Tag: وزیر آباد

  • سیلاب نے ماں کی گود اجاڑ دی، بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے

    سیلاب نے ماں کی گود اجاڑ دی، بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے

    وزیر آباد(31 اگست 2025): پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقے وزیر آباد میں بروقت طبی امداد نہ ملنے پر خاتون کے 3 نومولود دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر آباد میں سیلاب کی و جہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے، سڑکیں سیلابی پانی میں ڈوبی ہونے کی وجہ سے آمدو رفت میں بھی شدید خلل آیا ہوا ہے۔

    تاہم وزیر آباد کے سوہدرہ کے علاقہ رانا میں سیلاب نے ماں کی گود اجاڑ دی، بروقت طبی امدد نہ ملنے پر 3 نومولود بچے دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیلابی پانی سے راستے بند ہونے سے حاملہ خاتون بروقت اسپتال نہ پہنچ سکی، حاملہ خاتون نے راستے میں ہی 3 بچوں کو جنم دے دیا۔

    ریسکیو حکام کا مزید کہنا ہے کہ بچوں کو فوری طبی امدد نہ ملنے سے تینوں بچے انتقال گے، نومولود میں دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل تھا۔

  • دو معصوم بچوں نے ماں کو بچاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جان دے دی

    دو معصوم بچوں نے ماں کو بچاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جان دے دی

    وزیر آباد (24 اگست 2025): پنجاب کے شہر وزیر آباد میں دو معصوم بچوں نے اپنی ماں کو بچاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جان دے دی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق وزیر آباد میں کرنٹ لگنے سے ایک خاتون زخمی اور اس کے کم سن بیٹا بیٹی جاں بحق ہو گئے، یہ حادثہ واٹر پمپ سے کرنٹ لگنے سے پیش آیا۔

    ریسکیو نے بتایا کہ ماں کو واٹر پمپ سے اچانک کرنٹ لگ گیا تھا، جس پر 12 سالہ زین اور 9 سالہ سویرا نے ماں کو بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ کسی کو کرنٹ سے کیسے بچایا جا سکتا ہے، اس لیے کرنٹ لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو کے مطابق متاثرہ فیملی مقامی زمیندار کے ڈیرے پر کام کے سلسلے میں رہائش پذیر تھی، یہ واقعہ نواحی علاقہ کانبانوالہ میں پیش آیا، جس میں زخمی ماں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    کراچی: کرنٹ لگنے سے بھائیوں کی موت، بچے تڑپتے رہے کوئی نہ بچاسکا، والدہ

    یاد رہے کہ گزشتہ پیر کو کراچی، شاہ فیصل کالونی کے ناتھا خان گوٹھ میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے 10 سالہ مراد اور 20 سالہ سراج جاں بحق ہو گئے تھے، بچوں کو بجلی کی زیر زمین تار سے کرنٹ لگا تھا۔

    سراج اور مراد کی والدہ نے بتایا کہ حادثے کے وقت کافی دیر تک ان کے بچے تڑپتے رہے لیکن کوئی بچا نہ سکا، بہن کا کہنا تھا کہ ایک بھائی کو آرٹ کا شوق تھا جب کہ دوسرا انجینئرنگ کی فیلڈ میں آگے جانا چاہتا تھا۔

  • تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل ڈالا

    تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل ڈالا

    وزیر آباد: تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل ڈالا ، جس کے نتیجے میں خاتون اور 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرآباد جی ٹی روڈ پر جنڈیالہ ڈھاب والا کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو پیچھے سے ٹکر ماردی ، جس کے نتیجے میں خاتون اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئی۔

    حادثے کا شکار فیملی موٹرسائیکل پر گوجرانوالہ سے گجرات جارہی تھی کہ جنڈیالہ ڈھاب والا کے قریب تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے موٹر سائیکل کو ہٹ کیا۔

    جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور وہ ایک ہی موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے تاہم حادثے کے فورا بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں تیز رفتار ٹرک نے باپ بیٹے کو کچل دیا

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ دانش، 20 سالہ کومل، 3 سالہ عبد الوحید اور 2 سالہ بچی پری شامل ہیں جبکہ 40 سالہ خاتون آسیہ بی بی شدید زجمی ہوئی۔

    ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا

    دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا

    وزیرآباد: پنجاب کے شہر وزیر آباد کے ایک نواحی علاقے میں دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا۔

    خاندانی ذرائع کے مطابق گاؤں بینکہ چیمہ کے رہائشی حافظ عمر کا گزشتہ روز ولیمہ تھا، دعوت ولیمہ میں اچانک طبیعت بگڑنے پر دولہا کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

    وزیر آباد دولہا

    اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ دلہا حافظ عمر کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی ہے۔ حافظ عمر کی اچانک موت سے خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل میں ہارٹ اٹیک کی بڑھتی ہوئی شرح حالیہ برسوں میں صحت کا مسئلہ بن گئی ہے، روایتی طور پر بوڑھے افراد سے وابستہ دل کے امراض اب نوجوانوں کی صحت پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جنھیں ایسے قلبی خطرات سے نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا تھا۔

    نئی نویلی دلہن کی بیوٹی پارلر میں ہارٹ اٹیک سے موت

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں دل کے دورے کے واقعات میں اضافے کی کئی وجوہ ہیں، جن میں پراسیسڈ فوڈز، الم غلم غذائیں، سیچوریٹڈ فیٹس، اور چینی سے بھرپور خوراک شامل ہیں، متوازن غذا کی اہمیت اور دل کی صحت پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے خوراک کی خراب عادتیں پیدا ہوتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق جدید سہولتوں کے ساتھ ساتھ ڈیسک تک محدود ملازمتیں اور کمپیوٹر یا موبائل کے زیادہ استعمال میں اضافے سے بھی نوجوان نسل میں دل کی صحت سے متعلق مختلف عوامل نے جنم لیا ہے۔ جب کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی کی کمی اور موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض کا راستہ کھولتے ہیں۔

  • عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی تبدیل

    لاہور: وزیر آباد میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر حملے کی تفتیش کرنے والی جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کو تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی تبدیل کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ نے جے آئی ٹی سربراہ سے اختلافات پر تمام ارکان تبدیل کیے۔

    نئے ارکان میں ڈی پی او ڈی جی خان محمد اکمل، ایس پی انجم کمال، اور ڈی ایس پی سی آئی اے جھنگ ناصر نواز کو شامل کیا گیا ہے۔ جب کہ کسی بھی محکمے کے چوتھے رکن کی تقرری کا فیصلہ جے آئی ٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

    پراسیکیوٹر جنرل کی انکوائری رپورٹ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان پر حملے کی جے آئی ٹی پر پراسیکیوٹر جنرل کی انکوائری رپورٹ سامنے آ چکی ہے، جس میں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے جے آئی ٹی کے 4 ممبران کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان افسران نے جان بوجھ کر ہائی پروفائل کیس کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

    پراسیکیوٹر جنرل نے جے آئی ٹی کے 4 ممبران کے کنوینر کے خلاف خط کو حقائق کے منافی قرار دیا، اور جے آئی ٹی کے کنوینر غلام محمود ڈوگر کی رپورٹ کے متعدد پوائنٹس کی تصدیق کی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرانزک ایجنسی کی 2 رپورٹس سے صاف شواہد مل رہے ہیں کہ حملہ آور 3 تھے، پہلی رپورٹ میں 2 شوٹرز کا ذکر تھا، اور بعد میں تیسرے شوٹر کے شواہد ملے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ان 4 ممبران نے شواہد کو ضائع کرنے کی کوشش کی جو مِس کنڈکٹ اور جرم بھی ہے، کنوینر نے ممبران کو کئی خط لکھے کہ ملزمان کے موبائل ڈیٹا، سی ڈی آرز اور ڈی وی آرز کو اکٹھا کریں، لیکن کسی بھی ممبر نے ملزمان کے متعلق ڈیٹا اکٹھا کرنے کی زحمت نہ کی، ان ممبران کا یہ کہنا بھی درست نہیں کہ سازش نہیں ہوئی اور کوئی سیاسی شخصیت ملوث نہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ابھی تک عمران خان کے خلاف نفرت انگیز بیانات کی انکوائری مکمل نہیں ہوئی، جو مواد جاوید لطیف، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے خلاف دکھایا وہی ملزم کے موبائل سے ملا، پراسیکیوٹر جنرل نے کہا مجھے ڈر ہے کہ یہ 4 جے آئی ٹی ممبران صرف مس لیڈنگ نہیں بلکہ تعصب بھی رکھتے ہیں، میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ جے آئی ٹی کے ان 4 ممبران کے خلاف کافی ثبوت مل گئے ہیں، اس لیے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جس کی سزا 3 سال قید اور جرمانہ ہو سکتی ہے، نیز جے آئی ٹی کے 4 ممبران سے موبائل لے کر فرانزک کے لیے بھیجنے چاہیئں۔

    پراسیکیوٹر جنرل خلیق الزمان نے اپنی یہ انکوائری رپورٹ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کو جمع کر ادی تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جےآئی ٹی کے 4 میں سے 3 ارکان تو انکوائری کے لیے پیش ہی نہیں ہوئے،آر پی او خرم علی، ایس پی نصیب اللہ، اے آئی جی احسان اللہ چوہان نے پیش ہونا گوارا نہ کیا، جب کہ چوتھے ممبر ایس پی ملک طارق نے پہلے کہا کہ چھٹی پر ہوں اور پھر ایک خط محکمہ داخلہ کو بھیج کر کہا کہ انھیں انصاف کی امید نہیں کیوں کہ واٹس ایپ کے ذریعے جواب کا کہا گیا۔

  • عمران خان کا منگل کو وزیر آباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

    عمران خان کا منگل کو وزیر آباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے منگل کو وزیر آباد سے لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ جہاں مجھے گولیاں لگیں وہیں سے میرا مارچ دوبارہ شروع ہوگا۔

    انھوں نے کہا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ منگل سے وزیرآباد سے مارچ شروع ہوگا، ہمارا لانگ مارچ 10 سے 15 دن میں پنڈی پہنچے گا، میں خود پنڈی آؤں گا، پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے، اور خود انھیں لیڈ کروں گا۔

    عمران خان نے کہا 3 دن ہو گئے پنجاب حکومت بھی ہماری ہے، اس کے باوجود ہم ابھی تک ایف آئی آر نہیں کٹوا پائے، سابق وزیراعظم کہہ رہا ہے کہ 3 لوگ ملوث ہیں، مجھے یقین ہے کہ ان 3 لوگوں نے یہ سب کچھ کیا ہے، یہ میرا حق ہے کہ تفتیش ہو، جس سے سب پتا چل جائے گا، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ہماری اپنی پولیس منع کر رہی ہے، میں سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ اور سابق وزیر اعظم ہوں، جب میں ایف آئی آر نہیں کٹوا پا رہا تو باقی قوم کیا کرے گی۔

    انھوں نے کہا شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات کی ہے، میں اسے ویلکم کرتا ہوں، مجھے اس ملک میں صاف اور شفاف تحقیقات چاہئیں، پہلے ایک ویڈیو نکلتی ہے جس میں کہا گیا میں مذہب کی توہین کرتا ہوں، وہ ویڈیو کہاں سے نکلتی ہے، کون نکالتا ہے یہ پتا چلنا چاہیے، مریم صفدر، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سے کون پریس کانفرنس کراتا ہے؟ اور مجھے پتا چل جاتا ہے کہ انھوں نے مجھے سلمان تاثیر کی طرح قتل کرانا ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب مجھ پر یہ واردات ہوتی ہے تو دیکھ لیں اس کے بعد ہوتا کیا ہے، وہ کون لوگ تھے جو فوری ری ایکٹ کرتے ہیں، ایک دم سے بیانات آنا شروع ہو گئے کہ عمران نے مذہب کی توہین کی ہے، مجھ پر حملے کے بعد 6 بجکر ایک منٹ پر پہلی ٹوئٹ آتی ہے، وقار ستی کی 6 بجکر 2 منٹ پر ٹوئٹ آتی ہے، حامد میر کی 6 بجکر 3 منٹ، جیو نیوز کی 6 بجکر 4 منٹ پر ٹوئٹ آتی ہے، سما نیوز کی بھی 6 بجکر 4 منٹ پر ٹوئٹ آتی ہے۔

    انھوں نے کہا گولی چلانے والے کاانٹرویو ایک دم سے لیک کر دیا جاتا ہے، آئی جی پنجاب سے پوچھا گیا تو وہ کہتا ہے کہ ویڈیو ہیک ہو گئی، مجھ پر قاتلانہ حملے کے بعدایک کے بعدایک جھوٹ بولا گیا، پہلے پتا چلنا چاہیے کہ یہ چیزیں کس نے شروع کیں اور پھر کور اپ کون کر رہا ہے؟

    عمران خان نے کہا پاکستان میں خوف پیدا کر دیا گیا ہے، ہم سب کو خوف ختم کر کے بتانا ہے کہ ہم انسان ہیں کوئی بھیڑ بکریاں نہیں۔

    عمران خان نے کہا میں چاہتا ہوں جوڈیشل کمیشن سب سے پہلے ارشد شریف کیس کی تحقیقات کرے، پتا چلنا چاہیے ارشد شریف ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوا، انھوں نے بہت لوگوں کو بتایا تھا کہ کون لوگ ملوث ہیں، ارشد شریف کی والدہ اور دیگر صحافیوں کو بھی پتا تھا کہ ارشد شریف کو کس سے خطرہ ہے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے اعظم سواتی اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو کے حوالے سے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت اہم کیس ہے، ملک کی تاریخ کی سب سے گھٹیا ترین حرکت ہے یہ، چیف جسٹس صاحب اس معاملے پر مکمل تحقیقات کریں۔ انھوں نے کہا جو میرا کیس کور اپ کر رہے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ وہ جعلی ویڈیو ہے، لیکن ویڈیو فیک نہیں ہے، اعظم سواتی کے پاس موجود ویڈیو اصلی ہے۔

    انھوں نے کہا اعظم سواتی نے رات فون کر کے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں گے، وہ مطالبہ کریں گے کہ انھیں انصاف فراہم کیا جائے، پی ٹی آئی سینیٹرز اور وکلا اعظم سواتی کے ساتھ سپریم کورٹ کے باہر بیٹھیں گے۔

  • تحریک لبیک پاکستان کا وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    تحریک لبیک پاکستان کا وزیر آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

    لاہور : تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی ) نے وزیر آباد سے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کردیا ، رکن مجلس شوریٰ پیر سرور شاہ نے کہا تحریک لبیک نے 50فیصدمعاہدہ پوراہونےپر دھرنا ختم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق رکن مجلس شوریٰ تحریک لبیک پاکستان پیرسرور شاہ نے وزیر آباد سے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تمام کارکنان وزیر آباد سے واپس لاہور جامع مسجد رحمۃ اللعالمین جائیں۔

    پیر سرور شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک نے 50فیصدمعاہدہ پوراہونےپر دھرنا ختم کیا ، ہم معاہدے پر قائم ہیں ، حکومت مقررہ مدت میں تحریک لبیک کیساتھ کیا گیا معاہدہ مکمل کرے۔

    رکن مجلس شوریٰ نے کہا کہ مفتی منیب نے گارنٹی دی تھی کہ پچاس فیصد معاملات حل ہوجائیں تو دھرنا اٹھاکر مسجد رحمت اللعالمین لے جائیں گے، جہاں علامہ خادم رضوی کے عرس میں سعد رضوی شامل ہوں گے۔

    دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان سے معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرلیا ہے، کوشش ہے یہ حل مستقل بنیادوں پر رہے۔

    خیال رہے تحریک لبیک پاکستان کے کارکن کا 11 روز سے وزیر آباد میں دھرنا جاری تھا ، جس کے باعث وزیرآباد میں انٹرنیٹ سروس کئی روز سے معطل ہونے سے بینکوں میں بھی کام ٹھپ ہوگیا تھا جبکہ بندشوں اور رکاوٹوں سے شہری رل گئے اور چناب ٹول پلازہ پر ٹریفک جام ہونے سے لاہور جانے والے مسافر بھی پھنس کر رہ گئے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، نوٹی فکیشن کے مطابق تحریک لبیک کوکالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سمری وزارت داخلہ کوموصول ہوئی تھی جبکہ پنجاب کابینہ نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم لسٹ سے نکالنے کی سفارش کی تھی۔

  • الیکشن کمیشن کھویا ہوا وقار بحال کرنا چاہتا ہے تو دلیرانہ فیصلہ کرنا پڑے گا: مریم نواز

    الیکشن کمیشن کھویا ہوا وقار بحال کرنا چاہتا ہے تو دلیرانہ فیصلہ کرنا پڑے گا: مریم نواز

    وزیر آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 22 کروڑ عوام ووٹ کی عزت کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف دیکھ رہے ہیں، الیکشن کمیشن کھویا ہوا وقار بحال کرنا چاہتا ہے تو دلیرانہ فیصلہ کرنا پڑے گا۔

    وزیر آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے الیکشن کمیشن سے ڈسکہ انتخاب میں دھاندلی کے سلسلے میں دلیرانہ فیصلے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اب ووٹ چوروں کو سامنے لانا پڑے گا، الیکشن کمیشن کو اپنے وقار کی بحالی کے لیے دلیرانہ فیصلہ کرنا پڑے گا۔

    مریم نواز نے کہا ایک حلقے کے ووٹوں پر ڈاکا ڈالنے کے لیے ایجنسیوں، انتظامیہ، پولیس فورس، وزرا، اور مشیروں نے پورا زور لگا لیا، ہمارے پاس پوری معلومات ہیں، یہ خود بتا دیں ورنہ ہم نام بتا دیں گے، ان سے پوچھا جائے ووٹ کیوں دیں کیا آٹا،چینی، گیس، بجلی سستی ہوگئی ہے؟ کیا کوئی بھی کام اس حکومت کا ٹھیک ہے؟ جب عوام بد دعائیں دے رہی ہو تو ایسے میں کون ووٹ دے گا۔

    انھوں نے کہا یہ اتنے نااہل ہیں کہ دھاندلی بھی ٹھیک طرح نہیں کر سکے، اور اپنے پیچھے ثبوتوں کے انبار چھوڑ گئے، دھاندلی میں آئی بی اور ایجنسیوں کے لوگ ملوث تھے، خود اعتراف کر لیں ورنہ بے نقاب کر دوں گی۔

    مریم نواز نے خطاب میں کہا ن لیگ نے پورے ڈسکہ میں دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کیا ہے، عمران خان سیانا بن کر کہتے ہیں کوئی بات نہیں 20 پر دوبارہ پولنگ کرالو، کیا ڈسکہ وزیر آباد کے عوام اور ن لیگ کو پاگل سمجھ رکھا ہے، اب الیکشن ہوگا تو پورے حلقے میں دوبارہ ہوگا، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے اب صرف چوری نہیں پکڑنی، ذوالفقار ورک نے حلف سے غداری کی ان کو سزائیں دی جائیں، ایسی سزا دی جائے تاکہ ووٹ چور کبھی بھی عوام کے ووٹ پر ڈاکا نہ ڈال سکے۔

    انھوں نے کہا آئینی ترمیم پارلیمنٹ کا حق ہے، سپریم کورٹ پارٹی نہ بنے، اس سے عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو سہارا ملے گا، حکومت کو ریلیف دیا گیا تو متعصبانہ فیصلہ سمجھیں گے۔

    ن لیگی رہنما نے کہا مریم کے پاپا روزگار تو بعد میں لائیں گے پہلے ووٹ چوروں کو رلائیں گے، یہ نیا پاکستان نہیں بن رہا بلکہ پرانا پاکستان واپس آ رہا ہے، جن پولنگ اسٹیشنز پر عینک ٹوٹی، جہاں دھند بڑی تھی ان کا نتیجہ اچانک آسمان پر پہنچ گیا، جہاں 35 فی صد ٹرن آؤٹ تھا وہاں اچانک 80 فی صد پر پہنچ گیا، بڑی ایڈوانس ہے پی ٹی آئی پوری رات لائنوں میں لگ کر ووٹ ڈالتے رہے۔

    مریم نواز نے مزید کہا کہ شیر کی طرح لڑنے پر ن لیگ کی شیرنیوں کو بھی مبارک باد دینا چاہتی ہوں، شیر کے ساتھ اب چھوٹی سی شیرنی بھی آنی چاہیے، مسلم لیگ ن اب شیرنیوں کی جماعت ہے، پوری انتظامیہ اور جعلی حکومت کو دو شیرنیوں نے دن میں تارے دکھا دیے۔