں سیلاب زدگان کی امدادی سرگرمیوں میں انتھک محنت کی۔

    پاک فضائیہ جنوبی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی مدد کے لئے پوری قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ائیر ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔