Tag: وزیرِ اعظم

  • وزیرِ اعظم کا کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے پر خراج تحسین

    وزیرِ اعظم کا کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے پر خراج تحسین

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوہ پیما نائلہ کیانی کو دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نائلہ کیانی کو کنچن جنگا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی کھیلوں کے ہر شعبے میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں، کوہ پیمائی جیسے مشکل کھیل میں پاکستانی خواتین کا ریکارڈ قائم کرنا باعث تقویت ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistans-naila-kiani-scales-kanchenjunga/

    واضح رہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی کوہ پیما نائلہ کیانی نے نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کینچن جنگا کو سر کرلیا ہے، جس کی بلندی 8,650 میٹر ہے۔

    پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی یہ کارنامہ انجام دینے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں جنہوں نے آٹھ ہزار میٹر سے بلند بارہ چوٹیاں سر کرلی ہیں، وہ ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو، ناگا پربت سمیت دیگر بلند ترین چوٹیاں بھی سر کرچکی ہیں۔

    نائلہ کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی خواتین کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ملک کے کوہ پیمائی کے شعبے میں ایک نئی تاریخ بھی رقم کر رہی ہے۔

  • سی پیک کے تحت پاکستان کو کتنی رقم ملی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    سی پیک کے تحت پاکستان کو کتنی رقم ملی؟ تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان کو ملنے والی رقوم کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان کو ملنے والی رقوم کی تفصیلات پیش کر دی گئیں۔

    وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبوں کے تحت اب تک 24 ارب 70 کروڑ ڈالر سے رقم موصول ہوئی، اس رقم سے اب تک 43 منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

     وزارت منصوبہ بندی کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت اس وقت 70 کروڑ ڈالر سے زائد 8 منصوبے زیر تکمیل ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت دو بلوچستان، دو کے پی کے اور سندھ جبکہ پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    علاوہ ازیں وقفہ سوالات میں وزراء کے ایوان میں نہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر نے برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اگر وزراء کا یہی طریقہ کار رہا تو ہم وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے۔

    قومی اسمبلی اجلاس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا حنیف عباسی آپ کی باری ہے اب سوال پوچھ لیں، حنیف عباسی نےجواب دیا اب میرا سوال پوچھنے کا دل نہیں کر رہا، آپ نے پہلے بات کرنے کا موقع نہ دے کر میرا دل توڑ دیا ہے آپ سے برسوں پرانی رفاقت ہے آپ سے پیار و خلوص کا رشتہ تاعمر رہے گا۔

  • وزیرِ اعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    وزیرِ اعظم کی بارشوں کی صورتحال پر وفاقی وصوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی و صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مزید بارش کی پیش گوئی پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیزکو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں اور محکموں کے اشتراک عمل سےکام کریں، جہاں بھی جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے فراہم کی جائے۔

    وزیراعظم نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی و دیگر متعلقہ ادارے بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ کریں۔

    وزیراعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ اور بولان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کیلئےمؤثر انتظامات کیئے جائے، مختلف شاہراہوں اور متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے، عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ عوام سے بھی اپیل ہے بارشوں میں  احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔